Tag: شاہراہ

  • لاہور کی پہلی ٹورزم شاہراہ ’واہگہ ہیریٹیج کوریڈور‘ کی تعمیر

    لاہور کی پہلی ٹورزم شاہراہ ’واہگہ ہیریٹیج کوریڈور‘ کی تعمیر

    لاہور( 11 اگست 2025) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کی پہلی ٹورزم شاہراہ "واہگہ ہیریٹیج کوریڈور” کی تعمیر مکمل ہو نے کے قریب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ لاہور کی پہلی خصوصی سیاحتی شاہراہ واہگہ ہیریٹیج کوریڈور پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔

    قائد اعظم انٹرچینج سے واہگہ بارڈر (زیرو لائن) تک تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، 13 کلومیٹر طویل اس منصوبے پر اب تک 28 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

    لاکھوں شہریوں کو بہترین سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے سڑک کو اطراف سے وسیع کیا جا رہا ہے، ٹورزم شاہراہ 68 فٹ چوڑی ہے جس کے دونوں اطراف 20 فٹ چوڑی سروس روڈز بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔

    اس شاہراہ پر 22 کلو میٹر سے زائد طویل آر سی سی ڈرینیج سسٹم، 10 کلومیٹر آرائشی دیوار کی تعمیر کے علاوہ جدید سولر سٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جارہی ہیں۔

    جنوری میں شروع ہونے والا منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے، ٹریفک میں روانی کے ساتھ ساتھ منصوبے کی تکمیل سے واہگہ بارڈر پر پریڈ دیکھنے کے لیے آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بھی عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم ہوں گی۔

    اس کے علاوہ بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کو آمد پر  پاکستانی ثقافت، سیاحت اور خوب صورتی کے منفرد رنگ نظر آئیں گے، شہری سفر کے دوران قوی ہیروز کے پورٹریٹس اور روشنیوں سے مزین خوب صورت رنگ دیکھ سکیں گے، شاہراہ کی تعمیر اور نئے سیوریج نظام کی تنصیب سے اہل علاقہ کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔

  • مصروف شاہراہ پر طیارے کی حیران کن ہنگامی لینڈنگ، لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، ویڈیو وائرل

    مصروف شاہراہ پر طیارے کی حیران کن ہنگامی لینڈنگ، لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، ویڈیو وائرل

    برازیل میں ایک چھوٹے طیارے کو اچانک مصروف ہائی وے پر رونگٹے کھڑے کر دینے والی ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، جسے دیکھ کر سڑک پر گاڑیوں میں محو سفر لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔

    ڈیلی میل کے مطابق برازیل کی ایک موٹر وے پر ایک طیارے کو مصروف شاہراہ پر کاروں اور لاریوں کے درمیان دل دہلا دینے والی ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، معلوم ہوا کہ طیارے کا انجن ناکارہ ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے پائلٹ کو یہ خطرناک فیصلہ کرنا پڑا۔

    پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصروف شاہراہ پر ہنگامی لینڈنگ تو کی، لیکن لینڈنگ کے وقت ہلکے ہوائی جہاز کے پیچھے سفر کرنے والے کار سواروں کو یہ خوف لاحق رہا کہ طیارہ اترتے ہوئے گاڑیوں سے ٹکرا جائے گا اور بس کسی بھی لمحے سڑک پر قیامت خیز منظر نظر آئے گا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ کس خطرناک طریقے سے شاہراہ پر دوڑتی کاروں کے درمیان لینڈنگ کر رہا ہے، اور طیارے نے ایک بڑے ٹینکر کے عین آگے لینڈنگ کی، حتیٰ کہ ٹینکر کو بھی خود کو بچانا پڑا۔


    کوے کی انسانوں کی طرح بات کرنے کی ویڈیو وائرل


    رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے، پولیس کے مطابق طیارے میں 2 افراد سوار تھے، پائلٹ کا نام 29 سالہ میٹیوس رینان کالڈو اور مسافر کا نام ہوائی جہاز کا مالک، 71 سالہ تاجر والڈیمیرو جوز مینیلا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ کل دوپہر سے کچھ دیر قبل برازیل کی جنوبی ریاست سانتا کیٹرینا میں گورامیرم میں ایک ایروڈوم سے نکلا تھا۔

  • کاغان ناران، بابوسرٹاپ، قراقرم ہائی وے ٹنل تک شاہراہ بنے گی، وزیر مواصلات

    کاغان ناران، بابوسرٹاپ، قراقرم ہائی وے ٹنل تک شاہراہ بنے گی، وزیر مواصلات

    وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کاغان ناران، جھال کھنڈ، بابوسرٹاپ اور قراقرم ہائی وے ٹنل تک رابطہ شاہراہ بنے گی۔

    وزیرمواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان عالمی کانفرنس کیلئے بیجنگ پہنچ گئے، چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی ژیاپینگ سے وفاقی وزیر علیم خان کی ملاقات و تفصیلی مذاکراتی سیشن ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان دونوں وزرا نے 4 بڑے منصوبوں پر مل کرکام کرنے پراتفاق رائے کیا ہے۔

    وفاقی وزیرٹرانسپورٹ نے بتایا کہ چین کےوزیرٹرانسپورٹ سےان منصوبوں کےفنانشل ماڈل پربھی گفتگوہوئی، شاہراہ قراقرم کے فیزٹو کے لئے بھی چین سے باہمی تعاون حاصل ہوگا، ان چاروں بڑے منصوبوں کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر بھی غور ہوگا۔

    چائنیزوزیرٹرانسپورٹ نے کہا کہ پاکستان کے لئے دوطرفہ تعاون چین کی لازوال دوستی کا عملی ثبوت ہوں گے۔

    وفاقی وزیرعلیم خان نے کہا کہ چین اور پاکستان مل کر ایم ایل ون اور ایم 6 اور ایم 9 کے منصوبوں پر کام کرینگے۔

    دونوں وزرا کے درمیان سی پیک منصوبوں کے”مسنگ لنک” کی تعمیر بھی مکمل کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، علیم خان نے کہا کہ سی پیک کے بینر تلے سارے منصوبے قابل عمل اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینگے۔

    وفاقی وزیرنے کہا کہ بیجنگ چین میں انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کانفرنس میں مزید مثبت پیشرفت سامنے آئیگی، چین کے وزیرٹرانسپورٹ سے سکھر، حیدرآباد اور کراچی تک موٹروے کی تعمیر پر بھی بات ہوئی۔

  • امریکی ریاست نیویارک کی شاہراہ ‘علامہ محمد اقبال’ سے منسوب کر دی گئی

    امریکی ریاست نیویارک کی شاہراہ ‘علامہ محمد اقبال’ سے منسوب کر دی گئی

    نیویارک : امریکی شہر نیویارک کی ایک شاہراہ ‘علامہ اقبال’ کے نام سے منسوب کردی گئی، علامہ محمد اقبال ایک بین الاقوامی سطح کی شخصیت اور پاکستانی قومیت کی علامت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست نیویارک کی شاہراہ علامہ محمد اقبال سے منسوب کر دی گئی، شہر کی اہم شاہراہ کو شاعرِ مشرق کے نام سے منسوب کرنے کا باقاعدہ اعلان ایک تقریب میں کیا گیا، یہ پاکستانی امریکی نوجوانوں کی تنظیم امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

    امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے نیو یارک کی ایک شاہراہ کو”علامہ اقبال ایونیو” کا نام دیے جانے پر صدر امریکن پاکستان ایڈووکیسی گروپ علی راشد کو مبارک باد دی۔

    علامہ محمد اقبال ایک بین الاقوامی سطح کی شخصیت اور پاکستانی قومیت کی علامت ہیں، یہ علامہ اقبال ہی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا تھا جو 1947 میں شرمندہ تعبیر ہوا۔

    نیویارک امریکہ کا سب سے مشہور شہر ہے اور نیو یارک کی شاہراہ کو پاکستان کے قومی شاعر کا نام سے منسوب کیے جانا نہ صرف نیو یارک بلکہ پورے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے فخر کا باعث ہے ، یہ اقدام پاک امریکہ تعلقات میں مضبوطی کا باعث ہوگاـ

    سفیر پاکستان نے صدر اے پی اے جی علی راشد کو پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور امریکہ میں پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے پرعزم کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

    یاد رہے کہ علی راشد اور اے پی اے جی نے امریکی ایوان نمائندگان میں 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان کے طور پر منانے کے لیے قرارداد پیش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

    نیو یارک کے علاقے رچمنڈ ہل، کوئنز میں 109 سٹریٹ اور 101 ایونیو کا مشترکہ نام رکھا جانا پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کو تسلیم کرنے کا عکاس ہے جب کہ اس اقدام نے پاکستانی نژاد امریکیوں کو اپنے ملک کے عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

    اس موقع پر نیویارک سٹی کونسل کی سپیکر ایڈرین ایڈمز نے کہا کہ جوں جوں ہم پاکستان کے یوم آزادی کے قریب پہنچ رہے ہیں مجھے 109 ویں سٹریٹ اور 101 ویں ایونیو کو علامہ اقبال ایونیو کے نام سے منسوب کرنے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کو اپنے وقت کے معروف شاعروں، اسکالروں اور رہنماؤں کے طور پر سراہا گیا، علامہ اقبال کے کام اور وژن نے پاکستان کو ایک آزاد ملک کے طور پر تشکیل دیا۔ ان کی میراث آج بھی متحرک پاکستانی کمیونٹی میں زندہ ہے جس نے نیویارک شہر کے ثقافتی تانے بانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

    ایڈرین ایڈمز نے مزید کہا کہ مجھے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر ہے، جس نے ہمارے علاقے کی ترقی، علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو باضابطہ طور پر تسلیم کرانے کے لیے کوشاں ہے۔

    اس موقع پرامریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے بانی اور صدر علی ارشد نے کہا کہ 109 سٹریٹ اور 101 ایونیو کا مشترکہ نام ‘علامہ اقبال ایونیو’ رکھنا ، نیویارک اور پورے امریکہ میں پاکستانی امریکیوں کے لیے ایک یادگار کارنامہ ہے،جو پاکستانیوں کی قربانیوں، جانفشانی اور استقامت کا مظہر ہے۔

    علی ارشد کا کہنا تھا کہ اے پی اے جی نے اس علاقے کو کمیونٹی سروس کےشاندار کاموں کے لیے استعمال کیا ہے اور اسے علامہ اقبال جیسے عظیم رہنما ،جو پاکستان کی آزادی میں پیش پیش تھے، کے نام سے موسوم کرنا ایک اعزاز کی بات ہے ، نام موسوم کرنے کی یہ تقریب دنوں ممالک کی کمیونٹیز کو باہمی طور پر مزید قریب لانے ، ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے اور اسے مزید فروغ دینے میں مددگار ہو گا۔

  • سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی، سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی خرم آغا، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجرجنرل کمال اظفر اور ان کی ٹیمز لائقِ تحسین ہیں کہ قلیل مدت میں تمام بڑی شاہراہیں بشمول قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر بھی ٹیم کو مبارکباد دی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا، سیکریٹری پاور ڈویژن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔

  • زائرین کی سہولت کے لیے مدینہ منورہ میں عظیم الشان منصوبے کا اعلان

    زائرین کی سہولت کے لیے مدینہ منورہ میں عظیم الشان منصوبے کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے مدینہ منورہ میں عظیم الشان منصوبے کی تعمیر کا اعلان کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ سے شہدائے احد کے مقام تک 5 کلو میٹر طویل شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شاہراہ کے منصوبے کو ’جادہ احد‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    یہ نئی تعمیر کی جانے والی شاہراہ 2 رویہ ہوگی اور دونوں جانب 7، 7 ٹریکس ہوں گے۔ پہلے 3 ٹریک گاڑیوں، 2 بسوں اور ایک موٹر سائیکل کے لیے مخصوص ہوگا، مسجد نبوی ﷺ سے پیدل شہدائے احد تک جانے والوں کے لیے بھی ایک ٹریک علیحدہ سے تعمیر کیا جائے گا جس کی چوڑائی 9 میٹر ہوگی۔

    پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص حصے پر 15 ہزار درختوں کے علاوہ گھاس کا خصوصی فرش بچھایا جائے گا۔

    موٹر سائیکلوں کے لیے بنائے جانے والے ٹریک کی چوڑائی 2.8 میٹر رکھی جائے گی جبکہ مخصوص افراد کے لیے بھی خصوصی طور پر سڑک منصوبے میں شامل ہے۔

    محکمہ بلدیہ کے مطابق 5 کلومیٹر طویل اس شاہراہ کی تعمیر کا مقصد شہر نبوی ﷺ میں آنے والے زائرین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئی تعمیر ہونے والی شاہراہ کا آغاز مسجد نبوی ﷺ سے ہوگا جو شہدائے احد کے مقام پر ختم ہوگی۔

    شاہراہ کی دونوں جانب پارکنگ کے لیے جگہیں رکھی جائیں گی تاکہ وہاں اپنی گاڑیوں میں آنے والے زائرین کو پارکنگ میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    پیدل چلنے والوں کے لیے شاہراہ کے اطراف میں طہارت خانے اور دکانوں کے علاوہ کھانے پینے کے اسٹالز بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ مسجد نبوی ﷺ سے پیدل شہدائے احد تک جانے والے، راستے میں نہ صرف آرام کر سکیں بلکہ اشیائے خور و نوش اور ضرورت کی دیگر اشیا بھی خرید سکیں۔

    شاہراہ پر جدید ترین انتباہی نوٹس بورڈز اور سائن نصب کیے جائیں گے جبکہ صوتی سسٹم سے ذریعے زائرین کی رہنمائی کے لیے خصوصی انتظامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔

  • لندن: سعودی سفارت خانے کی شاہراہ جمال خاشقجی کے نام سے منسوب

    لندن: سعودی سفارت خانے کی شاہراہ جمال خاشقجی کے نام سے منسوب

    لندن : جمال خاشقجی کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے غیر سرکاری تنظیم کے کارکنوں نے سعودی سفارت خانے کی شاہراہ کا نام تبدیل کرکے ’خاشقجی اسٹریٹ رکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے لیے کام کرنے برطانیہ کی غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کارکنوں نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمعے کے روز دارالحکومت لندن میں واقع سعودی سفارت خانے کی سڑک کو ’خاشقجی اسٹریٹ‘ کے نام سے منسوب کردیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا ادارے کا کہنا تھا کہ این جی او کارکنان کی جانب سے یہ اقدام جمال خاشقجی کی سفارت خانے میں بہیمانہ موت کا ایک ماہ مکمل ہونے پراٹھایا گیا ہے۔

    برطانوی این جی او ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مہم چلانے والی مینیجر کرسٹائن بینیدکٹ کا کہنا تھا کہ سعودی سفارت خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے اہل خانہ اور دوستوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فوری اقدام تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ خاشقجی کے قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے کارکنوں پر ان ریاستوں میں احتجاج کرنے کے لیے زور دیا جو سعودی عرب کی قریبی اتحادی ہیں۔

    کرسٹائن کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ ہماری یہ مہم باعث بنے گی کی اقوام متحدہ اس قتل کی تحقیق کرے کیوں کہ سعودی حکومت خود اپنی تفتیش کرنے کےلیے بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

    خیال رہے کہ ترک صدر طیب اردوگان نے ترک صدر اردوگان نے براہ راست سعودی حکومت کو قصور وار ٹہراتے ہوئے کہا تھا کہ ’لاش کے صرف ٹکڑے ہی نہیں کیے گئے بلکہ اسے ٹھکانے لگانے کے لیے تیزاب کا استعمال کیا گیا‘۔

    ترک تفتیش کار کا بیان۔


    یاد رہے کہ چند روز قبل ترک پراسیکیوٹر جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا اور پھر ان کی لاش کو ٹھکانے لگادیا گیا۔

    سعودی صحافی جمال خاشقجی کو کب اور کہاں قتل کیا گیا؟


    واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے، ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کرکے ان کی لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے ہیں۔

  • کراچی کی مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام

    کراچی کی مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام

    کراچی : مختلف شاہراہوں پرٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کراچی کی اہم شاہراہوں پربدترین ٹریفک جام نے روزے داروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔کراچی کی مختلف شاہراہوں پربدترین ٹریفک جام نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔

    دفاترسے گھروں کو لوٹنے والے ہوں یا عید کی خریداری کے لئے خوشی خوشی بازاروں کا رخ کرتے عوام۔۔سب ہی ٹریفک جام میں پھنس کررہ گئے۔ لیاقت آباد، عائشہ منزل، گلشن اقبال،کریم آباد، گلبہار،پریڈی اسٹریٹ،ایمپریس مارکیٹ، فوارہ چوک، شاہراہ فیصل، نرسری، تین ہٹی، پٹیل پاڑہ، ملیرہالٹ اور دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    حسب معمول ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی بحال کروانے کے بجائے موقع سے غائب ہوگئی۔ کئی علاقوں میں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کی روانی بحال کرنے کی کوششیں کیں۔