Tag: شاہد خاقان عباسی

  • 35 سال میں پہلی بار سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ منقطع ہوئے: شاہد خاقان

    35 سال میں پہلی بار سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ منقطع ہوئے: شاہد خاقان

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 35 سال میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں کوئی ڈائیلاگ نہیں ہو رہے، کوئی رابطہ نہیں ہو رہا، سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ کی کمی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سے ملاقات کی، بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم شہباز شریف کی ہدایت پر پرانے ساتھی فاروق ستار کے پاس آئے ہیں، سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی ڈائیلاگز برقرار رکھتی ہیں، سیاسی ڈائیلاگز کے لیے ہمیشہ حکومت ہاتھ آگے بڑھاتی ہے لیکن پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی ڈائیلاگز نہیں ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی عام شہر نہیں یہ پاکستان کا دل ہے، کراچی ترقی نہیں کرے گا تو پاکستان بھی ترقی نہیں کرے گا، کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو پاکستان کے مسائل بھی حل نہیں ہوں گے، پاکستان میں گورنرز کا ماڈل ناکام ہو چکا ہے، پاکستان کو ایک فری اینڈ فیئر الیکشن کی ضرورت ہے۔

    شہباز شریف کی ہدایت پر 4 رکنی پارٹی وفد کراچی پہنچ گیا

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ہم نے پارلیمان میں ایک ساتھ کام کیا، ہمارے درمیان رابطے آسان ہیں تو گلے شکوے بھی چلتے رہتے ہیں، ہم نے ایک دوسرے سے گلے شکوے کیے ہیں، اب ملک کی صورت حال کے پیش نظر سیاسی مفاہمت نہیں بلکہ قومی ایجنڈا وضع کرنے کی ضرورت ہے، عام آدمی دیوار سے نہیں لگا بلکہ دیوار میں چنوا دیا گیا ہے، قومی ایجنڈے میں ہمارا فوکس معیشت پر ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کا کہ کراچی میں 12 سال میں ایک قطرہ پانی میں اضافہ نہیں ہوا، گزشتہ 2 سال میں موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوئی، معاشی بحران سنگین ہے، دکانیں اور گھر توڑے گئے لیکن ان کو متبادل نہیں دیا گیا۔

    بعد ازاں، مسلم لیگ نون کے وفد نے شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں ادارہ نور حق جا کر سابق میئر کراچی نعمت اللہ خان کے انتقال پر تعزیت کی، شاہد خاقان نے کہا کہ نعمت اللہ خان مرحوم کراچی کے محسن تھے، انھوں نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔

  • بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، شاہد خاقان عباسی

    بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، شاہد خاقان عباسی

    کراچی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ن لیگ کے وفد کی آمد کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جمہوریت سے پاکستان اپنی منزل تک پہنچ سکتا ہے،ایسا ایوان ضروری ہے جہاں کسان کی نمائندگی کسان کرے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کے لیے ایم کیوایم سےملاقات کی، کئی معاملات میں ہم نے ایک دوسرے کو ہم آہنگ پایا۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ملک میں مضبوط بلدیاتی نظام ہو، بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، بلدیاتی الیکشن کی حمایت میں کھڑے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ایم کیوایم سے ملاقات جمہوریت کے استحکام کے لیے تھی، ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ ایک ہی ہے، ملک جمہوریت سےترقی کرتا ہے، ماضی کی غلطیوں سےسبق سیکھا،کوشش ہے آئندہ نہ ہوں۔

  • شہباز شریف کی ہدایت پر 4 رکنی پارٹی وفد کراچی پہنچ گیا

    شہباز شریف کی ہدایت پر 4 رکنی پارٹی وفد کراچی پہنچ گیا

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی ہدایت پر 4 رکنی پارٹی وفد کراچی پہنچ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگ کے مرکزی عہدیداروں کا 4 رکنی وفد 2 روزہ تنظیمی دورے پر کراچی پہنچ گیا ہے، شاہد خاقان عباسی اور سیکریٹری جنرل احسن اقبال وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ مصدق ملک اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب بھی وفد میں شامل ہیں۔

    کراچی پہنچنے کے بعد وفد نے مزار قائد پر حاضری دی، وفد صوبہ سندھ اور کراچی کے عہدے داروں کے حوالے سے مشاورت کرے گا، مقامی سطح پر اہم فیصلے کیے جائیں گے، اور نئے عہدے داروں، پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو عہدے دینے کے اعلانات کیے جائیں گے۔ ن لیگی رہنما آج شام ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد بھی جائیں گے۔

    مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان میں قربتیں بڑھنے لگیں

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کسی کو احسا س نہیں کہ عوام مہنگائی چکی میں پس رہے ہیں، حکومت اس پر کوئی جواب نہیں دے پائی ہے، ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عوام فیصلہ کرے ملک میں حکومت کیسے ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ آج کسی بھی ایک شخص نے ہماری جماعت نہیں چھوڑی بلکہ لوگ شامل ہونا چاہتے ہیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہے، ملک میں جمہوریت نہیں آمریت ہے، ہمیں تشویش ہے آج کے معاشی حالات کل ملک کے لیے خطرہ ہو سکتے ہیں، آیندہ الیکشن مسلم لیگ ن جیت کر رہے گی۔

  • میں اسحاق ڈار کی جگہ پر ہوتا تو کبھی پاکستان نہیں آتا، شاہد خاقان عباسی

    میں اسحاق ڈار کی جگہ پر ہوتا تو کبھی پاکستان نہیں آتا، شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں اسحاق ڈار کی جگہ پر ہوتا تو کبھی پاکستان نہیں آتا، اسحاق ڈارنےملک کیلئےکام کیا، اسحاق ڈارکومشورہ دوں گا اس نیب کےسامنےکبھی نہ آئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ شہباز شریف مارچ میں آجائیں گے، مریم نوازلندن آجائیں توشہبازشریف آجائیں گے۔

    شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ مریم نوازعوامی عہدہ نہیں رکھتی تھیں انہیں کیوں سزادی گئی؟ مریم نواز اس لئےخاموش ہیں کیونکہ وہ سزایافتہ ہیں، مریم نواز کب بولیں گی یہ جماعت فیصلہ کرےگی۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز وقت آنے پربات کریں گی، ن لیگ کےکارکنوں نے مریم نواز کو لیڈر مان لیا ہے، آپ دیکھ لیں گےمریم نواز باہر نکلیں گی۔

    پارٹی رہنما سے اختلافات پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ خواجہ آصف کےساتھ میراکوئی جھگڑا نہیں ہے، خواجہ آصف اور میرا معاملہ ہے وہ میں حل کر لوں گا، ہم اپنےاندرونی معاملات کو خود حل کرلیں گے،پارٹی کافیصلہ میرافیصلہ ہے،پارٹی کوغلط فیصلہ ہوتوتب بھی میرافیصلہ ہے، جماعت نےجب فیصلہ کر لیا تو اس میں میرا ووٹ شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لندن سے نوازشریف کی رپورٹ بھیجنی چاہیے تھی اور مریم نواز کے بغیر سرجری نہ کرانے کا بیان نا مناسب ہے، نوازشریف کی رپورٹس جو حکومت مانگ رہی تھی وہ مل جائیں گی، ایک شخص کی میڈیکل رپورٹس پرپبلک میں بحث کی جارہی ہے، کیا ملک میں سب سے بڑا مسئلہ اور خرابی یہی ہے؟

  • شاہد خاقان اور احسن اقبال کو آج ضمانت پر رہا کیے جانے کا امکان

    شاہد خاقان اور احسن اقبال کو آج ضمانت پر رہا کیے جانے کا امکان

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو آج ضمانت پر رہا کیے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے ن لیگی رہنماؤں کی ضمانت منظور کی تھی، ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد احتساب عدالت رہائی کے روبکار جاری کرے گی۔

    رہائی کے روبکار اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو آج بھجوائے جائیں گے، خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی 7 ماہ اور احسن اقبال 2 ماہ سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

    نیب کا شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت چیلنج کرنے کا فیصلہ

    دوسری طرف نیب نے شاہد خاقان اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز اسلام آباد میں چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شاہد خاقان اور احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت منظور کر لی اور دونوں لیگی رہنماؤں کی ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا۔

  • نیب کا شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت چیلنج کرنے کا فیصلہ

    نیب کا شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت چیلنج کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل، ڈی جی نیب آپریشن ودیگرحکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں آج 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت منظور

    عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظور کی۔ اسلام ہائی کورٹ نے دونوں لیگی رہنماؤں کو ایک ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی رہائی کا حکم دیا۔

    یاد رہے کہ یکم فروری کو مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال نے 4 روز قبل ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی۔

  • شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت منظور

    شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت منظور

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ ثابت ہونے تک ملزم بے گناہ ہوتا ہے، شہری کا حق آزادی اور عزت نفس مجروع ہونے سے بچانا بھی ضروری ہے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب کو ملزم کی گرفتاری کا اختیار اسے آئینی حقوق سے محروم نہیں کرسکتا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب نے احسن اقبال کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے۔

    ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر احسن اقبال اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرائیں تو ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔عدالت نے احسن اقبال کی ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

    بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایل این جی کیس میں پیپرا رولز کا تو اطلاق ہی نہیں ہوتا، اس میں تو پبلک فنڈ کا استعمال ہی نہیں ہوتا اس میں تو پبلک فنڈ کا استعمال ہی نہیں ہوا، گرانٹ استعمال ہوئی، ایک معاملے میں پبلک فنڈز کا استعمال ہی نہیں ہوا تو آپ کا کیس کیا ہے؟

    ایڈیشنل نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تمام پراسیس کیا جس میں اوگرا کو بھی شامل نہیں کیا گیا، شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے منصوبے میں اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بھی ایل این جی کیس میں ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو بھی ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

  • چیئرمین نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی

    چیئرمین نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں شاہد خاقان عباسی، عمران الحق، یعقوب ستار کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 138.96 ملین نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ملزمان پر سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیرقانونی تقرری کا بھی الزام ہے۔

    اجلاس میں سابق رکن بورڈ آف ریونیو سندھ غلام علی شاہ، عبدالسبحان میمن ودیگر کے خلاف بھی بدعنوانی کا ریفرنس داخل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر سرکاری زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ، 120 ملین روپے نقصان کا الزام ہے۔

    نیب نے سابق وزرا برجیس طاہر،سلیم گورایا، رکن قومی اسمبلی باسط سلطان ،سردار نصراللہ دریشک کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دے دی۔

    اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ میگاکرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں، عوام کو دھوکہ دہی کے مقدمات کو بھی منطقی انجام پہنچائیں گے۔

    نیب تفتیشی افسران کی جدید خطوط پر تربیت کو اہمیت دیتا ہے، چیئرمین نیب

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب تفتیشی افسران، پراسیکیوٹرز کی جدید خطوط پر تربیت کو اہمیت دیتا ہے۔

  • ایل این جی ریفرنس ، سابق وزیراعظم  کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع

    ایل این جی ریفرنس ، سابق وزیراعظم کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع

    اسلام آباد:احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس پر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ریفرنس پر سماعت کی، سابق وزیر اعظم کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

    جج اعظم خان نے کہا کچھ ملزمان کے مچلکے جمع نہیں ہوئے، شاہد اسلام کے وارنٹ جاری کئے، کیا پیش رفت ہوئی؟ جس پر نیب نے ملزم شاہد اسلام سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

    نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم شاہد اسلام خود پیش ہوئےنہ ہی کوئی وکیل آیا، ملزم کی ٹریول ہسٹری کی تفصیلات بھی رپورٹ کیساتھ منسلک ہے، ملزم پاکستان میں نہیں ہے، کس اورملک میں ہے،انکوائری جاری ہے۔

    جج نے کہا اس کو نوٹس کس ایڈریس پر کیا جائے،پوری دنیامیں تونہیں کرسکتے، تو نیب پراسیکیوٹر نے بتایا تلاش کاعمل شروع کردیا ،اس کے بعد واپس لانے کیلئے کارروائی کریں گے۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع کردی۔

    خیال رہے ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت 10 ملزمان نامزد ہے جبکہ مفتاح اسماعیل سمیت 3 ملزمان کو حاضری سےاستثنیٰ حاصل ہیں۔

    واضح رہے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو 18 جولائی کو نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتار کیا تھا، اس کے علاوہ 7 اگست کو ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد ہونے پر مفتاح اسماعیل کو بھی عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ سابق وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

  • ایل این جی سے متعلق پاکستان گیس پورٹ کمپنی کے معاہدے کی منسوخی

    ایل این جی سے متعلق پاکستان گیس پورٹ کمپنی کے معاہدے کی منسوخی

    اسلام آباد: پاکستان گیس پورٹ کمپنی کا کیس آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنا جائے گا، حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی پر کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایل این جی سے متعلق پاکستان گیس پورٹ کمپنی کے معاہدے کی منسوخی کے کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی، کمپنی نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی جس سے پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت کمپنی کو ڈھائی لاکھ ڈالر یومیہ ، 90 ملین ڈالر سالانہ کرایہ ادا کر رہی ہے، کمپنی پر پہلے بھی معاہدے کی تکمیل میں تاخیر پر 41 ملین ڈالر جرمانہ کیا گیا تھا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جرمانے کی رقم ایک ملین ڈالر کر دی تھی۔

    جرمانہ عائد کرنے والے ایم ڈی پاکستان ایل این جی ٹرمینل کو بھی برطرف کر دیا گیا تھا، اعلیٰ افسر کی برطرفی پر چیئرمین پی ٹی آئی نے احتجاجی ٹویٹ بھی کیا تھا۔

    نیب نے شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس دوبارہ دائر کردیا

    یاد رہے کہ 12 دسمبر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس دوبارہ دائر کر دیا ہے، جسے احتساب عدالت نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا تھا، ریفرنس میں شاہد خاقان سمیت 10 ملزمان نامزد ہیں۔ نیب نے رجسٹرار احتساب عدالت کے اعتراضات دور کر کے 8 ہزار صفحات پر مشتمل ایل این جی ریفرنس احتساب عدالت میں دوبارہ جمع کرایا تھا۔

    ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں اختیارات کے غلط استعمال پر دائر کیا گیا، جس میں سابق وزیر اعظم اور مفتاح اسماعیل کے نام بھی ملزمان میں شامل ہیں۔