Tag: شرپسند ٹولہ

  • شرپسند ٹولے کے منتشر ہوتے ہی اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس کراس کرگئی، وزیراعظم

    شرپسند ٹولے کے منتشر ہوتے ہی اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس کراس کرگئی، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرپسند ٹولے کے منتشر ہوتے ہی اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس کراس کرگئی ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم کو گزشتہ دنوں شرپسندوں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کیسے انقلابی ہیں جو ملک کی تباہی، انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ انتشاری ٹولے نے لشکرکشی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو زخمی اور شہید کیا، اسلام آباد پر لشکرکشی کرنے والے شرپسند ٹولے کیخلاف فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے کی مذموم کوششوں کے نتیجے میں ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، ملک کے معاشی نقصان کے ذمہ دار انتشاری ٹولہ اور اسکے کرتا دھرتا ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ انتشاری ٹولے میں شرپسند عناصر کی فوری شناخت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے، جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ذاتی مقاصد کیلئے لشکر کشی کرنے والوں کو روکنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے نام نہاد پُرامن دھرنے کے مسلح افراد کو انتشار پھیلانے سے روکنے میں برداشت کا مظاہرہ کیا، آئندہ ایسی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ عوام میں اشتعال، بےیقینی پھیلانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، بلوائیوں سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد اور ملک بھر میں اینٹی روائٹس فورس قائم کی جائے، فورس کو بین الاقوامی طرز پر پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری سازوسامان سے لیس کیا جائے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ مسلح افراد کی نشاندہی کرکے کارروائی کریں، استغاثہ کےنظام میں مزیدبہتری لائی جائے، وفاقی وزرا احدچیمہ، عطا تارڑ، مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ ،اٹارنی جنرل اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

  • شرپسند ٹولہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، وفاقی وزیر امیرمقام

    شرپسند ٹولہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، وفاقی وزیر امیرمقام

    امیرمقام نے کہا ہے کہ شرپسند ٹولہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، پی ٹی آئی انتشار کی سیاست کررہی ہے، عوام نے احتجاجی کال مسترد کردی۔

    وفاقی وزیر امیرمقام کی نیوز کانفرنس میں کہا کہ احتجاج کی وجہ سے لوگوں کا کاروبار متاثر ہورہا ہے، عوام نے پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال مسترد کردی ہے، علی امین گنڈاپور صوبے پر توجہ دینے کے بجائے احتجاج میں مصروف ہیں۔

    امیرمقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے، آخری کال پی ٹی آئی کے خاتمےکی کال ثابت ہوگی، اسلام آباد پر چڑھائی سے بانی پی ٹی آئی رہا نہیں ہونگے۔

    انھوں نے کہا کہ عوام کو پتہ ہے پی ٹی آئی کے احتجاج کا کوئی مقصد نہیں، خیبر پختونخوا کے وسائل احتجاج کیلئے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے کے سرکاری ملازمین کو احتجاج کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، بشریٰ بی بی نے دوست ملک کے خلاف بیان دیا۔

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کئی لوگوں نے ہم سے رابطے کیے ہیں، بیلاروس کا وفد پاکستان آرہا ہے، پی ٹی آئی نے ہر اہم موقع پر احتجاج کی کال دی، پی ٹی آئی کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔

    امیرمقام کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کئی گروپس میں تقسیم ہوچکی ہے۔