Tag: شریف اللہ

  • کابل ایئرپورٹ دھماکے کے الزام میں دہشت گرد شریف اللہ  کی امریکی عدالت میں پیشی

    کابل ایئرپورٹ دھماکے کے الزام میں دہشت گرد شریف اللہ کی امریکی عدالت میں پیشی

    واشنگٹن: کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی عدالت میں پیشی پر امریکی محکمہ انصاف نے شریف اللہ کوداعش کا کارندہ قراردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث گرفتار دہشت گرد شریف اللہ کو امریکی ریاست ورجینیا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    امریکی محکمہ انصاف نے عدالت میں شریف اللہ کو داعش کا کارندہ قرار دیا، وفاقی جج نے ملزم کو مقدمات کی سماعت کے دوران جیل میں رکھنے کا حکم دیا۔

    ملزم نے گزشتہ ہفتے سماعت میں دہشتگرد تنظیم کو مدد فراہم کرنے کا اعتراف کیا تھا اور جج سے بات کیلئے مترجم کی خدمات لی تھیں۔

    مزید پڑھیں : داعش کمانڈر شریف اللہ کے ایف بی آئی حکام کے سامنے سنسنی خیز انکشافات

    امریکی محکمہ انصاف نے بتایا تھا کہ شریف اللہ نے ایک حملہ آور کو کابل ایئرپورٹ کا رستہ دکھایا تھا اور دیگر دہشت گردوں کو بتایا راستہ صاف ہے اور خود کش بمبار کو پہچانا نہیں جاسکے گا۔

    داعش کمانڈر نے داعش حملوں میں معاونت فراہم کرنے کا بھی اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جون 2016 میں کینیڈین سفارتخانے پر خودکش حملے اور 22 مارچ سن 2024 ماسکو کے قریب کرکس سٹی ہال پر حملے میں بھی تعاون کیا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ذمے دار داعش کے دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد کو امریکا لایا جارہا ہے، امریکیوں کو یقین دلاتا ہوں، دہشتگرد امریکی نظام انصاف کی تلوار کا سامنا کرے گا۔

  • یو این قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا، ترجمان دفتر خارجہ

    یو این قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری پروزیر اعظم نے سماجی ویب سائٹ پر پیغام دیا، علاقائی امن و استحکام کیلئے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار اور امریکا کے حوالے کیا، شریف اللہ کو کس قانون کے تحت امریکا کے حوالے کیا یہ وزارت قانون بہتر بتا سکتی ہے, مجھے اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی پریشانی یا خوف دکھائی نہیں دیتا۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی پر مبنی تعاون جاری ہے ، ہمارے امریکا سے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں، امریکا ہمارا بڑا برآمدی شراکت دار ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی پرتعاون ایک جاری عمل ہے ، دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری اور حوالگی پر کوئی فل اسٹاپ نہیں ، شریف اللہ کی گرفتاری اور حوالگی جیسے آپریشن کسی ایک واقعے کی مرہون منت نہیں ، پاکستان اور امریکا کے درمیان قونصلر رابطے جاری رہتے ہیں۔

    شفقت علی خان نے بھارتی وزیر مملکت کی آزاد کشمیر واپس لینے کی ہرزہ سرائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا بگرام ائیر بیس واپس لینے یا نہ لینے کا معاملہ افغان اور امریکی حکومت کا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ افغان سائیڈ نے بارڈر پر پاکستان کی جانب 2 چوکیوں کی تعمیر کی کوشش کی، منع کرنے پر انہوں نے پاکستان کی جانب فائرنگ بھی کی، افغان سرگرمیوں کا نتیجہ پاک افغان سرحد کی بندش میں نکلا ہے۔

  • افغانستان میں امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث داعش کا دہشت گرد ورجینیا کی عدالت میں پیش

    افغانستان میں امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث داعش کا دہشت گرد ورجینیا کی عدالت میں پیش

    ورجینیا : افغانستان میں امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث داعش کے دہشت گرد شریف اللہ کو ورجینیا کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث دہشت گردشریف اللہ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کردیا ، جہاں اسے ورجینیا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    ابتدائی سماعت میں ملزم نے جج سے بات کیلئے مترجم کی خدمات لیں تاہم امریکی فوجیوں کے قتل کے مقدمے کی تفصیلی سماعت پیر کو ہوگی۔

    عدالت میں پیشی کے موقع پر شریف اللّٰہ کو نیلے رنگ کا جیل میں پہننے والا لباس پہنایا گیا تھا۔

    دس منٹ تک جاری ابتدائی سماعت کے موقع پر شریف اللّٰہ کو بتایا گیا کہ الزامات ثابت ہوئے تو اسے عمر قید کا سامنا ہوگا۔

    مزید پڑھیں : شریف اللہ، افغانستان میں امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث تھا، ڈائریکٹر ایف بی آئی

    اس سے قبل ڈائریکٹرایف بی آئی کیش پٹیل نے امریکیوں کے خلاف دہشت گرانہ کارروائی میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے بعد ایکس پر اپنے پیغام میں کہا تھا گرفتاردہشت گرد شریف اللہ امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث ہے، شریف اللہ کو گزشتہ رات گرفتار کیا گیا۔

    کیش پٹیل کا کہنا تھاکہ امریکی انصاف کا سامنا کرنے کیلئے ملزم کو کٹہرے میں لے آئے ہیں، ہمارے شراکت داروں اور ایجنسی کے بہادر اہلکاروں کا شکریہ۔

    مزید پڑھیں : کابل ائیرپورٹ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون پر ٹرمپ پاکستان کے شکر گزار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ذمے دار داعش کے دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ امریکی فوجیوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد کو امریکا لایا جارہا ہے، امریکیوں کو یقین دلاتا ہوں، دہشتگرد امریکی نظام انصاف کی تلوار کا سامنا کرے گا۔