Tag: شاہ سلمان

  • سعودی کابینہ کے شاہ سلمان کی صدارت میں اہم فیصلے

    سعودی کابینہ کے شاہ سلمان کی صدارت میں اہم فیصلے

    ریاض: سعودی کابینہ نے قانون محنت میں ترمیم کی منظوری دینے کے ساتھ 14 فیصلے بھی جاری کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت بدھ کو آن لائن اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ قانون محنت میں ترمیم کی تفصیلات ام القری سرکاری گزٹ میں شائع کی جائیں گی۔

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کابینہ کے ارکان کو سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق اور نائیجیریا کے صدر محمد بخاری کے ساتھ ٹیلی فونک رابطوں کے نتائج سے آگاہ کیا۔ نائیجریا کے صدر سے عالمی تیل منڈی میں استحکام اور توازن کی بحالی کے لیے جاری کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سعودی کابینہ نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں اور مرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی سطحوں پر کرونا وائرس کی تازہ صورت حال پر رپورٹیں بھی پیش کی گئی تھیں۔

    کابینہ اجلاس میں ہنگامی حالات کے حوالے سے تعلیمی سال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں کابینہ کو بتایا گیا کہ طلبا وطالبات، اساتذہ اور تربیتی عملے کی صحت وسلامتی کے لیے موثر انتظامات کر لیے گئے ہیں۔سعودی کابینہ نے امید ظاہر کی کہ نیا تعلیمی سال ملک وقوم کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

    اجلاس میں کابینہ نے لیبیا میں جنگ بندی سے متعلق لیبیا کی پارلیمنٹ اور صدارتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ اعلان کا پھر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مفاد کو ہر مفاد پر بالا رکھ کر قومی سیاسی مکالمہ ناگزیر ہے۔

    سعودی کابینہ ے لیبیا کے برادر عوام کے امن واستحکام کا ضامن پائیدار حل ملک کے لیے ضروری ہے، حل ایسا ہو کہ خارجی مداخلت کے سدباب کا باعث بنے۔

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبہ بند طریقے سے جان بوجھ کر مملکت میں شہریوں اور سول تنصیبات پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردں کے دھماکہ خیز ڈرونز اور بیلسٹک میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

    کابینہ نے کھیلوں کے شعبے میں جیبوتی کے ساتھ تعاون کے معاہدے، برازیل کے ساتھ ثقافتی تعاون کی مفاہمت کی یادداشت، امریکا کے ساتھ آباد کاری کی مفاہمتی یادداشت، عالمی ادارہ محنت کے تحفظ اجرت معاہدے، ماریطانیہ کے ساتھ شہری خدمات کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

    قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے امید ظاہر کی کہ نیا ہجری سال 1442 عربوں، مسلمانوں اور دنیا بھر کے انسانوں کے لیے خیر وبرکت اور امن واستحکام کا سال ثابت ہو۔

  • شاہ سلمان کی ہدایت پر بیروت کے متاثرین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ

    شاہ سلمان کی ہدایت پر بیروت کے متاثرین کے لیے مزید امدادی سامان روانہ

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی خصوصی ہدایت پر شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت سانحہ بیروت کے متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ایک اور کھیپ روانہ کردی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت سانحہ بیروت کے متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر تیسرا طیارہ بیروت پہنچ گیا۔

    امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے مرکز کے مشیر ڈاکٹر علی الغامدی نے کا کہنا تھا کہ مملکت سے بیروت کے لیے روانہ کیے جانے والے امدادی سامان کی تیسری کھیپ میں وینٹی لیٹرز، ایمرجنسی کے لیے درکار ہنگامی طبی یونٹ کے آلات، اینٹی بائیوٹک ادویات، درد کم کرنے والی مسکن ادویات، جراثیم کشن مواد، حفاظتی ماسک کے علاوہ بے گھر افراد کے لیے خیمے، کمبل، اشیائے خور و نوش کے علاوہ ڈسپوز ایبل برتن اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خصوصی شاہی فرمان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے خوفناک دھماکے کے بعد متاثرہ لبنانی عوام کے لیے فوری امدادی مہم کا آغاز کیا جائے۔

    شاہ سلمان بن عبد العزیز کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت امدادی اشیا کی ترسیل کا آغاز کردیا گیا تھا۔

    اس سے قبل جمعے کو 2 طیارے 120 ٹن سے زائد امدادی سامان لے کر بیروت کے رفیق الحریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔

  • شاہ سلمان کی علالت، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی ولی عہد کو فون

    شاہ سلمان کی علالت، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی ولی عہد کو فون

    اسلام آباد: شاہ سلمان کی علالت کے سلسلے میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد کو فون کیا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ولی عہد محمد بن سلمان کو فون کر کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خیریت دریافت کی۔

    پاکستان کے آرمی چیف نے فون پر سعودی فرماں روا کی صحت یابی کے لیے دعاؤں بھرا خصوصی پیغام دیا، شہزادہ محمد بن سلمان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے دلی جذبات پر شکریہ ادا کیا۔

    چند دن قبل وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طبیعت کی ناسازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی تھی۔

    وزیراعظم کا سعودی فرمانروا کی طبیعت ناسازی پر تشویش کا اظہار، جلد صحتیابی کیلئے دعا

    یاد رہے سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان کو 20 جولائی کو طبیعت کی ناسازی کے باعث ریاض کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال منتقل کیا گیا تھا، 84 سالہ شاہ سلمان کو پتے کی تکلیف تھی جس پر دو روز قبل ان کی سرجری کی گئی، اور پتا کامیابی سے نکال لیا گیا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق شاہ سلمان چند دن اور اسپتال میں داخل رہیں گے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز 2015 سے سعودی عرب کے بادشاہ ہیں، بادشاہت ملنے سے قبل تقریباً ڈھائی سال وہ سعودی عرب کے ولی عہد بھی رہے جب کہ انھوں نے 50 سال ریاض کے گورنر کے فرائض بھی سرانجام دیے۔

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم اقدام

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم اقدام

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تنظیم (ایل ای سی ایس او) کی ایگزیکٹو کونسل میں سعودی عرب کے نمائندے کے طور پر ہانی بن مقبل المقبل کی نامزدگی کی منظوری دے دی ہے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبد اللہ بن فرحان نے المبقل کو مذکورہ اہم اور بڑے عہدے کے لیے منتخب کیا جس کی منظوری آج شاہ سلمان نے دے دی۔ شہزادہ بدر سعودی قومی کمیشن برائے تعلیم، ثقافت اور سائنس کے چیئرمین بھی ہیں۔

    خیال رہے کہ عرب لیگ کے نومنتخب نمائندے المقبل کو مختلف اداروں میں 17 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے وہ مختلف ایگزیکٹو ٹریننگ پروگراموں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

    انہوں نے ہارورڈ بزنس اسکول سے معیشت سے متعلق خاص ڈگری حاصل کی۔ وہ کنگ سعود یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلر کی ڈگری بھی حاصل کرچکے ہیں۔

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے بڑے ریلیف کا اعلان

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے بڑے ریلیف کا اعلان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سعودی عرب میں موجود غیر ملکیوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے غیرملکیوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی۔غیرملکیوں کے اقاموں میں اگلے 3 ماہ کے لیے بغیر فیس کے آن لائن تجدید ہوگی۔

    سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی مسائل کے اثرات کم کرنے کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی امداد کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق ان تمام غیر ملکیوں کے ایگزٹ ری انٹری ویزوں میں 3 ماہ کی مفت توسیع ہوگی جو بیرون ملک موجود ہیں اور پروازوں کی معطلی کی وجہ سے واپس نہیں آسکے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں موجود ان تمام غیر ملکیوں کے اقاموں اور وزٹ پر آنے والوں کے ویزوں میں بھی 3 ماہ کی مفت توسیع کی گئی جن کے اقامے اور ویزے پروازوں کی معطلی کے دوران ختم ہوئے ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق شاہی فرمان میں مذکورہ بالا استثنائی صورتوں پر حسب ضرورت نظر ثانی اور تبدیلی ہوتی رہے گی۔

  • شاہ سلمان نے حرمین شریفین میں نماز عید ادا کرنے کی منظوری دیدی

    شاہ سلمان نے حرمین شریفین میں نماز عید ادا کرنے کی منظوری دیدی

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین شریفین میں نماز عید الفطر ادا کرنے کی منظوری دے دی۔

    عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین میں نماز عید ادا کرنے کی منظوری دے دی گئی، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین شریفین میں نماز عید ادا کرنے کی منظوری دی۔

    شاہ سلمان نے کہا کہ مسجد الحرام، مسجد نبوی میں مختصر عملے کے ساتھ نماز ادا کی جائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے دیگر مقامات پر نماز عید کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ مساجد کے لاؤڈ اسپیکر سے عید کی تکبیریں بلند کرنے کی اجازت ہوگی۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب، عید الفطر 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے گی

    حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عوام اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’اللہ تعالی کی ذات سے امید ہے کہ جلد ہی یہ وبا ٹل جائے گی اور مسلمان پہلے کی طرح جمعہ اور جماعت ادا کرسکیں گی‘۔

  • سعودی فرمانروا کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے تحفہ

    سعودی فرمانروا کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے تحفہ

    ریاض: سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے آسٹریلیا، تھائی لینڈ، یمن، فلسطین اور افریقی ممالک میں رمضان راشن پیکٹ تقسیم کروائے جارہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا کے مسلمانوں میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے رمضان راشن پیکٹ تقسیم کروائے گئے ہیں۔

    سعودی سفیر مساعد بن ابراہیم السلیم نے کہا کہ سفارتخانے نے آسٹریلیا کے اسلامی مراکز اور انجمنوں کے تعاون سے آسٹریلیا، جمہوریہ فجی کے جزائر، نیوگنی اور آس پاس کے جزائر میں آباد ناداروں میں رمضان راشن پیکٹس تقسیم کروائے ہیں۔

    اس سے قبل شاہ سلمان مرکز فلسطین میں 1 ہزار 15 رمضان راشن پیکٹ تقسیم کروا چکا ہے جبکہ غزہ پٹی میں بھی رمضان راشن کی تقسیم جاری ہے، یمن اور سوڈان میں بھی راشن کی تقسیم کی جا چکی ہے۔

    ادھر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے سرکاری ٹی وی نے روزہ داروں کے لیے خادم حرمین شریفین افطار راشن اسکیم پر پروگرام پیش کیا ہے۔

    وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح بینکاک میں بھی افطار پروگرام چلا رہی ہے جس سے تھائی لینڈ کے متعدد علاقوں کے ضرورت مند لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

    تھائی لینڈ کے تمام صوبوں میں یہ فلاحی کام انجام دیا جائے گا خصوصاً جنوبی صوبوں میں جہاں مسلمان بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ جنوبی صوبوں میں ڈھائی ہزار اور شمالی صوبوں میں ڈھائی سو جبکہ مشرقی صوبوں میں بھی اتنے ہی رمضان راشن پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔

    روزہ داروں کے لیے افطار پروگرام کو دنیا بھر کے مسلم حلقوں میں پذیرائی مل رہی ہے، کرونا وائرس کے بحران کے مدنظر غیر مسلم بھی اسے پسندیدگی کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔

  • مسلمان ممالک کے ساتھ اخوت کے رشتے استوار کرنے کے لیے سعودی فرمانروا کا تحفہ

    مسلمان ممالک کے ساتھ اخوت کے رشتے استوار کرنے کے لیے سعودی فرمانروا کا تحفہ

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ماہ رمضان کے دوران اخوت و محبت کے رشتے استوار کرنے کے لیے 24 ممالک کے لیے کھجوروں کا تحفہ بھجوا دیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے دنیا کے 24 ممالک کے لیے 200 ٹن اعلیٰ کوالٹی کی کھجوروں کا تحفہ بھیجا گیا ہے۔

    یہ تحفہ رمضان کے دوران مسلمانان عالم کے ساتھ سعودی عرب کے ساتھ اخوت و محبت کے رشتے استوار کرنے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

    وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کھجوروں کا تحفہ پیر کو مملکت سے روانہ کروایا ہے۔ کھجوریں مشرقی ریجن کی الاحسا کمشنری میں واقع کھجور فیکٹری کے ہیڈ کوارٹر سے بھجوائی گئی ہیں۔

    یہ کھجوریں سعودی سفارتخانوں اور دینی اداروں کے تعاون سے تقسیم ہوں گی۔

    سیکریٹری وزرات برائے دعوتی امور ڈاکٹر محمد العقیل نے بتایا کہ شاہی ہدایت پر وزارت نئے ہجری سال کے شروع سے ہی دنیا بھر کے مسلمانوں کی اہم ضروریات پر مشتمل رپورٹ تیار کر لیتی ہے۔

    اس کے تحت 24 سے زیادہ ملکوں کو مختلف امدادی اشیا روانہ کی جاتی ہیں جبکہ رمضان میں کھجوروں کا تحفہ خود شاہ سلمان بن عبد العزیز کی جانب سے بھجوایا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر محمد العقیل نے بتایا کہ سعودی عرب 18 سے زائد ممالک میں افطار پروگرام بھی نافذ کررہا ہے، یہ پروگرام بھی خادم حرمین شریفین کی جانب سے ہے۔

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا مثالی اقدام

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا مثالی اقدام

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے افطار منصوبے کے لیے مالی مدد میں اضافہ کردیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی فرمانرواں شاہ سلمان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں افطار منصوبے کے لیے مختص رقم میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

    سعودی عرب ہر سال ماہ صیام میں سعودی عرب 18 ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 10 لاکھ روزہ داروں کا افطار کرواتا ہے جس سے متعلق مختص رقم میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    شاہ سلمان کا تحفہ پاکستان پہنچ گیا

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے مختص رقم کو بڑھا کر 50 لاکھ ریال کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اٹھارہ ممالک میں قائم سعودی سفارتخانے اور اسلامی مراکز افطار کے انتظامات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    کابینہ اجلاس سے متعلق جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رمضان بجٹ اضافے کی منظوری کے علاوہ اجلاس میں یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے اتحاد کے اعلان کردہ مؤقف پر زور دیا گیا۔

    دریں اثنا مملکت میں کرونا پر قابو پانے سے متعلق حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔

  • شاہ سلمان کا تحفہ پاکستان پہنچ گیا

    شاہ سلمان کا تحفہ پاکستان پہنچ گیا

    اسلام آباد: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے راشن پیکج پاکستان پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان کے فلاحی ادارے ‘کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر’ نے راشن پیکج پاکستان کے حوالے کردیا، لاک ڈاؤن سے متاثرین اور مستحقین تک راشن پہنچانے کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

    امدادی پیکج میں دیے گئے ہر راشن کے بیگ میں 10 کلو آٹا، 5 کلو چینی، 5 کلو چاول، 5 لیٹر ککنگ آئل، 2 کلو خشک دودھ، آدھا کلو چائے کی پتی اور 2 کلو کھجوریں شامل ہیں۔

    امدادی سامان کی مالیت تقریباً 16 کروڑ 61 لاکھ ہے، راشن حکومت پنجاب کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا، انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ تقسیم کا مرحلہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

    رمضان المبارک: شاہ سلمان کا 18 ممالک کے شہریوں کے لیے بڑا اعلان

    پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے راشن بیگز کی صورت میں امدادی سامان جمعرات کو اسلام آباد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے سپرد کیا تھا۔

    خیال رہے کہ 5 ٹیمیں راشن کی تقسیم کے امور کی نگرانی کررہی ہیں۔ اس راشن پیکج سے پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ امداد کی تقسیم میں دیگر متعلقہ اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔