Tag: شاہراہ پاکستان

  • شاہراہ پاکستان پر دن دہاڑے ڈاکوؤں کی فلمی انداز میں واردات

    شاہراہ پاکستان پر دن دہاڑے ڈاکوؤں کی فلمی انداز میں واردات

    کراچی: شہر قائد کی مصروف سڑک پر دن دہاڑے فلمی انداز میں واردات نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شاہراہ پاکستان پر کل دوپہر ہونے والی ڈاکوؤں کی فلمی انداز میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے نہایت سرعت کے ساتھ 4 شہریوں سے لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی فوٹیج کے مطابق شاہراہ پاکستان پر شہری کار پارک کر کے نیچے اترے، عین اسی لمحے ملزمان نے تیز رفتاری سے موٹر سائیکل کار کے سامنے روکی اور ایک مسلح ڈاکو نے اتر کر کار سواروں پر گن تان لی، ذرا دیر بعد دوسری موٹر سائیکل بھی آ کر رکی اور دو مزید ڈاکوؤں نے اتر کر لوٹ مار کی۔

    ڈاکو واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے

    بے خوف ملزمان مصروف شاہراہ پر شہریوں کی جیبوں کی تلاشی لیتے رہے، ملزمان نے شہریوں کے پرس خالی کیے اور فٹ پاتھ پر پھینک دیے، ایک ملزم نے گاڑی کے اندر سے بھی تلاشی لی۔

    ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے، چاروں میں سے تین ملزمان نے لوٹ مار میں حصہ لیا جب کہ ایک ملزم موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا، واردات کے بعد ملزمان اطمینان کے ساتھ موٹر سائیکلوں پر بیٹھے اور فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق کار میں بھی چار افراد سوار تھے جن میں سے ایک سفید ریش بزرگ بھی تھے، واردات کے آغاز میں دو کار سوار افراد نے خود کو بچانے کی کوشش کی تاہم ڈاکو نے دوڑتے ہوئے ان پر گن تانی اور ان کی جیبیں خالی کرالیں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں سندھ پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز میں نمایاں کمی کے دعوے کئی بار سامنے آ چکے ہیں، دوسری طرف سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ موجودہ پولیس چیف کے دور میں جرائم میں اضافہ ہوا۔

  • شکست الطاف حسین کا مقدر ہے،امریکہ بھی نہیں بچا سکتا، سراج الحق

    شکست الطاف حسین کا مقدر ہے،امریکہ بھی نہیں بچا سکتا، سراج الحق

    کراچی: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شکست الطاف حسین کا مقدر ہے، ان کی شکست کو امریکہ بھی نہیں بچا سکتا، الطاف حسین کی عزت اسی میں ہے کہ وہ اپنا امیدوار دست بردار کرالیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے شاہراہ پاکستان پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جلسے کے شرکاء نے گو الطاف گو کے نعرے بھی لگائے۔

    سراج الحق نے کہا کہ آج کی شام ٹارگٹ کلنگ کے شہداء کے نام ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج کراچی کی پہچان اجمل پہاڑی، صولت مرزا، فیصل موٹا اور ان جیسے دیگر ناموں سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نبیل گبول کا ضمیر دوسال بعد جاگا، اور اس نے اعتراف کیا کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں ٹھپّے لگائے گئے، نبیل گبول نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ آپ گھر جا کر سو جائیں،آپ جیت جائیں گے۔

    سراج الحق نے الطاف حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جانتا ہوں کہ آپ مجھے سن رہے ہیں، میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ الطاف حسین صاحب یہ جی تھری کا نہیں تھری جی کا دور ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا کراچی سے تعلق آج کا نہیں بلکہ تحریک پاکستان سے ہے، جماعت نے کراچی کی خدمت کی، جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

    اج اس کراچی میں خوف اور بد امنی کا راج ہے، اور انشاءاللہ بہت جلد اس کا خاتمہ بالخیر ہوگا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ آزاد فضاؤں میں رہنا چاہتے ہیں، اب وہ سلیکش نہیں الیکشن چاہتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کااپنے خطاب میں کہنا تھا کہ 23 اپریل سیکٹر انچارجوں کے خاتمے کا دن ہے۔