Tag: شمالی وزیرستان

  • پاکستان کا جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    پاکستان کا جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی اہل کاروں پر حملے کے واقعے پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سرحد پار سے حملے میں 3 جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج کیا، افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور کی طلبی ایڈیشنل سیکریٹری کی طرف سے کی گئی، ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ حملے میں 3 سیکورٹی اہل کار شہید اور 7 زخمی ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 80 دہشت گردوں نے افغان ضلع گیان، برمل سے سرحد عبور کی، دہشت گردوں نے سرحدی باڑ لگانے والے اہل کاروں پر حملہ کیا، پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد واپس افغانستان فرار ہوئے۔

    ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ دہشت گرد افغانستان کی طرف سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے فرار میں کام یاب ہوئے، پاکستان اس دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر افغان علاقے سے حملہ ، 3 جوان شہید،7 زخمی

    انھوں نے کہا کہ افغانستان اپنی طرف موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے، امید کرتے ہیں افغانستان ایسے انتظامات کرے گا کہ آئندہ ایسے حملے نہ ہوں۔

    خیال رہے کہ آج شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔

  • سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر افغان علاقے سے حملہ ، 3 جوان شہید،7 زخمی

    سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر افغان علاقے سے حملہ ، 3 جوان شہید،7 زخمی

    راولپنڈی : شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحدپار سے حملہ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردمارےگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا ، الوڑہ کےمقام پر 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان کی حدود سے حملہ کیا، پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرکے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردمارےگئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے ، شہید جوانوں میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں۔

    ترجمان نے کہا پاکستان تمام تر رکاوٹوں کے باوجود باڑ لگانے کاعمل جاری رکھےگا، افغان فورسز اور حکام اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا باڑ لگانے کا مقصد دہشت گردوں کی آمدورفت روکناہے، افغان فورسز کو سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق تعاون کرناچاہیے، افغانستان دہشت گردوں کیخلاف لگائی جانے والی باڑ میں تعاون کرے۔

    مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ ، 3لیویز اہلکار شہید

    خیال رہے پاک فوج کی ٹیم 2611 کلومیٹر سرحد پر پاک فوج ایک ہزار سے زائد کلومیٹر باڑ لگانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    یاد رہے 27 اپریل کو شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں لیویز چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا تھا، جس میں 3 لیویز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا بارودی مواد چیک پوسٹ کے قریب نصب کیا گیا تھا، دھماکے میں شہید اہلکاروں میں سے دو کی شناخت امیر زمان اور عبدالولی کے نام سے ہوئی تھی۔

  • شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ ، 3لیویز اہلکار شہید ، ایک زخمی

    شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ ، 3لیویز اہلکار شہید ، ایک زخمی

    پشاور‌: شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ میں تین لیویز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا ، وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے دہشت گردی ناسور ہے اور صفایا کرکے دم لیں گے، کوئی بھی مذہب معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کی اجازت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں لیویز چیک پوسٹ کے قریب دھماکا ہوا، جس میں 3 لیویز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق بارودی مواد چیک پوسٹ کے قریب نصب کیا گیا تھا، دھماکے میں شہید اہلکاروں میں سے دو کی شناخت امیر زمان اور عبدالولی کے نام سے ہوئی ہے۔

    واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان : دہشت گردوں کا فورسز پر حملہ، افسر سمیت 3 اہلکار شہید، ایک زخمی

    ان کا کہنا تھا دہشت گرد اس طرح کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، دہشتگردی ناسور ہے اور صفایا کرکے دم لیں گے، کوئی بھی مذہب معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔

    یاد رہے نومبر 2018 میں شمالی وزیرستان میں رزمک سب ڈویژن کے علاقے روغہ بدر میں دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کردیا تھا ، حملے میں ایک افسر سمیت 3 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔

  • شہید ’ملک متورکئی‘ کی نماز جنازہ ادا، کوئی پی ٹی ایم رہنما شریک نہیں ہوا

    شہید ’ملک متورکئی‘ کی نماز جنازہ ادا، کوئی پی ٹی ایم رہنما شریک نہیں ہوا

    شمالی وزیرستان : ملک دشمن تنظیم ’پی ٹی ایم‘ کی سازش کو بےنقاب کرنے والے شہید ’ملک متورکئی‘ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ و تدفین میں پی ٹی ایم کی کسی شخصیت یا رہنما نے شرکت نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے گابیچی میں شہید’’ملک ماتوڑکے‘‘کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر علاقہ معززین کی بڑی تعداد موجود تھی لیکن نمازجنازہ میں پی ٹی ایم کی کسی شخصیت یا رہنما نے شرکت نہیں کی۔

    واضح رہے کہ پی ٹی ایم کی جانب سے پاک فوج کے افسران پر خواتین سے بدسلوکی کے الزامات پر جرگے کے سامنے حلفیہ طور پر ان الزامات کا دفاع کرنے والے ملک متورکئی کو گزشتہ رات قتل کردیا گیا تھا.

    ماتوڑکے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چھاپے کے وقت وہ فوج کے ہمراہ تھا فوجی جوانوں نے خواتین سے کسی قسم کی کوئی بد تمیزی نہیں کی اور نہ ہی وہ زبردستی گھروں میں داخل ہوئے، ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا جیسا کہ پی ٹی ایم کی جانب سے بیان کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : ملک دشمن ’پی ٹی ایم‘ کو بے نقاب کرنے والا ’ملک متورکئی‘ قتل

    یاد رہے کہ پی ٹی ایم کو بےنقاب کرنے والے ملک ماتوڑکے کو ان کے گھر میں ہی قتل کیا گیا تھا، اس حوالے سے ان سوالات نے جنم لیا کہ افغانستان میں مقتول کی غائبانہ نمازجنازہ کیوں ادا نہیں کی گئی؟

    نمازجنازہ افغانستان میں ادا نہ ہونے سے قتل کا پردہ چاک ہوگیا ہے جبکہ مقتول کے لواحقین نے بھی منظور پشتین، محسن داوڑ اور علی وزیر کو قتل کاذمہ دارقرار دیا ہے۔

  • شمالی وزیرستان تعمیر اور ترقی کی طرف گامزن ہوگیا، میجر جنرل آصف غفور

    شمالی وزیرستان تعمیر اور ترقی کی طرف گامزن ہوگیا، میجر جنرل آصف غفور

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے باعث دہشت گرد حملوں کا سلسلہ رک گیا ہے، پرامن شمالی وزیرستان تعمیر اور ترقی کی طرف گامزن ہوگیا، فاٹا کے عوام کو مساوی حقوق ملیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی وزیرستان میں ملکی غیرملکی میڈیا نمائندوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ ملکی اور غیرملکی میڈیا کے نمائندوں نے پشاور، میرانشاہ، غلام خان بارڈر ٹرمینل کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر میڈیا نمائندوں نے کمانڈر پشاور کور اور جی سی او شمالی وزیرستان سے ملاقات کی، دہشت گردوں کیخلاف کیے گئے اب تک کیے گئے آپریشنز کے بعد یہ میڈیا نمائندوں کی پہلی بار علاقے کےعوام سے براہ راست ملاقات ہے۔

    نمائندوں نے میرانشاہ بازار میں عوام سے امن کی بہتر صورتحال اور انتظامی مسائل پر گفتگو کی، عوام نے پاک فوج کی جانب سے کیے گئے بحالی امن اور ترقی کے اقدامات کو سراہا، شمالی وزیرستان کے عوام نے میڈیا نمائندوں کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا، میرانشاہ بازار میں عوام نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ نہ ہونے کے باعث دہشت گرد حملہ آور ہوتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خیال تھا کہ سرحد محفوظ ہونی چاہیے، باڑ لگانے کے باعث سرحد سے حملوں کا سلسلہ رک گیا،70برس سے علاقہ غیر کہلانے والا اب پاکستان کا حصہ ہے، پرامن شمالی وزیرستان تعمیر اور ترقی کی طرف گامزن ہوگیا، فاٹا کے عوام کو مساوی حقوق ملیں گے۔

  • شمالی وزیرستان میں اے ٹی ایم مشین نصب، سروس کا آغاز

    شمالی وزیرستان میں اے ٹی ایم مشین نصب، سروس کا آغاز

    میران شاہ: خیبرپختونخواہ کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پہلی بار اے ٹی ایم مشین نصب کردی گئی۔

    اطلاعات کے مطابق حکومت پاکستان کے ماتحت چلنے والے سرکاری بینک ’نیشنل بینک آف پاکستان‘ کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں اے ٹی ایم مشین نصب کر کے اس کا افتتاح کردیا گیا۔

    اے ٹی ایم مشین میران شاہ بازار میں واقع تحمیل بلنڈنگ میں نصب کی گئی جس سے مقامی صارفین استفادہ کررہے ہیں۔ قبل ازیں میران شاہ کے مقامیوں کو بینک سے پیسے نکالنے کے لیے بنوں تک سفر کرنا پڑتا تھا۔

    مقامی تاجروں اور شہریوں نے اے ٹی ایم مشین نصب ہونے پر حکومت اور سرکاری بینک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔

    مزید پڑھیں: دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین پاکستان میں

    شہریوں کا کہنا تھا کہ ’اب انہیں پیسے نکالنے کے لیے دوسرے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا کیونکہ صرف بنوں تک کے سفر میں ہی تین سے چار گھنٹے درکار ہوتے تھے۔

    یاد رہے کہ سن 2016 میں نیشنل بینک آف پاکستان نے دنیا کے بلند ترین مقامی پر اے ٹی ایم مشین نصب کر کے بینکنگ کی دنیا میں نیا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

    سرکاری بینک کی جانے سے پاک چین سرحد سے متصل خنجراب کے علاقے میں یہ مشین لگائی تھی تھی جس سے تاجر استفادہ کررہے ہیں۔

    درہ خنجراب پر نصب کی جانے والی یہ اے ٹی ایم مشین 4600 میٹر بلند یعنی کے سطح سمندر سے15091 فٹ کی اونچائی پر واقع ہے اسی وجہ سے اسے دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین کا اعزاز بھی دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف میرانشاہ پہنچ گئے

    یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ میران شاہ کے دورے پر پہنچے تھے، اس موقع پر اُن کے ساتھ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی بھی تھے۔

    وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو علاقے کی سیکیورٹی صورت حال، آپریشن، سماجی اور اقتصادی منصوبوں، ٹی ڈی پیز بحالی کے امور پربریفنگ دی گئی۔

    واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے فاٹا سے منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات کی تھی جس میں فاٹا انضمام، ترقیاتی منصوبوں اور قبائلی عوام کو درپیش مسائل پربات چیت کی گئی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قبائلی عوام نے بے شمار مشکلات برداشت کیں، قبائلی علاقوں کی تعمیروترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کسی کو قبائلی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

  • وزیرِ اعظم کا فاٹا میں فوری صوبائی، بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان

    وزیرِ اعظم کا فاٹا میں فوری صوبائی، بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے قبائل کے لیے مراعات اور ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ انضمام شدہ قبائلی اضلاع میں فوری انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے قبائل کے لیے مراعات اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا میں فوری طور پر صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔

    [bs-quote quote=”شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موبائل نیٹ ورکس کی بحالی کا اعلان، مسجدوں میں بجلی کے لیے سولر پینل نصب کیے جائیں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم کی جانب سے مراعات اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلان کے مطابق فاٹا کو صوبوں کی طرف سے این ایف سی کا 3 فی صد حصہ ملے گا۔

    قطر کی جانب سے اعلان کردہ نوکریوں کا بڑا حصہ بھی قبائل کو ملے گا، پولیس اور فرنٹیئر کور میں ملازمتوں کا کوٹہ بھی ڈبل کر دیا جائے گا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موبائل نیٹ ورکس کی بحالی کا بھی اعلان کر دیا ہے، جب کہ مسجدوں میں بجلی کے لیے سولر پینل نصب کیے جائیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  آئندہ پاکستان کے اندر کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان


    وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کھیلوں کے میدان بھی بنائے جائیں گے، نوجوانوں کو پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ آج وزیرِ اعظم عمران خان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ شمالی وزیرستان کا خصوصی دورہ کیا تھا۔

    وزیرِ اعظم نے اس موقع پر فاٹا میں قائم اضلاع کے لیے ترقیاتی پیکج، یونی ورسٹی اور آرمی کیڈٹ کالج بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے کے بھی اعلانات کیے۔ انھوں نے کہا کہ نیا پاکستان بن رہا ہے۔

  • آئندہ پاکستان کے اندر کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان

    آئندہ پاکستان کے اندر کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے، وزیرِ اعظم عمران خان

    میرانشاہ: وزیرِ اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہم راہ شمالی وزیرستان کے دورے کے موقع پر کہا کہ آئندہ پاکستان کے اندر کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے میرانشاہ دورے کے موقع پر کہا کہ ہم افغانستان سمیت سرحد پار امن چاہتے ہیں۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم نے فاٹا میں قائم اضلاع کے لیے ترقیاتی پیکج، یونی ورسٹی اور آرمی کیڈٹ کالج بنانے کے اعلانات بھی کیے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں پاکستان نے دیں دنیا میں کسی نے نہیں دیں، پاک فوج اور عوام کی قربانی کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پر جنگ مسلط کی گئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکائی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے خون پسینہ بہایا، معیشت کو نقصان پہنچا، آئندہ پاکستان کے اندر کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گے۔

    وزیرِ اعظم نے دہشت گردی اور مشکل حالات کا سامنا کرنے پر فاٹا، خیبر پختونخوا کے عوام کی تعریف کی، کہا فاٹا کےعوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، قبائلی عوام جنگ کے دوران مشکل حالات سے گزرےہیں۔

    وزیرِ اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کام یاب آپریشن پر پاک فوج کی بھی تعریف کی، کہا پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کام یابیاں حاصل کیں، اس جنگ میں کسی اور ملک نے اتنا نہیں کیا جتنا پاکستان نے کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف میرانشاہ پہنچ گئے


    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سمیت ہم سایہ ممالک میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے، افغانستان میں امن کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کردار ادا کریں گے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ شہیدوں نے وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    وزیرِ اعظم نے اس موقع پر فاٹا میں قائم اضلاع کے لیے ترقیاتی پیکج، یونی ورسٹی اور آرمی کیڈٹ کالج بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے کے اعلانات کیے۔ انھوں نے کہا کہ نیا پاکستان بن رہا ہے۔

  • شمالی وزیرستان : دہشت گردوں کا فورسز پر حملہ، افسر سمیت 3 اہلکار شہید، ایک زخمی

    شمالی وزیرستان : دہشت گردوں کا فورسز پر حملہ، افسر سمیت 3 اہلکار شہید، ایک زخمی

    شمالی وزیرستان : رزمک سب ڈویژن کے علاقے روغہ بدر میں دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کردیا، حملے میں ایک افسر سمیت 3 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں نامعلوم دہشت گروں کے ایک گروپ نے ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی فورسز اہلکاروں پر خود کار ہتھیاروں سے حملہ کردیا، یہ حلمہ رزمک سب ڈویژن کے علاقے روغہ بدر میں کیا گیا۔

    حملے کے نتیجے میں ایک افسر سمیت تین اہلکار موقع پر شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوا، شہیدوں کی لاشوں اور زخمی اہلکار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے حاجی پذیر گل کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

  • شمالی وزیرستان: سرحد پار سے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، 7 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان: سرحد پار سے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، 7 دہشت گرد ہلاک

    فاٹا: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سرحد پار سے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے سرحد پار سے شمالی وزیرستان میں موجود پاکستانی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی‘۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 7 دہشت گردوں ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ، آرمی چیف کی شرکت

    واضح رہے کہ 23 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ شمالی وزیرستان میں 9 دہشت گرد موجود ہیں، وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں نے لمحے بھر بھی دیر نہ کیا اور آپریشن کا آغاز کیا۔

    دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کپیٹن سمیت پاک فوج کے 7 اہلکار شہید ہوئے جن کی شناخت کیپٹن جنید، حوالدار عامر، حوالدار عاطف، حوالدار ناصر، حوالدار عبد الرزاق، سپاہی سمیع اور سپاہی انور کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے، پاک فوج کے جوانوں نے علاقے کو آپریشن کے بعد کلیئر کروالیا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی افغانستان سے نقل و حرکت روکنے کے لیے شمالی وزیرستان میں باڑ لگانے کا کام شروع کیا ہوا ہے جس پر تیزی سے عمل جاری ہے۔