Tag: شراب برآمدگی کیس

  • شراب برآمدگی کیس ، شرجیل میمن  پر فردجرم عائد

    شراب برآمدگی کیس ، شرجیل میمن پر فردجرم عائد

    کراچی : کراچی کی عدالت نے شراب برآمدگی کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن پر فردجرم عائدکردی جبکہ شرجیل میمن نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سمیت دیگر کیخلاف مبینہ شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے شرجیل میمن سمیت چار ملزموں پر فردجرم عائد کردی، شرجیل میمن سمیت ملزمان نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا ، جس پر عدالت نے 18 مارچ کو کیس کے گواہوں کو طلب کرلیا۔

    واضح رہے کہ شرجیل مین و دیگر کیخلاف کراچی کے درخشاں تھانے میں مقدمہ درج ہے جبکہ شراب بر آمدگی کے کیس کے چالان میں سابق صوبائی وزیرِ اطلاعات کو شریکِ جرم قرار دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کلفٹن میں واقع ضیاء الدین اسپتال کا اچانک دورہ کیا تھا، جہاں نیب کے حکم پر گرفتار شرجیل میمن کو علاج کے لیے منتقل کیا گیا تھا اور اسپتال کے کمرے کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔

    چیف جسٹس نے اسپتال پر چھاپا مار کر سیاسی قیدیوں کے وارڈز کا معائنہ کیا تو پیپلز پارٹی کے رہنما کے کمرے سے شراب کی بوتلیں بر آمد ہوئیں، چیف جسٹس کے استفسار پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ بوتلیں ان کی نہیں ہیں۔

    بعد ازاں بوتلوں کو لیبارٹری بھیجا گیا جہاں سے رپورٹ میں بتایا گیا بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل تھا، تاہم چالان میں واضح کیا گیا تھا کہ ایک بوتل میں دو انچ شراب موجود تھی۔

  • شراب برآمدگی کیس: معاملہ عدالت میں ہےاس لیےکچھ کہنا نہیں چاہتا‘ شرجیل میمن

    شراب برآمدگی کیس: معاملہ عدالت میں ہےاس لیےکچھ کہنا نہیں چاہتا‘ شرجیل میمن

    کراچی : اسپتال کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے سے متعلق سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ انکوائری چل رہی ہے سب سامنے آجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن اور دیگرملزمان کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

    سابق صوبائی وزیراطلاعات ونشریات کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم نیب پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    عدالت کے باہر صحافی نے شرجیل میمن سے سوال کیا کہ چیف جسٹس کے سب جیل کے دورے پر کیا کہیں گے؟۔ انہوں نے کہا مجھ پر مقدمہ درج ہوچکا ہے، انکوائری چل رہی ہے سب سامنے آجائے گا۔

    سابق صوبائی وزیر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کی پارٹی آپ کا دفاع نہیں کررہی؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ یہ میرا ذاتی مسئلہ ہے پارٹی کا نہیں۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے مزید کہا کہ میرے میڈیکل ٹیسٹ ہورہے ہیں، معاملہ عدالت میں ہے اس لیے کچھ کہنا نہیں چاہتا۔

    شرجیل میمن کےکمرے سےشراب کی بوتلیں برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ضیاء الدین اسپتال کا دورہ کیا تھا، دورے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی تین بوتلیں برآمد ہوئی تھیں۔

    بعدازاں چیف جسٹس نے شرجیل میمن کو فوری طورپراسپتال سے جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔