Tag: شمالی وزیرستان

  • شمالی وزیرستان میں ایک اور گرلز  اسکول کوبارودی مواد سے اڑا دیا گیا

    شمالی وزیرستان میں ایک اور گرلز اسکول کوبارودی مواد سے اڑا دیا گیا

    میر علی‌ : شمالی وزیرستان میں ایک اور گرلز اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا، دھماکے سے قریبی گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں میرعلی کے گاؤں زیرکی میں گورنمنٹ گرلزمڈل اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے دھماکے سے قریبی گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا، واقعہ گزشتہ رات پیش آیا تھا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے میرعلی شمالی وزیرستان میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کو دھماکے سے اڑانے کا نوٹس لےلیا۔

    فیصل ترکئی نے بتایا کہ اسکول میں 255 طالبات زیرتعلیم تھیں، 7 کمرے مکمل منہدم ہوگئے ہیں تاہم ڈائریکٹر ایجوکیشن اورمتعلقہ ڈپٹی کمشنرکو تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسکول کودوبارہ جلد فعال کیا جائے گا، قبائلی اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں، ایسے واقعات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوتے، تعلیمی اصلاحات جاری رہیں گی۔

    وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم اولین ترجیح ہے، کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

  • شمالی وزیرستان میں طالبات کے ایک اور اسکول کو جلا دیا گیا

    شمالی وزیرستان میں طالبات کے ایک اور اسکول کو جلا دیا گیا

    رزمک : شمالی وزیرستان میں طالبات کے ایک اور اسکول کو آگ لگادی گئی، جس کے باعث اسکول کے کمپیوٹرز ، فرنیچر اور دیگرسامان جل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں طالبات کے ایک اوراسکول کو جلا دیاگیا، واقعہ شمالی وزیرستان کےعلاقے رزمک میں پیش آیا، جہاں رات کے وقت نامعلوم افراد نے گرلز اسکول کوآگ لگادی۔

    پولیس نے بتایا کہ آگ سے اسکول کے کمپیوٹرز ، فرنیچر اوردیگرسامان جل گیا تاہم واقعے کےبعد ملزمان فرارہوگئے۔

    رواں ماہ نو مئی کو بھی  لڑکیوں کے پرائیویٹ اسکول کوبموں سےاڑا دیا گیا تھا، متاثرہ اسکول علاقے میں لڑکیوں کا واحد پرائیویٹ اسکول تھا۔

    مزید پڑھیں : شمالی وزیرستان میں تخریب کاروں نے 2 اسکول تباہ کر دیے

    بعد ازاں   تحصیل میر علی میں بھی نامعلوم افراد نے دو اسکولوں کو بموں سے اڑا دیا تھا، تباہ ہونے والے دونوں اسکول ڈاکٹر نور جنت گل کے نام سے منسوب تھے۔

    اس سے قبل بھی  نامعلوم افراد نے نویں، دسویں جماعت کے حل شدہ پرچوں کو جلاکر با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

    پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

  • شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد نے نویں، دسویں کے حل شدہ پرچے جلا ڈالے

    شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد نے نویں، دسویں کے حل شدہ پرچے جلا ڈالے

    شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد نے نویں، دسویں جماعت کے حل شدہ پرچوں کو جلا دیا اور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے عیدک میں 23 امتحانی مراکز کے حل شدہ پیپرز کو آگ لگائی۔

    ملزمان موٹر سائیکل پر آئے تھے، واقعے میں جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانبب بنوں میں کنگرپل پولیس چوکی پر رات گئے دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، پولیس کی بھرپورجوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہوگئے۔

    واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹ سے نوجوان لڑکی کی لاش برآمد

    پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کاتبادلہ آدھا گھنٹہ جاری رہا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • شمالی وزیرستان میں آپریشن، سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں آپریشن، سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور دو دہشت گرد ہلاک، جب کہ دو زخمی ہو گئے۔

    ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    واضح رہے کہ آج سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی میں جی پی اے کمپلیکس گوادر پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے حملے کی کوشش کو ناکام بنایا، کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

    گوادر پورٹ کمپلیکس پر بی ایل اے کا حملہ ناکام، 8 دہشتگرد ہلاک

    سیکیورٹی ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی میں بی ایل اے کے تمام 8 حملہ آور ہلاک ہو گئے، حملے کے دوران کمپلیکس کے قریب 15 منٹ تک دھماکے اور شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تھا۔

  • شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، میرعلی حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 8 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، میرعلی حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 8 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران میر علی حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب کمانڈر صحراعرف جانان شامل ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد میر علی حملے میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مطلوب تھے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔

  • خاکِ وطن پر قربان ہونے والے شہدا مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

    خاکِ وطن پر قربان ہونے والے شہدا مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

    اسلام آباد : شمالی وزیرستان میں وطن عزیز پر جان قربان کرنے والے پاک فوج کےافسران و جوان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک سرزمین پرجان نثار کرنے والے مسلح افواج کے افسران وجوان مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کو اسلام آبادمیں سپردخاک کیا گیا، فوج کے چاک وچوبنددستے نے سلامی پیش کی جبکہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید کو تلہ گنگ، حولدار صابر شہید کو خیبر، نائیک خورشید شہید کو لکی مروت میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سپاہی ناصر شہید کو پشاور، سپاہی راجا شہید کوہاٹ اور سپاہی ساجد شہید کی ایبٹ آبادمیں تدفین کی گئی۔

    نماز جنازہ میں شہدا کے اہلخانہ، عزیز و اقارب، پاک فوج کے افسران اورشہری شریک ہوئے اور شہدا کو سلام عقیدت پیش کیا۔

    شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر کی نماز جنازہ گزشتہ روز چکلالہ میں اداکی گئی،نمازجنازہ میں صدرآصف علی زرداری، وفاقی وزیرخارجہ اوروزیر داخلہ شریک ہوئے تھے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد،آرمی چیف جنرل عاصم منیر، سینئرفوجی افسران اورشہدا کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔

    شمالی وزیرستان کےعلاقےمیرعلی میں دہشت گردوں کےحملے میں لیفٹیننٹ کرنل سیدکاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر سمیت سات فوجی جوان شہیدہوئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کےخلاف سکیورٹی فورسز کےعزم کومزید مضبوط کرتی ہیں، مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

  • شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا چوکی پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 جوان شہید، 6 دہشتگرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا چوکی پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 جوان شہید، 6 دہشتگرد ہلاک

    شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 5 فوجی جوان شہید ہوگئے جب کہ کلیئرنس آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

      آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس ناکامی پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی، جس کے بعد متعدد خودکش بم حملے بھی ہوئے، ان دھماکوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں مٹی کے 5 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ شہداء میں ضلع خیبر کا رہائشی حوالدار صابر، ضلع لکی مروت کا رہائشی نائیک خورشید، ضلع پشاور کا رہائشی سپاہی ناصر، ضلع کوہاٹ کا رہائشی سپاہی راجہ اور ضلع ایبٹ آباد کا رہائشی سپاہی سجاد شامل ہیں۔

     آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تمام 6 دہشت گرد مارے گئے، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے کراچی کے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور تلہ گنگ کے 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

  • شمالی وزیرستان میں  قدرتی گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت سے  خوشحالی کا سفر شروع

    شمالی وزیرستان میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت سے خوشحالی کا سفر شروع

    شمالی وزیرستان میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت کے بعدعلاقے میں خوشحالی کا سفر شروع ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی کوششوں سے امن کی بحالی کے بعد شمالی وزیرستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، شیواہ میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے منصوبے سے قدرتی گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت کے بعدعلاقے میں خوشحالی کا سفر شروع ہو گیا۔

    شیواہ منصوبہ 2016 میں شروع ہوا، 2021 میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی نے شیواہ نمبر ون کی ڈرلنگ کا آغاز کیا، مئی 2022 میں اس کنویں میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت ہوئی۔

    مارچ 2023 میں ارلی پروڈکشن فیسلٹی کے منصوبوں کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت علاقے کے عوام کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کےلئے پائپ لائن پر تیزی سے کام جاری ہے۔

    850 ملین کی لاگت کے ان ترقیاتی منصوبوں میں سپن وام اور شیواہ کے رورل ہیلتھ سینٹر کو فعال کرنا، واٹر سکیمز، سولر پلانٹس، مساجد و مدراس کی مرمت اور فعال کرنا، سٹوڈنٹس سکالرشپ پروگرام، موبائل ہیلتھ یونٹس اور مفت راشن کی تقسیم شامل ہے۔

    سال 2023 اور 2024 میں ایم پی سی ایل اور سی این جی پی ایل کی طرف سے تقریباً 600 ملین روپے کی مالیت کے پیکج کا پلان بھی کیا گیا ہے۔

    ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے ورکرز کا کہنا ہے کہ 2022 میں یہاں پہلی بار گیس کی دریافت ہوئی اور جنوری 2024 میں دوسری گیس کی دریافت ہوئی، منصوبہ یومیہ 100 ملین کیوبک فیٹ گیس پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • پاکستان میں دہشت گردی،  ایک بار پھر  افغان نژاد کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق

    پاکستان میں دہشت گردی، ایک بار پھر افغان نژاد کالعدم ٹی ٹی پی دہشت گردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق

    شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے ہاتھوں جہنم واصل 6 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں افغان نژاد کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی ، 28فروری کو شمالی وزیرستان میں ہلاک 6دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے نکلا۔

    کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد نیٹ ورک کو افغان دہشت گردوں کی پشت پناہی حاصل ہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کا افغان شہریوں پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے۔

    سپن وام میں پاک فوج کے ہاتھوں جہنم واصل 6دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی جبکہ مقامی ذرائع نے آپریشن کے دوران ایک خودکش حملہ آورکی ہلاکت کی بھی تصدیق کی، مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    ہلاک دہشتگردوں میں محمد انور ولد انگور خان سکنہ خوست،حمزہ سکنہ لوگر، فرمان سکنہ لوگر، شبیر عرف عابد سکنہ ، گل جان سکنہ پکتیکا اور طلحہ عرف ضرار شامل ہیں جبکہ شمالی وزیرستان کا رہائشی 16سالہ مبینہ خودکش بمبار عابد اللہ بھی ہلاک دہشتگردوں میں شامل ہیں۔

    افغانوں کا دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال افغان عبوری حکومت کے دعوؤں کی نفی ہے ، افغان حکومت کوشہریوں کو دہشت گردی سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ عالمی برادری پاکستان میں افغان دہشتگردوں کی سرگرمیاں روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

  • شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے ایک جوان زخمی ہوا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے جبکہ علاقے میں دہشتگردوں کی مبینہ موجودگی سے متعلق کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔