Tag: شاہ سلمان

  • رمضان المبارک: شاہ سلمان کا 18 ممالک کے شہریوں کے لیے بڑا اعلان

    رمضان المبارک: شاہ سلمان کا 18 ممالک کے شہریوں کے لیے بڑا اعلان

    ریاض: سعودی فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 18 ممالک سے تعلق رکھنے والے روزہ داروں کو افطار کرانے کے حوالے سے مختص بجٹ میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہر سال ماہ صیام میں سعودی عرب 18 ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 10 لاکھ روزہ داروں کا افطار کرواتا ہے جس سے متعلق مختص رقم میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے مختص رقم کو بڑھا کر 50 لاکھ ریال کردیا گیا ہے۔

    کرونا وائرس، شاہ سلمان کا بڑے ریلیف کا اعلان

    سعودی وزیر اسلامی امور اور دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبد العزیز آل الشیخ نے اس اہم اقدام کو سراہا اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی تعریف کی، کرونا کے باعث بجٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ خادم حرمین کو مسلمان بھائیوں کی ضرورت کا خیال ہے۔ واضح رہے کہ اٹھارہ ممالک میں قائم سعودی سفارتخانے اور اسلامی مراکز افطار کے انتظامات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

  • کرونا وائرس: سعودی عرب کا یمن اور فلسطین کے لیے امداد کا اعلان

    کرونا وائرس: سعودی عرب کا یمن اور فلسطین کے لیے امداد کا اعلان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے امدادی مرکز کی جانب سے یمن اور فلسطین کے لیے طبی امداد کا اعلان کیا گیا ہے جو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امدادی مرکز کی جانب سے یمن اور فلسطین کے لیے طبی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

    سینٹر کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ کی سربراہی میں اس اجلاس میں 6 نئے معاہدوں پر دستخط کیے گئے، متاثرہ ممالک میں وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لیے خصوصی کمپنیاں یمن اور فلسطین کو امدادی سامان مہیا کریں گے۔

    ان معاہدوں کے تحت دونوں ممالک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے طبی امدادی سامان کی فوری فراہمی ہوگی۔

    ہنگامی اجلاس میں کرونا وائرس پھیلنے سے متاثرہ بہت سے دوسرے ممالک کو ضروری طبی امدادی سامان فراہم کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل بھی عالمی ادارہ صحت کی اپیل کے جواب میں سعودی عرب نے فوی طور پر 10 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔

  • کروناوائرس سے نمٹنے کے لیے شاہ سلمان کا ایک اور بڑا اقدام

    کروناوائرس سے نمٹنے کے لیے شاہ سلمان کا ایک اور بڑا اقدام

    ریاض: سعودی عرب میں وبائی مرض کروناوائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کردیے گئے، خادم حرمین شریفین نے مزید 7 ارب ریال کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نےکرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مزید 7 ارب ریال کی منظوری دی ہے، اس سے قبل 8 ارب ریال کی منظوری کا شاہی فرمان جاری ہوا تھا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فرمانرواں سے وبائی مرض کے خلاف جنگ میں اضافی ریال کی درخواست کی تھی۔ مجموعی طور پر یہ رقم 15 ارب ریال ہوگئی۔

    کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں

    سعودی وزیرصحت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے صحت کے اداروں کی تیاریوں کا معیار بلند ہوگا، مطلوبہ دوائیں وافر مقدار میں فراہم کی جاسکیں گی۔ جبکہ ہینڈ سینی ٹائزرز اور سرجیکل ماسک بھی میڈیکل اسٹورز کو فراہم کی جائیں گی۔

    سعودی وزیر صحت نے رواں سال کے آخر تک کے لیے مزید 32 ارب ریال کے بجٹ کی درخواست کی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اب تک کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں ہے۔

  • شاہ سلمان کا سعودی ملازمین کے لیے بڑا اعلان

    شاہ سلمان کا سعودی ملازمین کے لیے بڑا اعلان

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو ماہانہ فی کس 9 ہزار ریال دینے کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرمانرواں نے مملکت میں نجی اداروں کے ’سعودی ملازمین‘ کے لیے ماہانہ فی کس 9ہزارریال دینے کا اعلان کیا ہے۔ مذکورہ اعلان کروناوائرس کے تناظر میں نافذ کرفیو کے باعث سامنے آیا۔

    حکومت نے 9 ارب ریال کا امدادی پیکیج مختص کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی کارکنوں کو 3 ماہ تک سوشل سکیورٹی انشورنس کی جانب سے 9 ہزار ریال ماہانہ ادا کیے جائیں گے تاکہ انہیں معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    دنیا بھر کی طرح سعودی عرب بھی کروناوائرس سے لڑرہا ہے جس کے پیش نظر نجی اور سرکاری کاروباری دفاتر بند ہیں، سعودی ملازمین کی معاشی مشکلات حل کرنے کے لیے حکومت نے ریال دینے کا اعلان کیا۔

    سعودی حکام نے آن لائن ٹرازیکشن فیس معاف کردی

    سعودی حکام نے کرونا کی موذی وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ملک بھر میں سرکاری و نجی ادارے بند کیے ہوئے ہیں اور ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جبکہ اکاؤنٹ ہولڈرز کو بھی آن لائن خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

    حال ہی میں سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کی جانب سے صارفین کی سہولت کے لیے چھ ماہ تک آن لائن فیس معاف کی گئی، حکام کا یہ فیصلہ اقتصادی شعبوں پر منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 2039 ہوگئی ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کے تمام مریضوں کا علاج مفت کرنے کا شاہی فرمان

    سعودی عرب: کرونا وائرس کے تمام مریضوں کا علاج مفت کرنے کا شاہی فرمان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے آن لائن اجلاس میں کرونا وائرس سے متاثرہ تمام افراد بشمول اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج مفت کروانے کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا، کابینہ نے اندرون و بیرون ملک سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے صحت انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی پابندی پر سعودی شہریوں کو سراہا۔

    اجلاس میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی سے متعلق خصوصی رپورٹ پیش کی گئی، کابینہ نے تمام متعلقہ اداروں خصوصاً وزارت صحت کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

    سعودی کابینہ نے اس بات پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا کہ شہریوں کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے سلسلے میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔

    اجلاس کے بعد قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے بتایا کہ کابینہ نے کہا کہ تمام سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مفت فراہم کرنے کا شاہی فرمان انسانیت نوازی کی علامت ہے۔

    کابینہ نے تجدید پذیر توانائی کے شعبے کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ کمیٹی تشکیل دی جس کا سربراہ ولی عہد کو مقرر کیا گیا۔ وزیر توانائی کو اسپین میں ایٹمی سلامتی کونسل کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے سلسلے میں معلومات کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت کا اختیار بھی تفویض کیا گیا۔

    وزیر داخلہ کو انٹر پول کے ساتھ مملکت میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کا ریجنل آفس قائم کرنے کے لیے معاہدے کا اختیار سپرد کیا گیا۔

    اجلاس میں متعدد تقرریاں بھی کی گئیں، ڈاکٹر ریما بنت صالح العذل کو نجی اداروں اور دیمہ بنت عبد العزیز آل الشیخ کو این جی اوز کا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔

  • کروناوائرس: سعودی عرب میں جی20 ممالک کا اجلاس، شاہ سلمان کا اہم خطاب

    کروناوائرس: سعودی عرب میں جی20 ممالک کا اجلاس، شاہ سلمان کا اہم خطاب

    ریاض: سعودی عرب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی زیر صدارت جی 20 ممالک کا اجلاس ہوا جس میں کروناوائرس کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جی 20 ممالک کے اجلاس میں کروناوائرس کے انسداد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے متاثرین کی صحتیابی کے لیے تہہ دل سے دعاگو ہیں، وائرس سے عالمی تجارت اور معیشت بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، دوست ممالک اور متعلقہ تنظیموں سے مل کر کام کررہے ہیں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات قابل تحسین ہیں۔

    کروناوائرس: سعودی ولی عہد کا اہم اقدام

    شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ کرونا کے خلاف عالمی ادارہ صحت کے مکمل حامی ہیں، کرونا کے لیے مضبوط ویکسین تلاش کرنے کے لیے تعاون ہماری ذمہ داری ہے، ضروری طبی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری کوششیں کرنی چاہیے، مہلک وائرس سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔

    سعودی فرمانراں نے مزید کہا کہ وبائی بیماریوں سے نمٹنے کیلئے لیے عالمی سطح پر تیاریوں کو مضبوط بنانا چاہئے۔

  • کرونا وائرس: شاہ سلمان کی مدد پر چینی صدر کا شکریہ

    کرونا وائرس: شاہ سلمان کی مدد پر چینی صدر کا شکریہ

    بیجنگ: چینی صدر ژی جنگ پنگ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مدد کرنے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو فون کر کے شکر گزاری کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر ژی جنگ پنگ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو فون کیا، چینی صدر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے حمایت اور مدد کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب چین کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے، سعودی عرب چین کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑا ہے اور چین کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے لیے کام کرتا رہے گا۔

    سعودی عرب نے چین کے کرونا وائرس سے متعلق اقدامات کو بھی سراہا۔

    چینی حکام کے مطابق اب تک پاکستان، امریکا، برطانیہ، جاپان، روس اور دیگر ممالک نے میڈیکل آلات، ماسک، حفاظتی کپڑے اور دیگر سامان بھجوایا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو ہدایت کی تھی کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر امدادی سامان اور ادویات چین روانہ کریں تاکہ کرونا وائرس کی روک تھام سے ہونے والے نقصانات پر قابو پانے میں چین کو مدد مل سکے۔

    دوسری جانب چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اب تک جان لیوا وائرس سے 636 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں، پورے چین میں 31 ہزار افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    چین سے باہر کرونا سے متاثرہ 191 کیس سامنے آئے ہیں تاہم ان میں ہلاکتوں کی تعداد صرف 2 ہے۔

  • پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے، شاہ سلمان

    پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے، شاہ سلمان

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے، سعودی عرب پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی نے وفد کے ہمراہ سعودی فرمانروا سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز اورتنازعات کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سعودی فرمانروا کو کشمیر کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو سے معمولات زندگی مفلوج ہے، کرفیو کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں خوراک، ادویات کی قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب  پاکستان کا سچا دوست اور مخلص بھائی ہے۔

    دوسری جانب سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا کہ اُمت کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مسلم ممالک میں اتحاد ناگزیر ہے، خطے میں امن اور مسلم ممالک میں اتحاد کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔

    شاہ سلمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات سے پر امن طور پرحل کیا جائے، سعودی عرب مسئلہ کشمیر کا یو این قراردادوں کے مطابق پرامن حل چاہتا ہے۔

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے، سعودی عرب پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

  • سعودی شہزادہ فیصل بن فہد انتقال کرگئے

    سعودی شہزادہ فیصل بن فہد انتقال کرگئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہزادے فیصل بن فہد بن مسہری بن جلوی السعود انتقال کرگئے۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہزادہ فیصل بن فہد بن مسہری بن جلوی السعود دار فانی سے کوچ کرگئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فہد، شہزادہ فہد بن مسہری کے بیٹے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق فہد بن مسہری سعودی عرب القاسم ضلع کے سابقہ شہزادے تھے۔

    شہزادہ فیصل بن فہد کی نماز جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی گئی۔

    شہزادہ فیصل بن فہد کے انتقال پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ودیگر نے اظہار تعزیت کیا ہے۔

  • حج کے لیے آئے اللہ کے مہانوں کی خدمت پر فخر ہے، سعودی فرمانروا

    حج کے لیے آئے اللہ کے مہانوں کی خدمت پر فخر ہے، سعودی فرمانروا

    ریاض: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو حج کے لیے آنے والے اللہ کے معزز مہمانوں کی خدمت پر فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منیٰ کے شاہی محل میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے دنیا بھر سے حج کے لیے آئی اہم شخصیات اور دیگر مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق اس موقع پر عالمی رہ نماﺅں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی۔ معزز مہمانوں سے خطاب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے حوالے سے سعودی عرب کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور سہولیات کا تذکرہ کیا اور ساتھ ہی کہا کہ مملکت اللہ کے مہمانوں کی بہتر سے بہتر خدمت کا عمل جاری رکھے گی۔

    انہوں نے دنیا کے کونے کونے سے آئے مسلمان عالمی رہ نماﺅں اور دیگر حجاج کرام کو حج کی ادائی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حج جیسی عظیم عبادت عالم اسلام کے اتحاد، رواداری، مذاکرات اور اخوت کا درس دیتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں تمام حجاج کرام کو فریضہ حج کی ادائی پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں اور سب کے کیے اس حج کو خیر، بھلائی کا ذریعہ قرار دینے کے لیے دعا گو ہوں۔

    امت نفرتیں ختم کرے، متحد ہوکر امن سے رہے، خطبہ حج

    شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہماری توجہ کا مرکوز محور حجاج کرام اور ان کی خدمت ہے، اللہ کے مہمانوں کی بہتر خدمت اور حج کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

    شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ فرئضہ حج کی ادائیگی کے کے لیے دنیا بھر کے 130 ملکوں اور 170 نسلوں کے اڑھائی ملین مسلمان میدان عرفات میں جمع تھے۔ یہ سب ایک ہی عظیم مقصد اور ایک عظیم عبادت کے لیے جمع تھے۔ میں حج کو پرامن رکھنے میں بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔