اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شاہی جوڑے کا دورہ امن وامان کی بہتر صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے اور دورے سے تاریخی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہزادولیم اور ان کی اہلیہ کے دورہ پاکستان کےلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے، پاکستان آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مہمانوں کو خوش آمدید کہیں گے۔
وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ شاہی جوڑے کی آمد سے تاریخی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، شاہی خاندان کا وفد پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گا اور سیاسی قیادت سے ملاقات بھی کرے گا، شاہی جوڑے کا دورہ امن وامان کی بہتر صورتحال پر اعتماد کا اظہار ہے۔
یاد رہے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ برطانوی شاہی جوڑے کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ خیرسگالی کا ہے ، امید ہے برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ بہت اچھا رہے گا، شہزادہ ولیم مستقبل کے کنگ ہیں مگر سرکاری دورہ نہیں کہا جاسکتا۔
مزید پڑھیں : شہزادہ ولیم مستقبل کے کنگ ہیں ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ نوجوان نسل کے ترجمان ہیں، برطانوی شاہی جوڑے کا پاکستان کا سفر خوشگوار گزرے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑے کے دورے کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
خیال رہے کہ برطانوی شاہی جوڑا آج پاکستان پہنچے گا، جس کے لیے شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کا نور خان ایئربیس پر ریڈ کارپٹ استقبال ہوگا، شاہی مہمانوں کی صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں طے ہیں، جس میں دوطرفہ ملکی امور پر تبادلہ خیال ہوگا جبکہ مہمان تاریخی مقامات کی سیر بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ شہزادہ ولیم، شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں اور انہیں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔