Tag: شاہین ایئر

  • کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کباڑ بن گئے

    کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کباڑ بن گئے

    کراچی ایئرپورٹ پر ناکارہ طیارے کھڑے کھڑے کباڑ میں تبدیل ہوگئے، شاہین ایئر لائن کے مالکان واجبات ادا کیے بغیر ملک سے چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہین ایئرلائن کے درجنوں گراؤنڈ کیے گئے طیارے کئی برس سے کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے کباڑ بن گئے ہیں، ایئرپورٹ پر کھڑے طیاروں سے پرزہ جات چوری بھی ہوگئے ہیں۔

    کسٹمز اور سی اے اے کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث گراؤنڈ کیے گئے ناکارہ طیارے پرندوں کی آماجگاہ بن گئے جس کی وجہ سے ایئر پورٹ آنے اور جانے والے جہازوں کے لئے بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

    مذکورہ طیاروں کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کسٹمز حکام نے ڈی جی سی اے اے سے ملاقات کی، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ واجبات کی وصولی کیلئے کسٹمز اور سی اےاے طیاروں کو نیلام کرنا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شاہین ایئرلائن پر کسٹمز اور سی اےاے کے2ارب روپے سے زائد کےواجبات ہیں جبکہ شاہین ایئرلائن کے مالکان واجبات ادا کیے بغیر ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔

  • سعودی سرمایہ کار نے شاہین ایئر خرید لی

    سعودی سرمایہ کار نے شاہین ایئر خرید لی

    کراچی : سعودی سرمایہ کار نے نجی فضائی کمپنی شاہین ایئر خرید لی اور پرانے عملے کی جگہ نیا عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی فضائی کمپنی شاہین ایئر کو سعودی سرمایہ کار نے خرید لیا اور پرانے عملے کی جگہ نیا عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع نجم الاثر کو  چیف آپریٹنگ آفیسر  اور ایئر کموڈور(ر) طاہر محمود کو ڈائریکٹر انجینئرنگ تعینات کردیا گیا ہے۔

    نئی انتظامیہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کے حوالے سے مذاکرات بھی شروع کردیئے ہیں جبکہ شاہین ایئرہیڈکوارٹرز میں نئےعملے کی بھرتی شروع کردی گئی ہے۔

    یاد رہے اگست میں ٹیکسز کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے کراچی میں شاہین ائیرلائن کا دفتر سیل کر دیا تھا، شاہین ائیرلائن فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب چالیس کروڑ کی نادہندہ ہے۔

    شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تنازعہ کے باعث شاہین ایئر کا حج آپریشن منسوخ کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے  سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر لائن کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست 2018 کو ختم ہو چکا ہے۔

    بعد ازاں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج آپریشن شاہین ایئرکے لائسنس کی توسیع کردی تھی۔

  • لائسنس منسوخ : شاہین ایئر کا حج آپریشن بند، ہزاروں حاجیوں کی واپسی خطرے میں

    لائسنس منسوخ : شاہین ایئر کا حج آپریشن بند، ہزاروں حاجیوں کی واپسی خطرے میں

    کراچی : شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تنازعہ کے باعث شاہین ایئر کا حج آپریشن منسوخ ہوگیا، حجاج کرام کی وطن واپسی کھٹائی میں پڑگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر لائن کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس میں توسیع کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث شاہین ایئر لائن کا حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مدینہ سے کراچی آنے والی شاہین ایئر کی حج پرواز این ایل 704 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئرلائن کی حاجیوں کو لینے کیلئے جانے والی پرواز کو کلیئر قرار نہیں دیا، پرواز کو کراچی سے مدینہ جانے کی اجازت نہ ملنے پر مدینہ کے حج ٹرمینل پر 325 سے زائد حجاج کرام بے یارو مددگار بیٹھے ہیں۔

    طیارے کو سعودی عرب کے وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے روانہ ہونا تھا، مذکورہ حجاج کرام صبح سے ہی مدینہ ایئرپورٹ پر موجود ہیں، حاجیوں کو ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے پرواز کی روانگی کے حوالے سے کوئی معلومات اور سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔

    مدینہ کے حج ٹرمینل پر موجود حجاج کرام نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لے کر واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔

    اس حوالے سے ترجمان شاہین ایئر لائن کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایویشن کی جانب سے شاہین ایئر لائن کا حجاج کرام کو واپس لانے کا آپریشن منسوخ کردیا گیا ہے، لائسنس کی ہر سہ ماہی کے بعد توسیع ہوتی ہے جسے سول ایوی ایشن نے کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے شاہین ایئر کی حجاج کرام کو مدینہ اور جدہ سے واپس لانے کی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں، شاہین ایئر کی پروازیں حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے تیار کھڑی ہیں، سول ایوی ایشن کے اس اقدام سے شاہین ایئر سے واپس آنے والے ہزاروں حجاج متاثر ہونگے۔

    ترجمان شاہین ایئر کا مزید کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن نے یقین دہانی کرائی تھی کے شاہین ایئر کے حجاج کرام کو واپس لانے کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی جبکہ معزز عدالت نے بھی اسی بات کی تلقین کی تھی جسے سول ایوی ایشن نے ماننے سے انکار کیا۔

    ترجمان کے مطابق شاہین ایئر نے پچھلے دو ماہ میں کوئی آمدنی حاصل نہیں کی لیکن اس کے باوجود حجاج کرام کو واپس لانے کے لیے اخراجات کر رہی ہے تاکہ اُنہیں واپس لایا جا سکے۔