Tag: شرائط

  • روسی صدر نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے شرائط رکھ دیں

    روسی صدر نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے شرائط رکھ دیں

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سخت شرائط رکھی گئی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی صدر پیوٹن چاہتے ہیں کہ یوکرین مشرقی سرحدی شہر ڈونباس سے دستبردار ہو جائے اور نیٹو میں شمولیت کا ارادہ ترک کردے۔

    کریملن ذرائع کے مطابق روسی صدر چاہتے ہیں کہ مشرقی سرحد سے نیٹو افواج کو ہٹا دیا جائے، اس کے عوض روس کچھ علاقوں سے پیچھے ہٹنے پر تیار ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ نکات پیوٹن اور امریکی صدر ٹرمپ کی الاسکا میں تین گھنٹے طویل ملاقات میں زیرِ بحث آئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق یوکرین اگر ان شرائط کو ماننے سے انکار کرتا ہے تو روس جنگ جاری رکھے گا۔

    روس یوکرین جنگ رکوا کر رہوں گا، صدر ٹرمپ

    امریکی صدر کی یوکرینی صدر اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات اختتام پذیر ہوگئی، اس دوران ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے ٹیلیفونک گفتگو بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ رکوا کر رہوں گا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو فون بھی کیا، جس کے باعث میٹنگ وقتی طور پر روکنا پڑگئی۔

    عدالت نے ٹرمپ کو خوشخبری سنادی

    خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو 40 منٹ تک جاری رہی۔

    روسی صدر پیوٹن نے ٹرمپ سے کہا کہ وہ یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، ذرائع کے مطابق روس یوکرین صدور کی ملاقات اگست کے آخر تک ہونے کی امید ہے۔

  • سلطنت عمان میں طویل مدت رہائش کا نادر موقع، شرائط کیا ہیں؟

    سلطنت عمان میں طویل مدت رہائش کا نادر موقع، شرائط کیا ہیں؟

    عمان نے غیر ملکیوں کے لیے اپنے ملک میں طویل مدتی رہائش کا پروگرام متعارف کرایا ہے تاہم اس کے لیے خواہشمند افراد کو شرائط پوری کرنی ہوں گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان نے غیر ملکیوں کے لیے اپنے ملک میں طویل مدتی رہائش کا پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اب سرمایہ کاری کے ذریعہ طویل مدت تک رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔ تاہم طویل مدتی رہائش کی اہلیت صرف سرمایہ کاری نہیں بلکہ دیگر اہم شرائط بھی ہیں، جن کو پورا کرنا لازمی ہوگا۔

    شرائط:

    عمان میں طویل مدت رہائش کے خواہشمند افراد کو کم از کم 10 سال تک رہائش اختیار کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ کم از کم 5 لاکھ عمانی ریال (تقریباً 1.3 ملین امریکی ڈالر) مالیت کی سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔ یہ سرمایہ عمان میں کاروبار، ریئل اسٹیٹ یا منظور شدہ شعبوں میں لگانا ہوگا۔

    عمان میں طویل مدت رہائش کے خواہشمند امیدوار کی عمر 21 سال سے زیادہ ہونی چاہیے۔ اس کو ملک میں قیام کے لیے اپنے اچھے کردار کا ثبوت (پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ) دینا ہوگا۔ اس کے علاوہ عمان کے قوانین کی پاسداری بھی کرنا ہوگی۔

    فوائد:

    جو شخص مذکورہ شرائط اور اہلیت کے معیار پر پورا اترے گا۔ اس کو 5 سے 10 سال کے لیے عمان کا رہائشی ویزا ملے گا، جو قابل تجدید ہوگا۔ اس میں خاندان کے افراد (بیوی / شوہر، بچوں) کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے، جب کہ اس کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔

    درخواست دینے کا طریقہ:

    خواہشمند افراد عمان کے رائل پولیس یا متعلقہ حکام سے رابطہ کریں اور سرمایہ کاری کے ثبوت اور دیگر متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں۔

    متعلقہ حکام کی جانب سے درخواست کی منظوری کے بعد ویزا جاری کیا جائے گا۔

    مزید تفصیلات کے لیے عمان کی سرکاری ویب سائٹ یا سفارتخانے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    ویزا اور امیگریشن سے متعلق خبریں

  • لبنان اور اسرائیل جنگ بندی کن شرائط پر ہوئی؟

    لبنان اور اسرائیل جنگ بندی کن شرائط پر ہوئی؟

    لبنان اور اسرائیل میں جنگ بندی ہو گئی ہے جس کے بعد لبنانی شہریوں کی واپسی شروع ہو گئی ہے لیکن یہ جنگ بندی کچھ شرائط پر ہوئی ہے۔

    صہیونی ریاست اسرائیل نے غزہ پر جاری حملوں کے دوران گزشتہ ماہ پیجر دھماکے کرنے کے بعد لبنان کی طرف بھی محاذ جنگ کھول دیا تھا۔ اس کے نتیجے میں ہزاروں افراد شہید اور کئی گنا زخمی ہوئے جب کہ مقامی افراد نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کر دی تھی۔

    تاہم اب اسرائیل اور لبنان میں جنگ بندی ہوچکی ہے جس کے بعد مقامی آبادی نے بھی اپنے علاقوں میں واپسی شروع کر دی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق یہ جنگ بندی 13 نکتی معاہدے پر مبنی ہے اور اس معاہدے میں دونوں فریقین کے درمیان جنگ اور دشمنی کو روکنے کے لیے کئی نکات شامل کیے گئے ہیں۔

    معاہدے کے مطابق لبنانی حکومت اور اسرائیلی فریق دونوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔ اس قرار داد نے 2006 میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا خاتمہ کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کی سب سے اہم اور مشکل شرط لبنان میں تمام مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے سے متعلق ہے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق لبنان میں سرکاری فوج اور سیکیورٹی فورسز کے علاوہ کوئی مسلح گروپ نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ برّی نے اس سے قبل امریکی ایلچی آموس ہوچسٹین کے ساتھ مذاکرات کے دوران اس بات کی تصدیق کی تھی کہ مسلح گروہوں کو غیر مسلح کرنے کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔

    تاہم انہوں نے اپنی حالیہ تقریر میں اشارہ دیا کہ ملک اب ایک نئے دور کا آغاز کر چکا ہے۔ نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی نے بھی جنوب میں لبنانی فوج کی تعیناتی کو بڑھانے کے لیے اتھارٹی کی تیاری پر زور دیا۔

    حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ حسن فضل اللہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ملک کے جنوب میں فوج کی تعیناتی کو بڑھانے کے لیے لبنانی ریاست کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/ceasefire-displaced-people-return-lebanon/

  • عرب امارات: اسکولوں میں داخلے کے لیے ہدایات جاری

    عرب امارات: اسکولوں میں داخلے کے لیے ہدایات جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کے داخلے کے لیے شرائط و ہدایات وضع کردیے گئے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شمالی علاقوں میں پرائیویٹ اسکولز نے آئندہ تعلیمی سال کے دوران بکنگ کے لیے 3 شرائط مقرر کی ہیں۔

    پرائیوٹ اسکولز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے لیے طلبہ کی رجسٹریشن پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر ہوگی، داخلے کی کارروائی میں ان طلبہ کا اندراج ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا جو اسکول چھوڑ کر چلے گئے ہوں اور دوبارہ داخلہ لینا چاہتے ہوں۔

    دیگر اسکولوں سے آنے والے ممتاز طلبہ کو بھی ترجیحی بنیاد پر داخلے دیے جائیں گے، اس سلسلے میں یہ بات مدنظر رکھی جائے گی کہ امیدوار طالب علم نے کورس کے تمام مضامین میں امتیازی نمبر حاصل کیے ہوں۔

    اسکولوں کے منتظمین نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے 3 شرائط منفرد تعلیمی معیار برقرار رکھنے کے لیے رکھی گئی ہیں۔

    داخلے کی کارروائی کرنے والے ادارے کے ذمہ داران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ نجی اسکولوں کا حق ہے کہ وہ اپنے یہاں داخلے کے لیے من پسند زمروں کا انتخاب کریں۔

    زمروں کا انتخاب منفرد تعلیمی معیار برقرار رکھنے اور طلبہ کے کردار کو بہتر بنائے رکھنے کی خاطر کیا گیا ہے۔

    ہمارا ماننا ہے کہ دیگر اسکولوں کے بعض طلبہ کو داخلہ دینے سے اسکول میں پہلے سے موجود طلبہ کے کردار پر اچھا اثر پڑتا ہے، جبکہ بعض طلبہ کو داخلہ دینے سے کلاس روم کا ڈسپلن خراب ہوتا ہے، اساتذہ اور انتظامی عملہ الجھنوں میں گرفتار ہوتا ہے۔

    منتظمین نے کہا کہ اسکول کی مختلف کلاسوں میں زیر تعلیم طلبہ کے بھائیوں کے داخلے ترجیحی بنیاد پر ہوں گے۔

  • آئی ایم ایف کی شرائط: حکومت کا سعودی عرب اور امارات سے رابطہ

    آئی ایم ایف کی شرائط: حکومت کا سعودی عرب اور امارات سے رابطہ

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر تحریری ضمانت کے لیے حکومت پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے رابطے کر رہی ہے، تاحال دونوں ممالک کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس اور وزارت خزانہ حکام نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا ہے اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر دوست ممالک سے ڈپازٹ کے لیے تحریری ضمانت دینے کی درخواست کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور امارات کی جانب سے ڈپازٹ کے لیے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا، دوست ممالک نے آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی دینے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دوست ممالک سے ڈپازٹ کی یقین دہانی کے بعد آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا، تحریری یقین دہانی کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات آگے بڑھیں گے۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے لیے باقی تمام معاملات طے پا چکے ہیں۔

  • پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ، نئے ٹیکسوں کی بھرمار: آئی ایم کے نئے مطالبات

    پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ، نئے ٹیکسوں کی بھرمار: آئی ایم کے نئے مطالبات

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے مزید مطالبات کردیے، پیٹرولیم مصنوعات پر مزید لیوی اور مزید دیگر ٹیکسز نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان تکنیکی مذکرات میں حکومت کے لیے ایک اور نئی مشکل کھڑی ہوگئی، آئی ایم ایف کی جانب سے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں 855 ارب روپے وصولی کے لیے پر عزم ہے، لیوی کے ہدف تک پہنچے کے لیے 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے پر بھی زور دیا جارہا ہے۔

    پیٹرولیم لیوی کو 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے پر قانون سازی کی تجویز دی گئی ہے، منی بجٹ میں لیوی 50 روپے فی لیٹر سے بڑھانے کے لیے ترامیم لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اسی ماہ آرڈیننس یا پھر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منی بجٹ لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نان ٹیکس آمدن بڑھا کر خسارہ کنٹرول کرنے کا پلان بھی پیش کیا گیا ہے، نجکاری پروگرام پر عملدر آمد تیز کر کے نان ٹیکس آمدن بڑھانے کا بھی پلان پیش کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وفاق نے 200 ارب روپے کے منی بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی، منی بجٹ کے ذریعے درآمدات پر فلڈ لیوی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    درآمدی خام مال اور فرنشڈ آئٹم پر فلڈ لیوی، درآمدی لگژری آئٹم پر 3 فیصد تک فلڈ لیوی، صفر کسٹم ڈیوٹی والی درآمدی اشیا پر 1 فیصد فلڈ لیوی اور مقامی سطح پر بھی فلڈ لیوی عائد کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بینکوں کے فارن ایکسچینج منافع پر فلڈ لیوی عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایکشن لینے کی تیاریوں اور نان فائلرز کے خلاف ٹیکس بڑھا کر اضافی آمدن پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔

  • نائیجیرین عالم دین کوعلاج کی شرائط قبول کرنے کیلئے دو گھنٹے کی بھارتی مہلت

    نائیجیرین عالم دین کوعلاج کی شرائط قبول کرنے کیلئے دو گھنٹے کی بھارتی مہلت

    لندن/نئی دہلی: سربراہ انسانی حقوق تنظیم کا کہنا ہے کہ کسی شخص کو علاج کے لیے اپنی شرائط تسلیم کرانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بیمار کو بلیک میل کرنے کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت نے نائیجیریا کے شیعہ عالم دین کو اپنے ہاں علاج کے لیے شرائط قبول کرنے کے لیے دو گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے اگر وہ شرائط نہیں مانتے تو وہ ملک چھوڑ دیں۔

    بھارتی حکام نے نائیجیرین عالم دین آیت اللہ شیخ ابراہیم الزکزاکی سے کہا کہ وہ بھارت میں علاج کرانا چاہتے ہیں تو انہیں انڈیا کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی ورنہ وہ ملک چھوڑ دیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے یہ واقعہ لندن میں قائم اسلامی انسانی حقوق تنظیم کے سربراہ مسعود شجرہ سے نقل کیا ہے تاہم مسعود شجرہ نے بھارتی حکومت کی وہ شرائط بیان نہیں کیں جنہیں نائیجیریا اسلامک موؤمنٹ آف نائیجیریا کے سربراہ الشیخ الزکزاکی کے سامنے پیش کیا گیا۔

    الشجرہ نے بتایا کہ حال ہی میں مجھے ایک تشویشناک خبر موصول ہوئی جس میں بتایا گیا تھا کہ نائیجیریا کے ایک سرکردہ عالم دین کو بھارت میں علاج کے لیے مشکل کا سامنا ہے۔

    بھارتی حکام نے ان کے سامنے علاج کے لیے کچھ شرائط پیش کیں اور ساتھ ہی کہا کہ وہ ان شرائط کو دو گھنٹے کے اندر قبول کرے ورنہ ملک چھوڑ دیں۔

    مسعود شجرہ کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے شیعہ عالم دین کے ساتھ بدسلوکی کا مظاہرہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں علاج معالجے کے لیے علاج انتہائی خراب ہیں، مریضوں سے مجرموں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ مریضوں کے پاس بہ حفاظت اور قابل اعتماد علاج کا کوئی ذریعہ نہیں۔

    انسانی حقوق کارکن مسعود شجرہ نے بھارتی حکومت کی طرف سے الشیخ زکزاکی کے ساتھ برتے جانے والے سلوک کو مسترد کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو علاج کے لیے اپنی شرائط تسلیم کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بیمار کو بلیک میل کرنے کے مترادف ہے۔

    خیال رہے کہ نائیجیریا کے حکام نے 12 اگست سوموار کے روز اسلامک موؤمنٹ آف نائیجیریا کے سربراہ الشیخ ابراہیم الزکزاکی کو اہلیہ سمیت علاج کے لیے بھارت جانے کی اجازت دی تھی۔

  • پاکستان آئندہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم نہیں دے گا، آئی ایم ایف نے شرائط کی فہرست تھمادی

    پاکستان آئندہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم نہیں دے گا، آئی ایم ایف نے شرائط کی فہرست تھمادی

    واشنگٹن : آئی ایم ایف نے قرض کی پہلی قسط کے اجرا کے ساتھ ہی شرائط کی طویل فہرست بھی تھما دی اور کہا پاکستان آئندہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم نہیں دے گا اور ٹیکس محصولات 5503ارب روپے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں سہ ماہی بنیادوں پراضافہ کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے قرض کی پہلی قسط کے اجرا کے ساتھ ہی معاہدے کی تفصیلات اورشرائط بھی بتادیں، آئی ایم ایف کے اعلامیے میں حکومت پر اسٹیٹ بنک سے بجٹ خسارے کو پورا کرنے کیلیے نیا قرض لینے پرپابندی عائد کردی گئی ہے اور کہا پاکستان آئندہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم نہیں دےگا۔

    اعلامیے کے مطابق حکومت ستمبر تک سگریٹس پر ایکسائزز کیلِئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلیے لائسنسز جاری کرے گی اور پاکستان اکتوبر تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹس سے نکلنے کیلیے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے فریم ورک پر موثر اقدامات اٹھا ئےگا۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ستمبر تک حکومت نیپرا کے تعین کردہ بجلی کے نئے ریٹس کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی اور حکومت ستمبر تک عالمی شراکت داروں کے تعاون سے جامع سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کا پلان تیار کرے گی جبکہ دسمبر تک پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے کا کسی نامور عالمی ادارے سے آڈٹ کرایاجائے گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا سرکاری اداروں میں گورننس اور شفافیت کو بہتر بنانے کیلیے پارلیمنٹ میں قانون کا مسودہ پیش کرنا ہوگا ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں ایک ہزار اکہتر ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا کرنا ہے۔

    ستمبر تک حکومت کو تعلیم و صحت پر تین سو انچاس ارب روپے خرچ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پہلی سہ ماہی میں پینتالیس ارب روپے خرچ، ستمبر تک پاور سیکٹر کو ستمبر تک تئیس ارب روپے کے بقایاجات کی ادائیگی، ستمبر تک حکومت کو پچھہتر ارب روہے کے ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کرنی ہے۔

    آئی ایم ایف کاکہناہےکہ پاکستان کوٹیکس محصولات میں اضافہ کرکےپانچ ہزارپانچ سوتین ارب روپےکرنا ہے، مختلف ٹیکس اقدامات سےحکومت کوسات سوتہترارب روپےملنےکا امکان ہے۔

    آئی ایم ایف مذکورہ اہداف پرپیش رفت کا جائزہ لیکر ستمبر کے بعد نئی قسط جاری کرنے کا فیصلہ کرے گا جبکہ پاکستان حکومت پیشگی شرائط پر عمل کر چکی ہے، بینکوں کی شرح سوداورگیس وبجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیاجاچکاہے۔

    آئی ایم ایف چیف کا کہناہےکہ پاکستان کو معاشی نظم و ضبط قائم کرنا ہوگا۔ٹیکس آمدن بڑھانامعاشی استحکام کیلئےضروری ہے۔ روپےکی قدرحقیقت کےقریب ترہو۔

    خیال رہے عالمی مالیاتی ادارے سے پاکستان کیلئے چھ ارب ڈالرقرض پروگرام کی پہلی قسط آج جاری کی جائےگی، قسط کا حجم ایک ارب ڈالر ہوگا۔پروگرام کےتحت پاکستان کو سالانہ دو ارب ڈالر ملیں گے۔

    آئی ایم ایف کاقرض پروگرام پاکستان میں معاشی اصلاحات اور ادائیگیوں کا توازن بہترکرنےکیلئےمددگارثابت ہوگا ، جبکہ علمی مالیاتی ادارےسےمعاہدے کے بعد پاکستان پر دیگر مالیاتی اداروں سے قرض کےحصول کی راہ ہموارہوگئی ہے، پہلے بھی پاکستان نے دوست ممالک سے ساڑھے سات ارب ڈالرحاصل کئے ہیں۔

  • برٹش ایئر ویز نے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے سے پہلے شرائط رکھ دیں

    برٹش ایئر ویز نے پاکستان میں فضائی آپریشن شروع کرنے سے پہلے شرائط رکھ دیں

    کراچی : برٹش ایئرویز نے پاکستان سے فضائی آپریشن سے پہلے سیکیوریٹی چیک کی شرائط رکھ دی اور رواں سال جون میں برٹش ایئرویز کی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برٹش ایئرویز نے پاکستان سے فضائی آپریشن سے پہلے سیکیورٹی  چیک کی شرائط رکھ دی اور رواں سال جون میں برٹش ایئرویزکی پروازیں شروع کرنےکافیصلہ کرلیا ہے، پاکستان اور لندن کے درمیان براہ راست پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    برٹش ایئرویز نےنیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے دورے کی درخواست کر دی ہے جبکہ برطانوی ہائی کمیشن نے سیکٹری ایوی ایشن ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو تین رکنی وفد کی آمد اور بریفنگ سے متعلق خط لکھ دیا ہے۔

    برٹش ایئرویز کی نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے دورے کی درخواست

    برطانوی سفارتخانے نے خط میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی معاملات میں بہتری آئی ہے، برٹش ایئر ویز مکمل اعتماد کے ساتھ اپنا پاکستان کے لئے فضائی آپریشن شروع کر رہی ہے، برطانوی وفد کے پاکستان آنے کا مقصد فضائی آپریشن کے ساتھ سیفٹی اور سیکیوریٹی اقدامات پر مکمل تسلی کرنا ہے۔

    برٹش ایئر ویز کا تین رکنی وفد پاکستان کا دورہ اور حکام سے ملاقاتیں بھی کی کرے گا، وفد کی سربراہی ورلڈ وائڈ ایئر پورٹس ہیڈ پال کاونٹری کریں گے جبکہ تین رکنی ٹیم میں انٹر نیشنل رسک ایڈوائزر ڈیوڈ کریچ اور ڈائریکٹر سیفٹی اینڈ سیکیریٹی جان مونکس بھی ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کے لیے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

    رواں ماہ کی 29 اور 30 جنوری کو برطانوی ٹیم نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا دو روزہ دورہ کرے گی، ٹیم کے پاکستان آنے کا مقصد سیکیوریٹی اور سیفٹی کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔

    یاد رہے دسمبر میں برٹش ایئر ویز نے 10 سال بعد پاکستان سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا، برٹش ایئر ویز ہفتے میں 3 فلائٹ آپریٹ کرے گی۔

    خیال رہے برٹش ایئر ویز نے 10 سال قبل 2008 میں پاکستان میں اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔

  • ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھ دیے

    ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھ دیے

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) نے تحریک انصاف کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھ دیے، ایم کیو ایم نے کراچی کے بارہ حلقے کھولنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبے اور وفاق میں حمایت حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف نے ایم کیو ایم پاکستان سے مذاکرات کیے، جس کے بعد متحدہ پاکستان نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر جہانگیرترین کے سامنے شرائط اور مطالبات رکھ دیے۔

    ایم کیو ایم نے کارکنوں کی بازیابی، ٹارگٹڈآپریشن بند کرنے پر زور، کراچی کے بارہ حلقے کھولنے جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام اور کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے مطالبے پر زور دیا ہے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف نے کچھ معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بھی حکومت سازی کے لیے نمبر گیم پورے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔


    ملاقات میں ایم کیوایم نے کوئی مطالبہ نہیں کیا‘ جہانگیرترین


    خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاق میں حکومت سازی کے سلسلے میں جہانگیر ترین کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے وفد نے ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد جا کر رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مثبت مذاکرات ہوئے ہیں بنیادی چیزوں پر ہمارے اور ایم کیوایم کے خیالات ملتے ہیں۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو وزیراعظم بنا کر گھر چلا جاؤں گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔