کئی بالی وڈ اداکاروں کو گٹکے اور شراب کے اشتہارات میں کام کرنے کے لیے بڑے بڑے معاضوں کی پیشکش کی گئی مگر انھوں نے یہ آفر ٹھکرا دی۔
اے کلاس بالی وڈ اداکاروں کو کسی بھی اشتہار میں کام کرنے کے لیے ہوشربا معاوضے ادا کیے جاتے ہیں۔ اگر بھارت میں گٹکا، پان مسالہ اور شراب فروخت کرنے والی کمپنیوں کی بات کی جائے تو انھوں نے اداکاروں کو اپنے چند منٹ کے اشتہار میں جلوہ گر ہونے کے لیے 20 کروڑ روپے تک کی آفرز بھی کی ہے۔
پشپا کے ادکار الو ارجن کو پشپا ٹو کے لیے پان مسالا اور شراب بنانے والی کمپنیوں نے بڑی آفر کی تھی۔ کمپنیوں کا مطالبہ تھا کہ پشپا ٹو میں جن مناظر میں الو ارجن شراب اور پان مسالا استعمال کرتے نظر آئیں گے اس میں بس وہ مذکورہ کمپنیوں کا لوگو استعمال کرلیں۔
کمپنی الو ارجن کو اس کے لیے 10 کروڑ روپے تک دینے کو تیار تھی مگر پشپا کے اداکار نے انکار کردیا۔ ان کاکہنا تھا کہ انھیں اس طرح ان چیزوں کو فروغ دینا بالکل بھی مناسب نہیں لگتا۔
اداکار کا یہ عمل فوراً ہی سرخیوں کی زینت بن گیا اور کئی لوگوں نے ان کے اس عمل کو کافی سراہا۔ ان سے قبل کے جی ایف کے اداکار یش بھی ایسی آفر کو ٹھکراچکے ہیں جنھیں پان مسالا کمپنی نے اشہتار میں کام کرنے کے لیے 20 کروڑ روپے کی آفری کی تھی۔
کارتک آریان کو بھی اسی طرح کے اشتہار میں کام کرنے کے عوض 9 کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی تھی تاہم انھوں نے بھی ایسا کرنے سے منع کردیا۔
اسی طرح، اکشے کمار نے بہت تنقید کے بعد اس طرح کے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف پیسے کے لیے کسی غلط چیز کو فروغ نہیں دیں گے۔
عمران ہاشمی، ابھیشیک بچن، سنی لیون، اور جان ابراہم جیسے دیگر اداکار بھی اس فہرست میں شامل ہیں جنھوں نے تمباکو، پان مسالہ اور شراب کے برانڈز کو فروغ دینے سے منع کردیا تھا۔
جونیئر بچن اور عمران ہاشمی کو شراب کے برانڈ کے اشتہار میں کام کرنے کے لیے بالترتیب 10 اور 4 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔