Tag: شاہ بندر

  • شاہ بندر میں کھدائی کے دوران گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا

    شاہ بندر میں کھدائی کے دوران گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا

    کراچی: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے شاہ بندر بلاک میں ہائیڈرو کاربن کی مسلسل تیسری دریافت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی ایل نے سندھ کے ضلع سجاول کے شاہ بندر بلاک میں کنوئیں پتیجی X-1 سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

    پی پی ایل کی آپریٹنگ شپ کے تحت یہ شاہ بندر بلاک میں ہائیڈرو کاربن کی مسلسل تیسری دریافت ہے، ہائیڈرو کاربن کی دریافت سے پاکستان کی توانائی کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کی روایت کو تقویت ملی ہے۔

    پی پی ایل شاہ بندربلاک میں 63 فی صد کاروباری شراکت (ڈبلیو آئی) کے ساتھ آپریٹر ہے، کنوئیں کی کھدائی اور جانچ پی پی ایل کی تکنیکی مہارت اور انسانی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کی گئی۔

    پی پی ایل کے مطابق پتیجی X-1 کی کھدائی کے آغاز کے بعد ہائیڈرو کاربن کی جانچ کے لیے 2،475 میٹر ایم ڈی گہرائی تک کھدائی کی گئی، اور کھدائی کے ڈیٹا کی بنیاد پر ہائیڈرو کاربن کے حامل زون کی نشان دہی کی گئی۔

    جانچ کے دوران کنوئیں سے یومیہ 11.7 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور یومیہ 198 بیرل کنڈنسیٹ کی پیداوار حاصل ہوئی۔

  • شاہ بندر سندھ میں بجلی گرنے سے 3 مچھیرے جاں بحق

    شاہ بندر سندھ میں بجلی گرنے سے 3 مچھیرے جاں بحق

    سجاول: صوبہ سندھ کے ضلع سجاول کے علاقے شاہ بندر میں مچھیروں کے ٹینٹ پر بجلی گرنے کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق، جب کہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شاہ بندر سندھ میں مچھیروں کے ٹینٹ پر بجلی گرنے کے بعد پاک بحریہ نے ریسکیو آپریشن کیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ بجلی گرنے سے 3 مچھیرے جاں بحق ہوئے جب کہ 3 زخمی ہوئے، جنھیں پاک میرینز کی کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

    پاک بحریہ کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سجاول منتقل کیا جا چکا ہے، جب کہ جاں بحق افراد کی لاشیں مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مچھیرے شاہ بندر پورٹ کے قریب مچھلیاں پکڑ رہے تھے کہ ان پر آسمانی بجلی گری، جاں بحق افراد میں عبد الرزاق، اسماعیل اور دھنی بخش شامل تھے۔

    ضرور پڑھیں:  کسی شخص پر آسمانی بجلی گر پڑے تو کیا ہوگا؟

    زخمی افراد کو چہار جمالی میں پاکستان نیوی کی ٹیم نے دیہی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا۔

    یاد رہے کہ جون میں گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 7 سے زاید مکانات جل گئے تھے۔ اس سے چند دن قبل صوبہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون کا موسم جاری ہے اور مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو رہی ہیں، ایسے موسم میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آتے ہیں جس میں کئی افراد زخمی یا ہلاک ہو جاتے ہیں۔