Tag: شفقت محمود

  • سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

    سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

    شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بہت سوچ و بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کسی دباؤ کی وجہ سے نہیں کیا۔

    شفقت محمود نے کہا کہ میرا کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ارادہ نہیں ہے، 34 سال قبل سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا تھا، اپنی باقی عمر تحریر و تدریس کیلئے وقف کرنا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کے سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے، سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا، جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کے میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذُمّہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں جنہوں نے خدمت کا موقع دیا، 2 بار نمائندگی دینے پر پی ٹی آئی اور حلقے کے عوام کا شکر گزار ہوں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے  آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا۔

    شفقت محمود نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی باریکساں نصاب بنایا، کورونا کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا اس بات پر اطمینان ہے ساری ذمہ داریاں ایمانداری سے سر انجام دیں۔

    شفقت محمود نے مزید کہا کہ ملک کی خدمت کا جذبہ تاحیات رہے گا، امید ہے تحریر تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا۔

  • تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا معاملہ،  شفقت محمود کا اہم بیان سامنے آگیا

    تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا معاملہ، شفقت محمود کا اہم بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد : وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ این سی اوسی نے ویکسینیشن پر چھٹیوں میں تاخیرکی ہے تاہم موسم سرما کی چھٹیوں کے حوالے سے ایک دو دن میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم شفقت محمود نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجٹل ویری فکیشن کی طرف قدم بڑھایا ہے ، عمران خان چاہتے ہیں ڈیجٹل سہولتوں کی طرف بڑھا جائے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ویری فکیشن ،مساوی سرٹیفکیٹ کیلئے کئی مراحل سے گزرنا پڑتا تھا، کیو آر کوڈ لگا کر ویری فکیشن سسٹم شروع کیا جس سے سہولت میسر ہوگی، حکومت کاعوام کیساتھ وعدہ تھا سہولت فراہم کریں گے یہ اس کی مثال ہے۔

    وفاقی وزیرتعلیم نے کہا میری اساتذہ کیساتھ ملاقات ہوئی میں نے کہا اسکول کھولیں، یہ ایکٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، اس سال ہم چھٹیاں کم کریں ،موسم بھی کافی سرد ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ این سی اوسی نے ویکسینیشن پرچھٹیوں میں تاخیرکی ہے، ہماری طرف سے دسمبر کے آخری ہفتے اور جنوری میں چھٹیاں ہونی چاہئیں، چھٹیوں کے حوالےسے ایک دو دن میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔

  • ‘میں چھٹیاں دینے والا انکل ہوں’

    ‘میں چھٹیاں دینے والا انکل ہوں’

    اسلام آباد: بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب میں بچوں سے خطاب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے دل چسپ انداز میں اپنا تعارف کرایا۔

    چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر منعقدہ بچوں کے عالمی دن پر تقریب میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے خود کو چھٹیاں دینے والا انکل کہہ کر تعارف کرایا۔

    شفقت محمود نے بچوں سے سوال کیا آپ کو پتا ہے میں کون ہوں؟ میں چھٹیاں دینے والا انکل ہوں۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے اسکول کی چھٹیوں کے حوالے سے کہا کہ پچھلے سال تو بہت چھٹیاں ہو گئی تھیں لیکن اب نہیں ہوں گی، اب تعلم پر فوکس کرنا ہے تاکہ بچے پڑھ کر ترقی کر سکیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسموگ کے باعث اسکول بند نہیں ہوں گے۔

    تقریب سے خطاب میں شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کسی قوم کی تہذیب کی نشانی بے سہارا بچوں کو سہارا دینا ہے، خوشی ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اب 9 اضلاع میں موجود ہے، امید ہے ایک وقت ہوگا جب ملک میں کوئی بچہ بے سہارا نہیں ہوگا۔

    قبل ازیں، صحافیوں سے گفتگو میں شفقت محمود نے کہا تھا کہ اب حالات ایسے نہیں ہیں کہ اسکول بند کرنے پڑیں، فیصلہ کیا ہے کہ تمام امتحانات بروقت اور مکمل سلیبس کے ساتھ ہوں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن سارہ احمد نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا، انھوں نے کہا بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، محفوظ بچے ہی ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں، بچوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

  • انجنیئرنگ کے طلبہ کے امتحان سے متعلق بڑا فیصلہ

    انجنیئرنگ کے طلبہ کے امتحان سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وزرات تعلیم نے پاکستان کے تمام طلبہ کو ای کیٹ یا انجنیئرنگ کا امتحان دینے کی اجازت کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت انجنیئرنگ یونیورسٹیز میں داخلوں پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان انجنیئرنگ کونسل (پی ای سی)، انجنیئرنگ یونیورسٹیز کے وی سیز، اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے عہدے دار شریک ہوئے۔

    مشاورتی اجلاس میں کو وِڈ 19 کی وجہ سے تعلیمی سال اور امتحانات مؤخر ہونے کے سبب انجنیئرنگ یونیورسٹیز میں بروقت داخلے کو یقینی بنانے اور طلبہ کے سال کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مختلف آپشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    انجینئرنگ کونسل اور ایچ ای سی کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ ہوا کہ تمام طلبہ جن کا انٹرمیڈیٹ کا امتحان ہو چکا ہوگا یا ابھی ہونا ہوگا، سب کو ای کیٹ امتحان / انجنیئرنگ کے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

    کیمبرج کے A2 کے طلبہ کو بھی ای کیٹ اور انجنیئرنگ کے داخلہ امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی، اور یونیورسٹیز ان کو پروویژنل ایڈمیشن دیں گی، جو کہ ان کے فائنل امتحان سے مشروط ہوگا، جن کا نتیجہ جنوری میں متوقع ہے۔

    وزارت تعلیم کے مطابق طالب علم کو انجنیئرنگ امتحان میں بیٹھنے سے روکا نہیں جائے گا، اجلاس میں شفقت محمود نے کہا طلبہ اور تعلیمی اداروں کے لیے رواں سال غیر معمولی نوعیت کا سال ہے، اس لیے ہمیں غیر معمولی فیصلے لینے پڑے ہیں۔

  • ملکی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ تعلیم کے لیے ریکارڈ بجٹ مختص

    ملکی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ تعلیم کے لیے ریکارڈ بجٹ مختص

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ تعلیم کے لیے ریکارڈ بجٹ 42.5 بلین روپے رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پہلی بار اعلیٰ تعلیم کے لیے ریکارڈ بجٹ رکھا گیا ہے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے 42.5 بلین مختص کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن نے زیادہ سے زیادہ 18 بلین ڈالر اعلیٰ تعلیم پر خرچ کیے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے لیے کل 124 بلین مختص کیے گئے ہیں۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    یاد رہے کہ مالی سال 22-2021 کا وفاقی بجٹ گزشتہ روز 11 جون کو پیش کیا گیا جس میں تنخواہ دار طبقے پر نیا ٹیکس نہ لگانے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • شفقت محمود کی بیٹی والد پر بننے والے میمز پر خوش

    شفقت محمود کی بیٹی والد پر بننے والے میمز پر خوش

    کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ تارہ محمود اپنے والد شفقت محمود پر بننے والے میمز سے بے حد لطف اندوز ہوئیں اور انہیں اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی صاحبزادی تارہ محمود جو پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ ہیں، اپنے والد پر بننے والے میمز سے بہت لطف اندوز ہورہی ہیں۔

    یاد رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ روز ملک میں 15 جون تک تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بچوں اور والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    تارہ محمود نے سوشل میڈیا پر زیرگردش کچھ بہترین میمز اپنی انسٹاگرام اسٹوری کی زینت بنائے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ طلبہ کی جانب سے والد کو ملنے والی ایسی شاندار محبت سے خوب محظوظ ہو رہی ہیں۔

  • آج سے امتحانات کا آغاز، وزیر تعلیم کی کیمبرج سے اپیل

    آج سے امتحانات کا آغاز، وزیر تعلیم کی کیمبرج سے اپیل

    لاہور: لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول امتحانات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، ایچی سن کالج سینئر اسکول میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول آفٹر نون امتحانات کا آغاز دن 2 بجے ہوگا، امتحانات کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

    امتحانی کمرے میں داخلے کے لیے طلبہ پر فیس ماسک کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے، انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مرکز میں ہینڈ سینیٹائزر فراہم کیے گئے ہیں، امتحانی کمرہ جات میں داخلے سے قبل طلبہ کے درجہ حرارت کی جانچ بھی کی گئی۔

    دوسری طرف وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیمبرج سے متعلق ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے کیمبرج سے کہا کہ غیر معمولی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے باقی پیپرز لیے جانے سے متعلق 13 ماہ کی شرط پر نظر ثانی کی جائے۔

    انھوں نے کہا کیمبرج غیر معمولی صورت حال کو مد نظر رکھے، اور باقی پیپرز سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے، میں پُر امید ہوں کہ جلد مثبت فیصلہ آئے گا۔

    شفقت محمود نے آج سےشروع امتحانات میں شریک طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انھوں نے کہا یہ سخت وقت ہے اور مشکل فیصلے کیے گئے ہیں جو کہ طلبہ کے بہترین مفاد میں ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا برٹش کونسل ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے پُر عزم ہے، ہم ایس او پیز پر عمل درآمد کی کڑی نگرانی کریں گے۔

    شفقت محمود نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ کچھ لوگ سستی شہرت کے لیے امتحانی مراکز کی جعلی تصاویر پھیلا رہے ہیں، اس سے ان کا مقصد ناکام ہو چکا ہے، جعلی تصاویر پھیلانے والے طلبہ کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

  • نویں سے 12 ویں تک کلاسز کی تدریس اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ ہو گیا

    نویں سے 12 ویں تک کلاسز کی تدریس اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ ہو گیا

    اسلام آباد: وزارت تعلیم نے نویں سے 12 ویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام صوبوں کے صحت اور تعلیم کے وزرا کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نویں سے 12 ویں جماعت تک متاثر اضلاع میں تدریس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں نویں سے بارہویں جماعت تک بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے، اور امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے۔

    انھوں نے کہا جامعات میں داخلے امتحانات کے نئے شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اے، اے ایس اور او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات اعلان کردہ تاریخوں کے تحت ہوں گے، اور ان امتحانات میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہوگی۔

    شفقت محمود نے بتایا کہ اکتوبر میں امتحانات دینے کے خواہش مند طلبہ اسی فیس میں امتحانات دے سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں جامعات آن لائن تدریس ہی جاری رکھیں گی، کیسز کی شرح 8 فی صد سے کم ہونے پر جامعات حسب معمول تدریس جاری رکھیں گی۔

    وزیر تعلیم کا کہنا تھا کیمبرج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی جائے گی، کیمبرج کے مطابق امتحان نہ دینے والے آئندہ اکتوبر نومبر سائیکل میں ہی امتحان دے سکیں گے۔

  • آن لائن امتحانات  : شفقت محمود نے طلبا کو بڑی خوشخبری سنادی

    آن لائن امتحانات : شفقت محمود نے طلبا کو بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ امتحانات کے حوالے سے فیصلہ یونیورسٹیز نے کرنا ہے، وی سیز دیکھیں اس سال مخصوص حالات میں ممکن ہے تو آن لائن امتحانات کرالیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آن لائن امتحانات کیلئے طلبا کے احتجاج پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کچھ یونیورسٹیوں کےطلبہ آن لائن امتحانات کیلئےاحتجاج کررہےہیں، امتحانات کے حوالے سے فیصلہ یونیورسٹیز نے کرنا ہے، ایچ ای سی کو یونیورسٹیز کے وائس چانسلرزسے رابطے کا کہا ہے، وی سیز دیکھیں اس سال مخصوص حالات میں ممکن ہے تو آن لائن امتحانات کرالیں۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیزکودیکھناہےان کےپاس امتحان لینےکی صلاحیت بھی ہےیانہیں، یقینی بنایاجائےآن لائن امتحانات کوگریڈلینےکیلئےغلط استعمال نہ کیاجائے ، اچھے سوالنامے کی تیاری اہم ہے۔

    خیال رہے ملک میں ہزاروں کی تعداد میں طالب علم آن لائن امتحانات کا مطالبہ کررہے ہیں اور سراپا احتجاج ہے، طلبا کا کہنا ہے کہ امتحان کوآن لائن کیا جائے مطالبات نہ مانےتواحتجاج جاری رہےگا، کوروناوائرس کی وجہ سے کلاسزبند اور تعلیم متاثرہوئی۔

  • کرونا کے پیش نظر دینی مدارس بند نہ ہونے پر وزیر اعظم کا نوٹس

    کرونا کے پیش نظر دینی مدارس بند نہ ہونے پر وزیر اعظم کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں مدارس بند نہ ہونے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر تعلیم شفقت محمود سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کی دوسری خطرناک لہر میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں تو مدارس کیوں کھلے ہیں؟

    وزیر اعظم کے نوٹس کے بعد وزیر تعلیم نے دینی مدارس کی انتظامیہ سے رابطے کیے، شفقت محمود نے انھیں مدارس بند کرنے کی ہدایت کر دی۔

    خیال رہے کہ این سی او سی کے فیصلوں کے باوجود دینی مدارس کی انتظامیہ نے مدارس کھلے رکھے ہیں، دوسری طرف تمام تعلیمی ادارے بند کیے جا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ بچے گھروں میں رہ کر محفوظ ہیں، حالات بہتر ہوتے ہی تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔

    ملک بھر میں تعلیمی ادارے کب سے کھلیں گے؟

    وزیر تعلیم نے اپنے بیان میں تعلیمی اداروں کو چھٹیاں دینے کا فیصلہ درست قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ بچوں کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔

    دوسری طرف ملک میں وبا کی دوسری لہر کے دوران مہلک وائرس کے کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کے تعلیمی ادارے کو بند کرنے کے فیصلوں کو سراہا جا رہا ہے۔