Tag: شفیع محمد شاہ کی برسی

  • شفیع محمد شاہ: ٹیلی وژن کے معروف اداکار کا تذکرہ

    شفیع محمد شاہ: ٹیلی وژن کے معروف اداکار کا تذکرہ

    دھیمے لہجے مگر رعب دار شخصیت کے مالک شفیع محمد شاہ کو ورسٹائل فن کار مانا جاتا ہے۔ انھوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے ڈراموں میں اپنی لاجواب اداکاری سے ناظرین کو اپنا مداح بنایا۔ شفیع محمد شاہ نے اردو اور سندھی فلموں میں‌ بھی کام کیا، لیکن ان کی وجہِ‌ شہرت چھوٹی اسکرین پر نبھائے گئے کردار ہیں۔

    اداکار شفیع محمد شاہ 17 نومبر 2007ء میں انتقال کرگئے تھے۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔ شفیع محمد شاہ نے کئی یادگار ڈراموں میں اداکاری کی۔ ان کا تعلق سندھ کے شہر کنڈریارو سے تھا۔ اداکار شفیع محمد شاہ 1948ء میں پیدا ہوئے۔ سندھ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات کے مضمون میں ایم اے کیا اور ایک زرعی بینک میں ملازمت اختیار کر لی۔ اداکاری ان کا شوق تھا اور اس کے لیے انھوں نے سب سے پہلے ریڈیو کا رخ کیا۔ شفیع محمد شاہ کا دھیما لہجہ اور مٹھاس ان کی آواز میں‌ ایک جاذبیت اور کشش پیدا کرتی تھی جسے ریڈیو پر بہت پسند کیا گیا۔ انھوں نے فن کی دنیا میں بطور صدا کار اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا اور پھر فلم میں‌ کام حاصل کرنے کے لیے لاہور چلے گئے۔

    بطور اداکار کام حاصل کرنے کے لیے شفیع محمد شاہ نے ملازمت چھوڑ دی تھی۔ لاہور میں‌ انھیں اپنے وقت کے مقبول ہیرو محمد علی نے فلم کورا کاغذ میں ایک کردار دلوا دیا۔ اسی زمانے میں ٹیلی وژن کے نہایت قابل اور باکمال پروڈیوسر شہزاد خلیل نے انھیں ایک ڈرامہ اڑتا آسمان میں‌ کردار کی پیش کش کی۔ شفیع شاہ نے یہ آفر قبول کی اور یوں ٹی وی کے ناظرین سے ان کا تعارف ہوا۔ اداکار شفیع محمد شاہ لاہور میں قیام کے دوران چند ہی فلموں میں کام کرسکے اور کراچی لوٹ آئے۔

    پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ترین ڈرامہ تیسرا کنارہ اور آنچ میں شفیع محمد شاہ کی لاجواب اداکاری ناظرین کو آج بھی یاد ہے۔ ان ڈراموں کی انھیں ملک بھر میں شہرت اور پذیرائی ملی۔ ڈرامہ سیریل آنچ میں ان کا کردار نہایت جان دار تھا۔ شفیع محمد شاہ نے اس ڈرامے میں محمود علی، شگفتہ اعجاز، سمیع ثانی، کلثوم سلطانہ جیسے سینئر اور منجھے ہوئے فن کاروں کے درمیان اپنی اداکاری سے خوب داد سمیٹی۔ یہ ایک معاشرتی کہانی تھی جس میں طلاق، دوسری شادی اور ازدواجی زندگی کے اتار چڑھاؤ اور میاں بیوی کے درمیان غلط فہمیوں اور رویوں کی عکاسی کرتے ہوئے مثبت پیغام دیا گیا تھا۔ شفیع شاہ اس ڈرامے کے بعد ہر دل عزیز فن کار بن گئے۔

    اداکار شفیع شاہ نے ٹیلی وژن پر چاند گرہن، جنگل، دائرے، تپش، کالا پل، ماروی جیسے ڈراموں‌ میں بھی لاجواب اداکاری کی۔

    شفیع محمد شاہ نے سیاست کی دنیا میں بھی قدم رکھا۔ انھوں نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا تھا، لیکن کام یاب نہیں ہوسکے تھے۔ یہ 2002ء کی بات ہے۔

    حکومتِ پاکستان نے اداکار شفیع محمد شاہ کو صدارتی تمغا برائے حسنِ کارکردگی اور بعد از مرگ ستارۂ امتیاز دیا۔

  • پاکستان ٹیلی وژن کے معروف اداکار شفیع محمد شاہ کی برسی

    پاکستان ٹیلی وژن کے معروف اداکار شفیع محمد شاہ کی برسی

    دھیمے لب و لہجے، مگر رعب دار شخصیت کے مالک شفیع محمد شاہ نے پاکستان ٹیلی وژن ڈراموں میں اپنی لاجواب اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے اور خود کو ورسٹائل فن کار بھی ثابت کیا۔ آج شفیع محمد شاہ کا یومِ وفات ہے۔ وہ 17 نومبر 2007ء کو اس جہانِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔

    شفیع محمد شاہ نے اردو اور سندھی فلموں میں بھی کردار نبھائے، لیکن پاکستان بھر میں انھیں ٹیلی ویژن ڈراموں کی بدولت مقبولیت ملی۔ ان کے کئی ڈرامے یادگار ثابت ہوئے۔

    1948ء میں کنڈیارو میں پیدا ہونے والے شفیع محمد شاہ نے سندھ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ایم اے کا امتحان پاس کیا اور ایک زرعی بینک میں ملازمت اختیار کرلی۔ لیکن وہ بطور اداکار کام کرنے کی خواہش رکھتے تھے۔ ان کی آواز میں‌ خاص قسم کی مٹھاس، نرمی اور لہجے میں وہ دھیما پن تھا جس میں ایک جاذبیت اور کشش تھی۔ ان کا یہی انداز اور لب و لہجہ انھیں ریڈیو پاکستان تک لے گیا جہاں وہ صدا کار کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے لگے۔

    فن کار کی حیثیت سے اپنے سفر کا آغاز کرنے کے بعد شفیع محمد شاہ نے ملازمت ترک کی اور لاہور چلے گئے جہاں اداکار محمد علی نے فلم کورا کاغذ میں ایک کردار دلوا دیا۔ اسی زمانے میں ٹیلی وژن کے نہایت قابل اور نام ور پروڈیوسر شہزاد خلیل نے انھیں اپنے ڈرامے اڑتا آسمان میں‌ ایک کردار کی پیش کش کی اور یوں ٹی وی کے ناظرین سے ان کا تعارف ہوا۔ انھوں نے لاہور میں قیام کے دوران چند فلموں میں کام کیا اور پھر کراچی آگئے۔

    شفیع محمد شاہ کو سیریل تیسرا کنارا اور آنچ سے ملک بھر میں شہرت ملی۔ آنچ وہ ڈرامہ ثابت ہوا جس نے زبردست مقبولیت حاصل کی اور وہ ہر دل عزیز فن کار بن گئے۔

    ٹیلی وژن ڈراموں کے مقبول ترین ڈراموں آنچ، چاند گرہن، جنگل، دائرے، تپش، کالا پل، ماروی میں‌ شفیع محمد شاہ نے اپنے کرداروں میں‌‌ حقیقت کا رنگ بھرا اور ناظرین کے دل جیتے۔

    اس اداکار نے سیاست کی دنیا میں بھی قدم رکھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر انھوں نے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب میں حصّہ لیا، لیکن کام یاب نہ ہوسکے۔ یہ 2002ء کی بات ہے۔

    حکومتِ پاکستان نے انھیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا اور بعد از مرگ شفیع محمد شاہ کے لیے ستارۂ امتیاز کا اعلان کیا۔