Tag: شاہی خاندان

  • شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی: ملکہ برطانیہ پوتے سے سخت ناراض

    شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی: ملکہ برطانیہ پوتے سے سخت ناراض

    لندن: شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے بعد ملکہ برطانیہ سخت آرزدہ ہیں اور جوڑے کے خلاف سخت کارروائی کا امکان دکھائی دے رہا ہے، جس کے بعد شاہی خاندان جوڑے سے ہر قسم کا تعلق ختم کردے گا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے امریکی انتخابات سے متعلق تبصرے کے بعد ملکہ برطانیہ الزبتھ، جوڑے سے سخت رنجیدہ اور ناراض ہیں۔

    شاہی تبصرہ نگار انجیلا لیوین نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ان تبصروں سے یہ جوڑا اس جگہ پہنچ گیا ہے جہاں سے واپسی ناممکن ہے، اور نتیجتاً ہوسکتا ہے کہ ملکہ اس پر سخت ایکشن بھی لیں۔

    جب میزبان نے انجیلا لیوین سے پوچھا کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ اب جوڑے سے ڈیوک، ڈچز اور ہز اور ہر رائل ہائنس کے شاہی خطابات بھی واپس لے لیے جائیں گے تو انجیلا کا جواب تھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ نہ صرف نان ورکنگ رائل ممبر بلکہ انہیں مکمل طور پر شاہی خاندان سے الگ ہی کردیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ جوڑے کو جلد ہی ہر قسم کے اعزازات اور شاہی رکنیت چھوڑنا پڑے گی۔ انجیلا کا کہنا تھا کہ انہیں شہزادہ ہیری سے ہمدردی ہے کیونکہ میگھن ان کے لیے مشکلات کھڑی کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ حرکت سے جوڑے نے ملکہ کے ساتھ کیے جانے والے اس معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی ہے جس میں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ علیحدہ ہونے کے بعد بھی شاہی اصول و اقدار کی پاسدری کریں گے۔

    خیال رہے کہ برطانوی روایات کے مطابق شاہی خاندان کے افراد کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا ممنوع ہے، تاہم چند روز قبل شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے امریکی صدارتی انتخابات میں عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی تھی۔

    جوڑے نے اے بی سی ٹیلی ویژن کے اپنے پہلے پرائم ٹائم ٹی وی شو کے موقع پر امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں۔

    شہزادہ ہیری نے ووٹرز سے کہا تھا کہ وہ نفرت پر مبنی تقریر، غلط اطلاعات اور آن لائن منفی چیزوں کو مسترد کردیں، جبکہ میگھن نے ووٹرز سے کہا کہ صدارتی انتخابات ان کی زندگی کے اہم پولز میں شامل ہیں۔

    اس موقع پر شاہی جوڑے نے کسی بھی امیدوار کی توثیق نہیں کی تھی۔

  • کیا شاہی خاندان میگھن مرکل کے خلاف کوئی سازش کر رہا تھا؟

    کیا شاہی خاندان میگھن مرکل کے خلاف کوئی سازش کر رہا تھا؟

    برطانوی شاہی خاندان کے شہزادے ہیری خاندان سے علیحدہ ہونے کے بعد اپنی اہلیہ میگھن مرکل کے ساتھ امریکا میں زندگی گزار رہے ہیں، میگھن کی دوست کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ یہ یقین تھا کہ ان کے خلاف کوئی سازش کی جارہی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ایسی خبریں سامنے آئیں جن کے مطابق میگھن مرکل خود کو شاہی خاندان میں موزوں نہیں سمجھتی تھیں اور ذہنی طور پر پریشان تھیں۔

    اب ان کی ایک دوست نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میگھن کو یقین تھا کہ ان کی شادی کے بعد سے ان کے خلاف کوئی سازش تیار کی جارہی ہے۔

    مذکورہ دوست کا کہنا ہے کہ شادی کے کچھ عرصے بعد جوڑا فروگمور کاٹیج میں منتقل ہو کر علیحدہ رہنے لگا تھا تاہم وہاں میگھن خود کو مزید تنہا محسوس کرتی تھیں۔

    میگھن کو لگتا تھا کہ شاہی خاندان میں ان کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے چنانچہ انہوں نے شاہی خاندان کے افراد سے خود کو الگ تھلگ کردیا تھا، انہیں لگتا تھا کہ وہ یہاں فٹ نہیں ہیں اور وہ ایسی زندگی گزارنے کی عادی نہیں تھیں۔

    وہ اپنے دوستوں کی عدم موجودگی سے بھی خود کو تنہا محسوس کرتی تھیں شاید یہی وجہ تھی کہ انہوں نے لاس اینجلس منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

    گزشتہ برس شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد جوڑا پہلے کینیڈا گیا، وہاں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد وہ اپنی طے شدہ شاہی مصروفیات میں شرکت کرنے لندن واپس آئے، بعد ازاں لاک ڈاؤن شروع ہونے سے پہلے وہ لاس اینجلس چلے گئے اور مستقل وہیں سکونت اختیار کرلی۔

    قریبی افراد کا کہنا ہے کہ امریکا منتقل ہونے کے بعد میگھن تو اپنے دوستوں اور والدہ کی موجودگی میں نہایت خوش باش ہیں تاہم شہزادہ ہیری اس نئی زندگی سے مطابقت کرنے میں جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    وہ برطانیہ میں اپنے خاندان کے ساتھ ایک نہایت مختلف زندگی گزارتے رہے ہیں اور اس زندگی کے عادی نہیں چنانچہ انہیں اس سے عادی ہونے میں وقت لگ رہا ہے۔

    میگھن مرکل اور شہزادہ ہیری مئی 2018 میں رشتہ ازدواج میں منتقل ہوئے تھے، جوڑے کا ایک بیٹا آرچی بھی ہے جو مئی 2019 میں پیدا ہوا۔

  • شاہی خاندان کا برطانوی شہزادہ اور شہزادی  کے والہانہ استقبال  پر چترال کے ڈپٹی کمشنر سے اظہار تشکر

    شاہی خاندان کا برطانوی شہزادہ اور شہزادی کے والہانہ استقبال پر چترال کے ڈپٹی کمشنر سے اظہار تشکر

    پشاور : برطانیہ کے شاہی خاندان نے ضلع لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا شاہی خاندان کے افراد کے والہانہ استقبال پر مشکور ہیں، شہزادی ڈیاناکے دورہ سے متعلق تصاویر پر مشتمل البم تحفے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شاہی خاندان نے ضلع لوئرچترال کے ڈپٹی کمشنر ڈی سی نویداحمد کواظہارتشکر کا خط لکھا ، جس میں کہا گیا چترال میں شاہی خاندان کے افرادکے والہانہ استقبال پرمشکورہیں، دورے کے موقع پر اطمینان بخش انتظامات کئے  گئے۔

    خط میں کہا گیا عوام کی محبت اور اعلیٰ انتظامات کےسبب ان کادورہ یادگاربن چکاہے ، شہزادی ڈیاناکےدورہ سےمتعلق تصاویر پر مشتمل البم تحفے کو قدر کی نگاہ سےدیکھتے ہیں ، شاہی خاندان کےدورےکیلئےکئےگئےاطمینان بخش انتظامات کئے گئے۔

    یاد رہے برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے اکتوبرمیں پاکستان کا تاریخی پانچ روزہ دورہ کیا تھا، پانچ روزہ دورے میں شہزاد ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے لاہوراسلام آباد اور چترال کا دورہ کیا، کیلاش کی ثقافت دیکھی اور بادشاہی مسجد بھی گئے جبکہ وزیراعظم عمران خان سے اور صدر عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔

    پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد پر رائل وزٹ پاکستان کا ٹاپ ٹرینڈ نمبرون پررہا اور، عوام نے حسین شہزادی کیٹ مڈلٹن اور خوبرو شہزادے ولیم کا پاکستان آمد پرشکریہ ادا کیا۔

    مزید پڑھیں : برطانوی شاہی جوڑے کا یادگار دورہ لاہور

    برطانوی شاہی جوڑے شہزادے ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین رکشے میں سفر کر کے سب کے دل جیت لیے تھے۔

    آخری روز بھی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے لاہور کے ایس او ایس ویلیج میں بچوں کے ساتھ وقت گزار، بچوں کے کمرے میں گئے اور خوب گپ شپ لگائی ، شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں کے نائن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔

    برطانوی شاہی مہمان پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ روانہ ہوئے، دورہ کے آخری تقریب میں انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں آرمی سینٹر کا بھی دورہ کیا اور خیبر رائفل ملٹری پوسٹ کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔

  • برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی جوڑے نے ’چوری شدہ زمین‘ پر 2 ارب کا گھر لے لیا

    برطانوی شاہی خاندان کے چشم و چراغ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے کینیڈا میں جہاں اپنا نیا گھر خریدا ہے، کہا جارہا ہے کہ وہ گھر برطانوی نوآبادیات کاروں کی چرائی ہوئی زمین پر بنا ہے۔

    ٹوسوکی نامی قبیلے کے افراد کا دعویٰ ہے کہ کینیڈا کا یہ علاقہ ان کے آباؤ اجداد کی ملکیت تھا، 2 صدیوں قبل انہوں نے برطانوی تسلط کاروں سے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت یہ زمین چند سو ڈالرز کے بدلے انہیں دے دی گئی۔

    قبیلے کی سربراہ تانیہ جمی نے زور دیا ہے کہ برطانوی جوڑے کو اس زمین کی تاریخ اور اہمیت سمجھنی چاہیئے، اس زمین کے نیچے ان کے آباؤ اجداد دفن ہیں۔

    وینکوور نامی یہ جزیرہ سنہ 1849 سے 1866 کے درمیان برطانوی تسلط میں تھا۔ یہاں پر پہلی برطانوی آباد کاری سنہ 1843 میں کی گئی۔

    اب شہزادہ ہیری نے یہیں پر اپنا وسیع و عریض گھر خریدا ہے جس کی مالیت 1 کروڑ 70 لاکھ (10.7 ملین) پاؤنڈز، لگ بھگ 2 ارب 16 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہے۔

    تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس مینشن کا مالک کون تھا اور شہزادے نے یہ گھر کس سے خریدا ہے۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن اور بیٹے آرچی کے ساتھ جلد ہی کینیڈا میں ایک خود مختار اور آزاد زندگی کا آغاز کریں گے۔

    میگھن اور آرچی کینیڈا پہنچ چکے ہیں اور گزشتہ ہفتے ہیری ان سے ملنے آئے تھے تاہم جلد ہی وہ واپس برطانیہ لوٹ گئے جہاں ان کی شاہی مصروفیات ابھی جاری ہیں۔

    ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری، کچھ عرصہ قبل تک تخت نشینی کی قطار میں چھٹے نمبر پر تھے۔

    انہوں نے سنہ 2018 میں امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے چند روز قبل شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے برطانیہ سے کہیں اور منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

  • فوجی اعزازات سے محرومی، شہزاہ ہیری آب دیدہ ہو گئے

    فوجی اعزازات سے محرومی، شہزاہ ہیری آب دیدہ ہو گئے

    لندن: شہزادہ ہیری کو شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد فوجی اعزازات سے بھی محروم ہونا پڑے گا، لندن میں ایک تقریب کے دوران شہزادہ ہیری بات کرتے ہوئے آب دیدہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہزادہ ہیری لندن میں ایک تقریب کے دوران آب دیدہ ہو گئے، انھوں نے کہا کہ خاندان چھوڑنے پر افسوس ہے، تاہم شاہی خاندان سے دست بردای کے سوا ان کے پاس کوئی آپشن نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ ہیری اور میگھن کے برطانوی شاہی خاندان چھوڑنے کے فیصلے کے بعد اب سارے معاملات طے پا گئے ہیں، شاہی رکنیت سے دست برداری کے فیصلے کے بعد ہیری اور میگھن سرکاری پیسے اور شاہی خطاب استعمال نہیں کر سکیں گے۔

    ہیری اور میگھن سے شاہی ٹائٹل واپس لے لیا گیا

    فروگمور کاٹیج کی آرایش پر خرچ ہونے والی 31 لاکھ ڈالر کی رقم بھی واپس کرنی ہوگی، ہیری کو افغانستان میں دیے گئے فوجی اعزازات بھی واپس کرنے ہوں گے، ہیری نے خاندان چھوڑنے پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے کہا دکھ ہے کہ صورت حال یہاں تک پہنچی، امید تھی پبلک فنڈنگ کے بغیر ملکہ کی خدمت اور فوجی تعلق جاری رکھوں گا، بد قسمتی سے یہ ممکن نہ ہو سکا۔

    شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ دادی اور کمانڈر انچیٖف کا بے حد احترام ہے اور ان کا شکرگزار ہوں۔

  • ملکہ برطانیہ نے پوتے کو خاندان سے الگ کردینے والی بہو کی تعریف کیوں کی؟

    ملکہ برطانیہ نے پوتے کو خاندان سے الگ کردینے والی بہو کی تعریف کیوں کی؟

    لندن: ملکہ برطانیہ، ملکہ الزبتھ نے اپنے پوتے شہزادہ ہیری کے شاہی خاندان سے علیحدگی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل کو قابل فخر قرار دے دیا۔

    گزشتہ روز شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ ملکہ کے پیغام میں جہاں ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مرکل اور بیٹے آرچی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا وہیں ملکہ نے بطور خاص میگھن کا نام لے کر ان کی تعریف کی۔

    ملکہ برطانیہ نے لکھا کہ جس تیزی سے میگھن شاہی خاندان میں گھل مل گئیں انہیں اس پر فخر ہے۔

    اپنے پیغام میں ملکہ الزبتھ نے کہا کہ کئی ماہ کی بات چیت اور بحث و مباحثے کے بعد ہم نے ایسا حل تلاش کرلیا ہے جو میرے پوتے اور اس کے خاندان کی پسند کے مطابق ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ہیری، میگھن اور آرچی ہمیشہ ہمارے خاندان کا ہر دلعزیز حصہ رہیں گے۔ ’مجھے احساس ہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ان دونوں کو سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور میں ان کے آزاد زندگی گزارنے کی خواہش کی حمایت کرتی ہوں‘۔

    بعد ازاں شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان سے علیحدگی کے باعث ’ہز اینڈ ہر رائل ہائی نیس‘ کے شاہی القابات استعمال نہیں کرسکیں گے۔

    بیان میں کہا گیا کہ جوڑا کسی قسم کی سرکاری مالی امداد وصول کرنے کا اہل نہیں ہوگا، جبکہ جنوبی لندن میں اپنے گھر کی تزئین و آرائش پر خرچ ہونے والی رقم واپس کرنے کا بھی پابند ہوگا۔ ولی عہد شہزادہ چارلس البتہ اپنے بیٹے اور بہو کو ذاتی طور پر رقم دے سکتے ہیں۔

    شاہی محل کے مطابق جوڑا باقاعدہ طور ملکہ کی نمائندگی نہیں کر سکتا تاہم وہ اپنے ہر عمل میں شاہی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے۔

    شہزادہ ہیری عسکری طور پر بھی کسی سرگرمی کا مزید حصہ نہیں رہیں گے تاہم جوڑا مختلف فلاحی اداروں سے اپنی وابستگی جاری رکھ سکے گا۔

    خیال رہے کہ ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے شہزادہ ہیری، کچھ عرصہ قبل تک تخت نشینی کی قطار میں چھٹے نمبر پر تھے۔

    انہوں نے سنہ 2018 میں امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے چند روز قبل شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے شمالی امریکا منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

  • باہمت سعودی خاتون شاہی خاندان کے لیے مثال بن گئیں

    باہمت سعودی خاتون شاہی خاندان کے لیے مثال بن گئیں

    ریاض: سعودی عرب میں غربت کا شکار خاتون نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا، صرف 5 ریال سے کاروبار شروع کرنے والی خاتون کے آج شاہی خاندان میں چرچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی طالبہ نورہ الشمری نے اپنی محنت اور لگن سے انگریزی ادب میں گریجوئیشین کیا، تاہم مالی مشکلات اور گھریلو حالت کے باعث وہ اپنی تعلیم جاری نہ رہ سکی۔ اور اس طرح تعلیم کے حصول کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نورہ الشمری کو کڑھائی اور بنائی کے کام میں خصوصی ملکہ حاصل تھا، اس ہنر کے باعث انہوں نے مختصر وقت میں شاہی خاندان سمیت معاشرے میں وہ مقام بنایا جو لوگ برسوں کی محنت سے بناتے ہیں۔

    سعودی طالبہ نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ان کے پاس یہ ہنر ان کی ماں سے منتقل ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں نے صرف 5 ریال سے ایک ٹوپی کی بنائی کی، اب مسئلہ یہ تھا کہ اسے فروخت کیسے کیا جائے، لیکن بعد میں میرا یہ مسئلہ ہی حل ہوگیا، کیوں نے میری ہم جماعت طلبہ نے میرے ہاتھ کی بنی ٹوپی 20 ریال میں خرید لی۔

    اس طرح میرے محنت کا پہلا صلہ ملا اور پھر کاروبار آگے بڑھا۔ اب شاہی خاندان کے لوگ میرے ہاتھ کی بنی ہوئی اشیاء خریدتے ہیں اور مہمانوں میں بطور تحائف کا تبادلہ بھی کرتے ہیں، جو میرے لیے کسی کامیابی سے کم نہیں ہے۔

  • ننھے شہزادے کے معصومانہ پوز نے سب کا دل موہ لیا

    ننھے شہزادے کے معصومانہ پوز نے سب کا دل موہ لیا

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے جاری کیے گئے شہزادہ ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مارکل اور ننھے بیٹے آرچی کی تصویر پر مشتمل کرسمس کارڈ نے سب کا دل موہ لیا۔

    برطانوی شاہی خاندان کے ہر گھر کی جانب سے ہر سال کرسمس کے موقع پر ایک کرسمس کارڈ جاری کیا جاتا ہے جس میں خاندان کے مختلف ارکان کی اپنی فیملی کے ساتھ تصویر موجود ہوتی ہے۔

    شاہی خاندان کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر نہایت روایتی ہوتی ہیں جس میں تمام افراد سیدھے کھڑے ہو کر فوٹو گرافر کو فارمل پوز دیتے ہیں۔

    تاہم شہزادہ ہیری نہایت روایت شکن ثابت ہوئے ہیں۔ آنجہانی شہزادی ڈیانا اور ولی عہد شہزادہ چارلس کے بیٹے ہیری کی جانب سے کرسمس کے موقع پر بھی نہایت غیر روایتی تصویر جاری کی گئی ہے۔

    تصویر میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل بیٹے کو گود میں لے کر فارمل پوز دینے کے بجائے عام سے انداز میں پس منظر میں موجود ہیں جبکہ سامنے ان کا شیر خوار بیٹا آرچی موجود ہے۔

    کارڈ پر جوڑے کی طرف سے کرسمس کی مبارکباد دی گئی ہے۔

    اس غیر روایتی کارڈ کو بے حد سراہا جارہا ہے خصوصاً ننھے آرچی کے معصومانہ سے پوز نے سب کا دل موہ لیا ہے۔

    ٹویٹر پر شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو جوابی مبارکباد دینے کے ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

  • یو اے ای، شاہی خاندان کے فرزند ہولناک حادثے میں جاں بحق

    یو اے ای، شاہی خاندان کے فرزند ہولناک حادثے میں جاں بحق

    راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں شاہی خاندان کا ایک چشم و چراغ ہولناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان کا ایک نوجوان موٹرسائیکل کے حادثے میں جاں بق ہوگیا، یہ افسوسناک واقعہ الدھائت کے علاقے میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار شیخ سقر بن طارق بن قید القسیمی جان لیوا حادثے میں خالق حقیقی سے جاملے۔

    راس الخیمہ پولیس نے واقعے سے متعلق بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں متوفی کو شدید چوٹیں آئیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں اور انہیں مردہ حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    https://www.instagram.com/p/B5edAFSnpCy/?utm_source=ig_web_copy_link

    مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر شیخ زید مسجدمیں ادا کی گئی جس کے بعد مقامی قبرستان میں انہیں سپردخاک کردیا گیا۔

    شیخ سقر راس الخیمہ پولیس میں فرسٹ لیفٹیننٹ آفیسر بھی تھے اور انہوں نے راس الخیمہ پولیس کی جانب سے کراٹے میں پہلی بار گولڈن میڈل جیتنے والے افسر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کا یادگار دورہ لاہور

    برطانوی شاہی جوڑے کا یادگار دورہ لاہور

    لاہور: برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن دورہ لاہور کو یادگار بنا کر اسلام آباد واپس روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی جوڑے نے آج لاہور میں ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بےسہارا بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور تحائف بھی تقسیم کیے۔

    شاہی جوڑے نے آدھے گھنٹے سے زائد ایس او ایس ولیج میں وقت گزارا، بعد ازاں شہزادہ اور شہزادی ایس او ایس ولیج سے ایئرپورٹ روانہ ہوئے۔

    شاہی جوڑے نے گزشتہ روز بھی ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا تھا۔ شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ مل کر خوب رنگ جمایا اور ہنستے مسکراتے رہے۔

    برطانوی شاہی جوڑے نے گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا تھا، جہاں چیف ایگزیکٹوپی سی بی وسیم خان نے انہیں بریفنگ دی اور کھلاڑی بھی شاہی جوڑے سے گرم جوشی سے ملے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی روایتی سفید شلوار قمیض میں ملبوس ہوکر برطانوی شہزادی اور شہزادہ زندہ دلان شہر لاہور پہنچنے پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کا ریڈ کارپٹ پر شاندار استقبال کیا تھا۔

    شاہی جوڑا بھی کرکٹ کا شوقین، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کے جوہر

    بعد ازاں برطانوی شاہی جوڑے سے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ایئرپورٹ لاؤنج میں ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی چھڑی اور پینٹگ اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی تھی۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی معزز مہمانوں کو تحائف پیش کیے۔