Tag: شاہین فورس

  • کراچی: کھانا دینے سے انکار پر شاہین فورس کے اہلکار اور ہوٹل ملازمین گتھم گتھا ہوگئے

    کراچی: کھانا دینے سے انکار پر شاہین فورس کے اہلکار اور ہوٹل ملازمین گتھم گتھا ہوگئے

    کراچی(17 اگست 2025): لیاقت آباد میں ویڈیو بنانے پر شاہین فورس کے اہلکار اور ہوٹل ملازمین گتھم گتھا ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے علاقے لیاقت آباد تھانے کی حدود میں واقعہ پیش آیا ہے جہاں  ویڈیو بنانے پر شاہین فورس کے اہلکار اور ہوٹل ملازمین گتھم گتھا ہوگئے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، تھانہ لیاقت آباد شاہین فورس کے اہلکار ہوٹل پر کھانا لینے گئے، ہوٹل انتظامیہ نے مبینہ طور کھانا دینے سے انکار کیا۔

    اس دوران پولیس اہلکاروں اور ہوٹل انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور ہوٹل کا ایک ملازم پولیس اہلکاروں کی ویڈیو بنانے لگا، ویڈیو بنانے سے روکا تو ہوٹل ملازم نے باوردی اہلکار کو دھکا دیا۔

    ملازمین اور اہلکاروں نے ایک دوسرے کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • کراچی : اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول کیلئے پھر شاہین فورس کو فعال کرنے کا فیصلہ

    کراچی : اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول کیلئے پھر شاہین فورس کو فعال کرنے کا فیصلہ

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول کیلئے پھر شاہین فورس کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے مزید تیاری کے لیے ڈیڑھ سو جوانوں کی ٹیم کوریفریشر کورس کے لیے بھیج دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی کمانڈ تبدیل ہوتے ہی اسٹریٹ کرائم کے خلاف متحرک ہوگئی، اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول کیلئے پھر شاہین فورس کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    شاہین فورس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے اور پولیس ریفریشز کورسز کا بھی آغاز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں  مزید تیاری کے لیے ڈیڑھ سو جوانوں کی ٹیم کوریفریشر کورس کے لیے بھیج دیا ہے۔

    ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ ایک شہری کی جان بھی کیوں جائے، کراچی کے شہری کبھی ڈاکووں کی گولی سے تو کبھی پولیس کی گولی کا نشانہ بنے۔

    عرفان بلوچ نے جرائم کے خلاف پنجاب کی ڈولفن فورس کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت کی جانب سے لگائے گئے بیشتر افسران جرائم کی روک تھام میں ناکام رہے ہیں۔

    واضح رہے کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پراب تک 46 شہری جانوں سےہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

  • شہری کو قتل کرنے والے شاہین فورس کے اہلکاروں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    کراچی: عدالت نے گلستان جوہر میں ایک شہری عامر حسین کو قتل کرنے والے شاہین فورس کے 3 اہل کاروں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ شام شاہین فورس کے اہل کاروں کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کے کیس میں شارع فیصل پولیس نے گرفتار تین اہل کاروں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان فیصل، شہریار اور ناصر شاہین فورس میں تعینات ہیں، اہل کاروں نے پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، لیکن ابتدائی تفتیش میں ان کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا۔

    ’ہم عامر کی والدہ کی دوائیں لینے جا رہے تھے، بھانجی بھی ساتھ تھی، پولیس نے فائرنگ کر دی‘

    تفتیشی افسر کے مطابق مقتول کے لواحقین کے بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    پولیس نے عدالت سے ملزمان کے سی آر او اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر عدالت نے تینوں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    بچی کے سامنے جعلی مقابلے میں عامر کی ہلاکت، دل دہلا دینے والی فوٹیجز سامنے آ گئیں

    عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو 2 جنوری کو پیش کیا جائے، عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔

  • قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

    قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس اہل کار کے قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز فائیو میں شاہین فورس کے اہلکار کے قتل کے بعد پولیس کے ہاتھوں زیر حراست شخص کا خصوصی ویڈیو بیان اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا۔

    شاہین فورس کے اہل کار عبدالرحمان کے قتل کے معاملے میں زیر حراست اہم ملزم عامر نے پولیس کو ایک ویڈیو بیان دیا ہے، جس میں انھوں نے قتل کے بعد خرم نثار کے فرار کا واقعہ بیان کیا ہے۔

    ملزم عامر جو خرم نثار کا سالا ہے، نے بیان میں کہا کہ ’’میں ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا، خرم نثار نے مجھے ویٹر یا منیجر کے ذریعے باہر بلوایا، جب میں باہر نکلا تو خرم نے کہا کہ مجھے فوراً جانا ہے۔‘‘

    ملزم عامر نے بیان میں انکشاف کیا کہ خرم نثار کی پہلے بھی کچھ دشمنی تھی، اس لیے میں سمجھا کہ پھر ایسا ہی کوئی واقعہ ہوا ہوگا۔ عامر نے بتایا کہ جب ان کا دوبارہ خرم سے رابطہ ہوا تو اس نے کہا میں پیٹرول پمپ پر ہوں۔

    شاہین فورس اہلکار کا قتل : ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لینے کا فیصلہ

    عامر نے کہا ’’خرم نثار نے مجھے کہا کہ میں اپنا ٹکٹ بک کروا رہا ہوں، اس دوران ہماری ڈرائیور کے ساتھ خرم کو ڈراپ کرنے کی بات ہوئی، لیکن گاڑی میں میری اس سے جب بات ہوئی تھی تو وہ مجھے مکمل یاد نہیں۔‘‘

    عامر نے بیان میں مزید کہا کہ گاڑی میں خرم کا کہنا تھا کہ اسے ملک سے باہر جانا ہے، کیوں کہ اس کا کوئی پھڈا ہو گیا ہے۔ عامر نے یہ بھی بتایا کہ خرم نے پہلے سے ٹکٹ نہیں کروائی ہوئی تھی۔

  • ڈیفنس واقعہ: شہید پولیس اہل کار کی ایک ماہ بعد شادی تھی

    ڈیفنس واقعہ: شہید پولیس اہل کار کی ایک ماہ بعد شادی تھی

    کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شاہین فورس کا اہلکار عبدالرحمان شہید ہوگیا۔

    شہید عبدالرحمان اہلکار کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال متنقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عبدالرحمان موٹر سائیکل پر مشکوک گاڑی کا پیچھا کررہا تھا۔

    شہید عبدالرحمان کے اہلخانہ کی جانب سے بیان سامنے آیا ہے جس میں شہید کے بھائی نے بتایا کہ عبدالرحمان کی ایک ماہ بعد شادی تھی۔

    کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    شہید عبدالرحمان کے بھائی نے بتایا کہ میرے والد شادی کی دعوت دینے کے سلسلے میں  اپنے آبائی علاقے بونیر گئے ہوئے ہیں شام کو واپس پہنچیں گے۔

    اہلخانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہید عبدالرحمان کی نماز جنازہ عصر میں پولیس ہیڈ کوارٹر اور مغرب میں گھر پر ادا کی جائے گی۔

    شہید عبدالرحمان کے بھائی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم شناخت کرلیا ہے، ملزم کو پولیس جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف فراہم کرے۔

  • کراچی :نئی شاہین  فورس کی کارروائی، شہری سے چھینا گیا موبائل فون 24گھنٹے میں برآمد

    کراچی :نئی شاہین فورس کی کارروائی، شہری سے چھینا گیا موبائل فون 24گھنٹے میں برآمد

    کراچی : پولیس کی نئی شاہین فورس نے شہری سے چھینا گیا موبائل فون چوبیس گھنٹے میں برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی نئی شاہین فورس نے کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے شہری سے چھینا گیا موبائل فون 24 گھنٹے میں برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان نےگزشتہ روزکلفٹن کےشاپنگ مال کےقریب شہری کولوٹا تھا ، 2 ملزمان شہری سے 2 موبائل فون اورنقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی ، جس میں ملزمان کوشہری سےواردات کرتےدیکھا جا سکتا تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ کلفٹن پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکےملزمان کو تلاش کیا ، گرفتارملزمان کی شناخت انیس اور شہزادکے نام سے ہوئی۔

    خیال رہے کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مؤثر ایکشن کے لئے شاہین فورس متعارف کرا دی گئی تھی۔

  • کراچی‌ میں اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لئے شاہین فورس میدان میں آگئی

    کراچی‌ میں اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لئے شاہین فورس میدان میں آگئی

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مؤثر ایکشن کے لئے شاہین فورس متعارف کرا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے پولیس کی ایک اور حکمت عملی سامنے آگئی۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مؤثر ایکشن کے لئے شاہین فورس کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے زونل ڈی آئی جیز کے ہمراہ شاہین فورس کی تشکیل پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل پر مبنی ایک شاہین فورس قائم کر رہے ہیں۔

    جاویدعالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس ماہ وارداتوں میں 10افراد کی جان گئی،12زخمی ہوئے جبکہ پندرہ پولیس مقابلے بھی ہوئے ہیں ،14ملزمان گرفتار،5مارے گئے۔

    کراچی پولیس چیف نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ جرائم کی اس چھوٹی سے لہر پر جلد قابو پالیں، شاہین فورس کا افتتاح کا یہ وقت مناسب ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ 300 موٹر سائیکلوں پر مشتمل یہ فورس ہوگی ، 2 موٹر سائیکلوں پر 4جوان گشت کریں گے، بیشتر جوان ایلیٹ کورس کرنے والے اور کمانڈوز ہوں گے۔

    جاویدعالم اوڈھو نے کہا کہ کوشش ہے کہ ان بائیکس میں ٹریکرزلگا کر مانیٹر کریں، کچھ موٹرسائیکلوں میں ٹریکرز لگائے جا چکے ہیں باقی میں جلد لگا دیں گے۔

    کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ابتدامیں ہر زون میں 100 موٹر سائیکلیں فراہم کی جارہی ہیں ، پیٹرولنگ تھانہ لیول پر ہوتی ہے اس بار سینٹرلائزڈکررہے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ جہاں افسران سمجھیں گے وہاں شاہین فورس تعینات ہوگی ، فورس کوتھانے کے منشی ،ایس ایچ او کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔

    جاویدعالم اوڈھو نے بتایا کہ کنٹرول روم بھی اس یونٹ کی مانیٹرنگ کیلئےاعلیٰ سطح پر بنارہے ہیں، کوشش ہےاس کا انتظام چلانے کیلئےمخصوص افسر مقرر کریں۔