Tag: شاہی جوڑا

  • البانیہ کے شاہی جوڑے کا 8 سال بعد طلاق کا اعلان

    البانیہ کے شاہی جوڑے کا 8 سال بعد طلاق کا اعلان

    البانیہ کے شاہی جوڑے کی جانب سے شادی کے 8 سال بعد طلاق کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق البانیہ کے ولی عہد شہزادہ لیکا اور شہزادی ایلیا کی 2016ء میں شادی ہوئی تھی۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان شخصیات کی ملاقات 2008ء میں ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے 2010ء میں پیرس میں منگنی کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

    شہزادہ لیکا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ پرنس لیکا اور ایلیا اپنی شادی ختم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس کے لیے قانونی طریقہ کار پر عملدآمد شروع کردیا گیا ہے۔

    امریکا و برطانیہ کے یمن میں دوبارہ حملے

    شہزادہ لیکا کی جانب سے شیئر کئے گئے بیان میں اس چیز پر خاص زور دیا گیا ہے کہ 3 سالہ بیٹی کی دیکھ بھال پر خاص توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

  • کینیڈا نے بھی برطانوی شاہی جوڑے کی سیکورٹی سے ہاتھ اٹھا لیا

    کینیڈا نے بھی برطانوی شاہی جوڑے کی سیکورٹی سے ہاتھ اٹھا لیا

    لندن: کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ شہزادہ ہیری اور ان کی بیوی میگھن مارکل کی سیکورٹی کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن 31 مارچ کو باقاعدہ طور پر شاہی خاندان اور اس سے منسلک سہولیات سے علیحدہ ہو رہے ہیں، اس سلسلے میں کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ اس کے بعد سیکورٹی کا خرچ نہیں اٹھائے گا۔

    خیال رہے کہ کینیڈا کے اندر شاہی جوڑے اور ان کے بیٹے کی سیکورٹی رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ذمے تھی، جنھوں نے اب واضح طور پر بتا دیا ہے کہ مارچ کے بعد وہ سیکورٹی کی سہولیات واپس لے لیں گے۔

    کینیڈا کی پبلک سیفٹی منسٹر کی ترجمان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل معاہدے کے تحت شاہی جوڑے کو حفاظت مہیا کی جا رہی تھی جو ان کے اسٹیٹس میں تبدیلی کے بعد روک دی جائے گی، برطانوی میٹروپولیٹن پولیس نے کینیڈین پولیس سے ہیری اور میگھن کی سیکورٹی جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

    شہزادہ ہیری اور اہلیہ کا کینیڈا میں‌ قیام، مقامی میڈیا کا اظہار برہمی

    آنے والے وقت میں آنجہانی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے ہیری اور ان کی اہلیہ کی سیکورٹی کے اخراجات کون اٹھائے گا یہ ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ جنوری میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے کینیڈا میں طویل قیام پر مقامی میڈیا نے ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے شاہی جوڑے کے کینیڈا میں قیام کو مقامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

  • ہالینڈ کی ملکہ پاکستان آنے کو تیار

    ہالینڈ کی ملکہ پاکستان آنے کو تیار

    اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑے کے بعد ہالینڈ کی ملکہ "کوئن میکسیما” نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان ایک اور شاہی مہمان کے استقبال کے لیے تیار ہے، نئے شاہی مہمان کی آمد کے سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہالینڈ کی ملکہ کوئن میکسیما 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔
    ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کی خصوصی ترجمان برائے مالیاتی ترقی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کررہی ہے ، ملکہ میکسیما پاکستان کی دعوت پر دورہ کررہی ہیں اور شاہی محل نے ان کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ ملکہ میکسیما دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف سرکاری و نجی سیکٹرز کے وفود اور مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے پاکستان کا 14 سے 18 اکتوبر تک پانچ روزہ دورہ کیا تھا۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کا تیزگام حادثے پر افسوس کا اظہار

    برطانوی شاہی جوڑے کا تیزگام حادثے پر افسوس کا اظہار

    لندن: برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے سانحہ تیزگام پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہی جوڑے نے گزشتہ روز لیاقت پور کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شاہی جوڑا نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دورے سے کچھ دن پہلے ہی لوٹے، ٹرین حادثے کی خبر افسوسناک ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دعائیں اور ہمدردیاں ٹرین میں جاں بحق افراد کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    سانحہ تیزگام: حادثے میں جاں بحق شخص کی میت لاہور پہنچا دی گئی

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • شاہی جوڑے کے طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ

    شاہی جوڑے کے طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ

    لاہور: اسلام آباد میں موسم خراب ہونے کے سبب برطانوی شاہی جوڑے کا طیارہ لاہور میں دوبارہ لینڈ کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے کا طیارہ موسم کی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد نہیں جا سکا، موسم بہتر ہونے کے بعد طیارہ دوبارہ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے شاہی جوڑے کا طیارہ 45 منٹ تک فضا میں چکر لگاتا رہا، کلیئرنس نہ ملنے پر طیارے کو لاہور میں لینڈ کروالیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات نے رات 12 بجے تک موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کردی ہے۔

    مزید پڑھیں: آپ نے ہمیں رشتوں کی اہمیت بتادی

    شاہی جوڑے کو لاہور سے اسلام آباد بائے روڈ لے جانے کے آپشن پر بھی غور کیا جارہا ہے تاہم حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج شاہی جوڑے نے لاہور کا دورہ کیا تھا ،انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔

    شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا تھا اور مسجد کے پیش امام سے تلاوت بھی سنی تھی، اس موقع پر شہزادی کیٹ نے سر پر دوپٹا اوڑھ رکھا تھا۔

    شاہی مہمانوں کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور آمد ہوئی تھی جہاں انہوں نے چیئرمین پی سی بی، ایم ڈی پی سی بی اور کرکٹرز سے ملاقات کی تھی اور کرکٹ بھی کھیلی تھی۔

  • شاہی جوڑا بھی کرکٹ کا شوقین، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کے جوہر

    شاہی جوڑا بھی کرکٹ کا شوقین، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کے جوہر

    لاہور: برطانوی شاہی جوڑے نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دورے کے دوران بیٹنگ کے جوہر دکھائے جبکہ چیف ایگزیکٹوپی سی بی وسیم خان نے انھیں بریفنگ دی، کھلاڑی بھی شاہی جوڑے سے گرم جوشی سے ملے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں چئیرمین پی سی بی احسان مانی، پی سی بی آفیشلز اوراسکول کے بچوں نےشاہی جوڑے کا استقبال کیا۔

    چیف ایگزیکٹو وسیم خان نےشاہی مہمانوں کو اکیڈمی کا دورہ کرایا، بولنگ کوچ وقار یونس، مینز اورویمنز ٹیم کے کھلاڑی بھی شاہی جوڑے سے گرم جوشی سے ملے۔

    شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے قومی اور نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کرکٹ کا رنگ بھی خوب جمایا اور کرکٹ کے خوب جوہر دکھائے ، شہزادہ ولیم نے چھکے لگائے جبکہ شہزادی بھی پیچھے نہ رہی اور زور دار شاٹس لگائے۔

    اس سے قبل شاہی جوڑے نے ایس اوایس ولیج کا دورہ کیا ، جہاں وہ بچوں میں گھل مل گئے، شاہی جوڑے نے بچوں کو سلام کیااورتین یتیم بچوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جبکہ بچوں کی بنائی تصاویر کو بھی سراہا۔

    شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بچوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

    یاد رہے پاکستانی روایتی سفید شلوارقمیض میں ملبوس برطانوی شہزادی اورشہزادہ زندہ دلان شہر لاہورپہنچے تو جہاں گورنراوروزیراعلیٰ پنجاب نےان کا ریڈکارپٹ استقبال کیا۔

    برطانوی شاہی جوڑےسےگورنراوروزیراعلیٰ پنجاب نے ایئرپورٹ لاؤنج میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نےشہزادہ ولیم کوزیتون کی لکڑی سےبنی چھڑی اور پینٹگ اورشہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی معزز مہمانوں کو تحائف پیش کیے۔

  • صدر مملکت اور وزیر اعظم سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات

    صدر مملکت اور وزیر اعظم سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کا وزیر اعظم ہاؤس آمد پر استقبال کیا اور ان سے ملاقات کی، شاہی جوڑے کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن وزیر اعظم ہاؤس پہنچا جہاں وزیر اعظم عمران خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شاہی جوڑے کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ظہرانے میں معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان، ثانیہ نشتر، وفاقی وزیر شیریں مزاری اور شفقت محمود بھی موجود تھے۔

    اس سے قبل شاہی جوڑا ایوان صدر پہنچا جہاں ان کی ملاقات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول سے ہوئی۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اس موقع پر ڈوپٹے کے ساتھ سبز لباس زیب تن کیا۔

    ملاقات کے دوران صدر مملکت نے شاہی جوڑے کی صحت، موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کی کاوشوں کو سراہا۔ شہزادہ ولیم نے پر تپاک مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

    شاہی جوڑے نے حکومت پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

    خیال رہے کہ شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر گزشتہ رات پاکستان پہنچا تھا۔ نور خان ایئر بیس پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا تھا۔

    آج صبح شاہی جوڑے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا تھا۔ اسکول کے دورے کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن بچوں میں گھل مل گئے اور اسکول میں ریاضی کی کلاس کا معائنہ کیا۔

    برطانوی شاہی جوڑے نے اسکول کے مختلف حصے دیکھے۔ اس دوران انہیں پاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا۔

    بعد ازاں جوڑے نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کو لاحق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور اس سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    یاد رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، یہ دورہ برطانوی شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے 13 سال بعد کیا جارہا ہے۔

  • شاہی جوڑے کی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، فردوس عاشق اعوان

    شاہی جوڑے کی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑےکی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، امید ہے شاہی جوڑا خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی اجاگر کرے گا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہی جوڑےکی آمد روشن، پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے، شاہی دورہ دنیا میں پاکستان کامثبت تشخص اجاگر کرے گا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ سیاحوں کے لیے پاکستان حسین، پرکشش منزل بن کر ابھر رہا ہے، پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین اور قدیم تہذیب کا مسکن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات، شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی پاکستان کو منفرد بناتی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور اس کےعوام شاہی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے شاہی جوڑا خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جائے گا۔

    برطانوی شاہی جوڑے کا اسلام آباد کے ماڈل کالج فارگرلز کا دورہ

    برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن نے آج صبح ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا اور بچوں میں گھل مل گئے، برطانوی شاہی جوڑےکوپاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی شاہی جوڑا خصوصی طیارے کے ذریعے نورخان ایئربیس پر پہنچا جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا جبکہ برطانوی ہائی کمشنربھی ایئربیس پر موجود تھے۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کی  پاکستان آمد ، شایانِ شان استقبال کی تیاریاں مکمل

    برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد ، شایانِ شان استقبال کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کانورخان ایئربیس پر ریڈکارپٹ استقبال ہوگا، شاہی مہمان صدرمملکت اوروزیراعظم سےملاقاتیں بھی کریں گے

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ اورشہزادی آج  پاکستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں ، شاہی جوڑے کا  ملک میں بھرپور اور پرتپاک استقبال کیا جائے گا ،جس کے لیے تقریباً تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

    شہزادہ ولیم اورکیٹ مڈلٹن آج رات ساڑھےنوبجےنورخان ائیربیس پہنچیں گے، جہاں وفاقی وزیر، دفترخارجہ اوربرطانوی ہائی کمیشن کے حکام استقبال کریں گے جبکہ شاہی جوڑے کو  گارڈآف آنربھی پیش کیاجائےگا۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    شاہی جوڑے کی کل صدرپاکستان عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان سےملاقاتیں طے ہیں ، جس میں جس میں دوطرفہ ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

    برطانوی شہزادہ اورشہزادی16اکتوبر کو لاہور جائیں گے ، جہاں وہ شوکت خانم اسپتال، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان سمیت تاریخی جگہوں کا دورہ کریں گے  جبکہ جمعرات کو چترال کے لیے روانہ ہوں گے، شاہی جوڑے کا درہ خیبراورقلعہ خیبر کا دورہ بھی متوقع ہے۔

    ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہزادہ ولیم، شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں اور انہیں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔

  • شاہی جوڑا انوکھے شاہی اصول کی خلاف ورزی کا مرتکب

    شاہی جوڑا انوکھے شاہی اصول کی خلاف ورزی کا مرتکب

    لندن: ایک شاہی خاندان کے فرد کو شاہی اصول و ضوابط اور آداب کا حد خیال رکھنا پڑتا ہے تاہم برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے ایک ضروری شاہی اصول کو بالکل نظر انداز کردیا۔

    یہ شاہی جوڑا بیرون ملک سفر کے دوران اپنے 4 سالہ بیٹے شہزادہ جارج کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتا ہے جبکہ شاہی اصول کے مطابق شہزادہ جارج کو اپنے والد شہزادہ ولیم سے الگ کسی دوسرے طیارے میں سفر کرنا ضروری ہے۔

    اس اصول کی وجہ خاصی دلچسپ اور کافی حد تک منطقی ہے۔ شاہی اصول کے تحت تخت کے 2 جانشین، یا تخت پر براجمان بادشاہ اور اس کا ولی عہد ایک ساتھ ایک ہی طیارے میں سفر کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

    ایسا اس لیے ہے تاکہ اگر ہوائی جہاز کسی حادثے کا شکار ہوجائے اور تخت کے دونوں جانشینوں کی موت واقع ہوجائے تو ایسی صورت میں شاہی خاندان بحران سے دو چار ہوسکتا ہے اور تخت کے نئے وارث کا فیصلہ کرنا یقیناً ایک مشکل عمل بن جائے گا۔

    تاہم کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم بیرون ملک سفر کے دوران اپنے بیٹے جارج کو اپنے ساتھ ہی رکھتے ہیں اور ایک ہی طیارے میں سفر کرتے ہیں۔

    یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ اس وقت برطانوی شاہی تخت پر ملکہ الزبتھ براجمان ہیں اور ان کی موت یا تخت سے دستبرداری کی صورت میں ان کے صاحبزادے پرنس چارلس کو بادشاہ بنایا جائے گا۔

    اسی طرح شہزادہ چارلس کے بعد ان کے صاحبزادے پرنس ولیم، اور ان کے بعد ولیم کے 4 سالہ صاحبزادے جارج ولی عہد کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ مستقبل میں اسی ترتیب سے تخت نشین ہوتے جائیں گے۔

    برطانوی میڈیا شاہی جوڑے کی اس خلاف ورزی کو نظر انداز کر کے یہ توجیہہ پیش کرتا ہے کہ چونکہ شہزادہ جارج ابھی نہایت کم عمر ہیں اور اپنے والدین کے بغیر سفر نہیں کر سکتے لہٰذا شاہی جوڑے کی یہ خلاف ورزی نظر انداز کی جاسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: شاہی اصول توڑنے پر کینیڈا کے گورنر پر تنقید

    ہوسکتا ہے آئندہ آنے والے چند برسوں میں جب شہزادہ جارج باشعور ہوجائیں گے تو وہ بھی اپنے پیش روؤں کی طرح علیحدہ طیارے میں سفر کرنے لگیں گے۔

    ایک ساتھ سفر نہ کرنے کا یہ اصول امریکا کے وائٹ ہاؤس میں بھی رائج ہے جہاں امریکی صدر اور نائب صدر ایک ہی طیارے میں سفر کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

    وجہ وہی کہ کسی ممکنہ فضائی حادثے اور دونوں سربراہان کی موت کی صورت میں ملک کو قیادت کے بحران سے بچایا جاسکے اور کسی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر کوئی ایک شخص کار مملکت سنبھالنے کا اہل ہو۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔