Tag: شرجیل خان

  • اظہرعلی اورسہیل خان کو مکی آرتھر کےکہنےپرڈراپ نہیں کیا انضمام الحق

    اظہرعلی اورسہیل خان کو مکی آرتھر کےکہنےپرڈراپ نہیں کیا انضمام الحق

    لاہور: قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کاکہناہےکہ شرجیل خان باصلاحیت کھلاڑی تھااس کےفکسنگ میں ملوث ہونے پر افسوس ہے۔

    تفصیلات کےمطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کےچیف سلیکٹر انضمام الحق کاکہناتھاکہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا دکھ اورشرجیل خان کااس کیس میں ملوث ہونے سے ٹیم کوبڑا نقصان ہوا۔

    چیف سلیکٹر کا کہناتھاکہ آئندہ 6 ماہ میں کئی سینئر پلیئرز رخصت ہو جائیں گےاسی لیے دورہ ویسٹ انڈیز کےلیے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔

    انصمام الحق کاکہناتھاکہ کامران اکمل نےگزشتہ دو سال کے دوران عمدہ کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ان کا بطور بلے باز انتخاب کیا گیا ہےاور وکٹ کیپنگ کے فرائض کپتان سرفراز احمد ہی سرانجام دیں گے۔


    مزید پڑھیں:فکسنگ کی وجہ سے کھلاڑیو ں کا ضیاع افسوس ناک ہے: مکی آرتھر


    قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نےمیڈیا میں جاری قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئےکہا کہ سابق کپتان اظہر علی اور فاسٹ باؤلرز سہیل خان کو کوچ مکی آرتھر کے کہنے پر ڈراپ نہیں کیا۔

    انہوں نے مزید کہاکہ محمد حفیظ نےفٹنس ٹیسٹ پاس کیا، بولنگ اور بیٹنگ میں ٹیم کو ان کی صلاحیتوں سے فائدہ پہنچے گا۔

    واضح رہےکہ انضمام الحق کا کہنا تھا فاسٹ بولر سہیل خان اور اظہر علی کو نظر انداز نہیں کیا ضرورت پڑنے پر موقع ضرور دیں گے۔

  • معطلی کے باوجود شرجیل خان کی نیازاسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس

    معطلی کے باوجود شرجیل خان کی نیازاسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس

    حیدر آباد : اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل ہونے والے کھلاڑی شرجیل خان نے حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں پریکٹس کی قانونی طور پر معطل کھلاڑی پی سی بی کی کسی بھی قسم کی سہولیات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا، بیٹنگ کے دوران شرجیل نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل ہونے والے حیدرآباد کے کرکٹر شرجیل خان نے کرکٹ کے میدان میں دبنگ انٹری دے دی، کئی دنوں سے غائب شرجیل خان حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم پہنچے اور وہاں نیٹ پر پریکٹس کرتے رہے۔

    بائیں ہاتھ کے ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین شرجیل نیٹ پریکٹس میں بولرز کو زور دار شاٹس لگاتے رہے، ان کی بیٹنگ سے لگ رہا تھا کہ وہ اپنا غصہ نکال رہے ہوں۔ پریکٹس کے دوران اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے شرجیل خان سے بات کرنے کی بھی کوشش کی، لیکن شرجیل نے صاف انکار کردیا۔

    یاد رہے کہ پی سی بی قواعد وضوابط کے مطابق کوئی بھی معطل کرکٹر پی سی بی کی کوئی بھی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا، لیکن شرجیل نے نیٹ پر پریکٹس کی اور وہ بھی قومی ٹیم کا ہیلمٹ پہن کر۔

    واضح رہے کہ پی سی بی اس غیرقانونی اقدام پر شرجیل خان اور حیدرآباد ریجن کے خلاف کاروائی کر سکتا ہے۔

  • شرجیل خان، خالد لطیف کا موبائل فون ڈیٹا ایف آئی اے کو مل گیا

    شرجیل خان، خالد لطیف کا موبائل فون ڈیٹا ایف آئی اے کو مل گیا

    اسلام آباد : پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کے موبائل فون کا ڈیٹا ایف آئی اے نے حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قومی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کے موبائل فون اپنی تحویل میں لے کر ان کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔

    ایف آئی اے کی ٹیم اب باقاعدہ تحقیقات کا آغا ز کرے گی کہ دونوں کھلاڑیوں کا کس کس سےرابطہ تھا؟ کیا ان سے ملنے والے بکیز تھے؟ اور ان کے درمیان کیا معاملات طے پائے تھے؟

    اس کے علاوہ موبائل فون سے ڈیلیٹ کئے گئے پیغامات کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق موبائل فون میں موجود معلومات اور شواہد کا فرانزک جائزہ لیا جائے گا جس کا مقصد ذمہ داران کا تعین کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یوئانیٹڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

    کھلاڑیوں نے اعتراف جرم بھی کرلیا جس کے بعد انہیں دبئی سے کراچی واپس بھیج دیا گیا تھا۔

  • ایسا کچھ نہیں کیا جس سے ملک کا نام خراب ہو، شرجیل خان

    ایسا کچھ نہیں کیا جس سے ملک کا نام خراب ہو، شرجیل خان

    کراچی : پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی شرجیل خان نے اپنی بے گناہی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بے قصور ہوں میں نے ایسا کچھ نہیں کیا جس سے ملک کا نام خراب ہو۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں یو ابی ایل اسپورٹس کمپلکیس سے اپنے والد کے ہمراہ واپس جاتے ہوئے میڈیا سے مختصر سی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    شرجیل خان نے کہا کہ پی سی بی نے انہیں میڈیا سے بات کرنے سے منع کیاہے۔ حقائق جلد سامنے آجائیں گے۔ یاد رہے کہ شرجیل خان سے قبل خالد لطیف بھی بے قصور ہونے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔

    پی ایس ایل میں کرپشن اسکینڈل سامنے آنے کے بعد شرجیل خان اور خالد لطیف کو بورڈ نے معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کردی تھی۔ دونوں معطل کرکٹرز نے چارج شیٹ کا جواب دینے کے لیے اپنے وکلاء کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے۔

  • کرکٹرشرجیل خان اورخالد لطیف کو چارج شیٹ دے دی گئی

    کرکٹرشرجیل خان اورخالد لطیف کو چارج شیٹ دے دی گئی

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان اور خالد لطیف کوچارج شیٹ تھما دی، دونوں کھلاڑی 14روز میں جواب دینے کے پابند ہوں گے، کھلاڑیوں نے صحت جرم سے انکار کیا تو کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی شرجیل خان اورخالد لطیف سے تحقیقات جاری ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں پر پی ایس ایل ٹو میں اسپاٹ فکسنگ کا الزام ہے۔

    آج دونوں کھلاڑی یونٹ کے سامنے پیش ہوئے، ابتدائی تحقیقات کے بعد پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل (ر) اعظم نے دونوں کھلاڑیوں کوچارج شیٹ دے دی۔ دونوں کھلاڑیوں پر پیسے لے کر میچ خراب کرنے کا الزام ہے۔ذرائع کےمطابق دونوں کھلاڑیوں نے جرم کا اعتراف کرنے سے انکار کردیا۔

    شرجیل اور خالد لطیف کو دی جانے والی چارج شیٹ کی تفصیلات اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی۔ چارج شیٹ میں دونوں پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا ہے۔

    چارج شیٹ میں شرجیل خان اور خالد لطیف پر لگایا جانے والا پہلا الزام ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے ملک کی شہرت اور کرکٹ کو خراب کیا۔ دوسرا الزام ہے کہ انہوں نے فکسنگ کی پیشکش سنی اوراسے قبول کی۔

    تیسرا الزام یہ ہے کہ پی سی بی کو فکسنگ کی رپورٹ نہیں کی گئی، اس کے علاوہ تحقیقات کے دوران جرم کا اقرار نہ کرنا اورخالد لطیف پر سہولت کاری کے الزامات بھی چارج شیٹ میں شامل ہیں۔ دریں اثناء ساتھی کھلاڑیوں کو فکسنگ کیلئے اکسانے کا الزام بھی خالد لطیف پر لگایا گیا ہے۔

    قوانین کے مطابق دونوں کھلاڑی اپنے اوپر عائد کردہ الزامات کا چودہ روز میں جواب داخل کرائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اگرشرجیل خان اورخالد لطیف نے اسپاٹ فکسنگ کے حوالے لگائے گئے الزامات سے انکار کیا تو سابق جج کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو سماعت کے بعد فیصلہ سنائے گی۔

    دوسری جانب اگرکھلاڑیوں نے جرم تسلیم کرلیا تو پی سی بی اینٹی کرپشن کے ٹریبونل دونوں کھلاڑیوں کی قانون کے مطابق سزاؤں کا تعین کرے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دونوں کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے اور اینٹی کرپشن یونٹ نے دونوں کرکٹرز سے موبائل فونز لے کر اپنے قبضے میں لے لئے تھے۔

  • شرجیل خان اورخالد لطیف کی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیشی

    شرجیل خان اورخالد لطیف کی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیشی

    لاہور : پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث شرجیل خان اورخالد لطیف لاہور میں اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے، دونوں کھلاڑیوں سے یونٹ کےسربراہ کرنل ریٹائرڈ اعظم نےبیان لیا، دونوں کھلاڑیوں کو میڈیا سے چھپا کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں معطل ہونے والے کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف لاہور میں اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے۔ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کےسربراہ کرنل ریٹائرڈ اعظم نےبیان لیا۔

    قوی امکان ہے کہ دونوں کھلاڑیوں پر چارج شیٹ دے کر باضابطہ فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ جب کہ کھلاڑیوں کو وکیل سے مشاورت کے بعد اپنا مؤقف دینے کا حق بھی حاصل ہو گا۔

    اس سے قبل دونوں کھلاڑیوں کو چھپا کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لایا گیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں شرجیل خان اور خالد لطیف کی آمد کے موقع پر گارڈز نے میڈ یا کے نمائندوں کو کوریج سے روکا اورایک گاڑی کو قذافی اسٹیڈیم سے باہر بھیجا تو مین گیٹ کا دروازہ ٹوٹ گیا،اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا کے قذافی اسٹیڈیم داخلے پر پابندی عائد کردی۔

     ترجمان پی سی بی کے مطابق پیشی کی تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی جائے گی۔ بورڈ پہلے ہی دونوں کھلاڑیوں کو شوکاز جاری کرچکا ہے۔ دونوں کھلاڑی ابھی معطل ہیں۔

    الزام ثابت ہونے پر تاحیات پابندی بھی لگ سکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے تیسرے کھلاڑی فاسٹ بولر محمد عرفان کو بورڈ نے ابھی کلین چٹ نہیں دی ہے ان کے خلاف تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

  • کھلاڑیوں پر شبہ تھا، نگرانی کی جارہی تھی، نجم سیٹھی

    کھلاڑیوں پر شبہ تھا، نگرانی کی جارہی تھی، نجم سیٹھی

    کراچی : چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف ثبوت موجود ہیں، چارج شیٹ کیا جائے گا، اسپاٹ فکسنگ میں عماد وسیم کو طلب نہیں کیا گیا تھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں میزبان وسیم بادامی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم پی ایس ایل میں چند کھلاڑیوں کی نگرانی کررہے تھے، ان میں سے دو کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے تاہم کسی کا نام نہیں لے سکتے، معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، کھلاڑیوں سے آئی سی سی اور پی سی بی بھی تفتیش کر رہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کو طلب نہیں کیا گیا تھا، بکیز کی جانب سے جہاں بھی گڑ بڑ کی جائے گی ایکشن لیا جائیگا۔

    چیئرمین پی ایس ایل نے کہا کہ بکیز کی جانب سے پی ایس ایل کو نشانہ بنانے کے حوالے سے ہم مکمل تیار تھے، ہم نے اینٹی کرپشن یونٹ کو ٹائٹ کرکے رکھا ہوا ہے۔

    انہوں نے ایک بار اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ایس ایل کا فائنل انشا اللہ لاہور میں ہوگا۔

  • پی ایس ایل: اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

    پی ایس ایل: اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

    دبئی : پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے، پی سی بی نے اسلام آباد یوئانیٹڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا، کھلاڑیوں نے اعتراف جرم کرلیا اور دبئی سے کراچی واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے جس سے لیگ کو زبردست دھچکا لگا ہے تاہم پی سی بی کے باخبر رہنے کی وجہ سے پی ایس ایل میں کرپشن نہ ہوسکی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شرجیل خان اورخالد لطیف کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث قرار دیتے ہوئے انہیں معطل کرکے وطن واپس روانہ کردیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دونوں کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے، شرجیل خان اور خالد لطیف پرواز ای کے602 سے کراچی پہنچے۔

    اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا الزام میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ شاہد ہاشمی نے بتایا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد پی سی بی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا اور مزید تحقیقات شروع کردیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی آفیشلرز اور اینٹی کرپشن یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف تحقیقات کیں بلکہ دونوں کھلاڑیوں سمیت اس پوری سینڈیکیٹ کو پکڑا جس کا کھلاڑیوں سے رابطہ تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرکٹ ایسے واقعات سے پہلے ہی متاثر ہے اور اب یہ جو خبر سامنے آئی ہے یہ بہت بڑی خبر ہے جس سے پی ایس ایل متاثر ہوگی تاہم ساتھ ہی ساتھ پی سی بی کا اقدام بھی قابل تعریف ہے کہ انہوں نے فوری کارروائی ہوئی۔

    شاہد ہاشمی نے مزید بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو سزا ملے گی، ان کا کیریئر متاثر ہوسکتا ہے، تحقیقات میں اگر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں بڑی پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب لاہور سے نمائندہ اے آروائی نیوز شہزاد ملک نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اورنجم سیٹھی کے رد عمل سامنے آرہے ہیں جہنوں نے شفافیت پر زور دیا ہے، دونوں کھلاڑیوں کے خلاف آئی سی سی اور اے سی یو کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔

    پی سی بی کمنٹ نہیں کرسکتا۔ رپورٹر نے مزید بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کے سٹے بازوں سے روابط سامنے آئے ہیں۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے پی سی بی حکام کو یہ بات رپورٹ کرائی جس کے بعد انہیں معطل کیا گیا۔

    اب دونوں کھلاڑیوں کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف وزری پر پاکستان کرکٹ ٹیم سے بھی معطل کیا جائےگا، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں دونوں کھلاڑی کسی بھی فارمیٹ کے انٹرنیشنل کھیل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

    شہزاد ملک نے بتایا کہ پی سی بی نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف پی ایس ایل ایڈیشن ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں کھلاڑی پی ایس ایل ٹو میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

    مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد ایک مشکوک شخص سےملاقات کی،  شرجیل خان اور خالد لطیف کی مشکوک شخص سے ملاقات کے ویڈیو کلپس بطورثبوت موجود ہیں، دونوں کھلاڑیوں کی ملاقاتیں پبلک مقامات پر ہوئیں۔

    نجم سیٹھی کے کرپشن کے خلاف نوکمپرومائز نے بھارتی لابی کو چپ کرادیا،  تحقیقات میں شرجیل خان اورخالد لطیف نے ملاقات کا اعتراف کرلیا ہے۔

    دونوں کھلاڑیوں کو عبوری طور پر معطل کر کے وطن واپس بھیجا گیا، ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوئے تو ان کا انٹرنیشنل کیریئر بھی داؤ پر لگ جائے گا۔

    اطلاع ہمارے اینٹی کرپشن یونٹ نے دی، نجم سیٹھی

    اس حوالے سے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی کرپشن کےخلاف ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ہمارے یونٹ نے اطلاع دی تھی جس پر کارروائی کی گئی، اب بھی کوئی شک یا کوئی ثبوت ملا تو ایسا ایکشن پھر لیا جائے گا۔

    خالد لطیف کی وجہ سے راشد لطیف کی ساکھ خراب ہوگی، باسط علی

    سابق کرکٹر باسط علی نے اے آر وائی سے گفتگو میں کہا کہ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کرکےاچھا اقدام کیا ہے۔ اگر آپ کرکٹ کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو یہ خوش آئند بات ہے کہ پی سی بی نے انڈین کرکٹ بورڈ کی طرح نہیں کیا بلکہ اپنے پلیئرزکے خلاف کارروائی کی ہے جو آئندہ آنے والے کرکٹرز کے لیے مثال اور مقام عبرت ہوگی۔

    اینکر کے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی میڈیا اس بات کو منفی طور پر اچھالے گا لیکن پی سی بی کے لیے یہ اچھا ہوا کہ جرم پکڑا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ خالد لطیف کا نام سن کر حیرانی ہوئی، خالد لطیف راشد لطیف کے بہت قریب ہیں اس سے راشد لطیف کی ساکھ خراب ہوگی۔

    باسط علی نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کے معاملات سامنے آنے کے بعد لاہورکے ہارنے پربھی انگلیاں اٹھ سکتی ہیں، گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ کا نتیجہ بھی مشکوک ہوگیا ہے کیوں کہ عوام کہتی ہے میچ فکس کرکے ہارے ہوں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی تو نہیں لگ سکتی تاہم کئی سال کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

    شرجیل کے گھر کے باہر لوگوں کا رش لگ گیا

    خبر سنتے ہی حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں شرجیل خان کے گھر کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جن کا کہنا تھا کہ شرجیل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث نہیں ہوسکتا۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق آفتاب زئی کے مطابق شرجیل خان کے مداحوں نے کہا کہ تحقیقات ہونے تک اور جرم ثابت ہونے تک انہیں پی ایس ایل میں کھیلنا چاہیے، ان کے ساتھ فراڈ ہوا وہ ایسے کھلاڑی نہیں، ان کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا ہے، وہ ایک اچھے بیٹسمین ہیں، یہ شرجیل کے خلاف سازش ہے۔

    دریں اثنا دونوں معطل کھلاڑی دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئےجو اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد ہاشمی نے بتایا کہ شرجیل دوران پرواز روتے رہے۔

  • پاکستانی کھلاڑی شرجیل خان کے کیرئیر کی پہلی سنچری

    پاکستانی کھلاڑی شرجیل خان کے کیرئیر کی پہلی سنچری

    ڈبلن: پاکستانی اوپنر شرجیل خان نے کیرئیر کی بہترین اننگز آئرلینڈ کیخلاف کھیل ڈالی، آئرش ٹیم کیخلاف سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بن گئے۔

    ڈبلن کے میدان میں آئرلینڈ کے خلاف پاکستانی اوپنر شرجیل خان نے تاریخ ساز اننگز کھیل ڈالی، جارحانہ انداز سے کھیلنے والے اوپنر نے چھکے لگا کر شائقین کرکٹ کو خوب کیچ پریکٹس کرائی، شاندار اننگز نے آئرش ٹیم کے رنگ اڑا دیئے، نصف سنچری چھکا لگا کر مکمل کی۔

    شرجیل خان کا بیٹ رنز اگلتا رہا اور اکسٹھ گیندوں پر سنچری چوکا لگا کر بنائی، ایک سو باون رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آئرش ٹیم نے بڑی مشکل سے پاکستانی اوپنر کو قابو کرہی لیا، شرجیل خان کی کیرئیر بیسٹ اننگز میں نو چھکے اور سولہ چوکے شامل ہیں۔

    آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 2 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلا میچ میں پاکستان نے جیت کیلئے میزبان ٹیم کو تین سو اڑتیس رنز کا ہدف دے دیا ۔

  • مجھے دھمکی آمیز کالز کی جارہی ہیں، شرجیل خان

    مجھے دھمکی آمیز کالز کی جارہی ہیں، شرجیل خان

    حیدرآباد : کرکٹر شرجیل خان کا کہنا ہے کہ ان کو نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی آمیز کالز کی جارہی ہیں، اگر میں نے پیسے نہ دیئے تو وہ میری جعلی ویڈیو شوشل میڈیا پر شیئر کردیں گے.

    تفصیلات کے مطابق کرکٹرشرجیل خان نے فیس بک پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکی آمیز کالز آرہی ہیں،اور مجھے ڈرایا جارہا ہے کہ اگر میں نے ان کو پیسے نہیں دیئے تو وہ میری ویڈیو سوشل میڈیا پر شیرکردیں گے تاہم کرکٹر کی جانب سے ویڈیو کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا.

    ذرائع کے مطابق کرکٹر شرجیل خان سے 90 لاکھ روپے مانگے جارہے ہیں، اور ان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اگر انہوں نے پیسے نہ دیئے تو ان کی پرائیوٹ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شئیر کردیا جائے گا.

    شرجیل خان نے پہلے ہی فیس بک پر شئیر کی گئی ویڈیو میں کہا ہے کہ اگر اس طرح کی کوئی بھی ویڈیو شیئر کی جاتی ہے تو وہ جعلی ہوگی، جس کا مقصد ان کو بدنام کرنا ہوگا.

    کرکٹر کا ماننا ہے کہ کچھ لوگ ان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.

    شرجیل خان پاکستان کے لیے11 انٹرنیشنل میچوں سمیت ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، کرکٹر کا شمار ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے.