Tag: شاہد خاقان عباسی

  • بھارت نےمحدود جنگ کی پالیسی نہ بدلی تومنہ توڑ جواب ملےگا‘ وزیراعظم

    بھارت نےمحدود جنگ کی پالیسی نہ بدلی تومنہ توڑ جواب ملےگا‘ وزیراعظم

    نیویارک: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر بھارت نے ایل او سی کو پارکرنے کی کوشش کی یا پاکستان کے خلاف محدود جنگ کی پالیسی پرعمل درآمد کیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سےاقوام متحدہ کے چارٹرپر باقاعدہ عملدرآمد نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھارتی ظلم وجبرکا سامنا ہے اور کشمیریوں کو ان کے ‌حق خودارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ بھارت نےمقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ فوج تعینات کررکھی ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے کچل رہی ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بھارت جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بیلٹ گنوں کے استعمال اور دیگر جرائم سے روکے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کومشرقی جانب سےہمیشہ خطرہ رہا ہے جبکہ بھارت کی جانب سے رواں برس ایل اوسی پر 600 سے زائد بار سیزفائرکی خلاف ورزیاں کی جاچکی ہیں۔


    وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیرحل کرنےکا مطالبہ


    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی بند کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کی کسی بھی مہم جوئی یا کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اب ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے اور اسے اسی سطح پر ہی حل ہونا چاہیے لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ بھی نہایت ضروری ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوجی جوانوں سمیت 70 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں دیں اور 120 ارب ڈالرکا نقصان اٹھایا،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں پر کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالیں ہم افغان جنگ کوپاکستانی سرزمین پر لڑنے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی پاکستان قربانی کا بکرا بنے گا۔


    عالمی میڈیا پاکستان کی صحیح صورتحال نہیں دکھارہا، شاہد خاقان عباسی


    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ افغانستان میں امن کا خواہاں کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

    انہوں نے کہا افغانستان کے مسائل کا فوجی نہیں سیاسی حل ہےافغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں جو سرحد پار کرکے پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔

    وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ روہنگیا میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والی ظلم وزیادتی کو دنیا دیکھ رہی ہے جہاں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

    انہوں نےکہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیےمئسلہ فلسطین کا حل بہت ضروی ہے جبکہ اسرائیل کا فلسطین پر قبضہ خطے میں تشدد کا سبب بن سکتا ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چین اورپاکستان کی دوستی معاشی ترقی کاراستہ ہے جبکہ پاکستان ون بیلٹ ون روڈ پروگرام کا حصہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں مستقبل میں انسانیت کےلیے بڑا خطرہ ہیں ان تبدیلیوں سےنمٹنےکے لیے پیرس معاہدے پرعملدرآمد ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے موقع پرقومی لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور ان کے ہمراہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی اور وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیرحل کرنےکا مطالبہ

    وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیرحل کرنےکا مطالبہ

    نیو یارک : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کردیا، وزیر اعظم نے یو این سیکریٹری جنرل کو بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے سیکریٹری جنرل یواین کے سامنے مقبوضہ کشمیرکا معاملہ اٹھادیا۔

    وزیر اعظم نے انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی خلاف ورزیوں پر ڈوزیئر دیا، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر کا مسئلہ حل کرانے میں کردار ادا کرنے کیلئے کشمیر میں خصوصی نمائندے کا تقرر کرے۔

    شاہد خاقان نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند کر رکھے ہیں، رواں سال بھارت600بار سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے آج بھی4افراد جان سے گئے۔

    وزیراعظم نے پاکستان بھارت کیلئے یو این فوجی مبصر گروپ میں توسیع کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یواین سیکریٹری جنرل سے افغانستان اور روہنگیا کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

    ملاقات میں افغانستان میں امن کیلئے مذاکراتی عمل کی اہمیت پراتفاق کیا گیا، وزیر اعظم نے میانمار میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان میرے دل کےبہت قریب ہے، پاکستان کا کئی باردورہ کرچکا ہوں۔

    انتونیوگوتریس نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستانی اقدامات کا عینی شاہد اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کادل سےمعترف ہوں۔

    انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا استحکام قابل تعریف ہے، انہوں نے اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے کردار پراظہار تشکرکیا، اس موقع پر انتونیوگوتریس نے سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کا بھی تذکرہ کیا۔

  • عالمی میڈیا پاکستان کی صحیح صورتحال نہیں دکھارہا، شاہد خاقان عباسی

    عالمی میڈیا پاکستان کی صحیح صورتحال نہیں دکھارہا، شاہد خاقان عباسی

    نیو یارک : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عالمی میڈیا پاکستان کی صحیح صورتحال نہیں دکھارہا، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں، پاک امریکا تعلقات میں اتارچڑھاؤآتارہتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان امریکا بزنس کونسل سے خطاب اور بعد ازاں سی این این کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ 2013میں جب نواز لیگ نے حکومت سنبھالی تو حالات مختلف تھے،4سال میں توانائی کے شعبے میں بہت سے اقدامات کئے۔

    مستقبل میں پاکستان دنیا کی 20ویں بڑی معیشت ہوگا

    آج پاکستان میں شرح نمو5.3 فیصد پر پہنچ چکی ہے، توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، توانائی شعبے میں دس ہزارمیگاواٹ کا اضافہ کیا ہے، پاکستان اسٹاک ایکس چینج دنیاکی بہترین مارکیٹوں میں سےایک ہے،2030میں پاکستان دنیا کی20ویں بڑی معیشت ہوگا۔

    اس کے علاوہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ڈیموں کی تعمیر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق امریکی حکومت کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ سرمایہ داروں کے لئے پاکستان میں ماحول سازگار ہے، امریکی کمپنیاں پاکستان میں معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں، امید ہے پاکستان امریکا بزنس کونسل کا تعاون جاری رہے گا۔

    پاک امریکا تعلقات میں اتارچڑھاؤآتا رہتا ہے

    علاوہ ازیں شاہد خاقان عباسی نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکا کی 70 سال کی پرانی دوستی ہے، پاکستان اور امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔

    دہشت گردی کے خاتمےکیلئے امریکا کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اور امریکا کا دشمن مشترکہ ہے، پاک امریکا تعلقات میں تبدیلی کا نہیں سوچا، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور بہت قربانیاں دیں ہیں، آج بھی پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے، دہشت گردی ہر کسی کے لئے خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے لئے خطرہ ہے، بھارت کےخلاف ہم نےتین جنگیں لڑیں، ہم نے بھارتی خطرے کے جواب میں نیوکلیئر بم بنایا۔

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو جوہری تجربوں سے متعلق ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہئے، واضح کردیں کہ شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام میں پاکستان نے کوئی تعاون نہیں کیا۔

  • وزیر اعظم نے پی آئی اے کو رقم دینے کی سمری مسترد کردی

    وزیر اعظم نے پی آئی اے کو رقم دینے کی سمری مسترد کردی

    کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی آئی اے کی بہتری کے لیے نئی انتظامیہ کو رقم دینے سے انکار کردیا، سمری بغیر دستخط کے واپس کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کی جانب سے ادارے کی بہتری کے لیے رقم ملنے کی غرض سے وزیراعظم کو سمری فراہم کی گئی تھی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئی انتظامیہ کی اس سمری کو مسترد کرتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کردیا اور سمری واپس بھیج دی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ رقم کی فراہمی کے لیے یہ سمری وزیر اعظم کے بیرون ملک دورے سے قبل واپس کی گئی ساتھ ہی وزیر اعظم نے ائرلائن ریونیو حصول کے لیے بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

    اطلاعات ہیں کہ ائر لائن کی نئی انتظامیہ نے قابل عمل بزنس پلان کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے مجوزہ بزنس پلان وزیر اعظم کی امریکا سے واپسی پر انہیں پیش کیا جائے گا۔

  • کراچی: وزیرِ اعظم اتوار کو ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم اتوار کو ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے

    کراچی: وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اتوار کو پورٹ قاسم پر بنائے گئے ملک کے پہلے ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اتوار 27 اگست کو پورٹ قاسم پر ملک کے پہلے اور واحد آپریشنل ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کریں گے۔

    اینگرو ایل این جی ٹرمینل شاہد خاقان عباسی کی بحیثیت وفاقی وزیر پٹرولیم ذاتی دلچسپی اور کوششوں کی بدولت 330 دن کی قلیل مدت میں 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 100فیصد نجی سرمایہ کاری سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    ٹرمینل پر اب تک 6.1 ملین ایل این جی درآمد کی جاچکی ہے جس سے ملک کو مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل کی درآمد اور استعمال کے مقابلے میں تقریباً 1.7ارب ڈالر کی بچت ہوچکی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کو تقریباً ڈھائی سے 3 ارب کیوبک فٹ گیس کی کمی کا سامنا ہے اور ایل این جی ٹرمینل کے ذریعے درآمد کی گئی گیس سے اس کمی میں تقریباً 20سے 25فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے بعد ملک میں ایل این جی پر چلنے والے 1200 میگاواٹ کے تین نئے بجلی گھروں قصور، شیخوپورہ اور جھنگ میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

    تین بجلی گھروں سے ملک کو 3600 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کی جائے گی اور یہ پلانٹ صلاحیت کے لحاظ سے 60 فیصد بہتر ہوں گے جوکہ تھر مل پاور پلانٹس کی مناسبت سے 45 فیصد زیادہ صلاحیت کے ہوں گے۔

    ملک میں ایل این جی کی درآمد سے ٹیکسٹائل، سی این جی، پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور ملک سے بجلی اور گیس کے بحران کو کم کرنے میں خاطرخواہ مدد مل رہی ہے۔

    مہنگے فرنس آئل اور ڈیزل کے مقابلے میں سستی ایل این جی کی درآمد سے ملک میں معاشی ترقی اور استحکام کا نیا دور شروع ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ پہلے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے بعد شاہد خاقان عباسی کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور قطر درمیان ایل این جی کی درآمدکا طویل المدّتی معاہدہ طے پایا تھا۔

    پاکستان کے علاوہ خطے میں بھارت اور بنگلہ دیش ایل این جی درآمد کررہے ہیں جبکہ جاپان تاحال دنیا کا سب سے بڑا ایل این جی درآمد کنندہ ہے جوکہ اپنی توانائی کی ضروریات سستی اور ماحول دوست ایل این جی کے ذریعے پوری کررہاہے۔

  • ٹرمپ کے بیان پرکابینہ کا اظہار تشویش، بھرپورجواب دینے کا فیصلہ

    ٹرمپ کے بیان پرکابینہ کا اظہار تشویش، بھرپورجواب دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے امریکی صدر کے حالیہ بیان پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی مؤقف کو امریکی قیادت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، امریکہ کی الزام تراشی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان اور افغان پالیسی کے حوالے سے غور کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کابینہ ارکان کو بریفنگ دی، اجلاس میں کابینہ کے اراکین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ خطاب میں پاکستان پر الزام تراشی پر اپنی تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔

    وفاقی کابینہ نے ٹرمپ کے پاکستان سے ڈومور کے مطالبے پرحیرانگی کا بھی اظہار کیا، اراکین نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی امریکی الزام تراشی کا بھرپور جواب دے۔

    دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں کسی سےڈھکی چھپی نہیں ہیں، کابینہ اراکین نے کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستانی کردار کو قابل قدر پذیرائی ملنی چاہئے۔

    اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس جمعرات کے روز بلانے کافیصلہ کیا گیاہے جس میں عسکری قیادت سے بھی رائے لی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اپنا مؤقف امریکی قیادت کے سامنے رکھے گا، خواجہ آصف آئندہ امریکی دورے کے دوران پاکستانی مؤقف سےآگاہ کرینگے۔

  • مایوس سیاستدانوں کے مقاصد کامیاب نہیں ہونے دیںگے، ن لیگی اراکین

    مایوس سیاستدانوں کے مقاصد کامیاب نہیں ہونے دیںگے، ن لیگی اراکین

    اسلام آباد : مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ چند مایوس سیاستدانوں کے مقاصد کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے شرکاء نے سابق اور نااہل وزیراعظم نواز شریف کی پالیسیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پالیسیوں اور منصوبوں پرعملدرآمد کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ چند سیاستدان محاذ آرائی سے مذموم مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں، مایوس سیاستدانوں کے عزائم کسی قیمت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

    انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوریت اور قانون کی حکمرانی سے ہی چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، چیلنجز کا عوام کے حق حاکمیت کے احترام سے مقابلہ ممکن ہے۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک نے ماضی میں ان اصولوں سے روگردانی کر کے بھاری قیمت ادا کی، ن لیگ آئین کی بالادستی کے لئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی۔

    انہوں امید ظاہر کی کہ آئندہ الیکشن میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ نون چاروں صوبوں میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے، شاہد خاقان

    نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے، شاہد خاقان

    کوئٹہ : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے اوربلوچستان کے ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں گیس کا منصوبہ بنایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کے ساتھ نہ کوئی محاذ آرائی ہے اور نہ ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال، قادر بلوچ، وزیر اعلیٰ و گورنربلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ بھی موجود تھے۔

    سیکیورٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج اجلاس میں تین اہم نکات پر بات چیت ہوئی اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال پرغور ہوا۔

    اجلاس میں امن وامان سے متعلق فیصلے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو آگے بڑھایا جائے گا، ہرضلعی ہیڈ کوارٹر میں گیس کا منصوبہ بنایاجائیگا، ٹیوب ویلزکو سولر پینل پر لانے کیلئےاقدامات ہونگے۔

    ڈیمزسےمتعلق ماضی کے منصوبوں کوبھی جاری رکھاجائیگا، انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کا منصوبہ کئی عشروں سے التوا کا شکار تھا، ہفتہ دس دن میں کچھی کینال کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا، بی آئی ایس پی پروجیکٹ کو بھی مزید پھیلایا جائے گا، امید ہے، بلوچستان جلد ہی پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں سی پیک کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپنا دفاع کرنا ہرفرد اور ادارے کا حق ہوتاہے، ہم بھی اپنا دفاع کریں گے۔

     ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ آصف زرداری کس چیز کی بات کر رہے ہیں، ملک و قوم کی بہتری کیلئے ڈائیلاگ ہوتے رہیں گے، آصف زرداری کوبھی شامل ہوناچاہئیے۔

  • اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اسلام آباد: اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایک روادار معاشرے کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے جہاں ہر شخص کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان میں اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایک روادار اور متحمل مزاج معاشرہ بنائیں گے جہاں ہر انسان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی اور ہر پاکستانی مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اس وعدہ کو نبھانے کی کوشش کی جائے گی جس میں انہوں نے اقلیتوں کے لیے یکساں حقوق اور مواقعوں کی یقین دہانی کروائی تھی۔

    انہوں نے تمام شعبہ زندگی خصوصاً صحت کے شعبے میں اقلیتی افراد کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں اور تمام افراد کے مذہب، ذات اور عقائد سے بالاتر ہو کر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں ان کے لیے نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں آبادی کے لحاظ سے نشستوں کا مختص کرنا شامل ہے۔

    اقلیتوں کے قومی دن کی تاریخ

    پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن 11 اگست سنہ 1947 میں کی جانے والی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تقریر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا، ’آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں، مسجدوں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں‘۔

    قائد اعظم نے کہا تھا، ’آپ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی عقیدے پر کاربند ہوں، کار سرکار سے اس کا کوئی تعلق نہیں‘۔

    بانی پاکستان کی اس تقریر کی یاد میں سنہ 2009 میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اس دن کو بطور قومی دن منانے کی تجویز سابق وزیر اقلیتی امور شباز بھٹی نے دی تھی جنہیں سنہ 2011 میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا۔

    عمران خان کا پیغام

    اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے لیے خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح کے بغیر فلاحی ریاست کا خواب ادھورا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی۔ آج بھی اقلیتیں تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح و ترقی روز اول سے ہمارے منشور کا لازمی جزو ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود پر بطور خاص محنت کی ہے۔


  • نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہورجانا احتجاج نہیں، وزیراعظم

    نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہورجانا احتجاج نہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو پٹری سے اتارنے کی کوشش سازش کہلاتی ہے، نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہورجانا احتجاج نہیں، عوام ان سےاظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ 2018میں انتخابات وقت پرہوں گے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی کامیابی حاصل کریگی کیونکہ ن لیگ اپنے عزم پرثابت قدم رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نظام کو پٹری سے اتارنے کی کوشش سازش کہلاتی ہے، عوامی فلاح کے اقدام کرنیوالے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانا سازش ہے، جس معاملے سےملک کو نقصان ہو اسے سازش ہی کہیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آرٹیکل 62ون ایف کےخاتمے کیلئے آئینی ترمیم لائیں گے،پارٹی میں وزارت عظمیٰ کاکوئی امیدوار نہیں تھا، 45دن کیلئے وزیراعظم ہوں یا10مہینے کیلئے اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کاسیاسی نظام پختگی کی جانب بڑھ رہا ہے، مسلم لیگ ن سے ایک بھی رکن اسمبلی کہیں نہیں گیا، جمہوری نظام بھی مناسب اندازمیں آگےبڑھ رہاہے، پارٹیاں بدلنے والے سیاستدانوں کا اب کوئی مستقبل نہیں۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کا وفاقی حکومت چلانےکا30سال کا تجربہ ہے، سفارتی امور کیلئے نواز شریف سے بہترکوئی شخص نہیں دیکھا، نوازحکومت نے جتنے ترقیاتی کام کرائے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کامیاب ترین وزیرخارجہ ثابت ہوں گے، تمام ملکوں سےتعلقات بہتر بنانا ہمارا ہدف ہے، چین سےحالیہ تعلقات کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، روس سےتعلقات کی بحالی اہم کامیابی ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کوبہتربناناملک کےحق میں ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ منصوبہ بندی وترقی کی وزارت وزیراعظم کے زیرنگرانی ہی رہےگی، سی پیک منصوبوں کا وزیراعظم کی زیرنگرانی رہنابہتر ہوگا۔

    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔