Tag: شاہی شادی

  • برونائی کے سلطان کی آٹھویں اولاد شہزادی عظمیہ کی پُر تعیش شادی

    بندر سری بگاوان: برونائی کے سلطان کی آٹھویں اولاد شہزادی عظمیہ ایک پُر تعیش شادی کی ہفتہ بھر طویل تقریبات میں پیا گھر سدھار گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے دولت مند ترین افراد میں سے ایک برونائی کے 76 سالہ سلطان حسن البلقیہ کی بیٹی شہزادی عظیمہ نعمت البلقیہ کی شادی رواں ماہ شاہانہ روایتی انداز میں انجام پائی۔

    شادی کی تقریبات کا آغاز 11 جنوری کو سلطان کی باضابطہ اجازت کے بعد ’شاہی پاوڈرنگ رسم‘ سے ہوا، جو اس کے بعد ایک ہفتے تک جاری رہیں، 38 سالہ شہزادی، جو اپنے ارب پتی باپ کی آٹھویں اولاد ہیں، کی شادی اپنے فرسٹ کزن شہزادہ بہار ابن جعفری بلقیہ سے ہوئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق شادی کی تقریب ایک ہفتے تک سلطان کی رہائش گاہ آستانہ نورالامان میں جاری رہی، جو دارالحکومت بندر سری بگاوان سے باہر واقع ہے۔

    روایتی تقریبات میں پاؤڈرنگ کے علاوہ نکاح نامے پر دستخط کی تقریب اور شان دار استقبالیہ شامل تھی۔ نکاح کی تقریب عمر علی سیف الدین مسجد میں قرار پائی جسے برونائی کا قومی ورثہ تصور کیا جاتا ہے۔

    برونائی کی شاہی ثقافت کے تحت ’پاؤڈرنگ‘ کی تقریب میں دلہن گلابی رنگ کا لباس اور سونا پہنتی ہے، جب کہ خاندان کی جانب سے جوڑے پر چاولوں کے رنگ دار پاؤڈر کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے اور ان کے ہاتھوں پر خوشبو دار تیل لگایا جاتا ہے۔

    استقبالیہ کی تقریب میں شہزادی عظیمہ نے سفید رنگ کا گاؤن پہن رکھا تھا جب کہ ان کے شوہر پرنس بہار ابن جعفری البلقیہ نے سفید رنگ کی فوجی وردی پہن رکھی تھی۔

  • ملکہ برطانیہ کی پوتی سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک

    ملکہ برطانیہ کی پوتی سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک

    ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی بیٹریس برطانوی بزنس مین ایڈورڈ ماپیلی موزی کے ساتھ سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں، شادی کی تقریب میں ملکہ نے بھی شرکت کی۔

    برطانوی شہزادے اینڈریو اور سارہ فرگوسن کی بیٹی شہزادی بیٹریس ایک نجی تقریب میں برطانوی بزنس مین ایڈورڈ ماپیلی موزی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ شادی کی تقریب رائل لاجز ونڈسر میں رائل چیپل آف آل سینٹس میں منعقد ہوئی۔

    تقریب میں ملکہ برطانیہ اور ان کے شوہر شہزادہ فلپ سمیت خاندان کے قریبی افراد نے شرکت کی۔

    اپنی زندگی کے اہم موقع پر شہزادی نے اپنی دادی کا لباس زیب تن کیا جبکہ انہوں نے تاج بھی وہی پہنا جو ملکہ برطانیہ نے اپنی شادی کے موقع پر پہنا تھا۔

    شہزادی بیٹریس کی شادی 29 مئی کو ہونا قرار پائی تھی تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے یہ تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    انگلینڈ میں 23 مارچ سے کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے بعد سے ہر طرح کی شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم 4 جولائی کے بعد سے 30 لوگوں پر مشتمل تقاریب کی اجازت دے دی گئی تھی، اسی اجازت کے تحت شہزادی بیٹرس کی شادی انجام پائی۔

    31 سالہ شہزادی بیٹریس ملکہ برطانیہ کے چھوٹے بیٹے اینڈریو اور ان سابق اہلیہ سارہ فرگوسن کی بڑی بیٹی ہیں، شہزادی بیٹریس تخت کے وارثوں کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر ہیں۔

    شہزادی کسی قسم کی شاہی ذمہ داری نبھانے کے بجائے ایک کمپیوٹر کمپنی میں ملازمت کرتی رہی ہیں۔

  • شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ دونوں کی شادی کو سال کی سب سے بڑی شادی قرار دیا جارہا ہے۔

    برطانیہ کی شاہی شادی کا باقاعدہ آغاز لندن کے وقت کے مطابق 11 بجے سے ہوا تھا تاہم شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازوداج میں منسلک ہوگئے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی میں شریک ہونے کے لیے ڈیوڈ اور ویکٹوریہ بیکھم، ایل ٹن جون، جورج اور امل کولونی سمیت 600 کے قریب مہمان سینٹ جارج چیپل میں  شریک ہیں۔

    قدیم قلعے کے باہر شاہی جوڑے کو دیکھنے کے شائق ہزاروں افراد عارضی کیمپ بنائے بیٹھے ہیں اور شاہی شادی کے لیے نہایت پرجوش ہیں۔ بی بی سی اور سی سی این سمیت متعدد برطانوی و امریکی چینلز پر صبح صادق سے ہی لائیو کوریج کی جارہی ہے۔

    شادی کی تقریب لندن سے دور دریائے ٹیمز کے کنارے واقع ونڈسر نامی قلعے کے سینٹ جارج چیپل میں ہورہی ہے جو گزشتہ 1 ہزار برس سے شاہی خاندان کے زیر استعمال ہے۔

    دلہن میگھن مرکل اپنی والدہ کے ساتھ کلائیویڈن ہوٹل سے ونڈسر کیسل کے گرجا گھر پہنچ چکی ہیں اور شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کی تقریب کا آغاز ہوچکا ہے۔

    گرجا گھر کے راستے تک میگھن کی والدہ ان کے ساتھ سفر کریں گی تاہم چرچ پہنچنے کے بعد میگھن کی والدہ اتر کر اندر چلی جائیں گی جس کے بعد میگھن روایت کے برخلاف گاڑی سے اتر کر چرچ تک اکیلی جائیں گی۔

    بعد ازاں ولی عہد شہزادہ چارلس ان کا ساتھ دیں گے اور انہیں اس مقام تک لے جائیں گے جہاں شادی کے ایجاب و قبول ہوں گے۔

    مسیحی روایات کے مطابق گاڑی میں اور بعد ازاں پادری کے سامنے تک پہنچنے کا سفر دلہن اپنے والد کے ساتھ طے کرتی ہے تاہم میگھن کے والد ناسازی طبیعت کی وجہ سے شادی میں شرکت سے قاصر ہیں جس کے بعد اطلاعات تھیں کہ یہ روایت میگھن کی والدہ نبھائیں گی۔

    تاہم گزشتہ روز شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میگھن نے اس کے لیے ہیری کے والد شہزادہ چارلس سے درخواست کی ہے۔ ’شہزادہ چارلس اس طریقے سے میگھن کو شاہی خاندان میں خوش آمدید کہنے میں نہایت خوشی محسوس کریں گے‘۔

    شاہی شادی میں 600 افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مزید 12 سو افراد بھی شرکت کریں گے جو اپنی کمیونٹیز کے لیے مختلف خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

    شادی میں دلہے کی آنجہانی والدہ شہزادی ڈیانا کی 3 بہنیں بھی شرکت کریں گی۔ ان میں سے ایک لیڈی جین فیلو ’سانگ آف سالومن‘ کتاب سے اقتباس پڑھیں گی۔

    شاہی جوڑے کے ایجاب و قبول کے بعد جوڑا بگھی میں ونڈسر کی سڑکوں سے ایک جلوس کی صورت گزرے گا۔ اس کے بعد قلعے میں ملکہ برطانیہ کی طرف سے مہمانوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

    بعد ازاں شام کے وقت دلہے کے والد شہزادہ چارلس فروگمور ہاؤس میں استقبالیہ دیں گے جس میں 200 قریبی عزیز و اقارب اور دوست شرکت کریں گے۔

    شادی میں پہننے کے لیے دلہن کا لباس اور اسے تیار کرنے والا ڈیزائنر تاحال صیغہ راز میں ہے۔ سی این این کے مطابق دلہن کا لباس 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر کی خطیر رقم سے تیار کیا گیا ہے۔

    گو کہ محل کی جانب سے شاہی شادی پر اٹھنے والے اخراجات کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی، تاہم بی بی سی کا دعویٰ ہے کہ شادی پر 3 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈز کے اخراجات آئے ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق صرف سیکیورٹی انتظامات پر 63 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز خرچ ہوئے ہیں۔


    شہزادے کی رومانوی داستان

    شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے درمیان دوستی کی خبریں ستمبر 2016 میں سامنے آئیں تھیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات ایک چیریٹی پروگرام میں ہوئی تھی۔

    ایک سال کے دوران ہیری نے اپنے خاندان کے مختلف افراد سے میگھن کی ملاقات کروائی اور بالآخر گزشتہ برس نومبر میں شاہی محل کی جانب سے دونوں کی منگنی کا اعلان کیا گیا۔

    میگھن مرکل ان دنوں امریکی ٹی وی سیریز سوٹس میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی تھیں تاہم شاہی خاندان سے منسلک ہونے کے بعد اب انہوں نے اداکاری کو خیر باد کہہ دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکی شہری برطانوی شاہی شادی کے کیک کھانے لگے

    امریکی شہری برطانوی شاہی شادی کے کیک کھانے لگے

    نیویارک: برطانوی شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی شادی کا جنون امریکا تک پہنچ گیا، واشگنٹن کے باورچی نے شاہی طرز کے کپ کیکس تیار کیے جنہیں خریدنے میں لوگ دلچپسی ظاہر کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہزادے اور لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے پرنس ہیری نے امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے منگنی گذشتہ برس دسمبر میں کی جس کی شاہی خاندان نے تصدیق کرتے ہوئے رواں سال شادی کا اعلان بھی کیا تھا۔

     شاہی خاندان کی جانب سے شادی کی تاریخ 19 مئی 2018 مقرر کی گئی ہے، جیسے جیسے شاہی شادی قریب آرہی ہے برطانیہ میں اس کی تیاری مزید تیز ہوتی نظر آرہی ہیں۔

    برطانیہ کے علاوہ امریکا کے شہری بھی شاہی شادی کے حوالے سے دلچسپی لے رہے ہیں، اس بات کا ثبوت دیکھ کر امریکی حکام اُس وقت ورطہ حیرت میں مبتلا ہوئے کہ جب شیف نے شاہی طرز کے کپ کیکس تیار کر کے انہیں فروخت کرنے کا اعلان کیا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی شہزادے اور میگن مارکل کی شادی، خصوصی کپ تیار

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گزشتہ ماہ کی 20 تاریخ کو شاہی شادی میں پیش کیے جانے والے کیکس کی تصویر شیئر کی گئیں جنہیں مقامی بیکر نے تیار کیا۔

    انہی تصاویر کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی شیف نے بھی پرنس ہیری اور میگھن مارکل کی شادی کا کیک تیار کر کے انہیں فروخت کرنے کا اعلان کیا، عوام نے جیسے ہی یہ خبر سنی تو وہ بڑی تعداد میں خریدنے کے لیے پہنچے۔

    امریکی شیف کا کہنا تھا کہ ’میں نے شاہی شادی میں پیش کیے جانے والے کیکوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں تیار کیا، اب امریکا کے عوام تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں سے قبل ہی ان سے محظوظ ہوجائیں گے‘۔

    واضح ہے کہ چھوٹے نواب کی شادی 19 مئی کی دوپہر سینٹ جارج چیپل کے ونڈسر کاسل میں منعقد کی جائے گی اس ضمن میں تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکیں، شادی میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے چھپوائے گئے جنہیں مخصوص مہمانوں کو ارسال بھی کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہزادے پرنس ہیری اور میگن مارکل کی شادی کب ہوگی، تاریخ کا اعلان

    شاہی خاندان کے پروگرام کے مطابق شادی کی تقریب کے سلسلے میں مہمانوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس کی میزبانی خود ملکہ برطانیہ الزبتھ کریں گی بعد ازاں مذہبی رسم منعقد کی جائے گی۔ لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے اور اُن کی اہلیہ کا فوٹو سیشن ونڈسر کیسل کے باہر واقع پارک میں ہوگا، اس ضمن میں ملک کے نامور فوٹو گرافرز میں سے چند کو انٹرویو کے بعد فائنل بھی کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ شہزادہ ہیری نے کسی شہزادی کا چناؤ نہیں کیا بلکہ انہوں نے بڑے بھائی کی طرح ایک عام سی اداکارہ کو اپنا شریک سفر بنانے کا اعلان کیا تھا کیونکہ لیڈی ڈیانا کے بڑے صاحبزادے پرنس ولیم نے بھی ایک عام سی لڑکی کیٹ مڈلٹن کو اپنی شریک حیات بنا کر ملکہ کا رتبہ دیا تھا۔

    یہ بھی دیکھیں: برطانوی شہزادے ہیری اور اداکارہ میگھن مرکل کی نئی رہائش گاہ، تصاویر منظر عام پر

    شہزادہ ہیری کی عمر32سال ہے جبکہ ان کی منگیترامریکی اداکارہ میگھن مرکل اُن سے چار سال بڑی ہیں، یہ دونوں آپس میں گہرے دوست بھی ہیں۔  یاد رہے کہ دونوں شہزادوں کی والدہ لیڈی ڈیانا بھی کسی سلطنت کی شہزادی نہ تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پریانکا چوپڑا نے شاہی شادی میں مدعو ہونے کی تصدیق کردی

    پریانکا چوپڑا نے شاہی شادی میں مدعو ہونے کی تصدیق کردی

    برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اگلے ماہ امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے رشتہ ازدواج میں بندھنے جارہے ہیں۔ اداکارہ کی بہترین دوست اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے شاہی شادی میں مدعو کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

    امریکی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے معروف بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ انہیں شاہی شادی میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوچکا ہے۔

    پریانکا چوپڑا امریکی ٹی وی سیریز کوانٹیکو اور ہالی ووڈ فلم بے واچ میں کام کرچکی ہیں۔ میگھن مرکل سے ان کی پہلی ملاقات ایک تقریب میں ہوئی جس کے بعد وہ دونوں بہت اچھی دوستیں بن گئیں۔

    پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی دوست کے لیے بہت خوش ہیں۔ ’میں اسے 3 سال سے جانتی ہوں۔ وہ ایک مضبوط اور پرعزم عورت ہے‘۔

    وہ کہتی ہیں کہ میگھن کو صرف یہ کہہ کر نہیں پکارا جاسکتا کہ یہ شہزادے کی گرل فرینڈ ہے، ’اس کی ایک اپنی مضبوط شخصیت ہے جو اس پہچان سے کہیں زیادہ ہے‘۔

    گو کہ شاہی شادی میں ایک مہینے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے تاہم پریانکا چوپڑا کے مطابق انہوں نے شادی میں پہننے کے لیے تاحال لباس کا انتخاب نہیں کیا۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل 19 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ ان کی شادی میں برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی مدعو نہیں کیا گیا۔

    شاہی شادی میں صرف خاص مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جن کی تعداد 600 کے قریب ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔