Tag: شاہ فیصل کالونی

  • 6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار

    6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی پولیس نے ایک کارروائی میں 4 ملزمان پر مشتمل ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی پولیس نے 6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا ہے، ملزمان سے دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ سے چھینا گیا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    ترجمان کورنگی پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے چھ روز قبل اسلحے کے زور پر سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینا تھا، ملزمان کی اسلحہ چھینتے وقت کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    کورنگی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے 16 موبائل فون، 4 ٹی ٹی پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، ملزمان میں ارشد، اشہد، وقاص اور محمد عبداللہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے، ملزمان پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

    کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا

    خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے عالمگیر روڈ پر ایک کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق چور نے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اے سی پینل اور ٹی وی نکال لیا تھا۔

  • 2015 میں نوجوان کے اغوا، قتل اور لاش جلانے کا مرکزی ملزم گرفتار

    2015 میں نوجوان کے اغوا، قتل اور لاش جلانے کا مرکزی ملزم گرفتار

    کراچی: 2015 میں شاہ فیصل کالونی سے نوجوان کے اغوا کے بعد قتل اور لاش جلانے کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم عدیل کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم عدیل نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر محلے دار اور دوست بلال کو تاوان کے لیے اغوا کیا، بعد ازاں نوجوان پر تشدد کر کے اسے جان سے مارا اور لاش جلا دی۔

    [bs-quote quote=”ملزم عدیل واردات کے بعد دبئی فرار ہو گیا تھا: سی ٹی ڈی
    ملزمان کی گرفتاری پر سکون ملا: والد رضوان” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ملزم عدیل واردات کے بعد دبئی فرار ہو گیا تھا، اس نے اغوا کے اگلے ہی روز مغوی کو قتل کر دیا تھا اور مغوی کی لاش کمبل میں لپیٹ کر آگ لگا دی تھی۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مقتول بلال نجی یونی ورسٹی میں میڈیا سائنس کا طالب علم تھا، ملزم عدیل نے مغوی کو تاوان کے لیے اغوا کیا اور مزاحمت پر قتل کر دیا، اغوا اور قتل میں پہلے ہی دو ملزمان گرفتار تھے۔

    راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ بلال کی لاش جلنے کے بعد نا قابلِ شناخت ہوگئی تھی، ملزم عدیل کو رینجرز نے بھی گرفتار کیا تھا لیکن اس نے  اعتراف نہیں کیا، عدیل مقتول بلال کا دوست اور محلے دار تھا، ملزم کو معین آباد مہران ڈپو کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 5 دہشت گرد گرفتار


    دریں اثنا مقتول نوجوان کے والد رضوان نے کہا کہ بیٹے کی سال گرہ پر دوست ساتھ لے گئے تھے، اس کے بعد کچھ پتا نہیں چلا، جس پر کیس سی ٹی ڈی میں ٹرانسفر کرایا، ملزمان کے پاس بیٹے کا موبائل تھا جس سے وہ ٹریس ہوئے، ملزم نعمان اور دانش کو پہلے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عدیل کافی عرصے سے دبئی میں تھا، ملزم کی شناخت کر لی ہے، ملزمان کی گرفتاری پر اہلِ خانہ کو سکون ملا، بیٹے کو بہت برے طریقے سے مارا گیا، آخری وقت میں بچے کا چہرہ بھی نہ دیکھ سکے تھے۔

    مقتول کے والد رضوان نے مزید بتایا کہ بلال میڈیا سائنس پڑھ رہا تھا، وہ نیوز میں آنا چاہتا تھا، ملزمان رحم کے قابل نہیں ہیں، اپیل کرتا ہوں جلد سے جلد ملزمان کو سزائیں دی جائیں۔

  • کراچی اوراندرون سندھ ایم کیوایم، پی پی اور ف لیگ کے کارکنان میں جھگڑا، متعدد زخمی

    کراچی اوراندرون سندھ ایم کیوایم، پی پی اور ف لیگ کے کارکنان میں جھگڑا، متعدد زخمی

    کراچی : ملک بھر میں انتخابی گہما گہمی بڑھنے کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا پارہ بھی ہائی ہوتا جارہا ہے، کراچی اور خیرپور میں ریلیوں کے دوران تصادم کےنتیجے میں بارہ افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018کے سلسلے میں سندھ بھر میں سیاسی کارکنان اپنی جماعتوں کی مہم زور شور سے چلا رہے ہیں اس دوران مختلف مقامات پر کارکنا ن میں تلخ کلامی کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔

    کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر پانچ میں ریلی کے دوران ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کارکن آمنے سامنےآگئے، نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ سے کشیدگی بڑھ گئی، ایک سیاسی جماعت کے کیمپ میں توڑ پھوڑ اور پتھراؤ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    خیرپورمیں پیپلزپارٹی اورفنکشنل لیگ کے کارکنوں میں تصادم کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں  دس سے زائد کارکن ڈنڈے اور لاٹھیاں لگنے سے  زخمی ہوگئے، واقعہ پی پی امیدوارجاویدشاہ، نواب وسان کی ریلی کے دوران پیش آیا۔

    اس کے علاوہ گھوٹکی میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دیں، ایم ایم اے کے امیدوارکی ریلی میں کھلے عام اسلحے کی نمائش کی گئی، امیدوارجام سیف اللہ کےٹرک پر سوار افراد اسلحے کی نمائش کرتے رہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • کراچی، تالے توڑ کردکانیں لوٹنے والا ملزم گرفتار

    کراچی، تالے توڑ کردکانیں لوٹنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : الفلاح پولیس نے شاہ فیصل کالونی میں دکانوں کے کنڈے کاٹ کرنقب لگانے والےملزم ریحان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الفلاح پولیس نے کاررواِئی کرتے ہوئے کنڈے کاٹ کر دکانے لوٹنے والا ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے الفلاح پولیس تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم ریحان نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ رات گئے شاہ فیصل کالونی کی مارکیٹ میں واقع دکانوں کے تالے توڑ کرنقب لگا لیا کرتا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے گروہ میں سات سے آٹھ جرائم پیشہ افراد شامل ہیں،اس سے قبل ملزم کے خلاف غیرقانونی اسلحے سمیت تین مقدمات درج ہیں گرفتارملزم ریحان 2013 سے 2015 تک 2 بار جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ ملا ہے ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہے جس کی روشنی میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

    واضح رہے شاہ فیصل کالونی مارکیٹ کے تاجروں نے بند دکانوں کے تالے توڑ کر لوٹنے کے حوالے کئی بارپولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے الفلاح تھانے نے ملزم کو گرفتارکرلیا۔

  • کراچی میں رینجرز کی کارروائی،اسلحے کابڑا ذخیرہ برآمد

    کراچی میں رینجرز کی کارروائی،اسلحے کابڑا ذخیرہ برآمد

    کراچی کے علاقے شاہ فیصل اور برنس روڈ کے قریب رینجرز کی کارروائیاں، زمین میں چھپایاگیا اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر شاہ فیصل کالونی ملیر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئیے سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے زیر استعمال خطرناک اسلحے کا ایک بہت بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحہ میں ایک عدد آر پی جی سیون، آٹھ عدد راکٹ لانچر بمعہ سات عدد فیوز، تین عددہیوی مشین گن بمعہ 1820 راؤنڈ، اور پانچ میگزین، ایک عدد رائفل جی تھری، بمعہ 1105 راؤنڈ، اور دو عدد میگزین، آٹھ عد ایس ایم جیز بمعہ 1018 راؤنڈ، اور 12 میگزین، دو عدد سیون ایم ایم رائفل بمعہ 250 راؤنڈ اور ایک میگزین، 12 بور رائفل کے 17 کارتوس اور دو عددواکی ٹاکی سیٹ شامل ہیں، برآمد کیاگیا اسلحہ اور ایمونیشن شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونا تھا ۔

    Rangers

    رینجرز نے برنس روڈ میں سیکٹر آفس کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی کی جہاں زمین میں چھپایا گیا اسلحہ اورگولیاں برآمد کی گئیں، رینجرز ذرائع کے مطابق زمین سے نکلنے والے اسلحہ میں 14 ہتھیار اور آٹھ ہزار سے زائد گولیاں ہیں ، رینجرز حکام کے مطابق کاررائی گرفتار ملزم کی نشاندھی میں کی گئی۔

  • رینجرز کی شاہ فیصل میں کارروائی، کریکر حملوں میں ملوث ملزم گرفتار

    رینجرز کی شاہ فیصل میں کارروائی، کریکر حملوں میں ملوث ملزم گرفتار

    کراچی : رینجرز نے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے کریکر حملوں میں ملوث ملزم کامران عرف کامو کو شاہ فیصل سے گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کو پہلے سے گرفتار سید احمد حسین اور عبداللہ کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا، ملزم کامران کورنگی میں رینجرز کی چوکیوں پر ہونے والے حالیہ کریکر حملوں میں ملوث ہے۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ کامران عرف کامو کا تعلق ایم کیو ایم کے عسکری ونگ سے ہے اور ملزم شہر میں بدامنی پھیلانے کی کاروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

    قبل ازیں رینجرز نے چوکیوں پر حملوں میں مبینہ طور پر ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کے تین ارکان سید احسن عرف ایس پی، عبداللہ صدیقی عرف پاگل اور اسد اللہ صدیقی کو گرفتار کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : رینجرزچوکیوں پرحملوں میں ملوث ملزمان کا اعتراف جرم

     رینجرز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں ملزمان نے دورانِ تفتیش چوکیوں پر کریکر حملوں سمیت دیگر جرائم کا اعتراف کیا ہے اور 6 افراد پر مشتمل گروپ کی نشاندہی کی ہے جو شہر میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے میں ملوث ہے، ملزمان نے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر وارداتوں میں کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    واضح رہے کہ رینجرز نے تینوں ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دیا ہوا ہے۔

  • گورنرسندھ نے سرکاری اسکول مسمارکرنیکا نوٹس لے لیا

    گورنرسندھ نے سرکاری اسکول مسمارکرنیکا نوٹس لے لیا

    کراچی : شاہ فیصل کالونی میں واقع سرکاری اسکول کو مسمار کرکے گھر تعمیر کرنے کا گورنر سندھ نے نوٹس لے لیا۔ سرکاری اسکول پر چند ماہ قبل بھی قبضہ کیا گیا تھا۔

    جس کی ایف آئی آر ڈائریکٹر عبدالوہاب عباسی نے کئی ماہ قبل درج کرائی تھی، دو افراد کو نامزد بھی کیا گیا تھا تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    موسم سرما کی تعطیلات کے بعد جب دوبارہ اسکول کھلے تو اسکول کی عمارت مسمار ہوچکی تھی ، طلبہ و طالبات کھلے آسمان تلے پتھروں پر بیٹھے ہوئے تھے۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شاہ فیصل کالونی مین واقع سرکاری اسکول کا تفصیلی معائنہ کیا ،گورنر سندھ کے ساتھ کمشنر کراچی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    گورنر سندھ کاکہنا تھا کہ فوری طور پر اسکول سے قبضہ ختم کرایا جائے، اور اسکول کو فوری طور پر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

    اسکول کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کاکہنا تھا کہ اسکول کی عمارت سے قبضہ ختم کرانے کے احکامات جاری کردیے ہیں ۔

    کوشش ہوگی کہ کل سے ہی تعمیراتی کام کا آغازکردیا جائے، انہوں نے کہا کہ محکمہ ورکس ڈپارٹمنٹ کے مطابق ز مین محکمہ تعلیم کی ملکیت ہے۔تعطیلات کے دوران اسکول کی عمارت پر قبضہ کیا گیا ۔

    گورنرسندھ کاکہنا تھا کہ سرکاری اسکول پر قبضہ ناقابل برداشت ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی اعتراض تھا تو وہ عدالت سے رجوع کرتا تاہم یہ طریقہ غلط ہے کہ بچوں کو تعلیم سے محروم کردیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہوگی اور اساتذہ کرام اس موجودہ ماحول میں بھی تدریس جاری کرنے کو تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آروائی نیوز ساڑھے پانچ ماہ قبل اسکول پر قبضے کی نشاندھی کرچکا ہے ۔اے آروائی پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈائریکٹر اسکولز عبدالوہاب عباسی نے قبضہ مافیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔