Tag: شرکت سے معذرت

  • جماعت  اسلامی نے  آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی

    جماعت اسلامی نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی

    اسلام آباد : جماعت اسلامی نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی، رہنما لیاقت بلوچ نے کہا موجودہ حالات میں اے پی سی میں شرکت کو کارکن ناپسند کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے لئے مولانا فضل الرحمان سرگرم ہیں ، جماعت اسلامی نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی ، پارٹی میں مشاورت کےبعدمولانا فضل الرحمان کو آگاہ کردیاگیا ہے۔

    جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا موجودہ حالات میں اے پی سی میں شرکت کو کارکن ناپسند کرتے ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان نے سراج الحق سے ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

    اس سے قبل رہنما جےآئی قیصر شریف نے کہا تھا جماعت اسلامی26جون کواےپی سی میں شریک نہیں ہوگی، ماضی کی حکومتیں غلطیوں پرقوم سے معافی  مانگیں، ماضی کی حکمران جماعتیں موجودہ بحرانواں کی ذمہ دار ہیں۔

    قیصرشریف کا کہنا تھا سابق حکمران بیرون ملک پڑی دولت پاکستان واپس لائیں، جب تک ماضی پرمعافی نہیں مانگتےان کیساتھ نہیں بیٹھ سکتے، عمران خان لوٹی ہوئی دولت واپس لانےکا وعدہ پوراکریں، پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ کی احتجاج تحریک کاحصہ نہیں۔

    مزید پڑھیں : مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کوٹیلیفون

    یاد رہے جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو ٹیلی فون کر کے انہیں کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

    ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی، سربراہ جے یو آئی (ف) نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے رہنما حاصل بزنجو سے بھی رابطہ کیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے بھی رابطے کی کوشش کی تاہم ان کے بیرون ملک ہونے کے باعث رابطہ نہ ہوسکا۔مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ اختر مینگل نے انہیں اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 26 جون کو اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی، بجٹ منظوری روکنے سے متعلق معاملات پر مشاورت ہوگی، اس کے علاوہ حکومت مخالف تحریک اور لاک ڈاؤن کے فیصلے پر غور کیا جائےگا۔

  • کپل دیو کی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت

    کپل دیو کی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت

    نئی دہلی : بھارت کے سابق کرکٹر کپل دیو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی اور کہا ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان نہیں جارہا، اسے دوسرا رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تقریب حلف برداری کے بارے میں بھی بھارتی میڈیا زہراگلنے سے باز نہیں آرہا، بھارتی اینکر نے مرضی کا بیان دلوانے کے لئے کپل دیو پر دباؤ ڈالا اور کہا آپ نے عمران خان کا دعوت نامہ ٹھکرا دیا۔

    جس پر کپل دیو نے جواب دیا کہ عمران خان کی جانب سے مدعو کرنے پر ان کا مشکور ہوں، ذاتی مصروفیات کی وجہ سے تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے پاکستان نہیں جارہا، اسے دوسرا رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔

    اس سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا تھا، عمران خان کا وزیراعظم بننا بڑا موقع ہے، توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔


    مزید پڑھیں : سنیل گواسکر کی عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے معذرت


    یاد رہے بھارت کے سابق کرکٹرکپل دیو نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان میں تب بھی جنون تھا، اب بھی ہے، عمران خان کو 25 سال لگ گئے، اس مقام تک پہنچنے کے لئے، ان میں عمران لیڈرشپ کی سوچ ہے۔

    خیال رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ویزہ جاری ہوگیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔

    واضح رہے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا، جن میں سنیل گواسکر، کپل دیو، اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔