Tag: شعیب بشیر

  • شعیب بشیر نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیے

    شعیب بشیر نے بھارتی بیٹنگ کے پرخچے اڑا دیے

    چوتھے ٹیسٹ میں انگلش اسپنر شعیب بشیر کی شاندار بولنگ کی بدولت بھارتی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔

    رانچی میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم پہلی اننگ میں 353 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، بھارت نے پہلی اننگ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنالیے ہیں جبکہ انگلش ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے بھارت کو مزید 134 رنز درکار ہیں۔

    دھرو جوریل 30 اور کلدیپ یادیو 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    یشسوی جیسوال 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، روہت شرما 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شبھمن گل کو 38 رنز پر شعیب بشیر نے ایل ڈبلیو آؤٹ کیا، سرفراز خان 14 رنز بناسکے۔

    انگلش اسپنر شعیب بشیر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    شعیب بشیر نے یشسوی جیسوال، شبھمن گل، رجت پتیدار اور آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کی وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل انگلش ٹیم نے پہلی اننگ میں جو روٹ 122 رنز کی شاندار اننگ کی بدولت 353 رنز بنائے تھے، اولی رابنسن 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے، بین فوکیس 47 اور زیک کرولی 42 رنز بناسکے۔

    بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ آکاش دیپ نے تین اور محمد سراج نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

  • پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر شعیب بشیر بھارت میں شیڈول ٹیسٹ سے باہر

    پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر شعیب بشیر بھارت میں شیڈول ٹیسٹ سے باہر

    پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر شعیب بشیر کو بھارتی ویزا نہیں مل سکا، ویزا میں تاخیری کے باعث وہ بھارت اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق نگلینڈ کے باؤلر شعیب بشیر کی پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارت آمد ویزا مسائل کے باعث تاخیر کا شکار ہے، سمر سیٹ کے آف اسپنر ابوظہبی میں کیمپ کے بعد انگلینڈ واپس آگئے، وہ اب دوربارہ سے بھارت کے ویزے کے لیے اپلائی کریں گے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ اسپنر جلد ہی ٹیم میں شامل ہو جائیں گے، آج یہ خبر آئے گی کہ اس کا ویزا منظور ہو گیا ہے، پھر ہم اسے اس سیریز میں اپنے ساتھ شامل کرلیں گے۔

    دوسری جانب انگلش کپتان بین اسٹوکس نے شعیب بشیر کے ساتھ بھارتی رویے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا ایک نوجوان پلیئر کے ساتھ ایسا رویہ دیکھنا کافی مایوس کن ہے۔

    واضح رہے کہ شعیب بشیر پہلے کھلاڑی نہیں جن کے ساتھ ایسا ہوا ہے، فروری 2023 میں ویزے کے مسائل نے آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی بھارت آمد میں تاخیر کی۔

    ستمبر 2023 میں ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس میں کہا تھا کہ بھارت میں 50 اوور کے ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کے ویزے جاری کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔

  • انگلینڈ کے ٹرمپ کارڈ شعیب بشیر اب تک بھارت نہ پہنچ سکے

    انگلینڈ کے ٹرمپ کارڈ شعیب بشیر اب تک بھارت نہ پہنچ سکے

    بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹرمپ کارڈ شعیب بشیر ویزا مسائل کے سبب اب تک بھارت نہ پہنچ سکے۔

    انگلش ٹیم نے دورہ بھارت کے لیے ٹیم میں نوعمر آف اسپنر شعیب بشیر کو بھی شامل کیا ہے جنھیں بھارتی اسپن پچز پر انگلینڈ کے لیے ٹرمپ کارڈ قرار دیا جارہا ہے۔ وہ 21 جنوری کو بھارتی پہنچنے والی برطانوی اسکواڈ کے ہمراہ موجود نہیں تھے۔

    شعیب متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے تربیتی کیمپ کا حصہ تھے لیکن کاغذی کارروائی میں تاخیر کے سبب انھیں ویزا کے اجرا میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی وجہ سے وہ اب تک بھارت نہیں پہنچ سکیں ہیں۔

    تاہم انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم پہلے ٹیسٹ میں نوجوان کھلاڑی کے دستیاب ہونے کے حوالے سے پُراعتماد ہیں۔

    میک کولم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بشیر کل ہمارے ساتھ موجود ہوں گے۔ انھیں کچھ ویزا مسائل درپیش ہیں۔ ہمیں بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت کی طرف کیے جانے والے تعاون کے باعث یقین ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔

    شعیب بشیر نے اب تک صرف 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں جس میں انھوں نے 10 وکٹیں حاصل کی ہیں انھیں پہلی بار انگلش اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 25 جنوری سے ہورہا ہے۔

    بھارتی ٹیم کو پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے اپنے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا۔ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر شروع کے دو مقابلوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔