Tag: شدید گرمی

  • کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی

    کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں شدید گرمی کی پیش گوئی کردی اور کہا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کے حوالے سے کہا کہ دن کےاوقات میں شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہےگا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ دن میں شمال مغرب سےگرم اورخشک ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے پر موسم بہتر ہوجائے گا۔

    شہر کا فضائی معیار خراب ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 113 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم بتدریج گرم ہو رہا ہے، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاورسمیت بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بتدریج درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔

  • محکمہ موسمیات نے شدید گرمی سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سنادی

    محکمہ موسمیات نے شدید گرمی سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سنادی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سنادی تاہم آج بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کی لہر برقرار ہے، محمکہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ شہر آج بھی گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہے تاہم آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں سمندری ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے کل سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا فی الحال 10 سے 15 روز کے دوران بارش کا کوئی امکان موجود نہیں۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف نے موسم سرد کردیا ہے، چلاس، دیامر، بابوسر ٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ اور نانگا پربت میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

  • کراچی میں شدید گرمی کی لہر ، آج بھی  پارہ 40 ڈگری کے قریب پہنچنے کا امکان

    کراچی میں شدید گرمی کی لہر ، آج بھی پارہ 40 ڈگری کے قریب پہنچنے کا امکان

    کراچی : شہر قائد مارچ کے دوران ہی سورج آنکھیں دکھانے لگا، آج بھی پارہ 40 ڈگری کے قریب پہنچنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر نے روزے داروں کا برا حال کر رکھا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ شہر میں آج تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہے گا اور درجہ حرارت 36 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کہا کہ گزشتہ روزدرجہ حرارت39.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم کل سے شہر کا درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ شہر میں ہوامیں نمی کاتناسب 40 فیصد ہے اور شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    شہر میں گرمی کی شدت بارہ مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور 12 مارچ سے سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہو جائے گا، فی الحال 10 سے 15 روز کے دوران بارش کا کوئی امکان موجود نہیں۔

  • بھارت کے مختلف شہروں میں فروری میں بھی شدید گرمی

    بھارت کے مختلف شہروں میں فروری میں بھی شدید گرمی

    بھارت کے مختلف شہروں میں فروری کے مہینے میں بھی درجہ حرارت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے جس سے لوگوں کو ڈی ہائیڈریشن کا سامنا ہے۔

    فروری کا مہینہ جس میں عام طور پر سردی کے آثار باقی رہتے ہیں مگر بھارت کے کئی شہروں میں ابھی سے گرمی نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیا ہے، غیرمعمولی طور پر درجہ حرارت بڑھنے کے نتیجے میں پونے، حیدرآباد اور بھارت کے دیگر حصوں میں موسم گرما کا آغاز ہوگیا ہے۔

    اس طرح جلد گرمی آنے کی وجہ سے بیماریوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، اس بار فروری میں اتنی گرمی پڑ رہی ہے جتنی کے عام طور پر اپریل اور مئی کے گرم مہینوں میں پڑتی ہے۔

    پونے میں درجہ حرارت بدھ کو بھی بڑھا رہا اور یہ 32-34 ڈگری تک پہنچ گیا ہے جو کہ فروری کے لیے غیرمعمولی تصور کیا جارہا ہے۔

    پونے کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینی گریڈ سے زیادہ بھی ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاوالے اور کوریگاون پارک میں بالترتیب 37.2 اور 37 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

    چنچواڑ اور این ڈی اے میں بھی درجہ حرارت 36 ڈگری سے زیادہ دیکھا گیا جبکہ شیواجی نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ان شہروں میں عوام میں ڈی ہائیڈریشن اور پانی کی کمی کے معاملات میں اضافے دیکھا جارہا ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زیادہ درجہ حرارت کے باعث یہ امراض کسی بھی شخص متاثر کر سکتے ہیں، اگر فوری طور پر توجہ نہ دی گئی تو صحت سے متعلق اہم خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

  • کراچی میں شدید گرمی، سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس برقرار

    کراچی میں شدید گرمی، سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس برقرار

    کراچی : شہر قائد میں سمندری ہوائیں معطل ہونے کے باعث حبس کی کیفیت ہے ، جس سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ میں گرمی کا زور برقرار ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بدستور معطل ہیں، جس کے باعث حبس کی کیفیت ہے۔ آج درجہ حرارت اڑتیس سے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج درجہ حرارت اڑتیس سے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے اور شہر میں گرمی کی حالیہ لہر مزید برقرار رہنے کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ نومبر کے وسط سے موسم قدرے بہتر ہونا شروع ہوگا، جس کے دوران صبح و رات کے وقت خنکی میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔

    دوسری جانب حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

    اسلام آباد لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں موسم خشک رہے گا، کشمیراورگلگت بلتستان میں موسم خشک اور جزوی ابرآلود رہنےکا امکان ہے۔

  • بجلی کی بند ش اور شدید گرمی سے  شہری دم توڑ گیا

    بجلی کی بند ش اور شدید گرمی سے شہری دم توڑ گیا

    حیدرآباد میں 5 دن سے بجلی کی بندش اور شدید گرمی سے شہری دم توڑ گیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے اللہ داد چنڈ گوٹھ میں پیش آیا جہاں شدید گرمی اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہری انتقال کرگیا۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق علاقے کی بجلی 5 روز سے بند ہے، گرمی سے انتقال کرنیوالے شہری کے غسل کیلئے پانی بھی نہیں تھا، میت کے غسل کیلئے پانی خرید کر بندوبست کیا گیا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بلوں کی پوری ادائیگی کے باوجود بجلی نہیں ملتی، شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا دُہرا عذاب جھیلنا ناممکن ہے۔

    واضح رہے کہ اس شدید گرم موسم کے دوران بھی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

  • شدید گرمی میں انفیکشنز سے کیسے بچا جائے؟

    شدید گرمی میں انفیکشنز سے کیسے بچا جائے؟

    کراچی : شہر قائد میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی بڑے پیمانے پر مختلف انفیکشنز پھیلنے کا خطرہ ہے جس کے پیش نظر ماہرینِ صحت نے محفوظ رہنے کا طریقہ بتا دیا۔

    شدید گرمی اور حبس کے پیشِ نظر ماہرینِ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اہم تجاویز بھی دیں۔

    ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پانی پئیں ، اور بازار کے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کریں اور پانی ابال کر پئیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ بلا ضرورت گرمی میں گھر سے باہر نہ نکلیں، اگر جانا ذیادہ ہی ضروری ہو تو ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں، باہر نکلتے وقت سر کو ڈھانپ لیں۔

    انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح 11 سے دوپہر 3 بجے تک خود کو دھوپ کی تپش سے محفوظ رکھیں۔
    دن کے گرم اوقات میں گھر کی کھڑکیوں کو بند رکھیں، یاد رکھیں! تمام افراد بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو گرمی میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ماہرینِ صحت نے بتایا کہ پانی اور او آر ایس کا استعمال آپ کو اس شدید گرنی سے پیدا ہونے والی جسم میں نمکیات کی کمی سے کافی حد تک بچا سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ گرمی میں اگر کوئی شخص تاب نہ لاتے ہوئے بیہوش ہوجائے تو اس کے سر پر ٹھنڈا پانی ڈالیں، متاثرہ شخص کو سایہ دار جگہ پر لے جائیں زیادہ طبیعت بگڑنے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کریں۔

  • شدید گرمی کے باعث سابق امریکی صدر کا مجسمہ پگھل گیا

    شدید گرمی کے باعث سابق امریکی صدر کا مجسمہ پگھل گیا

    شدید گرمی کے باعث سابق امریکی صدر ابراہم لنکن کا مجسمہ پگھل گیا۔

    دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے متعدد ممالک کو گرمی کی شدید لہر کا سامنا ہے، شدید گرمی کے باعث جہاں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہی چیزوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سابق امریکی صدر ابراہم لنکن کا موم کا مجسمہ شدید گرمی کی وجہ سے پگھل گیا، مجسمے کا سر اور ٹانگیں پگھل گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق ابراہم لنکن کا یہ مجسمے کو موم سے تیار کیا گیا تھا اور ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ یہ پکھلا ہو بلکہ ماضی میں بھی ابراہم لنکن کا مجسمہ پگھلتا رہا ہے۔

  • شدید گرمی، کراچی میں تیسرے روز بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

    شدید گرمی، کراچی میں تیسرے روز بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

    شہر قائد میں لگاتار تیسرے روز بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کے مختلف علاقوں سے 5 افراد کی لاشیں ملیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ شہر میں تیسرے روز بھی مختلف علاقوں سے 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں، یہ لاشیں منگھو پیر، اورنگی ٹاؤن، گلشن معمار اور سولجربازار سے ملیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے 12 نمبر چڑھائی سے 50 سالہ منور کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    گلشن معمار میں 50 سالہ شخص کی شناخت اور موت کی وجہ معلوم نہ ہوسکی، منگھو پیر نہر کے قریب 35 سالہ متوفی کی شناخت اور موت کی وجہ بھی معلوم نہ ہوئی۔

    3 ریسکیو حکام نے بتایا کہ روز کے دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 22 ہوگئی، 3 افراد کی لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔

    اس سے قبل گزشتہ دنوں بھی کراچی سے لاشیں ملی تھیں شہر میں پرُاسرار طور پر جاں بحق ہونے والوں کی 17 کے قریب لاشیں اٹھائی گئی تھیں۔

    ریسکوحکام کا کہنا تھا کہ شہرِقائد کے مختلف علاقوں سے گزشتہ دنوں 7 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ مرنے والوں کی عمریں 35 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔

    ممکنہ طور پر زیادہ تر افراد نشے کے عادی تھے، لاشیں ضابطےکی کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس اسٹیشن، پھر سردخانےمنتقل کی گئیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جامع کلاتھ، گولیمار، سپرہائی وے، گلستان جوہر اور لانڈھی سے 5 افراد کی لاشیں ملیں۔

    سرجانی کنیز فاطمہ سوسائٹی بلاک 8 کے قریب سے ایک تشدد زدہ بوری بند لاش ملی، ایک شخص کی لاش فیڈرل بی ایریا کریم آباد سے ملی۔

    مرنے والوں میں چند افراد نشے کے عادی تھے اور ممکنہ طور پر شدید گرمی سےفوت ہوئے، اس سے ایک روز قبل بھی کراچی کے مختلف علاقوں سے 10افراد کی لاشیں ملی تھیں۔

  • شدید گرمی میں کتوں نے لوگوں پر حملے شروع کردیے، 16 ہزار افراد شکار

    شدید گرمی میں کتوں نے لوگوں پر حملے شروع کردیے، 16 ہزار افراد شکار

    شدید گرمی کے باعث کتے بھی بوکھلا گئے، ایک ماہ کے دوران کتوں نے 16 ہزار سے زائد افراد کو کاٹ لیا۔

    برصغیر کے خطے میں اس وقت موسم گرما اپنے جوبن پر ہے، ایسے میں بھارت کے کئی شہروں میں بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ تاہم اس گرمی نے بھارت میں کتوں کو پاگل کردیا ہے انھوں نے انسانوں پر حملے شروع کردیے ہیں۔

    پریاگ راج میں گزشتہ دنوں 138 سالوں کا گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ درجہ حرارت 48.8 ڈگری تک جا پہنچا۔ شہر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات بہیت بڑھ گئے ہیں جبکہ اینٹی ریبیز کے انجکشن بھی کم پڑنے لگے ہیں۔

    نیشنل اینٹی ریبیز کنٹرول پروگرام کے مطابق پریاگ راج میں مئی میں 16 ہزار سے زائد افراد کو کتوں نے کاٹ لیا ہے۔ یعنی کہ شہر میں روزانہ 500 سے زائد لوگوں کو کتے کاٹ رہے ہیں جبکہ اپریل 2024 میں ہی 12333 لوگوں کو کتوں نے اپنا نشانہ بنایا۔

    گزشتہ سال 24-2023 میں ایک لاکھ 42 ہزار 80 لوگوں کو کتوں نے کاٹا، ان میں سے 3832 پالتو اور 8501 آوارہ کتے تھے۔

    دراصل کتوں کے رویہ میں موسم کا اثر بہت تیزی سے پڑتا ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ سردی و گرمی، برسات اور لو کا موسم کتوں کے رویے کو متاثر کرتا ہے۔ سردی کے وقت کتے مایوس رہتے ہیں لیکن گرمی آتے ہی جارحانہ ہو جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر ورون کواترا کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے دنوں میں کتوں میں کورٹیسول ہارمون تیزی سے بڑھتا ہے۔ یہ کشیدگی پیدا کرنے والا ہارمون ہے جس کے باعث کتے غیر معمولی رویہ اپناتے ہیں۔ شہر میں 96 فیصد کتے کاٹنے کے کیسز اسٹریٹ ڈاگس کے ہی ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارت میں گرمی نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور دہلی، یوپی، بہار، راجستھان اور پنجاب جیسی ریاستوں میں درجہ حرارت پچھلے سال سے بھی کہیں زیادہ ہے۔