Tag: شدید گرمی

  • مئی ، جون میں کراچی میں شدید گرمی اور سمندری طوفان کا خدشہ

    مئی ، جون میں کراچی میں شدید گرمی اور سمندری طوفان کا خدشہ

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مئی جون میں کراچی میں شدید گرمی کی لہر اور سمندری طوفان آنے کا خدشہ ہے جبکہ کراچی سمیت کئی شہروں میں گرمی کا زور برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر شہر بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، موسم کا حال بتانے والوں نے خبر دار کیا ہے کہ کراچی میں مئی اور جون میں شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ہے جبکہ موسم گرما میں سمندری طوفان آنے کے بھی خطرہ ہیں۔

    اندرون سندھ گرم ہواؤں نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بدستورشدید گرمی کا راج ہے، پنجاب میں بھی حالات مختلف نہیں۔

    آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ کشمیراورملحقہ علاقوں میں بعض مقامات پرتیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

    گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ میں اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


    مزید پڑھیں : کراچی والے تیار ہوجائیں ، مئی میں ہیٹ ویو کا خدشہ


    یاد رہے اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید نے مئی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مئی میں سخت گرمی ہوگی، متعلقہ اداروں ہیٹ ویو کےحوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

    طبی ماہرین نے بھی کراچی میں آئندہ چند روز میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے شہری پانی کا استعمال زیادہ کریں، شہری دھوپ میں نکلنے سے گریز اور کھانے پینے میں احتیاط کریں۔

    واضح رہے کہ 2015 جون میں کراچی میں پڑنے والی شدید گرمی سے ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شہر قائد میں آج بھی شدید گرمی پڑے گی

    شہر قائد میں آج بھی شدید گرمی پڑے گی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی شدید گرمی پڑے گی ،درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ اڑتیس سے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ2سے3 روز میں درجہ حرارت معمول پر آجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج آج بھی آگ برسائے گا، شدید گرمی کی لہر نےشہریوں کو نڈھال کردیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے جمعہ کے روز کراچی کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ اڑتیس سے چالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار انتہائی کم ہونے سے گرمی اور حبس کی کیفیت رہے گی۔

    کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 33ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 29فیصد ہے۔

    ڈی جی محکمہ موسمیات نے آج سے پارہ نیچے آنے کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں درجہ حرارت معمول پر آجائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں موسم گرما میں کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے اور کمی کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

    ڈاکٹرز نے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور پانی زیادہ پینے کا مشورہ دیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں شدید گرمی کی لہر کے بعد الیکٹرک نے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اچانک بڑھا دیا گیا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، کلفٹن، ڈیفنس سمیت بیشتر علاقے جہاں بل سو فیصد ادا کیا جاتا رہاہ ے اور برسوں سے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رہے اب وہاں بھی دو دو گھنٹے تین بار غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عمل جاری ہے۔

    لانڈھی، کورنگی، ملیر، نیو کراچی، بلدیہ ٹاؤن، کھارادر، قائد آباد سمیت مختلف علاقوں میں تین تین گھنٹے چار بار غیر اعلانیہ کی جارہی ہے، غیر اعلانیہ لوڈشینڈنگ سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہوکر رہ گیا ہے جبکہ کراچی بورڈ کے امتحانات کی وجہ سے طلبہ و طالبات شدید پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ لوڈشینڈنگ سے امتحانات کی تیاریوں میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔

    سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سورج آگ برسا رہا ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ ، لاہور، اسلام آباد،پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تربت میں سورج آج بھی آگ برسائے گا اور درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز سب زیادہ درجہ حرارت چھور،تربت،شہید بینظیر آباد میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ملک میں شدید گرمی، تربت کا درجہ حرارت 53ڈگری تک جا پہنچا

    ملک میں شدید گرمی، تربت کا درجہ حرارت 53ڈگری تک جا پہنچا

    کراچی/ لاہور/ پشاور: ملک کے مختلف شہروں میں آج سورج آگ برساتا رہا، روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق آج تربت ملک کا گرم ترین شہر رہا، جس کا درجہ حرارت 53ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا، دیگر شہروں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سبی کا درجہ حرارت 51ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ لسبیلہ49، جیکب آباد اور حیدرآباد کادرجہ حرارت46ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ دادو، دالبندین کا درجہ حرارت 46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی 38، لاہور39، پشاور41 کوئٹہ کا درجہ حرارت 37ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں گرمی مئی اور جون میں یہ اپنے عروج پر ہوگی، لہٰذا متعلقہ ادارے اور شہری ہیٹ ویوز کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔

    سندھ حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے انتظامات شروع کردیئے ہیں، ہیٹ اسٹرک سے بچاؤ کی مہم شروع کی جارہی ہے، تمام اضلاع میں کیمپ قائم کئے جائیں گے، دھوپ سے بچاؤ کیلئے عوام احتیاطی تدابیر اختیارکریں، گرمی کی شدت بڑھ رہی ہے،ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ ضروری ہے۔

    ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر کھانے پینے اور گھر سے باہر نکلنے میں احتیاط برتیں۔

    واضح رہے گزشتہ دو تین سال میں گرمیاں اپنے عروج پر ہیں اور ہیٹ اسٹروک کے باعث درجنوں لوگ اپنی جانوں سے گئے لیکن رواں سال اپریل کے آغاز سے ہی سورج اپنے جوبن پر ہے جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

  • کراچی میں شدید گرمی کا امکان

    کراچی میں شدید گرمی کا امکان

    محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کردیا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رواں ہفتے کے اختتام تک گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا درجہ حرات فی الحال 36 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے ایک سے دو روز میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچے گا۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شہر کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ 2 سال قبل سنہ 2015 میں کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے 1 ہزار سے زائد جانیں لے لی تھیں۔

    ماہرین نے اسی وقت خبردار کردیا تھا کہ اب یہ ہیٹ ویوز کراچی کے موسم کا حصہ بن جائیں گی اور کراچی والوں کو اس کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

    چند روز قبل محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول بھی آگاہ کرچکے ہیں کہ رواں برس پورے ملک میں موسم گرما اپنے مقررہ وقت سے قبل آجائے گا جس کے بعد درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

    ماہرین نے اس کی وجہ موسمی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور اس کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے یعنی گلوبل وارمنگ کو قرار دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کلائمٹ چینج سے مطابقت کیسے کی جائے؟

    یاد رہے کہ کلائمٹ چینج کے نقصانات کا سامنا کرنے کے حوالے سے پاکستان پہلے 10 ممالک میں شامل ہے اور اس کا سب سے بدترین نقصان پورے ملک کے درجہ حرارت میں اضافہ ہے جو پانی کے ذخائر اور زراعت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

    درجہ حرات میں اس اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور بہت جلد پاکستان سے بہار کا موسم ختم ہوجائے گا۔

    محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے (گلوبل وارمنگ) کی وجہ سے اب موسم سرما کے بعد فوراً بعد موسم گرما زور پکڑ جائے گا، یوں دونوں موسموں کے درمیان کا وقفہ جسے بہار کا موسم کہا جاتا ہے بہت مختصر سا ہوگا جو نہ ہونے کے برابر ہوگا۔

    مزید پڑھیں: دنیا بھر میں موسم بہار کے تہوار

    ماہرین کے مطابق موسم بہار میں پھولوں کے کھلنے اور ان کے افزائش پانے کی مخصوص مدت مختصر ہوجائے گی یوں ہم آہستہ آہستہ کھلتے ہوئے پھولوں اور موسم بہار کا جوبن دیکھنے سے محروم ہوجائیں گے۔

    دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم موسم سے مطابقت کرنے اور شدید گرمی سے بچنے کے لیے مندرجہ ذیل تدابیر پر عمل کریں۔

    زیادہ سے زیادہ پانی پئیں

    hw-1

    پانی آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو معمول پر رکھتا ہے چنانچہ گرمی کے دنوں میں زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔

    اپنا شیڈول ترتیب دیں

    hw-3

    شدید گرمی کے دنوں میں باہر نکلنے سے زیادہ سے زیادہ پرہیز کریں۔ کوشش کریں کہ باہر نکلنے والے کام صبح سورج نکلنے سے پہلے یا شام کے وقت نمٹالیں۔

    باہر نکلتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    hw-4

    گھر سے باہر نکلتے ہوئے سن اسکرین، دھوپ کے چشمے اور کیپ کا استعمال کیجیئے۔ سورج کی براہ راست تپش سے جتنا زیادہ محفوظ رہیں اتنا ہی بہتر ہے۔

    بچوں کو بند کار میں نہ چھوڑیں

    hw-2

    دن کے اوقات میں اگر باہر جانا ہو تو بند گاڑی میں کبھی بھی بچوں یا جانوروں کو نہ چھوڑیں۔ یہ عمل ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

  • کراچی میں شدید گرمی،لوگ بے حال ہوگئے

    کراچی میں شدید گرمی،لوگ بے حال ہوگئے

    کراچی: کراچی میں آج سورج آگ اُگل رہا ہے جس کے باعث گرمی اپنے عروج پر ہے،چبھتی دھوپ اور جھلساتی گرمی نے لوگوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج صبح ہی سے آگ برسارہا ہے،بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور ہوا کے گرم تھپیڑوں کے باعث کراچی کے شہری اپنے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیع دے رہے ہیں جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں،سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ گلیاں اور محلے سنسان ہیں۔

    رمضان کے مہینے میں شدید گرمی اور اس پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے اور رہی سہی کسر پانی کی قلت نے پوری کردی ہے،پیاس اور گرمی سے پریشان اہلیانِ کراچی بارانَ رحمت کے لیے اللہ کے حضور سجدہ بہ سجود ہیں۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق شدید گرمی اور لو لگنے سے متعدد افراد متاثر ہو نے والے ایک درجن سے زائد افارد کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا ہے تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،اسپتال لائے گئے افراد پیٹ اور معدہ کی بیماری گیسٹرو اور لو لگنے سے متاثر تھے جنہیں طبی امداد فراہم کر کے گھر روانہ کردیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن دو بجے کراچی کا درجہ حرارت40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی40فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    ماہرین نے گرم موسم میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہو ئے کہا ہے کہ گرم موسم میں دھوپ سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں،درخت یا کسی سائے میں چلیں گھر سے بلا ضرورت نہ نکلیں اگر گھر سے نکلنا بہت ہی ضروری ہے تو سر کو ڈھانپ لیا جائے اور وقتاََ فوقتاََ گیلے کپڑا منہ پر پھیرتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ داروں کو چاہیے کہ افطار سے سحری تک پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے علاوہ موزوں مشروب کا استعمال کیا جائے،کولڈ ڈرنک پینے سے اجتناب کریں سوڈے کا استعمال نقصان کا باعث بن سکتا ہے البتہ لیموں کا پانی ،لسی،ناریل کے پانی کا بھی سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔

  • محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی ہوگی

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی ہوگی

    کراچی:محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے.

    تفصیلات کے مطابق میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا،پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی شدیدگرمی کی پیشنگوئی ہے، لاہور،گوجرانوالہ اورفیصل آباد میں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سے بھی زیادہ ہوسکتاہے.

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہے گا،جبکہ پشاور میں بھی درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہونے کا امکان ہے.

    دوسری جانب مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن،بالائی فاٹا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

    کراچی میں سمندر سے آنے والی ہوائیں کراچی کےدرجہ حرارت کو سینتیس ڈگری سینٹی گریڈتک محدودرکھیں گی.

    یاد رہےگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نورپورتھل،جیکب آباد47، دادو، بہاولنگر،سبی،رحیم یارخان،اوکاڑہ، بھکر،روہڑی،جہلم منڈی بہاوٗالدین میں درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا،جبکہ مالاکنڈ ڈویژن،فاٹا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوٰں اور گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی.

  • شدید گرمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر150افراد لقمہ اجل بن گئے

    شدید گرمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر150افراد لقمہ اجل بن گئے

     کراچی : 24 گھنٹوں کے دوران شدید گرمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر150افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    انچارج ایدھی سرخانے کے مطابق 24 گھنٹوں میں 150لاشوں کی منتقلی کے باعث سرخانے میں جگہ کم پڑ گئی ہے اسی لئے 30لاوارث افراد کی لاشوں کو امانتا ایدھی قبرستان مواچھ گوٹھ میں دفن کیا جارہا ہے۔

     انہوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ جان بحق افراد کی وجہ موت صرف شدید گرمی نہیں تھی جاں بحق افراد میں ضعیف اور بیمار افراد بھی شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد میں متعدد نشے کے عادی افراد بھی شامل تھے سرخانے کے باہر میڈیا سے گفتگو میں جان بحق افراد کے ورثاء نے بتایا کہ سخت گرمی میں ضعیف اور بیمار افراد کا گزارہ مشکل کردیا ہے، انتظامیہ کو چاہئے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

  • نئی دہلی: شدید گرمی اور لو لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد1100سے تجاوز کرگئی

    نئی دہلی: شدید گرمی اور لو لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد1100سے تجاوز کرگئی

    نئی دہلی: بھارت کی مختلف ریاستوں میں شدید گرمی اور لو لگنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد گیارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ محمکہ موسمیات نےآئندہ دو روز تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گرمی کی شدت سے ریاست آندھرا پردیش سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جہاں آٹھ سو باون افراد زندگی کی بازی ہارگئے۔

    آندھرا پردیش کے بعد تلنگانہ کی ریاست بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں اب تک دو سو چھیاسٹھ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    حیدرآباد دکن میں درجہ حرارت پچاس ڈگری تک پہنچ جانے کے بعد گلیاں اور سڑکیں ویران پڑی ہیں جب کہ ریاست اڑیسہ میں گیارہ اورمغربی بنگال میں تیرہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    دوسری جانب بھارتی محکمہ موسمیات نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضرورت کے تحت ہی گھروں سے نکلیں اور اس دوران سروں کو کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔

  • پانی کے بحران نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

    پانی کے بحران نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

    کراچی : شہرِ قائد کے باسی زندگی گزارنے کی اہم ضرورت سے بھی محروم ہوگئے ہیں، پانی کے بحران نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    شدید گرمی میں پانی کے بحران نے شہریوں کی چیخیں نکال دیں، شہر میں پانی کی قلت کیا ہوئی واٹر ٹینکراور ہائڈرنٹز مافیا کی تو عید ہوگئی ، مجبوری کا فائدہ اٹھاتے پانی بیچنے والا مافیا شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

    حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث کراچی کویومیہ گیارہ سو ملین گیلن کی جگہ محض چارسوملین گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

    سندھ حکومت کے فری ٹینکر سروس کے دعوے بھی پانی میں بہہ گئے، پانی کے بحران کیلئےکوئی کےالیکڑک کو قصور وارٹھہرا رہا ہے تو کوئی حکومت سندھ کو مگر شہریوں کی مشکل آسان کرنے کیلئے بیان بازی سے آگے کچھ نہیں کیا جارہا ہے۔

    بے بس شہریوں کے لئے پانی کا حصول جوے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے۔

  • شدید گرمی نے شہریوں کو بے حال کردیا, مزید گرمی کی پیش گوئی

    شدید گرمی نے شہریوں کو بے حال کردیا, مزید گرمی کی پیش گوئی

    کراچی / لاہور : ملک بھر میں شدید گرمی سے شہری بلبلا اٹھے۔ کراچی میں درجہ حرارت حرارت بیالیس اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ گرمی بھگانے کیلئے لوگ ساحل پہنچ گئے۔

    چھٹی کے دن سورج کی تپیش اور لو نےشہرقائد کی سڑکیں سنسان کردیں  کراچی میں مئی کا آغاز سال کے گرم ترین دن سے ہوا۔اوردرجہ حرارت بیالیس اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

    گرمی بڑھی تو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران نے شہریوں کی چھٹی برباد کردی۔ ایسے میں بے حال شہریوں نے تنگ آکر ساحل کا رخ کیا۔

    گرمی کے ستائے شہری سمندری لہروں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ آئسکریم اور ٹھنڈے مشروبات کے مزے لیتے نظر آئے۔ لاہوری بھی گرمی بھگانے نہروں پرپہنچے۔ایسے میں بچے کیا بوڑھے کیا جوان سب دن بھرغوطہ خوری کرتے رہے۔

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کےمطابق گرمی کی شدت کل تک برقرار رہے گی۔