Tag: شرجیل انعام میمن
-
حکومت اور رینجرز میں کوئی اختلاف نہیں ہے، شرجیل میمن
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور رینجرز میں کوئی اختلاف نہیں، دہشت گردی کا مسئلہ ایک دوسرے پر تنقید کرنے سے حل نہیں ہوگا۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ سو فیصد میڈیا کے ساتھ ہے، دہشتگردی کے واقعات میں فورسز، سیاسی رہنماؤں، طالبعلموں، میڈیا کے نمائندوں اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مسئلہ تنقید سے حل نہیں ہوگا بلکہ اس کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ ،کے ایم سی، ایچ ایم سی اور دیگر اداروں میں ایسے لوگ موجود ہیں جو دوسری جگہ نوکریاں کر رہے ہیں، گھوسٹ ملازمین تمام محکموں میں ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے گی اور وہ آئندہ ہفتے کراچی میں دو پلوں کا افتتاح کریں گے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں ترقیات کام ہمیشہ پیپلزپارٹی کے دور میں کرائے گئے۔
-
خراب سی سی ٹی وی کیمروں اور اسٹریٹ لائٹس کی خرابیوں کو دور کیا جائے، شرجیل میمن
سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنر اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر صفائی کے کام کو مکمل کروائیں۔ عوام کے جائز کاموں میں کسی رکاوٹ کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شہر میں خراب سی سی ٹی وی کیمروں اور اسٹریٹ لائٹس کی خرابیوں کو دور کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی شرح میں کمی ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنرز کے اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کراچی میں صفائی ستھرائی کی مہم کے حوالے سے 72 گھنٹے جو الٹی میٹم دیا تھا اب اس کی معیاد پوری ہوچکی ہے اور اب وہ کسی بھی وقت کسی بھی ڈسٹرکٹ میں سرپرائز وزٹ کریں گے اور اگر کسی بھی علاقے میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام کی جانب سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو اس علاقے کے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں میں جو کیمرے خراب ہیں یا کام نہیں کررہے ہیں ان کی فوری درستگی کی جائے اور اہم شاہراہوں اور گلیوں میں خراب اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور جرائم پر قابو پایا جاسکے۔
-
محکمہ بلدیات میں کسی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائیگا،شرجیل میمن
سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں اور بالخصوص محکمہ بلدیات میں کسی بھی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایات دی کہ وہ کے ایم سی کی اسکولوں، ڈسپنسریوں اور دیگر محکموں میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کریں اور ان کی فہرستیں بنا کر ان کے خلاف کاروائی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات میں گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں سندھ حکومت پر بوجھ بن گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ گھروں پر بیٹھ کر تنخوائیں لینے والوں کو اب ان کے گھروں پر ہی بٹھا دیا جائے گا اور انہیں اب کوئی تنخواہ نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور دیگر محکموں کے افسران کو بھی متعلقہ محکموں میں موجود گھوسٹ ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے کے احکامات دیئے اور ایسا نہ کرنے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔