Tag: شدید برفباری

  • 3 ایشیائی ممالک میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج

    ہانگ کانگ: ایشیا میں سردی کا راج برقرار ہے، شدید برف باری نے افغانستان، جاپان اور چین میں نظام زندگی مفلوج کر دیا۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق تین ایشیائی ممالک چین، جاپان اور افغانستان میں شدید برف باری کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے، افغانستان میں کڑاکے کی سردی نے معمولات زندگی معطل کر دیا۔

    ایشیائی ممالک میں موسم سرما کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 150 سے تجاوز کر گئی ہے، جاپان کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت منفی 10 تک گر گیا۔

    چینی صوبوں شنگھائی، شیڈونگ، جیانگ ژی سمیت دیگر صوبوں میں برف باری کے باعث یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ریلوے ٹریکس بھی جم گئے ہیں، چین کے شمال مشرقی شہر ژنکی میں درجہ حرارت منفی 49 ہو گیا ہے۔ چینی ماہرین موسمیات کے مطابق شمالی ترین شہر موہے میں اتوار کو درجہ حرارت منفی 53 ڈگری سیلسیس (مائنس 63.4 ڈگری فارن ہائیٹ) تک گر گیا، جو اب تک کا سب سے سرد ترین ریکارڈ ہے۔

    موہے شہر کے حکام کے مطابق برفانی دھند (ایک موسمی رجحان جو صرف شدید سردی میں ہوتا ہے، جب ہوا میں پانی کی بوندیں مائع کی شکل میں رہتی ہیں) بھی اس ہفتے شہر میں متوقع ہے۔

    سی این این کے مطابق مشرقی ایشیا کو ایک مہلک سردی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے جاپان میں کم از کم 4 افراد کی موت ہو گئی ہے، جاپانی حکام کا کہنا تھا کہ بدھ اور جمعرات کو مرنے والے چاروں افراد برف صاف کر رہے تھے۔

    موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے انتہائی موسمی واقعات اب ’نیا معمول‘ بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں انتہائی گرم موسم اور سردیوں میں انتہائی سرد موسم موسمیاتی تبدیلی کا اشارہ ہے۔

    جنوبی کوریا میں اس ہفتے بھاری برف باری کی وارننگ جاری کی گئی تھی کیوں کہ دارالحکومت سیئول میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سیلسیس (5 ڈگری فارن ہائیٹ) تک گر گیا تھا، دیگر شہروں میں بھی یہ ریکارڈ کم ترین سطح پر گر گیا تھا، اور بدھ سے جمعرات تک رات گئے شدید برف باری شروع ہوئی۔

    اس ماہ کے شروع میں روسی سائبیریا میں، یاکوتسک شہر میں درجہ حرارت منفی 62.7 ڈگری سیلسیس (مائنس 80.9 ڈگری فارن ہائیٹ) ریکارڈ کیا گیا تھا، یہ دنیا کا سرد ترین شہر ہے۔

    افغانستان کو بھی سردی کی شدید لہر کا سامنا ہے، طالبان حکام نے کم از کم 157 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے، افغانستان اپنی اب تک کی سرد ترین سردیوں میں سے ایک سے گزر رہا ہے، حکام نے بتایا کہ رواں ماہ درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سیلسیس تک گرا۔

    ادھر پاکستان کے شمالی علاقوں میں بھی پچھلے پانچ سات دنوں سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ سوات، کالام اور مالم جبہ میں زیادہ برفباری ہوئی ہے، بلوچستان میں زیارت، چمن اور ژوب میں برفباری ہوئی۔

  • برطانیہ میں 9 سال کے بعد شدید برفباری، مواصلاتی نظام اور پروازیں متاثر

    برطانیہ میں 9 سال کے بعد شدید برفباری، مواصلاتی نظام اور پروازیں متاثر

    برطانیہ میں 9 سال کے بعد شدید برفباری سے پورا ملک برف سے ڈھک گیا جس کے باعث مواصلاتی نظام بُری طرح متاثر ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں شدید برفباری سے اسکالینڈ کے علاقے ابیرڈین شائر میں درجہ حرارت منفی 15 تک گرگیا اس کے علاوہ ویلز میں درجہ حرارت منفی 8 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شدید سردی اور برفباری کے باعث جھیلیں، نہریں اور دریا جم گئے جبکہ برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوگئی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے سبب حادثات ہوئے جبکہ ٹرین سروس بھی متاثر  ہوئی۔اس کے علاوہ ڈیڑھ سو پروازیں منسوخ ہوگئیں اور کارنوال سے اسکاٹش ہائی لینڈز تک اسکول بند کردیے گئے۔

    برفانی صورتحال کے پیشِ نظر اسٹینسٹڈ اور گیٹ وِک ہوائی اڈوں کو پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ کارن ویل سے لے کر اسکاٹش ہائی لینڈز تک تمام اسکولز بند کر دئے گئے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز برمنگھم کی برفیلی جھیل میں گرنے والے تین بچے ہلاک ہو گئے تاہم ایک بچے کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    ملک بھر کا فضائی نظارہ اسنو لینڈ کا منظر پیش کر رہا ہے، موٹروے پولیس نے درجنوں ٹریفک حادثات کے باعث عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔

    واضح رہے کہ مارچ دوہزار تیرہ کے بعد سے برطانیہ میں ہونے والی شدید برفباری ہے

  • شدید برفباری سے 19 اموات، مری آفت زدہ قرار ، پاک فوج  طلب

    شدید برفباری سے 19 اموات، مری آفت زدہ قرار ، پاک فوج طلب

    مری : مری کو شدید برفباری اور سیاحوں کے پھنسے ہونے سے خراب صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی اور پاک فوج طلب کرلی گئی، مری میں اب تک 16سے 19 اموات ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کے باعث صورتحال خراب ہونے کے باعث مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا اور ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    اس حوالے سے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مری اورگلیات میں بڑی تعدادمیں سیاح آچکے ہیں، کوشش کےباوجوددراستےنہیں کھولے جاسکے تاہم سیاحوں کے انخلا کیلئے سول آرمڈ فورسز کی مدد طلب کرلی ہے، پاک فوج کے 5پیدل پلاٹون طلب کئے گئے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی ہے، مری میں موسم کی خراب صورتحال کے باعث 16سے 19 اموات ہوئی ہیں ، ہنگامی بنیادوں پر ایف سی اور رینجرز کو بھی طلب کرلیا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ رات سے ایک ہزار گاڑیاں مری میں پھنسی ہوئی ہیں، مری میں پیدل جانے والوں کا داخلہ بھی بند کررہے ہیں، کچھ پھنسی گاڑیوں کو نکال لیا ہے اور کچھ واپس بھیج دی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار15سے20سال بعدسیاح بڑی تعداد میں مری پہنچے، سیاحوں کی بڑی تعداد کے مری پہنچنے سے بحران پیدا ہوا، ایک ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں انہیں نکالا جارہا ہے، ہم سے غلطی ہوئی گاڑیوں کا داخلہ پہلے ہی روک دینا چاہیے تھا۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں ریسکیوآپریشن مزیدتیزکرنےکاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پھنسےلوگوں کوبحفاظت نکالنےکیلئے ریسکیو آپریشن تیز کیاجائے اور سیاحوں کی مدد کیلئےتمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    عثمان بزدار نے راولپنڈی اوردیگر شہروں سے اضافی مشینری اورعملہ مری بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔

    دوسری جانب ڈپٹی کمشنرایبٹ آباد نے کہا ہے کہ سیاحوں کی7ہزارگاڑیوں کوریسکیوکرلیاگیا ، مری روڈاورلینڈسلائیڈکی کلیئرنس پرکام جاری ہے ، سیاح گلیات کی جانب سفر سے اجتناب کریں۔

  • پاک فوج نے شدید برفباری میں پھنسے 22 طلبہ کو ریسکیو کرلیا

    پاک فوج نے شدید برفباری میں پھنسے 22 طلبہ کو ریسکیو کرلیا

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فوج نے شدید برفباری میں‌ پھنسے لمز یونیورسٹی کے 22 طالب علموں کو ریسکیو کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ طلبہ کو برفباری سے متاثرہ رٹو کے مقام سے راولپنڈی منتقل کیا گیا، لمز کے طلبہ گلگت گئے تھے جہاں وہ 5 روز سے پھنسے ہوئے تھے۔

    فوج نے کہا ہے کہ لمز انتظامیہ نے پاک فوج سے مدد کی درخواست کی تھی، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی ہدایت پر طلبہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ 22 طلبہ میں 13 لڑکے اور 9لڑکیاں شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ حالیہ برفباری سے ہونے والے تباہی میں پاک فوج نے بڑھ چڑھ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور لوگوں کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی سامان متاثرین تک پہنچائے گئے۔

    بلوچستان : پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا, مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی

    پاک فوج نے متاثرین کو خیمے کمبل، راشن، ادویات اور تیار کھانا فراہم کیا، فوجی جوانوں ایف ڈبلیو او اور سول انتظامیہ مشترکہ اقدامات کیں۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، مزید برفباری و بارش کی پیش گوئی کے بعد پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ نے حکمت عملی تیار کرلی۔

    بلوچستان میں موسم کی صورتحال مزید سرد ہوتا جارہا ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11 تک ہوگیا ہے۔

  • آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق

    آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے، 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔ راجہ فاروق حیدر نے بتایا کہ وادی نیلم میں 59، کوٹلی، راولاکوٹ اور سدھنوتی میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر ریلیف و بحالی کا عمل مکمل کریں گے، متاثرین کی بحالی کے لیے وسائل بروئے کار لائیں گے، اولین ترجیح لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہے۔

    قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں برفباری و بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفیصلات جاری کردی۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں برفباری وبارشوں سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں آزاد کشمیر میں ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

    این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے

    بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے

    چمن: بلوچستان میں شدید برف باری کے بعد کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کان مہترزئی میں برف باری کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو ایف سی قلعہ، لیویز لائن سرکٹ ہاؤس اور لیویز اہل کاروں کے مکانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن آج صبح چار بجے مکمل ہو گیا ہے، برف باری میں پھنسی 100 سے زائد گاڑیوں کو بھی نکال لیا گیا ہے، ریسکیو کیے گئے افراد کو مختلف گاڑیوں میں کوئٹہ روانہ کر دیا گیا، ریسکیو آپریشن میں پی ڈی ایم اے، ایف سی، لیویز اور ضلعی انتظامیہ نے حصہ لیا۔

    قلات، زیارت، چمن، دشت کمبیلا اور مستونگ سمیت مختلف علاقوں میں شدید برف باری سے شہری محصور ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف شہری کہتے ہیں کوئٹہ مری سے کم نہیں، اتنی برف پہلے نہیں پڑی، پیرچناسی پر سفید موتی گرے، سیاحوں نے سیلیفیاں بنائیں۔

    چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش اور برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، کوژک ٹاپ پر 2 فٹ برف پڑی، برف جم جانے کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ قلعہ عبداللہ، گلستان۔ پشین، سرانان، مسلم باغ سمیت مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ایف سی اور لیویز کے آفسران اور اہل کار بھی کوژک ٹاپ سے برف ہٹانے کے امدادی سرگرمیوں اور پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں مصروف عمل رہے۔

    چاغی، ماشکیل میں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کیا گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کو کھانا، راشن، گرم کپڑے، کمبل اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا۔

  • اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    گلگت بلتستان: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی صبح تک برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 8، بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

    رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدید برف باری ہے، برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برف باری سے بند ہو گئے ہیں، اسکردو گلگت روڈ بھی بند ہو چکا ہے۔

    شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے، چمن میں منفی 3، کوژک ٹاپ میں منفی 7، دوبندی میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی ہے، برف باری اور بارشوں سے کچے مکانات اور دیواریں گر گئی ہیں، چمن میں مکانات کے گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے، بجلی متعدد علاقوں میں 3 روز سے غائب ہے۔

    مستونگ میں بھی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں ، دشت، اسپلنجی اور دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ لکپاس کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے جزوی بحال کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں مالاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لواری کے مقام پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے، وادی کیلاش، دروش، گرم چشمہ روڈ اور چترال بونی روڈ شدید برف باری سے بند ہیں۔ شانگلہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • یورپ میں بھی سردی کا راج برقرار، جرمنی میں شدید برف باری سے نظام زندگی منجمد

    یورپ میں بھی سردی کا راج برقرار، جرمنی میں شدید برف باری سے نظام زندگی منجمد

    میونخ: یورپ میں تا حال سردی کا راج برقرار ہے، جرمنی میں شدید برف باری کے باعث نظام زندگی منجمد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ کو بھی شدید سردی، تیز ہواؤں اور برف باری نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، چین میں بھی برف باری کے بعد نظارے مزید حسین ہو گئے۔

    [bs-quote quote=”سوئیٹزر لینڈ، آسٹریا اور پولینڈ میں بھی برف باری ہو رہی ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    جرمنی کے شہر میونخ میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، دریا جمنے لگے، ہر شے برف سے ڈھک گئی۔

    برف باری کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، موٹر ویز پر منظر دھندلا گئے، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    میونخ ائیر پورٹ پر مسافر پھنس گئے، برف باری کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں، محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی وارننگ جاری کر دی۔

    جنوبی اٹلی کے ساحل پر بھی اچانک برف گرنے سے ماحول شدید سرد ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے گزشتہ چار دن سے زندگی سخت مشکل ہو گئی ہے، دوسری طرف برف نے ساحل کو اس طرح سے ڈھک دیا ہے کہ مقامی لوگ دیکھ کر حیران ہو گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق سوئیٹزر لینڈ، آسٹریا اور پولینڈ میں بھی برف باری ہو رہی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  بالائی علاقوں میں 5 فٹ تک برف باری، راستے بند، لوگ مشکلات کا شکار


    ادھر چین کے شمال مغربی علاقوں میں بھی جہاں خون جما دینے والی سردی ہے وہاں برف باری کے بعد قدرت کے نظارے مزید نکھر گئے ہیں، برف سے ڈھکا گاؤں دیکھ کر لوگ حیران ہو گئے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برف باری ہو رہی ہے، سیاحتی مقام ناران میں 4 فٹ، جب کہ شوگران میں 3 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، مالم جبہ میں ڈھائی فٹ اور اسکردو میں 4 سے 5 فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • افغانستان میں برفانی تودے گرنے سے100سے زائد افراد ہلاک

    افغانستان میں برفانی تودے گرنے سے100سے زائد افراد ہلاک

    کابل: افغانستان کےمختلف صوبوں میں برفانی تودے گرنے سے100 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق افغانستان کےمختلف صوبوں میں گزشتہ تین روز سے ہونے والے شدید برف باری کےنتیجے برفانی تودے گرنےسے100 سے زائد افراد جان کی بازی ہارگئے۔

    a1

    وزیر مملکت برائےڈیزاسٹرمنیجمنٹ کےترجمان عمر محمدی کےمطابق اتوار کے روز افغان صوبے نورستان میں ایک گاؤں پر برفانی تودی گراجس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے۔

    a2

    عمر محمدی کاکہناہے کہ صوبہ نورستان کےدو گاؤں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہوگئے جہاں سے اب تک 50 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    a3

    برفانی تودہ گرنے کا ایک اور واقعہ صوبہ پروان میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔صوبہ بدخشاں میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہوئے۔

    a4

    افغان حکام کا کہنا ہے کہ دور دراز کے علاقوں سے اطلاعات موصول ہونے میں تاخیر ہورہی ہے اور توقع ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

    a5

    واضح رہےکہ برفانی تودے گرنے سے 550 سے زائد جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ڈھائی ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلی فصلیں بھی تباہ ہوچکی ہیں۔

    a6

  • شدید برفباری: شہری غیرضروری سفرسے گریزکریں، وزیراعلیٰ بلوچستان

    شدید برفباری: شہری غیرضروری سفرسے گریزکریں، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ : بلوچستان میں شدید برفباری کے باعث کوئٹہ کے لک پاس پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ قلات سے چمن تک برف ہی برف نظر آرہی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں برفباری کے ساتھ مشکلات بھی بڑھ گئیں کوئٹہ سے مستونگ جانے والی سیکڑوں گاڑیاں لاک پاس پر پھنس گئیں ہیں، کوئٹہ کا کراچی سے زمینی رابطہ ایک بار پھر منقطع ہوگیا۔

    برفباری کے باعث راستےبند ہوگئے۔ منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ میں ٹھٹرتے مسافر کئی گھنٹوں تک راستہ کھلنے کا انتظار کرتے رہے، چمن،زیارت اور قلات میں بھی ہر طرف برف ہی برف ہے۔ قلات اورزیارت کا درجہ حرارت منفی چھ تک گر چکا ہے۔

    ژوب میں بھی ہرچیز نے برف کی چادر اوڑھ لی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں مزید برفباری ہو سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری نے راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو سفر سے گریز کی ہدایت کر دی ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ اپنے اپنے علاقوں میں برفباری کے مزے لیں بلاوجہ ادھر ادھر نہ جائیں۔ بعد ازاں ایف ڈبلیواو نے کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک بحال کردیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کھوجک پاس سے برف ہٹا کرسڑک ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ہے، یاد رہے کہ لکپاس ٹنل کے قریب 2 فٹ برف کے باعث ٹریفک معطل تھی۔