Tag: شاہراہیں بند

  • ایرانی صدر کی کراچی آمد، سکیورٹی کے پیش نظر اہم شاہراہیں بند

    ایرانی صدر کی کراچی آمد، سکیورٹی کے پیش نظر اہم شاہراہیں بند

    کراچی: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وفد کی شہر قائد آمد کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، جبکہ ایرانی صدر کی مزار قائد آمد کے حوالے سے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہراہ قائدین خدادا دکالونی سے نمائش جانیوالی روڈ پر کنٹیبرز لگا دیئے گئے ہیں، ڈی آئی جی ایسٹ بھی سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے شاہراہ قائدین پہنچ گئے ہیں۔

    ایم اے جناح روڈ سے صدر جانیوالی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ پیپلز سیکریٹریٹ سے صدر کی جانے والی سڑک کوبھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

    شہر میں اعلیٰ سطحی وفد کی نقل و حمل کے دوران شہریوں کی آسانی کیلیے پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا جس کے مطابق سکیورٹی وجوہات پر کچھ سڑکیں عارضی طور پر بند رہیں گی، کلب روڈ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول تک مکمل بند رہے گا۔

    پلان کے مطابق ڈاکٹر ضیا الدین روڈ اور سگنل سے پی آئی ڈی سی چوک تک مکمل بند ہوگا، ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے پی آئی ڈی سی تک بند ہوگا، سلطان آباد سے آنے والی ٹریفک ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے ایوان صدر روڈ جائے گی۔

    شارع فیصل سے سلطان آباد آنے والے کلب چوک سے بائیں جانب ٹرن لیں، شہری کلب چوک سے بائیں جانب سے کلفٹن برج اور بورڈ بیسن جا سکیں گے، خلیق الزمان روڈ اور گزری سے آنے والے ضیا الدین لائٹ سگنل سے سیدھی جانب ٹرن لیں۔

    پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

    شہری میٹروپول سے فوارہ چوک اور ایوان صدر کی طرف جا سکیں گے، شاہین کمپلیکس سے آنے والے کھجور چوک سے دائیں جانب ٹرن لیں گے، شہری ایوان صدر روڈ، میٹروپول، کلفٹن اور دیگر علاقوں کی جانب جا سکیں گے۔

  • جے یو آئی ف کا پلان بی، کارکنوں کے دن کے اوقات میں شاہراہوں پر دھرنے

    جے یو آئی ف کا پلان بی، کارکنوں کے دن کے اوقات میں شاہراہوں پر دھرنے

    کراچی: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے کارکنوں نے پلان بی کے تحت دن کے اوقات میں ملک بھر کے مختلف شہروں کی شاہراہوں پر دھرنے شروع کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے کارکن پلان بی کے تحت دن کے اوقات میں شاہراہیں بند کر رہے ہیں، چوتھے روز بھی جے یو آئی کارکنوں نے حب ریور روڈ بند کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ، بلوچستان کے درمیان دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے، شہری سڑک پر پھنس گئے ہیں، کوئٹہ چمن شاہراہ اور سکھر میں بھی قومی شاہراہ بلاک کر دی گئی ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    کندھکوٹ میں جے یو آئی ف کا انڈس ہائی وے پر دھرنا جاری ہے جس سے ٹریفک معطل ہے، گھوٹکی میں بھی جے یو آئی کا قومی شاہراہ پر دھرنا چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے، سکھر میں ٹھیڑی بائی پاس پر دھرنا دیا گیا ہے، قومی شاہراہ بلاک ہے، گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان کا پلان بی روکنے کے لئے درخواست دائر

    کوئٹہ چمن شاہراہ کو سید حمید کے مقام پر بند کیا گیا ہے، شاہراہ کی بندش کے باعث پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سپلائی معطل ہو گئی ہے۔

    چلاس میں تھور کے مقام پر جے یو آئی ف کے کارکنوں نے شاہراہ قراقرم پر دھرنا دیا ہوا ہے، جس کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہو چکی ہے، اور مسافر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، شاہراہ کی بندش سے گلگت بلتستان کا راولپنڈی سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے۔

    کے پی کے ضلع مالاکنڈ میں بھی جے یو آئی ف کے کارکنوں نے چکدرہ پل کو ایک بار پھر بند کر دیا ہے، مالاکنڈ میں مین شاہراہ بھی بدستور بند ہے، مسافروں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، لوگ اذیت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔