Tag: شرپسند اسرائیلی وزیر

  • بائیڈن انتظامیہ کا شرپسند اسرائیلی وزیر سے ملنے سے انکار

    بائیڈن انتظامیہ کا شرپسند اسرائیلی وزیر سے ملنے سے انکار

    واشنگٹن: امریکی دورے کے موقع پر بائیڈن انتظامیہ کے عہدے دار شرپسند اسرائیلی وزیر بیزلیل سموٹریچ سے ملاقات نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ فلسطینی گاؤں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا نسل پرستانہ اعلان کرنے والے اسرائیلی وزیر خزانہ کے امریکی دورے میں بائیڈن انتظامیہ کے عہدیدار اُن سے نہیں ملیں گے۔

    عرب نیوز نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ امریکی دورے پر جائیں گے، تاہم وائٹ ہاؤس کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا گیا کہ امریکی وزیر خزانہ جینٹ یالن یا دیگر حکومتی عہدے دار اسرائیل کے وزیر خزانہ سے ملاقات نہیں کریں گے۔

    اسرائیل کے زیرِ قبضہ مغربی کنارے کے علاقے میں یہودی آباد کاروں اور فلسطینیوں کے درمیان حملوں اور پُرتشدد واقعات کے دوران ایک کانفرنس میں وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے ’حوارہ‘ نامی قصبے کو ملیامیٹ کرنے کی بات کی تھی۔

    اسرائیلی وزیر خزانہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ حوارہ کو صفحہ ہستی سے مٹا دینا چاہیے۔‘

    فلسطینی گاؤں سے متعلق اسرائیلی وزیر کے بیان نے عالمی برادری کو برہم کر دیا

    تشدد کے یہ واقعات اس حملے کے بعد شروع ہوئے جس میں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے میں کارروائی کے دوران شمالی شہر نابلس میں 11 فلسطینیوں کو شہید کیا۔

    اسرائیل کے وزیر خزانہ رواں ماہ 12 تا 14 مارچ واشنگٹن میں ہوں گے، جہاں وہ اسرائیلی بانڈز کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

  • شرپسند وزیر کے بیان کے بعد اسرائیلی فوج کا فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا، بچے کو ڈھال بنا لیا

    شرپسند وزیر کے بیان کے بعد اسرائیلی فوج کا فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا، بچے کو ڈھال بنا لیا

    رام اللہ: شرپسند اسرائیلی وزیر بیزلیل سموٹریچ کے بیان کے بعد اسرائیلی فوج نے فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول کر چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال کر دی، چھاپے کے وقت اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی شخص اور ان کے بچے کو اپنے لیے انسانی ڈھال بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، صہیونی فوج نے مغربی کنارے کے شہر اریحا میں فلسطینی عقبات پناہ گزین کیمپ پر چھاپا مارا۔

    اہل کار گھروں میں داخل ہو گئے جس پر اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، اور اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ کر دی۔

    جھڑپوں کے بعد 6 فلسطینی نوجوانوں کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے شرپسندی پر مبنی بیان دیا تھا کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں فلسطینی گاؤں حوارا کو بمباری کر کے ملیا میٹ کر دے۔

    اس نے کہا مغربی کنارے میں فلسطینی گاؤں حوارہ کو بمباری کر کے ملیا میٹ کرنا ہوگا، دوسری جانب امریکا نے اسرائیلی وزیر کے بیان کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ ایسے بیانات سے امن کی کوششوں کو مزید نقصان پہنچے گا۔

    نیڈ پرائس نے کہا وزیرِ اعظم نتن یاہو عوامی طور پر اسرائیلی وزیر کے بیان کو مسترد کریں۔

    او آئی سی نے بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ اسرائیل کو بے لگام چھوڑ دیا گیا ہے، اسرائیلی جرائم پر خاموشی نے مظالم میں اضافہ کیا۔