Tag: شطرنج

  • شطرنج کا انوکھا مقابلہ، بیک وقت ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑی مل کر بھی لیجنڈ کارلسن کو نہ ہرا سکے

    شطرنج کا انوکھا مقابلہ، بیک وقت ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑی مل کر بھی لیجنڈ کارلسن کو نہ ہرا سکے

    شطرنج میں انوکھا مقابلہ ہوا جس میں بیک وقت ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑی مل کر بھی شطرنج کے ماہر کارلسن کو نہ ہرا سکے۔

    کوئی بھی کھیل انفرادی طور پر دو افراد یا چند افراد پر مشتمل ٹیموں کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔ ٹیموں پر مشتمل کھیل میں ہر ٹیم میں مساوی کھلاڑی ہوتے ہیں۔

    شطرنج ذہانت کا کھیل ہے جو انفرادی طور پر دو کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔
    تاہم شطرنج کا ایک ایسا انوکھا مقابلہ بھی دیکھنے میں آیا جس میں دنیا بھر سے ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑی بیک وقت مل کر بھی شطرنج کے ماہر لیجنڈ کارلسن کو نہ ہرا سکے اور میچ ڈرا ہو گیا۔

    یہ لیجنڈ کھلاڑی میگنس کارلسن ہیں جو 2013 سے 2023 تک مسلسل 10 سال شطرنج کے عالمی چیمپئن رہے ہیں۔ 34 سالہ کارلسن جن کا تعلق ناروے سے ہے یہ میچ آن لائن کھیلا اور ان کے مدمقابل دنیا بھر سے ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑی تھے۔

    اس میچ کا انعقاد ’چیس ڈاٹ کام‘ نامی ویب سائٹ نے ’میگنس کارلسن بمقابلہ ورلڈ‘ کے ٹائٹل سے کیا تھا۔ یہ مقابلہ چند گھنٹے یا چند دن نہیں بلکہ 6 ہفتوں تک جاری رہا مگر پھر بھی کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

    اس آن لائن میچ کا آغاز گزشتہ ماہ 4 اپریل کو ہوا تھا جو گزشتہ پیر 19 مئی تک جاری رہا جس کے بعد میچ کو ڈرا قرار دے دیا گیا۔

    اس میچ کے حوالے سے کارلسن کا کہنا تھا کہ آغاز میں مجھے لگا کہ میں اچھا کھیل رہا ہوں، لیکن تمام کھلاڑیوں نے اچھا کھیلا اور مجھے اچھی چال چلنےکا ایک بھی موقع نہیں دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل روس سے تعلق رکھنے والے شطرنج کے کھلاڑی سپاروف 1999 میں 50 ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور گزشتہ سال بھارتی کھلاڑی وشوا ناتھن نے 70 ہزار کے لگ بھگ کھلاڑیوں سے بیک وقت میچ کھیلا تھا۔

  • طالبان حکومت نے شطرنج کے کھیل پر پابندی عائد کر دی

    طالبان حکومت نے شطرنج کے کھیل پر پابندی عائد کر دی

    افغانستان بھر میں طالبان حکومت نے شطرنج کے کھیل پر مکمل پابندی عائد کر دی، جسے انہوں نے اسلامی شریعت کے تحت جوا قرار دیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ شطرنج میں شرعی طور پر قابل اعتراض پہلو پائے جاتے ہیں، جنہیں دور کیے جانے تک اس کھیل کو معطل رکھا جائے گا۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے افغان اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان اطل مشوانی نے کہا کہ شریعت کے مطابق شطرنج کو جوئے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے جو کہ ہمارے اخلاقی ضابطہ قانون کے تحت ممنوع ہے۔

    اطل مشوانی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی قومی شطرنج فیڈریشن گزشتہ 2 سال سے غیر فعال ہے اور قیادت کے مسائل کا شکار ہے۔

    افغانستان میں طالبان حکومت کی واپسی کے بعد سے خواتین پر تمام کھیلوں کی پابندی عائد کی جا چکی اور اب مردوں کے کھیل بھی نشانے پر آ چکے ہیں۔

    اس سے قبل روسی پارلیمنٹ نے افغان طالبان کو دہشتگردوں کی لسٹ سے نکالنے کا بل منظور کیا تھا اور آج روس کی سپریم کورٹ نے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی۔روس نے طالبان کو 2003 میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

    روس کی ٹاس نیوز ایجنسی کے مطابق جج اولیگ نیفیدوف نے اعلان کیا کہ جمعرات کا فیصلہ – پراسیکیوٹر جنرل کی درخواست کے ذریعے فوری طور پر نافذ العمل ہے۔

    2021 میں اقتدار میں آنے والے گروپ کے حق میں یہ اقدام 1990 کی دہائی کی افغان خانہ جنگی سے متعلق ہنگامہ خیز تاریخ کے باوجود، ماسکو کے ساتھ بتدریج تعلقات کے سالوں کے بعد اٹھایا گیا۔

    اسرائیلی فوج نے یمن کی بندرگاہوں سے شہریوں کو انخلا کا حکم دیدیا

    ابھی حال ہی میں، مشترکہ سیکورٹی مفادات – بشمول داعش (ISIS) کے علاقائی الحاق، ISKP کے خلاف لڑائی – نے روس اور طالبان کو قریب کیا ہے۔

  • شطرنج کا چیمپئن کون ہوگا  ؟ وزیراعلیٰ سندھ  اور مہک مقبول کے درمیان بڑا معرکہ آج ہوگا

    شطرنج کا چیمپئن کون ہوگا ؟ وزیراعلیٰ سندھ اور مہک مقبول کے درمیان بڑا معرکہ آج ہوگا

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پاکستان کی انڈر 18 شطرنج چیمپئن مہک مقبول بڑے معرکے میں آج مدمقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور مہک مقبول کےدرمیان شطرنج کابڑا معرکہ آج ہوگا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دلچسپ مقابلہ پہر 3 بجےوزیراعلیٰ ہاؤس سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔

    جس دوران شطرنج کے تخت پر ذہانت کی جنگ کیلئے تجربہ اورابھرتی ہوئی صلاحیتیں آمنے سامنے ہوں گی۔

    پاکستان کی انڈر 18 شطرنج چیمپئن مہک مقبول نے حال ہی میں نیشنل یوتھ چیس چیمپیئن شپ جیتی ہے۔

    مہک مقبول سندھ حکومت کے ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کی طالبہ ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کے ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول کو زندگی ٹرسٹ نے اپنایا ہے۔

  • 3 لاکھ ریال کے ٹائٹل کے لیے سعودی عرب میں شطرنج مقابلہ

    3 لاکھ ریال کے ٹائٹل کے لیے سعودی عرب میں شطرنج مقابلہ

    ریاض: 3 لاکھ ریال کے ٹائٹل کے لیے سعودی عرب میں شطرنج مقابلہ سج گیا۔

    عرب نیوز کےمطابق سعودی دارلحکومت ریاض میں شطرنج کے مقابلے کا میلہ سج گیا ہے جو دو دن تک جاری رہے گا، اس ایونٹ میں عرب ممالک کے 100 سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

    شطرنج کا یہ مقابلہ جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور سعودی شطرنج فیڈریشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا ہے، ایونٹ میں خواتین کھلاڑی بھی حصہ لے رہی ہیں۔

    سعودی چیس فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر عبداللہ الوحشی نے گزشتہ روز موریطانیہ کے عالمی سطح کے کھلاڑی مولائے براہیم ہیمام کو پہلی چال چلا کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔

    ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی کو 3 لاکھ، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 2 لاکھ اور تیسری پوزیشن لینے والے کو ایک لاکھ ریال کا انعام دیا جائے گا۔

    اس مقابلے میں سوئس چیس سسٹم کو اپنایا گیا ہے، اور شرکا 9 راؤنڈ میں مقابلہ کریں گے۔ انعامات کا سلسلہ دس نمبر تک آنے والے کھلاڑیوں تک وسیع ہوگا۔

  • شطرنج کے اس مہرے میں ایسا کیا ہے جس نے مالکان کو مالا مال کر دیا؟

    شطرنج کے اس مہرے میں ایسا کیا ہے جس نے مالکان کو مالا مال کر دیا؟

    لندن: برطانیہ میں شطرنج کا 7 ڈالر میں خریدا گیا ایک مہرہ 9 لاکھ ڈالر میں فروخت ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قرونِ وسطیٰ کے عہد میں تیار کردہ شطرنج کے ایک مہرے کو ایک شخص نے کباڑ سے صرف 7 ڈالر کا خریدا تھا جو ایک نیلام گھر میں 9 لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔

    اس شطرنج کے 93 مہرے 1831 میں اسکاٹ لینڈ کے جزیرہ لیوس پر دریافت ہوئے تھے، جو شاید کسی بحری جہاز کے ٹکرانے کے بعد یہاں پہنچے ہوں گے، ماہرین کو اس کے بقیہ 5 مہروں کی تلاش تھی۔

    گیارہویں تا چودھویں صدی عیسوی کا دور قرونِ وسطیٰ کا عہد کہلاتا ہے، اس زمانے میں دانت سے بنائی گئی شطرنج کی بساط کا ایک مہرہ بقیہ بساط سے غائب تھا، یہ مہرہ سمندری مخلوق والرس (سمندری گھوڑے) کے دانتوں سے تراشا گیا تھا، 1964 میں پرانی اشیا فروخت کرنے والے کی دکان سے یہ مہرہ خریدا گیا تھا۔

    یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اسے بارہویں یا تیرہویں صدی عیسوی میں تراشا گیا تھا، اس کے بعد شطرنج کا یہ نایاب مہرہ خاندان در خاندان منتقل ہوتا رہا اور آخر کار مشہور نیلام گھر ’سودبے‘ کے حوالے کیا گیا، خود اس مہرے کے مالکان کو بھی علم نہ تھا کہ یہ ان کے لیے کسی خزانے سے کم نہ ہوگا۔

    اس مہرے کا تعلق اپنے دور کی مشہور ترین شطرنج کی بساط سے ہے اور خیال ہے کہ یہ کم سے کم 500 سال تک کہیں چھپا رہا ہوگا۔

  • ہیری پوٹر جیسا جادوئی شطرنج اب آپ کی میز پر

    ہیری پوٹر جیسا جادوئی شطرنج اب آپ کی میز پر

    آپ نے مشہور و معروف ہیری پوٹر فلم سیریز تو ضرور دیکھی ہوگی، کیا آپ کو اس کے پہلے حصے کا وہ سین یاد ہے جس میں ہیری پوٹر اور اس کا دوست رون ایسا شطرنج کھیلتے ہیں جس کے مہرے خود بخود آگے بڑھتے ہیں۔

    ایسا شطرنج حقیقی دنیا میں بھی تیار کرلیا گیا ہے جو خود بخود حرکت کرتا ہے۔

    یہ دراصل اسمارٹ شطرنج ہے جسے لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس نمائش میں متعارف کروایا گیا۔ اسکوائر آف گرینڈ کنگڈم چیس بورڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے لیس ہے اور کہیں بھی بیٹھے افراد اسمارٹ فون کی مدد سے آن لائن اسے کھیل سکتے ہیں۔

    اس کے لکڑی کے بورڈ کے نیچے ایک روبوٹک ہاتھ موجود ہے جو یہ کام کرتا ہے۔ اسے کھیلنے کے لیے آپ کو کسی مہرے کو نیچے دبانا ہوگا جس پر ایک بیپ سنائی دے گی اور پھر مہرے کو اپنی پسند کی جگہ پر رکھ کر دبانے پر ایک اور بیپ سنائی دے گی۔

    حیران کن منظر وہ ہوتا ہے جب آپ کے سامنے کوئی نہیں ہوتا مگر مخالف مہرے حرکت میں آجاتے ہیں۔ کسی گیم کو شروع کرنے کے لیے بورڈ کی سائیڈ میں موجود ایک بٹن کو دبانا ہوتا ہے اور پھر کھیل جادوئی ہوجاتا ہے۔

    کمپنی کے مطابق اس بورڈ پر کھلاڑی بلیو ٹوتھ کے ذریعے کنیکٹ ہوسکتے ہیں اور ہر وہ شخص اسے کھیل سکتا ہے جس کے پاس اسکوائر ایپ ہو۔

    شطرنج کا یہ جادوئی بورڈ 369 ڈالرز میں فروخت ہوگا۔

  • اسنوکر کے بعد پاکستان کے لیے شطرنج  کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز

    اسنوکر کے بعد پاکستان کے لیے شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز

    اسلام آباد: اسنوکر کے بعد پاکستان کو شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز حاصل ہو گیا ہے، نیپال میں ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال میں منعقدہ ایشین امیچور چیمپئن شپ میں پاکستان کے 2 کھلاڑیوں نے 2 گولڈ میڈل جیت لیے ہیں، پاکستان کے محمد امین نے ان ریٹڈ کیٹیگری جب کہ احتشام الحق نے انڈر 1800 کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔

    مقابلے کے دوران محمد امین نے 5 اعشاریہ 5 اور احتشام الحق نے 6 پوائنٹ اسکور کیے، اس چیمپئن شپ میں 15 ایشیائی ممالک کے 80 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

    نائب صدر چیس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار شطرنج میں بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے، ملک کے لیے 2 گولڈ میڈل حاصل کرنا بڑا اعزاز ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

    واضح رہے کہ مدن بھنڈاری میموریل ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ 2019 نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں 8 سے 15 نومبر کو کھیلی گئی۔ پاکستان کی طرف سے محمد شہزاد، احتشام الحق اور محمد امین نے اس میں حصہ لیا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل اسنوکر کی دنیا میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا گیا ہے، یہ کارنامہ عالمی چیپمئن محمد آصف نے انجام دیا، 9 نومبر کو انھوں نے پاکستان کو اسنوکر میں عالمی چیمپئن بنایا، قومی کیوسٹ نے فائنل میں فلپائنی حریف کو مات دے کر ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا۔

  • ملالہ شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں

    ملالہ شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں

    کراچی: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی گلوکار اور سماجی شخصیت شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں، شہزاد رائے نے ایک ملاقات میں ملالہ کو سکھایا کہ شطرنج کیسے کھیلتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکار شہزاد رائے اور تعلیم کے سلسلے میں دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں سماجی جدوجہد کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے درمیان ملاقات ہوئی۔

    شہزاد رائے اور ملالہ کے درمیان ہونے والی خوش گوار ملاقات کی تصویر نے ٹویٹر پر بڑی تعداد میں شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔

    پاپ گلوکار شہزاد رائے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصویر شیئر کی جس میں دونوں شخصیات شطرنج بورڈ کے سامنے بیٹھے  شطرنج کھیل رہے ہیں۔

    شہزاد رائے نے کہا کہ وہ ملالہ یوسف زئی کو شطرنج سکھا رہے تھے، انھوں نے لکھا ’میں ملالہ کو سکھا رہا تھا کہ شطرنج کس طرح کھیلی جاتی ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف کی طلبہ سے ملاقات، شطرنج کھیلی

    اسے بھی پڑھیں:  ملالہ یوسف زئی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات


    پاکستانی گلوکار نے ملالہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ ضرور کہوں گا کہ ملالہ یوسف زئی بہت تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ شطرنج دماغی کھیل ہے، اسے اسکول کے نصاب کا حصہ ہونا چاہیے، زندگی ٹرسٹ نے ایک سرکاری اسکول ایس ایم بی فاطمہ جناح کو گود لیا ہے، جہاں سے شطرنج میں ایک قومی چیمپئن ابھرا۔

  • آرمی چیف کی طلبہ سے ملاقات، شطرنج کھیلی

    آرمی چیف کی طلبہ سے ملاقات، شطرنج کھیلی

    راولپنڈی: آرمی چیف آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان ہونہار اور لائق نوجوانوں کی دولت سے مالا مال ہے، تمام طلبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق مختلف اسکولوں کےطلبہ کےوفد نے گورنمنٹ ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کادورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے  مطابق زندگی ٹرسٹ کے زیر انتظام جی ایچ کیو آنے والے طلبہ کےوفد نےآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سےملاقات کی۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نےخیرسگالی کےتحت طالبہ کیساتھ شطرنج بھی کھیلی اور نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں صلاحتیں بہتر بنانے کی تاکید بھی کی۔

    اس موقع پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہونہاراورلائق نوجوانوں کی دولت سےمالامال ہے۔

    یاد رہے کہ معروف گلوکار شہزاد رائے غیر سرکاری تنظیم زندگی ٹرسٹ کے بانی ہیں یہ این جی او ملک بھر میں بچوں کی تعلیم اور سرکاری اسکولوں کی بہتر حالت کے لیے اپنے پاس سے اقدامات کرتی ہے۔

    مزید پڑھیں: نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، معیارتعلیم میں‌ بہتری کے لئے بھرپوراقدامات کریں گے: آرمی چیف

    آئی ایس پی آر نے اس ابت کو بھی تسلیم کیا کہ ٹرسٹ کی معاونت سے تعلیم حاصل کرنے والے بچوں نے کھیل کے میدانوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لواہا منوایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کھیل کا نہیں‌ پتہ، میں سیاست ہی کو شطرنج سمجھتا ہوں: صادق سنجرانی

    کھیل کا نہیں‌ پتہ، میں سیاست ہی کو شطرنج سمجھتا ہوں: صادق سنجرانی

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ مجھے شطرنج کھیل کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں کیونکہ ہم تو سیاست کو ہی شطرنج سمجھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ 31ویں نیشنل چیس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صادق سنجرانی نے چیس فیڈریشن کو 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ  کھیلوں سے متعلق جو تجاویز آئیں گی اُن کے لیے بھرپور تعاون کروں گا کیونکہ میں ملک میں کھیلوں کا فروغ چاہتا ہوں اور کھیل کوئی بھی ہو صحت مند ہی ہوتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان کےلوگ فٹبال کوبہت پسندکرتےہیں مجھے بھی  یہ کھیل بہت پسند ہے اس لیے اپنی دو ٹیمیں بنائی ہوئی ہیں جو صوبائی سطح پر ہونے والے مختلف میچز کھیلتی ہیں، میری خواہش ہے کہ گوادر اور چاغی میں فٹبال اسٹیڈیم بننا چاہیے۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھاکہ مجھےشطرنج کےبارےمیں زیادہ معلومات نہیں کیونکہ ہم توسیاست کوہی شطرنج سمجھتےہیں۔

    واضح رہے کہ شطرنج کھیل کی عالمی تنظیمی اور ایشیائی چیس فیڈریشن کے بینر تلے چیس فیڈریشن آف پاکستان اور پنجاب چیس ایسوسی ایشن نے 31 ویں نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد کیا تھا جو 2 اپریل سے یکم مئی تک جاری رہی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔