Tag: شمالی وزیرستان

  • شمالی وزیرستان: جیٹ طیاروں کی شیلنگ ،25 شدت پسند مارے گئے

    شمالی وزیرستان: جیٹ طیاروں کی شیلنگ ،25 شدت پسند مارے گئے

    شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں پچیس شدت پسند ہلاک ہوگئے، ہنگو میں چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    عسکری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بڑی کارروائی کی گئی، جیٹ طیاروں کی بمباری میں پچیس شدت پسند مارے گئے ۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں ہلاک شدت پسند پشاور چرچ، قصہ خوانی بازار اور بنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، فورسز کی کارروائی میں شدت پسندوں کےمتعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔

    حالیہ دنوں میں دہشتگردی کے بڑے حملوں کے بعد  شمالی وزیرستان میں رات گئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی، بمباری کے بعد سینکڑوں لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی، آزاد ذرائع کے مطابق کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

    خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ اور کوکی خیل میں بھی سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جیٹ طیاروں سے بمباری کرکے شدت پسندوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔

    ہنگو کے علاقہ دو آبہ میں چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگیا، کالعدم تحریک طالبان نے گزشتہ دو دنوں میں سیکیورٹی فورسز پر دو بڑے حملے کئے، بنوں چھاؤنی دھماکے کے تیسرے روز بھی بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ ہے۔

  • حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم

    حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم

    وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک سے پولیو کے خاتمے کا مکمل عزم کر رکھا ہے۔

    ایوان وزیراعظم سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں درپیش خطرات کے باوجود حکومت ملک کو پچانوے فی صد پولیو سے پاک کرنے میں کامیاب ہوئی۔

    رواں سال پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور اس حوالے سے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان تشکیل دیدیا گیا ہے، جس کے تحت رواں سال ملک کو پولیو سے پاک کردیا جائے گا، وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود پولیو کے خاتمے کیلئے قائم کئے گئے سیل کی نگرانی کررہے ہیں۔
       

  • ترجمان دفتر خارجہ کی شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی مذمت

    ترجمان دفتر خارجہ کی شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی مذمت

    ترجمان دفتر خارجہ نےشمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے،ایک بار پھرڈرون حملےبند کرنے کا مطالبہ کردیا ۔

    ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے ڈرون حملےبین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان کا ڈرون حملوں پر مؤقف عالمی سطح پر مضبوط ہوا ہے، انھوں نےکہاکہ شمالی وزیرستان میں ڈرون حملےکی مذمت کرتےہیں یہ حملے بند کئے جائیں۔

    ترجمان دفتر خادجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ کےمذاکرات جاری رکھنے کےبیان کاخیر مقدم کرتے ہیں جبکہ پاک بھارت قیدیوں کی رہائی پر کمیشن کام کررہاہے، وزیرمملکت برائے تجارت خرم دستگیرجنوری کے دوسرے ہفتےمیں بھارت کا دورہ کرینگے جہاں وہ سارک کانفرنس میں شرکت اور بھارتی وزیر تجارت سے ملاقات کرینگے۔
       

  • میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے قاضی خیل پر ڈورن حملہ،4افرادجاں بحق

    میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے قاضی خیل پر ڈورن حملہ،4افرادجاں بحق

    شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب ڈرون حملے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میرانشاہ کے قاضی خیل نامی گاؤں پر امریکی ڈورن طیارے نے چار میزائل فائر کیے، حملے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی ڈورن حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

  • دہشت گردوں کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،خواجہ آصف

    دہشت گردوں کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر حملے برداشت نہیں، شمالی وزیرستان میں غیر ملکی دہشت گردوں کیخلاف کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر حملے برداشت نہیں کئے جائیں، وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے کئی اہلکار شہید ہوئے، حملوں میں غیر ملکی دہشت گردوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں ۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف جوابی کاروائی کا مکمل حق حاصل ہے اور اس حق سے دستبردار نہیں ہوں گے، ۔ انھوں نے کہا شمالی وزیرستان میں غیر ملکی شدت پسندوں کیخلاف کاروائی سکیورٹی فورسز پر حملوں کا نتیجہ ہے۔
           

  • شمالی وزیرستان آپریشن بند کیا جائے،مولانا فضل الرحمان

    شمالی وزیرستان آپریشن بند کیا جائے،مولانا فضل الرحمان

    مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم نوازشریف سے شمالی وزیرستان میں آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کر دیا، جے یو آئی کے سربراہ آج بھارتی وزیراعظم سے ملاقات بھی کریں گے، مولانا فضل الرحمان ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں۔

    مولانا فضل الرحمٰن نے نئی دہلی سے وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون کیا اور شمالی وزیرستان میں آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کردیا، مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن بند کرکے وہاں پر زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔

    انکا کہنا تھا کہ حکومت قیام امن کے لئے بات چیت کرے، جے یو آئی کے سربراہ کا مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب شمالی وزیرستان میں فورسز پر حملے کے بعد آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، عسکری حکام کے مطابق خود کش دھماکے میں زخمی جوانوں کو واپس لے جانے والے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا۔

    فورسزکی موثر کاروائی میں تینتیس شدت پسند مارے گئے، مارے جانے والوں کی اکثریت ازبک نژاد ہے، سیکورٹی فورسز اردگرد کےعلاقوں میں سرچ آپریشن کررہی ہیں۔

     

  • شمالی وزیرستان:فورسز سےجھڑپوں میں23شدت پسندہلاک

    شمالی وزیرستان:فورسز سےجھڑپوں میں23شدت پسندہلاک

    شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران تئیس شدت پسند مارے گئے جبکہ تین جوان زخمی ہوئے۔

    عسکری حکام کے مطابق بدھ کی شب دہشت گردوں کے ایک گروپ نے کھجوری چیک پوسٹ سے واپس آنے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس پردونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسزکی موثر کاروائی میں تئیس شدت پسند مارے گئے جبکہ تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

    سکیورٹی فورسز کا قافلہ ان زخمی جوانوں کو واپس لے کر آرہا تھا، جو بدھ کے روز ایک مسجد میں دوران نماز شدت پسندوں کے حملے میں زخمی ہوئے تھے، اس حملے میں اہلکار شہید بھی ہوئے تھے، اطلاعات کے مطابق اردگردکےعلاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے۔