Tag: شجرکاری مہم

  • شجر کاری منصوبوں کی سماعت، سپریم کورٹ کا سندھ اور کے پی پر اظہار برہمی

    شجر کاری منصوبوں کی سماعت، سپریم کورٹ کا سندھ اور کے پی پر اظہار برہمی

    اسلام آباد: ملک میں شجر کاری منصوبوں کے سلسلے میں سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سندھ اور خیبر پختون خوا پر اظہار برہمی کیا، عدالت نے بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگانے کی عدالتی تصدیق کا بھی عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے منصوبے کی تمام تفصیلات طلب کر لیں، سپریم کورٹ نے کہا آگاہ کیا جائے منصوبے پر اب تک کتنے فنڈز خرچ ہوئے، فنڈز خرچ ہونے کا جواز بھی معہ ریکارڈ پیش کیا جائے۔

    کتنے درخت کہاں لگے، سپریم کورٹ نے تمام تفصیلات تصاویر سمیت فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا، سپریم کورٹ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی سے سٹیلائٹ تصاویر بھی منگوا لیں، نیز سپریم کورٹ نے کلر کہار کے اطراف پہاڑوں پر کمرشل سرگرمیاں روکنے کا حکم دے دیا۔

    پہاڑوں سے متعلق عدالت کو بتایا گیا کہ نجی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا نجی ملکیتی پہاڑ ہیں تو بھی قدرتی حسن متاثر کرنے کی اجازت نہیں، پنجاب حکومت کمرشل سرگرمیاں ختم کرا کر پہاڑوں پر درخت لگائیں۔

    سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی نے عدالت کو بتایا کہ ایک سال میں 430 ملین درخت لگائے جا چکے ہیں، چیف جسٹس پاکستان نے ناہید درانی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کیا آپ نے 430 ملین درخت لگے دیکھے ہیں؟ ناہید درانی نے بتایا کہ یہ دیکھنا ممکن نہیں ہے کہ تمام درخت لگے ہوئے ہیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ 10 ارب درخت لگنا ناقابل یقین بات ہے، اتنے درخت لگ گئے تو ملک کی قسمت بدل جائے گی، عدالت نے بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگانے کی عدالتی تصدیق کا بھی عندیہ دیا، چیف جسٹس نے کہا ملک بھرمیں مجسٹریٹس کے ذریعے درخت لگنے کی تصدیق کرائیں گے۔

    کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الحسن نے محکمہ جنگلات سندھ کے حکام کی بھی سرزنش کی، انھوں نے ریمارکس میں کہا سندھ میں جو بھی فنڈز جاتے ہیں چوس لیے جاتے ہیں، جتنا بھی فنڈ چلا جائے لگتا کچھ نہیں، انسانوں کا جینا مشکل ہے تو درخت کیسے رہیں گے۔

    چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سندھ میں ڈاکو پکڑنے کے نام پر لاڑکانہ کے قریب جنگل کاٹاگیا، سندھ پولیس ڈاکو تو کیا ایک تتلی بھی نہیں پکڑ سکی، پورے پورے جنگل صاف ہوگئے مگر پکڑا کوئی نہیں گیا۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا نہروں، دریاؤں کے اطراف درخت عدالت نے لگوائے، بلین ٹری سونامی منصوبے کے درخت کہاں گئے؟ سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ بلین ٹری منصوبے پر عمل صوبائی حکومتیں کر رہی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا صوبے آپ کی بات سنتے ہی کہاں ہیں، بلوچستان میں تو بلین ٹری منصوبے کا وجود ہی نہیں۔

    عدالت میں سیکریٹری ماحولیات خیبر پختون خوا کی بھی سرزنش کی گئی، جسٹس اعجاز الحسن نے کہا اسلام آباد پشاور موٹر وے پر درختوں کا وجود ہی نہیں، ملک کی کسی ہائی وے کے اطراف درخت موجود نہیں، کلر کہار کے اطراف پہاڑوں سے درخت کاٹ دیے گئے، اور اب وہاں ہاؤسنگ سوسائٹیز بنائی جا رہی ہیں۔

    جسٹس اعجاز نے کہا بلین ٹری منصوبے سے متعلق دعوے کے شواہد بھی دیں، کیا بلین ٹری منصوبہ کی تصدیق بھی کرائی جا رہی ہے ؟ عدالت نے بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگانے کی عدالتی تصدیق کا عندیہ دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر سیکریٹری پلاننگ اور چاروں صوبائی سیکریٹریز جنگلات کو طلب کر لیا، سپریم کورٹ میں کیس کی مزید سماعت ایک ماہ بعد ہوگی۔

  • لاہور کے ساتھ نیا شہر بنانے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

    لاہور کے ساتھ نیا شہر بنانے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور کے ساتھ نیا شہر بنانے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان شجرکاری مہم کے دوران پودا لگایا۔ وزیراعظم نے شجرکاری مہم سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگرز فورس کو مبارکباد دیتا ہوں، ایک دن میں 35 لاکھ درخت لگائے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ملکوں میں پاکستان کا نمبر 8واں نمبرہے،اللہ نے ہمیں یہ طاقت دی ہے کہ ہم موسمیاتی تبدیلی سے نمٹ سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدید گرمی کی وجہ سے بہت اثرات آئے ہیں،موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہوا۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ گرمی بڑھی،گلشیئر پگھلتے رہے تو نتیجہ علاقے ریگستانوں کی شکل اختیار کرلیں گے،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو مشکل سے نکالیں۔

    عمران خان نے کہا کہ درخت اورجنگلات ختم کرنے سے ملک کو شدید نقصان پہنچا،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو ہرا بھرا کریں، یہ جنگ لمبی چلے گی مگر شکر ہے کہ ہم نے یہ راستہ چن لیا ہے،شہروں میں بھی کوئی ایسی جگہ نہیں چھوڑنی جہاں درخت نہ ہوں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاہور کے ساتھ نیا شہر بنانے جا رہے ہیں جو راوی کو بھی زندہ کرےگا،دریائے راوی دیکھتے ہی دیکھتے گندا نالہ بن گیا،راوی میں سردیوں میں گندگی ہوتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے دریاؤں کو بھی صاف کرنا ہے،درخت اگانے سے آلودگی بھی کم ہوگی۔

  • گزشتہ سال کی طرح سب سے بڑی شجرکاری کی مہم جہلم میں ہوگی،فواد چوہدری

    گزشتہ سال کی طرح سب سے بڑی شجرکاری کی مہم جہلم میں ہوگی،فواد چوہدری

    کراچی: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح سب سے بڑی شجرکاری کی مہم جہلم میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 2019 کی طرح سب سے بڑی شجرکاری کی مہم جہلم میں ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیکڑوں کنال اراضی قبضہ مافیا سے واگزا کرا کر اس پر جنگل لگایا گیا ہے،بجوالہ جنگل سمیت ضلع بھر میں 4 لاکھ67 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت جہلم میں شجرکاری کی نئی تاریخ رقم ہوگی،وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شہری مہم کو کامیاب بنائیں۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک میں آج شجرکاری مہم کا افتتاح کیا گیا جس کے تحت ملک بھر میں 5 برسوں میں 10 ارب پودے لگانے کا وعدہ پورا کرنے کا عزم بھی ظاہر دہرایا گیا ہے۔

  • کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ٹاسک ملا ہے: وزیر اعلیٰ

    کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ٹاسک ملا ہے: وزیر اعلیٰ

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ملا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے پشاور میں شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی مہم میں 1 ارب 20 کروڑ درخت سے زائد کا ہدف پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    محمود خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں 853 مقامات پر شجر کاری مہم کا انعقاد ہو رہا ہے، انشاءاللہ آج صوبے میں 20 لاکھ سے زائد پودے لگائیں گے۔ آج ہمیں فیلڈ پر جانا ہے اور شجر کاری کے لیے پودے لگانا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان ترقی کرے گا۔

    انھوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے علاوہ صوبے میں شیلٹر ہوم کی بہتری کے لیے بھی ٹائیگرز فورس سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

    ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم اسلام آباد میں پودا لگا کر بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے۔

    ٹائیگر فورس ڈے کی مرکزی تقریب آج اسلام آباد میں ہوگی، وزیر اعظم تقریب میں شرکت اور ٹائیگر فورس رضا کاروں سے خطاب کریں گے، معاونین خصوصی ملک امین اسلم اور عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، یہ تقریب بنی گالہ کے قریب کورنگ نالے کے اطراف میں ہوگی۔

    ملک میں پہلی بار شجر کاری مہم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کی منظوری دے چکے ہیں، ایپ میں جیو ٹیگنگ کی خصوصی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔

  • ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آج ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا بھی آغاز کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں پودا لگا کر بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے، ٹائیگر فورس ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم میں شامل ہونے کو تیار ہے۔

    ٹائیگر فورس ڈے کی مرکزی تقریب آج اسلام آباد میں ہوگی، وزیر اعظم تقریب میں شرکت اور ٹائیگر فورس رضا کاروں سے خطاب کریں گے، معاونین خصوصی ملک امین اسلم اور عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، یہ تقریب بنی گالہ کے قریب کورنگ نالے کے اطراف میں ہوگی۔

    ملک میں پہلی بار شجر کاری مہم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کی منظوری دے چکے ہیں، ایپ میں جیو ٹیگنگ کی خصوصی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔

    اس ایپ سے پودوں کی لائیو لوکیشن اور تعداد معلوم کی جا سکتی ہے، پودا لگانے والا رضا کار ایپ کے ذریعے اپنی گرین سیلفی اپلوڈ کر سکے گا، ایپ کا استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹے میں 16 ہزار پودے لگائے گئے، یہ خصوصی ایپ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل شجر کاری مہم کا آغاز ہوا ہے، اب کراچی سے خیبر تک لگائے گئے ایک ایک پودے کا ریکارڈ دستیاب ہوگا، اکثر اپوزیشن ارکان کو بھی پودے گننے کا شوق رہتا ہے، اب اپوزیشن ارکان ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے گھر بیٹھے پودے گن سکیں گے۔

    انھوں نے کہا چاہیں تو تجربے کے طور پر گھر میں پودا لگا کر لائیو اپ ڈیٹ دیکھ لیں، شجر کاری مہم کا ڈیٹا 3 مختلف طریقوں سے حاصل کیا جا سکے گا، شہری 8070 پر GS لکھ کر میسج بھی بھیج سکیں گے، محکمہ جنگلات کے افسران بھی موبائل میں شجر کاری مہم کا ریکارڈ رکھیں گے۔

    ادھر معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم اسلام آباد میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کریں گے، آج انشاء اللہ 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، وزیر اعظم کے ماحول دوست اقدامات پاکستان کی عزت کا باعث بن رہے ہیں، ہم آئندہ نسلوں کو سر سبز پاکستان دیں گے۔

  • شجر کاری مہم: وزیر اعظم عمران خان کے اہم فیصلے

    شجر کاری مہم: وزیر اعظم عمران خان کے اہم فیصلے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں شجر کاری مہم تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، مہم کے لیے ٹائیگر فورس رضا کاروں کی خدمات لی جائیں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے معاون خصوصی عثمان ڈار اور مشیر ماحولیات ملک امین اسلم سے خصوصی ملاقات کی، جس میں شجر کاری مہم کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

    ملاقات میں ٹائیگر فورس رضا کاروں کو نئی ذمہ داریاں دیے جانے پر مشاورت کی گئی، رضا کاروں کی رجسٹرڈ تعداد بڑھانے کے لیے مختلف آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے عید کے فوری بعد ’ٹائیگر فورس ڈے‘ منانے کا فیصلہ کیا۔

    فیصلے کے مطابق ٹائیگر فورس رضا کار ملک بھر میں شجر کاری کی مہم میں حصہ لیں گے، نوجوان رضا کار مون سون پلانٹیشن کے دوران ایک کروڑ درخت لگائیں گے۔

    دریں اثنا، عثمان ڈار نے وزیر اعظم کو نوجوان رضا کاروں کے تازہ اعداد و شمار اور ذمہ داریوں پر بریفنگ دی، ملک امین اسلم نے شجر کاری منصوبوں کے لیے صوبوں سے مشاورت پر اعتماد میں لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم بدھ کو نوجوانوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کریں گے، جس میں وہ نوجوانوں سے شجر کاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل کریں گے۔

    آج ہونے والی ملاقات میں رضا کاروں کی تعداد بڑھانے کے لیے رجسٹریشن دوبارہ کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، رجسٹریشن آئندہ چند روز میں ایپ کے ذریعے کھول دی جائے گی۔

    ملاقات کے بعد عثمان ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ نوجوان تیاری کریں، وزیر اعظم نئی ذمے داریوں کا اعلان کرنے والے ہیں، ٹائیگر فورس نے کرونا وبا میں ذمے داریاں زبردست انداز میں نبھائیں، میں شان دار خدمات پر نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا نوجوانوں کو تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے کا بھرپور موقع دینا چاہتے ہیں، اس لیے وہ سیاسی وابستگی اور نظریات سے بالاتر ہو کر صرف ملک کا سوچیں۔

  • پلانٹ فار پاکستان کا مقصدملک کے ہر چپے کو سبزوشاداب بنانا ہے، فردوس عاشق اعوان

    پلانٹ فار پاکستان کا مقصدملک کے ہر چپے کو سبزوشاداب بنانا ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری کو خصوصی اہمیت دی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پلانٹ فار پاکستان کا مقصدملک کے ہر چپے کو سبزوشاداب بنانا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان واحد رہنما ہیں جنہوں نے ماحولیاتی چیلنجز سےنمٹنے کے لیے اقدام اٹھائے، وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری کوخصوصی اہمیت دی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام شہری مہم کا حصہ بنیں اور پودا لگائیں، درخت لگانا سنت نبویﷺ اور صدقہ جاریہ ہے۔

    مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مشیر تجارت رزاق داؤد نے بھی کلین اینڈ گرین مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارلیمنٹ کے لان میں پودا لگایا تھا۔ اس موقع پر وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہم راہ موجود تھے۔

    اس سے قبل گزشتہ دنوں اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو درختوں کی بہت ضرورت ہے، پانچ سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا، ایسا پاکستان چھوڑ کر جائیں گے کہ یقین ہی نہیں آئے گا۔

  • وزیراعظم آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    وزیراعظم آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    لاہور: وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، دورے کے دوران وزیراعظم سے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم ملتان روڈ پرپودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغازکریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان سے دورے کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

    اس سے قبل 30 جون کو تحریک انصاف پنجاب کی قیادت نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پنجاب کے سیاسی امور پر وزیراعظم کو آگاہ کیا تھا۔

    اس موقع پر جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ طاہر بشیر چیمہ اور اکرم چوہدری بھی شریک تھے۔ ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورت حال اور جنوبی پنجاب کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال یکم مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں انہوں نے مقامی حکام کو ہدایت جاری کی تھی کہ زرعی رقبے پر کسی ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری نہ دی جائے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد میں مون سون کی شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج شکرپڑیاں میں پودا لگا کر وفاقی دارالحکومت میں مون سون کے دوران دو لاکھ پودے لگانے کی شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان 9 اگست کو لاہور میں شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے۔

    وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے گزشتہ روز راولپنڈی میں صاف اور سرسبز پاکستان مہم کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دس ارب پودے لگانے سے ملک سرسبز ہوگا اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ماحول سے تعلق رکھنے والی تمام عالمی تنظیموں نے اس اقدام کو سراہا ہے اور وہ دنیا کے دیگر مقامات پر اسی طرح کی تحریک شروع کرنے کے لیے جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ملکوں میں شامل ہے۔

  • پاک بحریہ کی منوڑہ کے ساحل پر صفائی و شجر کاری مہم

    پاک بحریہ کی منوڑہ کے ساحل پر صفائی و شجر کاری مہم

    کراچی: پاک بحریہ کی جانب سے تفریحی مقام منوڑہ کے ساحل پر صفائی اور شجر کاری مہم چلائی گئی، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے منوڑہ کے ساحل پر صفائی اور شجر کاری مہم چلائی، مہم کے دوران ساحل سے کچرا اٹھایا گیا اور شجر کاری کی گئی۔

    پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ صفائی مہم میں ڈاؤ میڈیکل یونی ورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی شرکت، مہم کا مقصد شجر کاری اور صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہم کے دوران ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

    کموڈور وقار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے پوری ساحلی پٹی پر جنگلات کے احیا کا بیڑا اٹھایا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں جنگلات کا انتہائی اہم کردار ہے، آبی ماحول کے تحفظ میں بھی جنگلات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔