Tag: شقی القلب ماں

  • شقی القلب ماں نے 2 بچے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیے

    شقی القلب ماں نے 2 بچے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیے

    لاہور: بچوں کے لیے حفاظتی حصار سمجھی جانے والی ماں شقی القلب بن گئی، اپنے 2 معصوم بچوں کو ماں نے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پیش آیا، جس میں ماں ہی کے ہاتھوں دو بچے قتل ہو گئے، بچوں کو پانی کی ٹینکی میں ڈبونے کے بعد ماں نے بھی خود کشی کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو قتل کرنے والی ملزمہ نے شوہر کے ساتھ جھگڑا کیا تھا جس کے بعد اس نے بچوں کو پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیا اور اپنی جان لینے کی بھی کوشش کی، تاہم وہ بچ گئی اور اسے زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تازہ ترین:  7 سال کی معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گھر کا فرد نکلا

    پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 4 سالہ ابراہیم اور 5 سالہ مہوش کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو ٹیم کا کہنا تھا کہ بچوں کی لاشیں ٹینکی سے ملیں، قتل کے بعد خاتون نے اپنی گردن پر چھری مار کر خود کشی کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے بچوں کی لاشیں قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    بچوں کے دادا عطا اللہ نے پولیس کو بچوں کے قتل پر مقدمے کے لیے درخواست دے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ قتل کا واقعہ شوہر اور بیوی میں جھگڑے کے باعث پیش آیا، ماں نے جھگڑے کے بعد بچوں کو پانی کی ٹینکی میں پھینک کر قتل کیا۔

    واضح رہے کہ آج راولپنڈی میں بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، ڈھوک چوہدریاں میں 7 سال کی ایک معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی، قتل کے الزام میں بچی کے چچا کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • سفاک ماں نے اپنے بچوں کو اوون میں زندہ جلا دیا

    سفاک ماں نے اپنے بچوں کو اوون میں زندہ جلا دیا

    اٹلانٹا : شقی القب ماں نے اپنے دو کم سن بچوں کو اوون میں رکھ کر زندہ جلادیا، پولیس نے قاتل ماں کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    اطلاعات کے مطابق دل دہلا دینے والا یہ افسوسناک واقعہ اٹلانٹا کے ایک نواحی علاقے میں پیش آیا جہاں 24 سالا ماں لامورا ولیمز نے اپنے دو سال کے بچے جے کارٹر اور دو سالہ بچے پین کو دردناک طریقے سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی اطلاع ان کے شوہر نے دی اور بتایا کہ میری بیوی نے ویڈیو کال کے ذریعے مجھے بچوں کے قتل کے بارے میں بتایا کہ اس نے بچوں کو زندہ اوون میں جلا دیا ہے۔

    پولیس افسر نے مزید بتایا کہ شوہر کی کال موصول ہوتے ہی پولیس نے گھر کا محاصرہ کرکے 24 سالہ لامورا ولیمز کو حراست میں لے لیا اور دونوں بچوں کی جلی ہوئی لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیں جب کہ تحقیقات کے لیے آلہ قتل اوون کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے شوہر جیمل کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میری بیوی نے ایسی سفاکیت کا مظاہرہ کیوں کیا لیکن اس واقعے سے میری زندگی تباہ ہو گئی اور میں برباد ہوگیا ہوں۔

    دوسری جانب تحقیقاتی افسر کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد جمع کر لیے ہیں‘ جن سے لگتا ہے کہ اپنے ہی معصوم بچوں کو قتل کرنے والی ماں نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہے۔

    پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ قاتلہ ماں کے جذبات و احساسات ایک نارمل انسان کی طرح محسوس نہیں ہو رہے ہیں‘  چنانچہ ماہر نفسیات کی خدمات لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔