Tag: شجر کاری مہم

  • ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

    ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

    کراچی: پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کردیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مینگرووز شجر کاری مہم فطرت سے تعلق مضبوط کرنے کا سنہری موقع ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ مینگرووز کے جنگلات مختلف النوع آبی حیات بشمول مچھلیوں، کیکڑے، جھینگوں، سمندر میں رہنے والے دیگر جانداروں، پودوں اور حیاتیات کے لیے مسکن اور خوراک مہیا کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان کے ’صاف اور سر سبز پاکستان‘ اقدام اور قومی فریضے کی ادائیگی کے ضمن میں پاک بحریہ گزشتہ تین سالوں سے مینگرووز شجر کاری مہم شروع کیے ہوئے ہے۔

    مزید پڑھیں: سمندری طوفانوں کے راستے میں مزاحم تیمر

    ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔ جنگلات میں کمی سے سر سبز دنیا کو فروغ دینے کی کاوشیں متاثر ہوتی ہیں جو کہ قدرتی ماحول میں تشویش ناک عدم توازن کی وجہ بھی ہے۔ اسی طرح گزشتہ دو عشروں کے دوران پاکستان میں جنگلات اور مینگرووز میں پریشان کن حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا کہ مینگرووز میں کمی نہ صرف ساحلی جانداروں پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ ساحلوں پر مقیم انسانوں کے ذریعہ معاش میں بھی کمی کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ متعلقہ اداروں کے اقدامات اور زیرک پالیسیوں کے ذریعے جنگلات میں واقع ہونے والی کمی کو روکا جائے اور ان کی افزائش پر توجہ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مینگرووز موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے ساحلی خطرات پر منفی اثرات کو روکنے میں بھی مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ مینگرووز کی افادیت کا ادراک کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کی حفاظت میں اہم شراکت دار کی حیثیت سے پاک بحریہ نے ساحل کے ساتھ ساتھ مینگرووز کے جنگلات کو بچانے کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔

    نیول چیف کا مزید کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ مینگرووز شجر کاری کی یہ مہم مینگرووز کی حفاظت کی اہمیت کے سلسلے میں آگہی کے فروغ اور ملک میں مینگرووز کے جنگلات کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے شجر کاری ضروری ہے، وسیم اکرم

    ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے شجر کاری ضروری ہے، وسیم اکرم

    کراچی: کرکٹ لیجنڈ اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم اور سرفراز احمد نے کراچی کے علاقے پی آئی اے ٹاؤن شپ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی بڑھتی جارہی ہے۔

    اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ملک بھر میں بلین ٹری سونامی کا اعلان کیا ہوا ہے، اسی کے تحت ہم شجر کاری کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے شجر کاری بے حد ضروری ہے، اس کے بغیر مستقبل میں ہمارا سانس لینا محال ہوگا۔

    تقریب میں سانحہ کرائسٹ چرج کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پرقومی ایئر لائن کے سی ای او کا کہنا تھا کہ شہدا کو خراج تحسین دیتے ہوئے شجرکاری مہم ان سے منسوب کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ دس روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’ بلین ٹری منصوبہ نرسریوں سے جنگلات کا رخ اختیار کرتا جار ہا ہے اور اس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کی مدد شامل ہے۔ اب ہمیں یقین ہے کہ ہم دس ارب درخت بھی لگا سکیں گے۔ خیبر پختونخواہ میں درختوں کے کل رقبے میں چار فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف بڑی کامیابی ہے‘‘۔

    خیال رہے کہ کے پی میں بلین ٹری منصوبے نے دنیا بھر میں پاکستان کے لیے عزت کمائی، عالمی اقتصادی فورم، عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این اور ورلڈ وائلڈ لائف سمیت کئی عالمی اداروں نے منصوبے کی تعریف کی ہے۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت ایوی ایشن سیکٹر میں فی ملازم ایک درخت کے عنوان سے موسم بہار کی شجر کاری مہم پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام پر ایوی ایشن سیکٹر میں عمل درآمد کے لیے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی ہدایات پر تمام ائیر پورٹس ہمہ گیر شجرکاری کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

    مہم کا آغاز سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ائیر وائس مارشل تنویر اشرف بھٹی نے آج جناح ٹرمینل شارع فیصل انٹرسیکشن پر پودا لگا کر کیا۔

    اس موقع پر شجرکاری کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے واک بھی کی گئی جس میں ائیرپورٹ سے متعلقہ اداروں کے عملے کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔

    اے ڈی جی سی اے اے نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پودا لگا دینا ہی کافی نہیں ہوتا ہے بلکہ اس کی آبیاری کرتے ہوئے تن آور درخت بنانا بھی ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سیکریٹری ایوی ایشن، ڈائریکٹر جنرل سی اے اے شاہ رخ نصرت نے گزشتہ ماہ جناح ٹرمینل کراچی پر پودا لگا کر شجرکاری پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔

    موسم بہار کی اس شجر کاری مہم میں سی اے اے کے ساتھ ائیرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلرز اور فوڈ وینڈرز کے ملازمین، اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ بھی حصہ لے رہے ہیں۔

    مذکورہ شجرکاری مہم کے تحت جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر نیم، کنار، بوگن ولا، مورینگا وغیرہ اورمختلف پھولوں کے ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

  • ایک پودا پاکستان کے لیے: وزیر اعظم کل شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے

    ایک پودا پاکستان کے لیے: وزیر اعظم کل شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شجر کاری مہم ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم کی تیاریاں مکمل کرلیں، وزیر اعظم عمران خان کل بلوکی میں مہم کا آغاز کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے شجر کاری سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت 3 ماہ میں 15 کروڑ درخت لگائے گی۔

    مشیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ لاہور میں قبضہ مافیا سے 25 سو ایکڑ زمین واگزار کروا لی گئی، ملکی تاریخ میں پہلی بار قبضہ چھڑا کر جنگل آباد کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام سے کیا گیا سرسبز پاکستان کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ بڑھ چڑھ کر شجر کاری مہم میں حصہ ڈالیں، جنگل لاہور کے اسموگ جیسے مسائل ختم کر سکے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں جن میں وسیع پیمانے پر شجر کاری بھی شامل ہے۔

    گزشتہ برس اکتوبر میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کیا تھا، اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درختوں کی بہت ضرورت ہے، 5 سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا۔

    ایک اور شجر کاری مہم ’پلانٹ فار پاکستان‘ کا کل 9 فروری سے آغاز کیا جارہا ہے جس کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔

    کل کے روز پورے پاکستان میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ 3 ماہ میں 15 کروڑ درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان 9 فروری کو”پلانٹ فار پاکستان” کے نام سے شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان 9 فروری کو”پلانٹ فار پاکستان” کے نام سے شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان 9 فروری کو شجر کاری مہم کاافتتاح کریں گے، 9فروری کو پورے پاکستان میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ 3 ماہ  میں پورے پاکستان میں 15 کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ بنایاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 9 فروری کو شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے، شجر کاری مہم کو”پلانٹ فار پاکستان” کا نام دیاگیاہے، 9 فروری کو پورے پاکستان میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

    3حکومت کی جانب سے 3 ماہ میں پورے پاکستان میں 15 کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ بنایاگیاہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آ آغاز کردیا

    یاد رہے اکتوبر میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کیا تھا اور کہا تھا پاکستان کودرختوں کی بہت ضرورت ہے، پانچ سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا، ایسا پاکستان چھوڑ کر جائیں گے کہ یقین ہی نہیں آئے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نےفیصلہ کیا ہے کہ صاف اورسبز پاکستان مہم میں سب کوشامل کرناہے، یہ مہم صرف حکومت کامیاب نہیں بناسکتی سب کو کردار ادا کرناہے، مہم میں بچے، بوڑھے سب کوشامل ہوناہے، سب مل کرکچھ تبدیل کرسکتے ہیں اورگندگی کا خاتمہ بھی ہوسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ کے نام سے ایک روزہ شجرکاری مہم کا چلائی گئی تھی، جس کے تحت ملک بھر میں 15 لاکھ پودے لگائے گئے تھے، جس کے بعد اے آر وائی نیوز نے بھی درخت اُگاؤ مہم شروع کیا، اور پاک فوج کی جانب سے بھی ایک مہم چلائی گئی تھی۔

  • موٹر وے پولیس بھی شجر کاری مہم میں شامل، صوبہ بھر میں 7300 درخت لگائے

    موٹر وے پولیس بھی شجر کاری مہم میں شامل، صوبہ بھر میں 7300 درخت لگائے

    کراچی : گرین پاکستان مہم کے دوران موٹروے پولیس نے صوبہ بھر میں7300پودے لگائے جن میں ماحول دوست پھل دار اور سایہ دار درخت شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر ویز اینڈ ہائی ویز پولیس عامر ذوالفقار خان اور ڈی آئی جی کراچی محمد سلیم کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں گرین پاکستان مہم کے دوران 7300 پودے لگائے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی موٹر وے پولیس کراچی محمد سلیم کا کہنا تھا کہ یہ پودے ماحول دوست ہیں، لگائے جانے والے پودوں میں زیادہ تر پھل دار اور سایہ دار ہیں اس قسم کے پودوں سے ہم ماحولیاتی تبدیلی سے بچ سکتے ہیں۔ شجرکاری مہم کے پہلے مرحلے میں دس ہزار پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا ۔

    گرین پاکستان مہم کے دوسرے مرحلے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تعاون سے پچاس ہزار پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا، ڈی آئی جی موٹر وے کراچی محمد سلیم کا مزید کہنا تھا کہ پودے ایسے مقامات پر لگائے گئے ہیں جہاں ان کو پانی دینے اور حفاظت کے انتظامات بھی میسر ہیں۔

  • وزیرِ اعظم نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے بچوں کی تصاویر شیئر کر دیں

    وزیرِ اعظم نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے بچوں کی تصاویر شیئر کر دیں

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے مہمند ایجنسی کے خوش و خرم بچوں کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی طرف سے شروع کردہ ایک روزہ شجر کاری مہم میں پاکستان بھر سے شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مہمند ایجنسی میں بھی لوگوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

    عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تصاویر شیئر کیں جس میں وہ ہنستے کھیلتے شجر کاری مہم میں حصہ لے کر پودے اُگا رہے ہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’مہمند کے بچوں کو بے فکری کے ساتھ ہنستے کھیلتے ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم میں حصہ لیتے دیکھ کر بے پناہ مسرت ہو رہی ہے۔‘

    انھوں نے مزید لکھا کہ انسانی ترقی کے تناظر میں ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ فاٹا جیسا کہ یہ ماضی میں تھا اور اب یہ خیبر پختونخوا کا حصہ ہے، اسے مرکزی دھارے میں لا کر رہیں گے۔


    مزید پڑھیں:  پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، وزیر اعظم


    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم نے اتوار کو ایک روزہ درخت اگاؤ مہم کا آغاز کیا تھا جس میں پورے ملک میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ عمران خان نے خود بھی حکومتی بلین ٹری سونامی میں حصہ لیتے ہوئے ہری پور میں پودا اُگا کر مہم کا آغاز کیا تھا۔

    واضح رہے کہ درخت اگاؤ مہم کا آغاز خیبر پختونخوا کی حکومت نے کیا تھا اور بہت بڑی تعداد میں پودے اگائے تھے، جس کے بعد اے آر وائی نیوز نے بھی درخت اُگاؤ مہم شروع کیا، اور پاک فوج کی جانب سے بھی ایک مہم چلائی گئی۔

  • مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا جس کے لیے سیڈ بالز یا سیڈ بم کا استعمال کیا جارہا ہے۔

    سیڈ بالز کھاد سے بنے ہوئے ان گولوں کو کہا جاتا ہے جس میں مختلف اقسام کے بیج اور چکنی مٹی کی آمیزش کی جاتی ہے۔ ان گولوں کو زمین میں دبا دیا جاتا ہے جس کے بعد ان سے پودے اگنا شروع ہوجاتے ہیں۔

    دنیا بھر میں شجر کاری کے لیے یہ طریقہ نہایت کامیاب سمجھا جارہا ہے۔

    اسلام آباد میں یہ مہم دارالحکومت کے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد کی سڑکیں ماحول دوست بن گئیں

    مہم میں شامل رضا کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے 15 سے 20 ہزار کے قریب سیڈ بالز تیار کی ہیں جو مارگلہ کی پہاڑیوں پر آنے والے افراد کو نہایت سستے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔

    وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ملک بھر میں شجر کاری کی اس تکنیک کو فروغ دینا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ایک نہایت آسان اور کم قیمت ذریعہ ہے اور اس طریقے سے نہایت جلدی پودے اگنا شروع ہوجاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد درختوں سے گھرا ہوا سرسبز شہر ہے تاہم بڑھتے ہوئے رہائشی منصوبوں کی وجہ سے یہاں بھی درختوں کی تیزی سے کٹائی جاری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔