Tag: شاہراہ کاغان

  • بٹل کے مقام پر پل بہنے کے باعث سیاحوں کو مشکلات، انتظامیہ متحرک ہو گئی

    بٹل کے مقام پر پل بہنے کے باعث سیاحوں کو مشکلات، انتظامیہ متحرک ہو گئی

    مانسہرہ: بٹل کے مقام پر پل بہنے کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا تھا، اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد انتظامیہ متحرک ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہراہ کاغان پر بٹل کے مقام پر پل گزشتہ سال سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا جو ایک سال کے بعد بھی تاحال تعمیر نہ ہو سکا ہے۔

    تاہم اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد شاہراہ کاغان پر آمد و رفت محفوظ بنانے کے لیے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچے، اور گزرنے کے لیے بنائے گئے متبادل راستے میں بڑے پائپ ڈال دیے، تاکہ پانی ان میں سے گزرے اور سیاحوں کو پریشانی نہ ہو۔

    ڈپٹی کمشنر راؤ بلال شاہد نے بتایا کہ برساتی نالے میں پائپ ڈال دیے گئے تاکہ آمد و رفت میں آسانی ہو، ناران بٹل کے مقام پر پل بھی جلد تعمیر کیا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بٹل نالے میں پانی زیادہ ہونے کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات تھیں۔

    تاہم پل کی تعمیر کا کام تاحال شروع نہیں کیا جا سکا ہے، جس کی وجہ سے سیاحتی سیزن متاثر ہو سکتا ہے، اور سیاحت پر انحصار کرنے والے مقامی لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہوگا۔

  • ایک اور نایاب چیتا زخمی حالت میں شاہراہ کاغان پر آ گیا

    ایک اور نایاب چیتا زخمی حالت میں شاہراہ کاغان پر آ گیا

    مانسہرہ: بالاکوٹ کیوائی کے مقام پر ایک اور نایاب چیتا زخمی حالت میں شاہراہ کاغان پر آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہراہ کاغان کیوائی کے مقام پر ایک زخمی چیتے کو دیکھا گیا، جسے محکمہ جنگلی حیات کے اہل کاروں نے ریسکیو کر لیا۔

    ایس ڈی ایف او وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ چیتے کی کمر پر چوٹیں آئی ہیں، چیتے کو ڈھوڈیال فیزنٹری سنٹر منتقل کر کے معائنہ کیا جائے گا، چیتا عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا ہے۔

    اہل کاروں ںے زخمی چیتے کو سڑک کے کنارے رسیوں کی مدد سے قابو کیا اور لے گئے، جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    زخمی چیتے کو سڑک پر دیکھ کر شہریوں نے اس کی ویڈیوز بھی بنائیں جو سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہی ہیں، جن میں چیتے کو سڑک پر پڑے دیکھا جا سکتا ہے، اور پاس ہی لوگ اس کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔

  • لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان بند، 2 افراد جاں بحق

    لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان بند، 2 افراد جاں بحق

    مانسہرہ: صوبہ خیبر پختونخواہ میں شاہراہ کاغان لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گزشتہ روز سے بند ہے، لینڈ سلائیڈنگ میں میاں بیوی بھی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے جل کھڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے میاں بیوی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں کر کے ملبے سے میاں بیوی کی لاشیں نکال لیں۔ جاں بحق افراد لیہ کے رہائشی تھے۔

    ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

    جل کھڈ اور بڑوئی کے درمیان گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان 8 مقامات پر بند ہو گئی تھی جس سے گلگت آنے جانے والے سینکڑوں مسافروں اور سیاحوں نے رات گاڑیوں اور کھلے آسمان تلے گزاری۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ شاہراہ کاغان کو کھولنے میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں، خراب موسم کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وادی نیلم میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد لینڈ سلائیڈنگ میں‌ پھنسے 52 افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

    فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کی تھی جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔