Tag: شدید گرمی

  • شدید گرمی سے ایک اور خطرناک نقصان

    شدید گرمی سے ایک اور خطرناک نقصان

    دنیا بھر میں تیزی سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور اس کی وجہ سے زمین کو بے شمار خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے جزیرے گرین لینڈ کی برفانی چادر پگھلنے سے اس صدی کے اختتام تک عالمی سطح پر سمندروں کی سطح میں لگ بھگ ایک فٹ کا اضافہ ہوسکتا ہے اور ایسا موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہوگا۔

    جرنل نیچر کلائمٹ چینج میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ آنے والے برسوں میں گرین لینڈ کی 3.3 فیصد برفانی چادر پگھل جائے گی جو کہ 110 ٹریلین میٹرک ٹن برف کے برابر ہے۔

    اس برف کے پگھلنے سے 2022 سے 2100 کے درمیان سمندروں کی سطح میں 10 انچ کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسز کا اخراج فوری طور پر روک دیا جائے تو بھی گرین لینڈ کی برف کو پگھلنے سے روکنا اب ممکن نہیں۔

    گرین لینڈ کی برفانی چادر انٹار کٹیکا کے بعد سب سے بڑی ہے اور اس جزیرے کے 80 فیصد حصے پر پھیلی ہوئی ہے۔

    ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں بتایا گیا تھا کہ اگر گرین لینڈ کی تمام برف پگھل جائے تو عالمی سطح پر سمندروں کی سطح میں 23 فٹ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔

    اس تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے 2000 سے 2019 تک کے سیٹلائیٹ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی تھی۔

    انہوں نے گرین لینڈ کی برفانی چادر پگھلنے کی شرح کا اندازہ برفباری کی مقدار سے کیا اور تخمینہ لگایا کہ اس صدی کے اختتام تک 3.3 فیصد برف پگھل جائے گی۔

    ماہرین نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرین لینڈ میں موسم گرما کا دورانیہ بڑھ گیا ہے جس سے برفانی چادر زیادہ تیزی سے پگھلنے لگی ہے۔

    سمندری سطح میں ایک فٹ کا اضافہ ساحلی علاقوں کے لگ بھگ 20 کروڑ افراد کے بے گھر ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔

  • نوجوانوں نے دریائے ٹیمز میں چھلانگیں لگا کر نہر لاہور کی یاد تازہ کر دی

    نوجوانوں نے دریائے ٹیمز میں چھلانگیں لگا کر نہر لاہور کی یاد تازہ کر دی

    لندن: گرمی سے بے حال لندن میں نوجوانوں نے دریائے ٹیمز میں چھلانگیں لگا کر نہر لاہور کی یاد تازہ کر دی، اس سلسلے میں ٹک ٹاک کی ایک دل چسپ ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ میں شدید گرمی کی لہر سے ٹھنڈے سمجھے جانے والے ممالک میں قیامت خیز مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں، پرتگال اور اسپین میں 1700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    برطانیہ میں دو روز کی شدید گرمی کے بعد اب موسم خوش گوار ہوگیا ہے، گزشتہ روز درجہ حرارت 26 ڈگری تھا، جب کہ منگل کے روز پارہ 40 ڈگری سے اوپر جانے کی وجہ سے ریلوے نظام بھی بحال نہیں ہو سکا تھا۔

    لندن میں منچلے دریاے ٹیمز میں نہا کر گرمی سے مقابلہ کرتے رہے، کئی منچلوں نے قلابازیاں لگا کر کرتب بھی دکھائے اور مشہور لندن برج سے دریا میں چھلانگیں لگائیں، جس سے لاہور کینال میں نوجوانوں کے نہانے کی یاد تازہ ہو گئی۔

    یورپ میں شدید گرمی کی لہر، پرتگال اور اسپین میں 1700 سے زائد افراد ہلاک

    تاہم، رچمنڈ کونسل کے رہنما گیرتھ رابرٹس نے گزشتہ روز ہیمپٹن میں ٹیمز میں ایک نوجوان لڑکے کے ڈوب کر مرنے کے الم ناک واقعے کے بعد دریا میں چھلانگ لگانے کے خطرات کے بارے میں انتباہ بھی جاری کیا۔

  • حجاج کرام شدید گرمی سے بچنے کے لیے کیا کریں؟

    حجاج کرام شدید گرمی سے بچنے کے لیے کیا کریں؟

    ریاض: رواں برس حج شدید موسم گرما میں ہونے کے سبب حکام نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاج ان ہدایات کا خیال رکھیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کے دوران عازمین حج کو لو سے بچنے کے لیے 4 مشورے دیے ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال حج شدید گرمی کے موسم میں ہو رہا ہے، عازمین حج گرمی اور لو سے بچنے اور اپنی سلامتی کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ حجاج دن کے وقت انتہائی ضرورت یا حج کے کسی ضروری کام سے ہی رہائش سے نکلیں، احرام کی چادریں استعمال کرتے وقت جسم کا صرف اتنا ہی حصہ کھولیں جتنا احرام پہنتے وقت کھولنا ضروری ہو۔

    حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ رہائش سے دن میں نکلتے وقت چھتری کا استعمال کریں اور مشروبات اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

  • شدید گرمی سے عوام کا برا حال ،  بجلی کا شارٹ فال 7500 سے تجاوز کر گیا

    شدید گرمی سے عوام کا برا حال ، بجلی کا شارٹ فال 7500 سے تجاوز کر گیا

    لاہور : ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے سات ہزار سے تجاوز کر گیا، شہروں میں آٹھ سے دس گھنٹے اور دیہات میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت سے ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا، بجلی کی طلب ساڑھے سات ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی رسد 21 ہزار میگاواٹ اور طلب 28500 میگاواٹ ہے جبکہ لیسکو میں بجلی کا شارٹ فال پندرہ سو میگاواٹ ہے، جہاں بجلی کی طلب 5300 میگاواٹ اور رسد 3800 میگاواٹ ہے۔

    جس کے باعث لاہور بھر میں آٹھ سے بارہ گھنٹے لوڈشیدنگ معمول بن گئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس کو تیل گیس کوئلے کی قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور ٹرپننگ سے گھروں کی اشیا جلنے لگیں۔

    عوام کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت شوبازیاں چھوڑے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرے، غریب آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے ، شدید گرمی اوپر سے آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے کاروبارہ زندگی تباہ ہوگیا ہے.

    خیال رہے پاکستان کی تین بڑی پاور کمپنیوں سمیت سولہ پاور پلانٹس شٹ ڈاؤن کر دیئے گئے ہیں ، حبکو،لال پیر،پاک جین، تربیلا، جامشورو اور لاکھڑا پاورپلانٹس تیل کی عدم فراہمی پر بند کیے گئے ، بڑے پاور پلانٹ بند ہونے سے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھے گا۔

  • کراچی والے ہوجائیں ہوشیار،  کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ کی وارننگ دے دی

    کراچی والے ہوجائیں ہوشیار، کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ کی وارننگ دے دی

    کراچی : کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ کی وارننگ دے دی اور کہا ٹیرف ڈیفرنشنل کلیم نہ دیا تو 14گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ کی وارننگ دے دی ، اس سلسلے میں کے الیکٹرک نے ادائیگیوں پر سندھ حکومت سے بھی مدد کی درخواست کردی۔

    کے الیکٹرک نے وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ کوخط ارسال کردیا، جس میں کہا ہے کہ کےالیکٹرک کاٹیرف ڈیفرنشنل کلیم اپنی انتہائی سطح پرپہنچ گیا ہے، ٹیرف ڈیفرنشنل کلیم نہ دیا تو 14گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہوسکتی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہےکہ لوڈ شیڈنگ بڑھنے سے صنعتی اورمعاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی ، کےالیکٹرک کو 25ارب ٹیرف ڈیفرنشنل وصول کرناہے۔

    اس حوالے سے کے الیکٹرک نے وفاقی وزارت توانائی کوبھی خط ارسال کیے، جس میں کہا ہے کہ رقم ادا نہ کی گئی توپی ایس او ، سوئی سدرن کو ادائیگیاں مشکل ہوں گی، بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت نے بیس ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا ہے۔

    کےالیکٹرک کا کہنا تھا کہ ایندھن مہنگا ہونے سےٹیرف ڈیفرنشل کلیم 3 گنا بڑھ گیا ، ٹیرف ڈیفرنشل کلیم 3 روپے کلو واٹ سے بڑھ کر12 روپےتک پہنچ گیا ، سوئی سدرن کو ادائیگی نہ کی گئی تو وہ گیس سپلائی بند کر سکتا ہے، جس سےمزید 500میگاواٹ بجلی کی قلت ہوجائے گی۔

    خط میں کہا گیا کہ گیس بندش پرشہرمیں لوڈ شیڈنگ 5گھنٹے مزید کرنا پڑے گی، سوئی سدرن مقامی گیس کےبجائے آر ایل این جی فراہم کررہی ہے، آر ایل این جی مقامی گیس کے مقابلے 5 گنا مہنگی ہے، اس کی وجہ سے صارفین پرمالی بوجھ میں اضافہ ہوگا۔

  • پاکستان اور بھارت میں شدید گرمی، ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    پاکستان اور بھارت میں شدید گرمی، ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہیٹ ویو اب معمول بن جائے گی، گلوبل وارمنگ کی موجودہ سطح نے گرمی کی ان لہروں کے امکان کو 30 گنا بڑھا دیا ہے۔

    بین الاقوامی سائنسدانوں کی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان میں حالیہ عرصے میں شدید گرمی کی لہر ممکنہ طور پر موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے اور خطے کے مستقبل کی عکاس ہے۔

    ورلڈ ویدر ایٹری بیوشن گروپ نے تاریخی موسمیاتی اعداد و شمار کا تجزیہ کیا جس سے پتہ چلا کہ وقت سے قبل اور طویل گرمی کی لہریں جو بڑے جغرافیائی علاقے کو متاثر کرتی ہیں، پہلے صدی میں ایک بار ہونے والے واقعات تھے۔ لیکن گلوبل وارمنگ کی موجودہ سطح نے گرمی کی ان لہروں کے امکان کو 30 گنا بڑھا دیا ہے۔

    اس تحقیق میں حصہ لینے والی ممبئی کی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے منسلک سائنسدان ارپیتا مونڈل نے کہا کہ اگر عالمی درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کی سطح سے دو ڈگری سیلسیس زیادہ بڑھ جاتا ہے، تو اس طرح کی گرمی کی لہریں ایک صدی میں دو بار اور ہر پانچ سال میں ایک بار ہو سکتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ چیزیں اب معمول بن جائیں گی۔

    دوسری جانب گزشتہ ہفتے برطانیہ کے موسمیاتی محکمے کی جانب سے شائع کی گئی تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گرمی کی لہر یا ہیٹ ویو موسمیاتی تبدیلی کا ہی نتیجہ ہے اور یہ اسی شدت کے ساتھ ہر 3 سال بعد آئے گی۔

    ورلڈ ویدر ایٹری بیوشن گروپ کی تحقیق قدرے مختلف ہے جس میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ موسمیاتی تبدیلی سے گرمی کی لہر کا دورانیہ کتنا ہوگا اور کس خطے پر اثرات ہوں گے۔

    موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے سائنسدان فریڈرک اوٹو جو تحقیق کا حصہ رہے، کا کہنا تھا کہ اصل نتائج ہماری تحقیق اور برطانوی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے نتائج کے درمیان کہیں ہیں کہ گرمی کی اس لہر میں موسمیاتی تبدیلی کا کتنا کردار ہے۔

    بھارت میں گزشتہ 120 برس میں مارچ کا مہینہ گرم ترین رہا جبکہ اپریل میں پاکستان اور انڈیا کے کئی حصوں میں گرمی کی شدت نے ریکارڈ قائم کیے۔

    موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہیٹ ویو سے پاکستان کے شمال میں گلیشیئر پھٹ گیا جس سے دریا کے کنارے موجود بعض علاقے متاثر ہوئے جبکہ بھارت میں فصل متاثر ہوئی اور حکومت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کردی۔

  • کراچی میں شدید گرمی ، درجہ حرارت 40 ڈگری کو چھوگیا

    کراچی میں شدید گرمی ، درجہ حرارت 40 ڈگری کو چھوگیا

    کراچی : شہر قائد میں درجہ حرارت 40 ڈگری کو چھوگیا ، محکمہ موسمیات نے کل بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کی پیش گوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سورج آگ برسانے لگا، کراچی میں ہیٹ ویو کی لہر میں درجہ حرارت چالیس ڈگری کو چھوگیا۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کراچی کل بھی جزوی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔

    سندھ و پنجاب کے کئی شہروں میں پارہ چالیس ڈگری سے تجاوز کرگیا ، جیکب آباد اوردادو میں درجہ حرارت 48 ڈگری، میرپورخاص، حیدرآباد ، اور سبی میں پارہ 47 جبکہ تربت اورسکھر میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک جا پہنچا۔

    لاہور میں 42 اور اسلام آباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر علاقےآئندہ دنوں میں مسلسل ہیٹ ویو کی زد میں رہیں گے، شدید گرمی کی لہر اگلے دو روز تک برقرار رہے گی۔

    ہیٹ ویو سے کراچی کے شہریوں کا براحال ہے ، ایک جانب جہاں بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو دوسری جانب بجلی نہ ہونے سے پانی کا بھی بحران پیدا ہوگیا ہے۔

    ماہرین شہریوں کو غیر ضروری طورپرگھرسےباہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

  • کراچی میں آج شدید گرمی رہے گی

    کراچی میں آج شدید گرمی رہے گی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج شدید گرمی رہے گی، درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دن کےاوقات میں گرمی کی شدت 40 ڈگری تک محسوس کی جاسکتی ہے، آج درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کے زیادہ تناسب کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔ جو کہ 63 فیصد ہے۔

    شہر میں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

  • کراچی میں شدید گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کے قریب

    کراچی میں شدید گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کے قریب

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، گرم اور خشک ہوا کے باعث گرمی کی شدت 44 ڈگری محسوس کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس کے بعد 12 سال بعد گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان پیدا ہوگیا۔

    مارچ 2010 میں درجہ حرارت 42.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرم اور خشک ہوا کے باعث گرمی کی شدت 44 ڈگری محسوس کی جا رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 7 فیصد ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے شہر میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے، شدید گرمی کی نئی لہر یکم اپریل تک جاری رہے گی۔

  • کراچی والے ہوشیار ، آج سے شدید گرمی پڑنے کا امکان

    کراچی والے ہوشیار ، آج سے شدید گرمی پڑنے کا امکان

    کراچی :محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کردی اور کہا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے تاہم گرمی 41 ڈگری تک محسوس ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دن میں موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارہ 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے تاہم گرمی کی شدت 40 سے 41 ڈگری تک محسوس کی جا سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا صبح کےوقت کم سے کم درجہ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔

    یاد رہے محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرمی کا الرٹ جاری کیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ شہر میں 25 سے 27 مارچ کے دوران شدید گرمی ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں پارہ 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، تاہم گرم اور خشک ہوا کے باعث گرمی کی شدت 40 ڈگری تک محسوس ہوگی۔

    دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا۔