Tag: شاہین ایئر لائن

  • شاہین ایئر کا لائسنس 30 اگست 2018 کو ختم ہوگیا، ترجمان سی اے اے

    شاہین ایئر کا لائسنس 30 اگست 2018 کو ختم ہوگیا، ترجمان سی اے اے

    کراچی : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ شاہین ایئر سول ایوی ایشن کا ایک ارب 40 کروڑ روپے کی نا دہندہ ہے، مسافر، شپرز محتاط رہیں، مفادات کے تحفظ کے لئے فضائی کمپنی کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شاہین ایئر لائن کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست 2018 کو ختم ہو چکا، ایئر لائن کے پاس اس کی فہرست پر کوئی طیارہ موجود نہیں۔

    ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر سول ایوی ایشن کا ایک ارب 40 کروڑ روپے کی نا دہندہ ہے، واجبات کی ادائیگی کے لئے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    پاکستان سول ایوی ایشن کے ترجمان کی جانب سے عوام کو اطلاع دی جاتی ہے کہ ایئر لائن ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہے، مسافر، شپرز محتاط رہیں، مفادات کے تحفظ کے لئے فضائی کمپنی کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر لائن پاکستانی حجاج کرام کی واپسی کے لئے متبادل ایئر لائنز کا بندوبست کرے، سول ایوی ایشن کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ شاہین ایئر کی ناکامی کی صورت میں قطعی ذمہ دارنہیں ہوگی۔


    مزید پڑھیں : ایف بی آر سے معاملات طے پا گئے، شاہین ایئرلائن کا ہیڈ آفس کھول دیا گیا


    یاد رہے کہ دو روز قبل ایف بی آر نے شاہین ایئرلائن سے ٹیکس کی عدم ادائیگی کے حوالے سے معاملات طے ہونے کے بعد ایئر لائن کا دفتر کھولنے کی اجازت دے دی یہ اقدام حجاج کرام کی واپسی کی وجہ سے کیا گیا ہے،27 اگست بروز پیر سے ہیڈ آفس سے آپریشنز کا دوبارہ آغاز کردیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ترجمان شاہین ایئر لائن کا کہنا ہے کہ پیر سے شروع ہونے والے اس آپریشن کے دوران پروازوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی اور شاہین ایئر کی تمام پروازیں معمول کے مطابق سعودی عرب سے روانہ ہوں گی۔

  • چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے والا طیارہ لاہور پہنچ گیا

    چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے والا طیارہ لاہور پہنچ گیا

    لاہور: انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، چین میں پھنسے 214 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والا شاہین ایئر لائن کا طیارہ لاہور میں لینڈ کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر گوانگزو میں 8 روز سے پھنسے دو سو سے زائد پاکستانی وطن واپس خیریت کے ساتھ پہنچ گئے، مسافروں کو واپس لانے والا شاہین ایئر کا طیارہ لاہور ایئر پورٹ پر اتر گیا۔

    ایک ہفتے سے زائد پریشانیوں میں گھرے پاکستانی شہری چین میں اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہوگئے تھے جب شاہین ایئر لائنز نے 29 جولائی کو گوانگزو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کر دی تھی۔

    نجی ایئر لائن کی بد انتظامی پر چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے جواب طلب کیا تھا اور مسافروں کو فوری لانے کے انتظامات کا حکم بھی دے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ چین میں پھنسے پاکستانیوں کو شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن میں تنازع کے باعث پریشانیاں اٹھانی پڑیں، پاکستان سِول ایوی ایشن نے ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر شاہین ایئر کا فلائٹ آپریشن معطل کر رکھا ہے۔

    چین میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے طیارہ آج رات روانہ ہوگا

    سی اے اے کے ترجمان نے کہا تھا کہ شاہین ایئر لائن کا لاہور میں کھڑا طیارہ ان فٹ ہے جسے چین بھجوانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جس پر شاہین ایئر نے سی اے اے کی منظور شدہ چارٹرڈ طیارے کا بندوبست کرنے کا عندیہ دے دیا تھا۔

    خیال رہے کہ چین میں پھنسے کچھ پاکستانیوں کے ویزے بھی ختم ہو گئے تھے، کچھ مسافروں نے ایئر پورٹ اور کچھ نے ہوٹل میں رات گزاری، پریشان کن صورتِ حال پر پاکستانیوں نے گوانگزو میں ہوٹل کے باہر پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج بھی کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس کا چین میں پھنسے پاکستانیوں کو 2 دن میں واپس لانے کا حکم

    چیف جسٹس کا چین میں پھنسے پاکستانیوں کو 2 دن میں واپس لانے کا حکم

    لاہور : چیف جسٹس نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو دو دن میں واپس لانے کا حکم دے دیا اور شاہین ایئر لائن کے مالک احسان صہبائی منگل کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے چین میں پھنسے پاکستانیوں سے متعلق ازخودنوٹس کی سماعت کی۔

    شاہین ایئر کے ریجنل ڈائریکٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چین کے شہر گوانگ زو میں سعودی ایئر لائنز کے سوا تمام فلائٹس معطل کر دی گئی تھیں، شاہین ائیر لائن کی فلائٹ کیلئے تین بجے کی چیک بک دی گئی ہے۔

    چیف جسٹس نے شاہین ایئر لائنز کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

    ریجنل ڈائریکٹر شاہین ایئر نے کہا کہ لاہور سے گوانگ زو کیلئے صرف شاہین ایئر لائنز کی فلائٹس جاتی ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے قرار دیا کہ اسلام آباد سے گوانگ زو روزانہ چائینہ ائیر لائنز کی فلائٹ جاتی ہے، شاہین ایئر لائن نے پیسے بچانے ہیں تو علیحدہ بات ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بھی جہاز جو غیر محفوظ ہو، مسافروں کو لینے کیلئے نہیں بھیجنا، سول ایوی ایشن کی منظوری کے بعد جہاز بھیجا جائے اور ساتھ شاہین ایئر کے ابریز صاحب بھی جائیں گے۔

    چیف جسٹس نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئر کے جہاز کی اڑان کی حالت سے متعلق رپورٹ ڈیڑھ گھنٹے میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے شاہین ایئر لائن کے مالک احسان صہبائی کو منگل کے روز طلب کرتے ہوئے پیر سے پہلے تمام مسافروں کو واپس لانے کا حکم دے دیا۔

    یاد رہے کہ شاہین ائیرلائنز کی بدانتظامی کی وجہ سے دوسوسے زائد پاکستانی چین میں پھنس گئے ہیں،نجی ایئرلائنز نے انتیس جولائی کو گانگزو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کردی تھی۔

    گذشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نےچین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے سربراہوں سے جواب طلب کر لیا  تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • احکامات کی خلاف ورزی پر سول ایوایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری

    احکامات کی خلاف ورزی پر سول ایوایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کردیا، مذکورہ نوٹس میں ڈی جی، ڈپٹی ڈی جی اور لاہور ایئرپورٹ منیجر نامزد ہیں، سی اے اے نے چین میں پھنس جانے والی شاہین ایئر لائن کی فلائٹ کو آنے کی اجازت دے دی ۔

    تفصیلات کے مطابق شاہین ایئر کے فلائٹ آپریشنز کو روکنے اور عدالتی احکامات کو رد کرنے پر سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران کو نوٹس جاری کردیا، جس میں ڈی جی سی اے اے، ڈپٹی ڈی جی اور لاہور ایئرپورٹ کے منیجر کو نامزد کیا گیا ہے۔

    شاہین ایئر لائنز ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن معزز عدالت کے جاری احکامات کے باوجود شاہین ایئر پر الزامات لگانے سے باز نہیں آیا، سول ایوی ایشن نے13جولائی کو بذریعہ خط شاہین ایئر کو تمام انٹرنیشنل آپریشنز بند کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں جسے سندھ ہائی کورٹ نے معطل کردیا تھا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اس خط کو بھی معطل کر دیا جس میں لاہور کے ایئرپورٹ منیجر نے شاہین ایئر کو لاہور شہر سے فلائٹ آپریٹ کرنے سے باز رہنے کا کہا تھا، سول ایوی ایشن کے اس اقدام سے نہ صرف ایئرلائن کو بلکہ قومی خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

    ترجمان شاہین ائیر کے مطابق سی اے اے کے اس اقدام سے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے، سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ایئر کے خلاف مزید کسی قسم کے کارروائی کرنے سے روک دیا ہے۔

    ترجمان شاہین ایئر نے واضح کیا کہ شاہین ایئر لائنز کا بیرونِ ملک فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا ہے اور جلد تمام پروازیں شیڈول کے مطابق آپریٹ ہوں گی، سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق سول ایوی ایشن کو توہینِ عدالت اور شاہین ایئر کے آپریشن جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن ادارے کو فیکس کردیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں72گھنٹے گزرنے کے باوجود سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی چین سے لاہور پرواز کو اُڑنے کی اجازت نہیں دی تھی، پاکستانی مسافر تا حال چین کے ہوٹل میں محصور ہیں اور اُن کے ويزا کی میعاد ختم ہورہی ہے جن سے اُنہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

     ترجمان شاہین ائیر نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اس مسئلے پر کسی قسم مؤقف اختیار کرنے سے قاصر ہے، ہفتے کے روز سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کو شاہین ائیر کی بیرون ملک پروازوں کو روکنے اور عدالت کے احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا،۔

     دوسری جانب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ترجمان سی اے اے نے بتایا ہے کہ ڈی جی سی اے اے نے چین میں پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کی وطن واپسی کے لیے شاہین ائیر کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی، یہ اجازت انسانی بنیادوں پر دی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔