کراچی (05 اگست 2025): تھانے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد شاہ لطیف تھانے کا ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے شاہ لطیف تھانے میں فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں تھانے کے ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ ایس ایچ او سمیت تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ایس ایس پی ملیر نے شاہ لطیف تھانہ میں فائرنگ کے واقعے کی انکوائری کی تو معلوم ہوا کہ فائرنگ کرنے والا اور اس کا ساتھی ایس ایچ او کی اسپیشل پارٹی میں شامل تھے، جب کہ ایس ایچ او اور ہیڈ محرر نے واردات کے ثبوت بھی مٹائے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں ایس ایچ او شاہ لطیف، ہیڈ محرر، اور فائرنگ کرنے والے عاطف اور شاہ زیب گرفتار ہیں۔
کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
قبل ازیں یہ پولیس کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ 2 نوجوان ایک شخص کو پکڑ کر شاہ لطیف تھانے لائے اور بتایا کہ یہ ڈکیت ہے، پھر نوجوانوں کا لائے گئے شخص کے ساتھ جھگڑا ہوا، ایک نے پستول نکال لی، تھانے میں جھگڑے کے دوران گولی چلی جو مبینہ ڈکیت کو لگ گئی۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر خالق پیرزادہ کے مطابق گولی لگنے سے نوجوان موقع پر دم توڑ گیا تھا، دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے کر تحقیقات کی گئی کہ تھانے کے اندر مارا گیا شخص ڈاکو ہے یا نہیں، تو معلوم ہوا کہ وہ دونوں ایس ایچ او کی اسپیشل پارٹی میں شامل تھے۔