اسلام آباد(30 جولائی 2025): قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے بعد قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز نے بھی چیف جسٹس کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے 9 مئی کے مقدمات میں عدالتی کارروائیوں پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا۔
خط میں شبلی فرازنے لکھا 9 مئی کے مقدمات میں فئیر ٹرائل اور بنیادی انسانی حقوق پامال ہوئے، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے عدلیہ کا کردار سب سے اہم ہے، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ اپنا آئینی کردار ادا کریں۔
سینیٹر شبلی فراز نے اپیل کی ہے کہ پولیس اور پراسیکیوشن کی جانبداری کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائے اور 9مئی کے تمام کیسز کا آئینی اصولوں کے مطابق جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے خط میں مشکوک مقدمات کو دوبارہ کھولنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف اورجمہوریت کا تحفظ عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔