Tag: شعور

  • کوے کی ذہانت آپ کو حیران کردے گی

    کوے کی ذہانت آپ کو حیران کردے گی

    آپ نے اس پیاسے کوے کی کہانی تو ضرور پڑھ رکھی ہوگی جو پیاس بجھانے کے لیے مٹکے کو کنکروں سے بھر دیتا ہے، جس کی وجہ سے پانی اوپر آجاتا ہے، کوے کی ذہانت کی سائنس نے بھی تصدیق کردی ہے۔

    جرمن ماہرین کی جانب سے حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں یہ انکشاف ہوا کہ کوے شعور بھی رکھتے ہیں یعنی اپنے ارد گرد کی دنیا کے حوالے سے کافی با خبر ہوتے ہیں، یہ ایک حیران کن دریافت ہے کیونکہ اب تک صرف انسان اور چند ممالیہ جانداروں کو ہی اس صلاحیت کا حامل سمجھا جاتا تھا۔

    ماہرین کے مطابق جانوروں میں شعور کی نشاندہی مشکل ہوتی ہے کیونکہ وہ بات نہیں کر سکتے، جس سے یہ معلوم کرنا مشکل ہوتا ہے کہ وہ اپنے ساتھ ساتھ اپنے ارگرد کی دنیا کا کس قدر شعرو رکھتے ہیں۔

    حالیہ تحقیق سے علم ہوا کہ کوے اپنی معلومات کے بارے میں جانتے ہیں، سوچتے ہیں، اور اس سے اپنے مسائل حل کرتے ہیں۔

    طبی زبان میں اسے پرائمری کونشیس نیس کہا جاتا ہے جو شعور کی سب سے بنیادی قسم ہے یعنی حال، مستقبل قریب اور ماضی کا شعور۔ اس کا تعلق سیربل کورٹیکس سے ہوتا ہے جو ممالیہ جانداروں کے دماغ کا ایک پیچیدہ حصہ ہوتا ہے۔

    تاہم پرندوں کی دماغی ساخت بالکل مختلف ہوتی ہے، ممالیہ جانداروں کے دماغوں میں جہاں تہیں ہوتی ہیں، وہاں پرندوں کے دماغ بالکل ہموار ہوتے ہیں، البتہ کوے بہت چالاک ہوتے ہیں اور ان میں ممالیہ جانداروں جیسی ذہنی صلاحیتیں بھی پائی جاتی ہیں لہٰذا ماہرین یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ کیا ان کے اندر شعور پایا جاتا ہے یا نہیں۔

    اس کے لیے جرمن محققین نے 2 کووں پر مختلف تجربات کیے۔

    سب سے پہلے انہیں اسکرینوں پر روشنی دکھائی گئی اور دریافت ہوا کہ وہ انہیں دیکھ سکتے ہیں، مگر کچھ روشنیوں کو دیکھنا بہت مشکل تھا اور ان میں کئی بار وہ کوے دیکھنے کا سگنل دیتے، کئی بار نہیں دیتے۔

    ہر کوے نے درجنوں سیشنز کے دوران 2 ہزار سگنلز دیے جبکہ اس دوران الیکٹروڈز ان کے دماغ میں نصب تھے تاکہ دماغی سرگرمیوں کو ریکارڈ کیا جاسکے۔

    ماہرین نے بتایا کہ تجربات سے علم ہوا کہ کوے کے دماغ میں اعصابی خلیات بہت زیادہ پراسیسنگ کی سطح رکھتے ہیں جو کہ شعور کا اثر ہوتا ہے۔

    تحقیق کے نتائج سے تصدیق ہوئی کہ اس طرح کا شعور صرف انسانوں یا چند ممالیہ جانداروں تک محدود نہیں، اور اس قسم کے شعور کے لیے ممالیہ دماغ جیسی پیچیدہ تہہ کی بھی ضرورت نہیں۔

    ایک اور تحقیق میں کبوتروں اور الوؤں پر مختلف تجربات کے دوران یہ بھی دریافت کیا گیا کہ دونوں پرندوں کی دماغی ساخت حیران کن حد تک ممالیہ جانداروں کی سیربل ساخت سے ملتی جلتی ہے۔

    اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ اس قسم کا بنیادی شعور پرندوں اور ممالیہ جانداروں میں ہماری توقعات سے بھی زیادہ عام ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ تحقیق کے نتائج سے ہمیں شعور اور اس کے دماغی اثرات کے ارتقا کے بارے میں جاننے کا موقع مل سکے گا۔

    اس سے قبل تحقیقات میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ کوا چیزیں بنانے، ذخیرہ کرنے، اپنے ٹولز کی نگہداشت کرنے اور انہیں بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ گنتی بھی کر سکتا ہے، علاوہ ازیں کوا سخت کینہ پرور ہوتا ہے جو اپنے دشمن کو چالاکی سے چاروں خانے چت کردیتا ہے۔

    کچھ عرصہ قبل نیشنل جیوگرافک نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوا اپنی خوراک کس ذہانت سے حاصل کرتا ہے۔ کوا اپنا شکار حاصل کرنے کے لیے پودوں کی شاخوں کو بطور آلہ استعمال کرتا ہے۔

    کوے شاخ کو چھیل کر نہ صرف اس کے اگلے سرے کو نوکیلا بناتے ہیں بلکہ بعض اوقات اسے موڑ کر ہک کی شکل بھی دیتے ہیں تاکہ خوراک کو اپنی طرف کھینچ سکیں۔

    یہ ذہانت کم ہی دیگر پرندوں میں پائی جاتی ہے۔

  • پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں: ماہرین

    پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں: ماہرین

    کراچی: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں، سائیکو تھراپی سے خودکشی کی سوچ کو روکا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں ڈپارٹمنٹ آف سائیکیٹری اور پاکستان سائیکیٹری سوسائٹی کے تحت خودکشی سے بچاؤ کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر منعقدہ سیمینار میں خودکشی اور ذہنی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

    سیمینار میں ماہرین نے شرکا کو بتایا کہ محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال 10 لاکھ افراد خودکشی کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان میں خودکشی سے مرنے والوں کا باقاعدہ ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ 20 سے 29 سال کے افراد میں خودکشی کا رجحان زیادہ ہوتا ہے، سائیکو تھراپی سے خودکشی کی سوچ کو روکا جاسکتا ہے۔ کرونا وائرس سے لوگوں کے مرنے پر شور مچایا گیا تاہم خودکشی بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔

    ماہرین نے کہا کہ خودکشی مخالف شعور کو فروغ دینا چاہیئے۔

    سیمینار میں ماہرین نے ذہنی صحت پر مختلف سرگرمیوں کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پب جی گیم براہ راست کسی شخص کے رویے کو متاثر کرتا ہے، علاوہ ازیں 2 گھنٹے سے زائد اسکرین ٹائم بھی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔