Tag: شمالی کوریا کے سربراہ

  • کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین چین روانہ ہوگئے

    کم جونگ اُن بذریعہ ٹرین چین روانہ ہوگئے

    شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن ٹرین کے ذریعے چین کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن چین میں اس وکٹری پریڈ میں شریک ہوں گے جو دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے پر جاپان کے سرنڈر کی یاد میں، 80 سال مکمل ہونے پر خصوصی طور پر منعقد کی جا رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کے علاوہ 25 دوسرے سربراہان مملکت بھی اس پریڈ میں شرکت کے لئے پہنچ رہے ہیں۔

    ایسا پہلی بار ہوگا کہ چینی صدر شی جن پینگ، شمالی کورین سربراہ کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کسی ایک مقام پر ایک ساتھ موجود ہونگے۔

    واضح رہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ ستمبر 2023ء کے دورہ روس کے لیے بھی خصوصی ٹرین کا استعمال کرچکے ہیں، یہ ٹرین بکتربند خصوصیات کی حامل ہے۔

    دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے اہم اعلان

    کم جونگ نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ”جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار“ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

  • نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی، کِم جونگ اُن

    نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی، کِم جونگ اُن

    شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کا کہنا ہے کہ نئے میزائلوں سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کورین سپریم لیڈرکِم جونگ اُن نے میزائلوں کی نئی پروڈکشن لائن کا دورہ کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میزائلوں کی تیاری کے لیے کئے گئے جدید انتظامات سے جنگی تیاری میں مدد ملے گی۔

    شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ چین میں چینی اور روسی صدر کے ہمراہ یوم فتح پر منائی جانے والی ملٹری پریڈ کے مہمان خصوصی ہونگے۔

    دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو تیز تر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ اُن کے ملک کو ایٹمی طاقت میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو ”جنگ بھڑکانے کے ارادے کا واضح اظہار“ قرار دیا۔ جنوبی کوریا اور اس کا اتحادی امریکا رواں ہفتے مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں، ان مشقوں میں شمالی کوریا کی جوہری دھمکیوں کے پیش نظر ایک بہتر دفاعی ردعمل کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

    روس، چین، شمالی کوریا پھر سے امریکا کی عزت کرنے لگے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    اگرچہ سیؤل اور واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں، تاہم پیانگ یانگ باقاعدگی سے ایسی مشقوں پر تنقید کرتا رہا ہے اور انھیں حملے کی تیاری کی مشقیں قرار دیتا ہے، اور بعض اوقات اس کے جواب میں ہتھیاروں کے تجربات بھی کرتا ہے۔

  • کم جانگ اَن خواتین سے مزید بچوں کی پیدائش کی اپیل کرتے ہوئے رو پڑے

    کم جانگ اَن خواتین سے مزید بچوں کی پیدائش کی اپیل کرتے ہوئے رو پڑے

    پیانگ یانگ : شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان خواتین سے مزید بچوں کی پیدائش کی اپیل کرتے ہوئے رو پڑے اور زور دیا کہ پیدائش کی شرح میں کمی کو روکنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا میں بچوں کی پیدائش کے تناسب میں انتہائی کمی ریکارڈ کی گئی، دارلحکومت پیانگ یانگ میں ماوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ کم جانگ خواتین سے مزید بچے پیدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے روپڑے۔

    شمالی کوریا کے رہنما نے کہا کہ خواتین کا فرض ہے کہ وہ قومی طاقت کو مضبوط کرنے کے لیے ملک کی پیدائش میں کمی کو روکیں۔

    انھوں نے زور دیا کہ پیدائش کی شرح میں کمی کو روکنا ہوگا ساتھ ہی بچوں کی اچھی دیکھ بھال اور دیگر فرائض کو ہمیں ماؤں کے ساتھ مل کر نبھانے ہوں گے۔

    خیال رہے شمالی کوریا میں ایک خاتون کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کی اوسط تعداد دو ہے۔

    جنوبی کوریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی شرح افزائش میں گزشتہ 10 سالوں سے مسلسل کمی واقع ہوئی ہے تاہم محدود اعدادو شمار کے باعث آبادی کے رحجانات کے بارے میں معلومات حاصل کرنا مشکل ہے۔

  • شمالی کورین سربراہ 20 دن بعد عوام میں دیکھے گئے، موت کی افواہیں دم توڑ گئیں

    شمالی کورین سربراہ 20 دن بعد عوام میں دیکھے گئے، موت کی افواہیں دم توڑ گئیں

    پیانگ یانگ: کم جونگ اُن کی موت سے متعلق تمام افواہیں دم تور گئیں، شمالی کوریا کے سربراہ 20 دن بعد پہلی مرتبہ عوام میں دیکھے گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ اُن بیس دن بعد عوام میں نکل آئے، انھوں نے ایک فرٹیلائزر پلانٹ کا فیتہ کاٹا، بہن بھی ان کے ہمراہ تھیں، جن کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ بھائی کی موت کے بعد انھوں نے اقتدار سنبھال لیا ہے۔

    کم جونگ اُن کے سامنے آنے سے ان کی موت سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں، انھوں نے جنوبی پیانگن کے شہر سنچن میں ایک فرٹیلائزر فیکٹری کا فیتہ کاٹا، ریاستی میڈیا نے اس تقریب کی تصاویر بھی جاری کیں، جن میں کِم ساتھیوں کے ساتھ مسکراتے ہوئے بات کرتے نظر آتے ہیں، تاہم دیگر میڈیا کا کہنا ہے کہ ان تصاویر کی صداقت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

    شمالی کوریا کے سربراہ سے متعلق کیا کیا افواہیں پھیلائی گئیں؟

    کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق اس موقع پر کئی سینئر شمالی کورین عہدے داروں سمیت چھوٹی بہن کم یو جونگ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ یاد رہے کہ کم جونگ اُن کی صحت سے متعلق اس وقت افواہیں گردش کرنے لگی تھیں جب 15 اپریل کو وہ ریاست کے بانی کِم اِل سَنگ کے یوم پیدایش کی تقریبات میں شریک نہیں ہوئے۔ وہ ہر سال اپنے دادا کے مقبرے پر ضرور حاضری دیا کرتے تھے، اس سے قبل آخری مرتبہ وہ 11 اپریل کوورکرز پارٹی کی ایک تقریب میں شریک ہوئے تھے۔

    ان کی صحت سے متعلق میڈیا دو حصوں میں تقسیم تھی، ایک کا کہنا تھا کہ کم جونگ اُن مر چکے ہیں، جب کہ دوسرے کا کہنا تھا کہ وہ کوما میں ہیں۔ تاہم اب شمالی کوریا کے ساتھ معاملات کو دیکھنے والے جنوبی کورین وزیر کم یوآن چُل نے قیاس آرائی کی ہے کہ کم جونگ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے احتیاطاً سامنے نہیں آ رہے تھے۔

    کم جونگ اُن کے سامنے آنے والی رپورٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جب سوال پوچھا گیا تو انھوں نے جواب میں کہا کہ میں فی الوقت اس پر تبصرہ نہیں کروں گا، جب درست وقت آئے گا تو ہم اس سے متعلق کچھ کہیں گے۔

  • کم جونگ اُن زندہ اور صحت مند ہیں: جنوبی کوریا

    کم جونگ اُن زندہ اور صحت مند ہیں: جنوبی کوریا

    سیئول: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی زندگی اور صحت سے متعلق جنوبی کوریا کی ایک اہم سرکاری شخصیت نے کہا ہے کہ کم جونگ زندہ اور صحت مند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی خارجہ پالیسی کے مشیر چونگ اِن مون نے بیان دیا ہے کہ ان کی حکومت کو اس بات پر پکا یقین ہے کہ ڈکٹیٹر کم جونگ اُن مرے نہیں ہیں۔

    انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ کم جونگ 13 اپریل سے ملک کے وانسن ایریا میں رہایش پذیر ہیں، اس دوران کوئی مشکوک سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ چین اور جاپانی میڈیا کے رپورٹرز شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ اُن کی زندگی سے متعلق مختلف دعوے کر رہے ہیں، چینی جرنلسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ کم جونگ مر چکے ہیں جب کہ ایک جاپانی رپورٹ کہتی ہے کہ وہ کوما میں ہیں۔

    ہانگ کانگ سیٹلائٹ ٹیلی وژن کی نائب ڈائریکٹر شیجیان شنگزو (ایک چینی وزیر خارجہ کی بھتیجی) نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں ایک ‘نہایت مضبوط ذریعے’ نے بتایا ہے کہ 36 سالہ نارتھ کورین ڈکٹیٹر مر چکے ہیں۔ اس کے برعکس جاپانی میڈیا ادارہ دعویٰ کر رہا ہے کہ کِم رواں مہینے کے آغاز میں دل کا آپریشن کرنے کے بعد کوما میں جا چکے ہیں۔

    کِم رواں مہینے کے آغاز میں دل کا آپریشن کرنے کے بعد کوما میں جا چکے ہیں: جاپانی میڈیا کا دعویٰ

    شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا کے مطابق کِم 11 اپریل کے بعد عوام میں کہیں نہیں دیکھے گئے ہیں، دو ہفتے قبل انھوں نے صاحب اقتدار ورکرز پارٹی کمیٹی کے پالیسی سازوں کی میٹنگ کی صدارت کی تھی۔

    اب چونگ اِن مون کے بیان نے شمالی کوریا کے سربراہ کی زندگی سے متعلق حیران کن دعوؤں پر ٹھنڈا پانی پھیر دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے شمالی کوریا چھوڑنے والے ایک ڈفیکٹر جرنلسٹ جُو سونگ ہا کی فیس بک پوسٹ رپورٹ کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ یہ تو سمجھ میں آتا ہے کہ کم کی صحت ٹھیک نہیں، تاہم ان رپورٹس پر ذرا بھی اعتبار نہیں جو ان کی میڈیکل ایمرجنسی سے متعلق ہیں، کیوں کہ کم فیملی کی صحت دیگر رازوں میں سے ایک راز ہے۔

    شمالی کوریا چھوڑنے والے (ڈفیکٹر) ایک سابقہ سفارت کار تھائے یونگ ہو نے بھی کہا ہے کہ اس بات پر یقین کرنا بہت مشکل ہے کہ کم کے کسی قریبی ساتھی نے انفارمیشن لیک کی ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب وہ ملک کے اندر تھے تو اس وقت سابقہ سربراہ کم جون اِل کی موت سے متعلق بھی کسی کو خبر نہیں تھی، اور پھر ایک دن سب کو آڈیٹوریم میں جمع کیا گیا اور اعلان کرنے والا سیاہ لباس پہن کر آیا۔

    اگر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کا انتقال ہوتا ہے تو اس صورت میں کون ان کی جگہ لے گا، اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کبھی کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ان کی بہن کم یو جونگ موجودہ سربراہ کے بچوں کے بڑے ہونے تک اقتدار سنبھالیں گی۔

  • سی آئی اے ڈائریکٹر کی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

    سی آئی اے ڈائریکٹر کی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

    واشنگٹن : امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے سی آئی اے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے خفیہ  ملاقات کا انکشاف کیا ہے، خفیہ ملاقات کاصرف دو لوگوں کو معلوم تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ نامزد وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کیا تھا اور  ٹرمپ کے سفیر کی حیثیت سے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے  پیانگ یانگ میں ملاقات کی تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق سی آئی اے چیف اور کم جونگ ان کی خفیہ ملاقات کا صرف دو لوگوں کو معلوم تھا اور ملاقات کا مقصدصدرٹرمپ اورکم جونگ کی ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔

    دوسری جانب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا سے اعلیٰ ترین سطح پر براہ راست بات چیت ہو رہی ہے، بہت جلد ان سے ملنے کی امید ہے۔

    فلوریڈا میں صدر ٹرمپ نے جاپان کے وزیراعظم شِنزو آبے سے ملاقات کے موقعے پر شمالی کوریا کے سربراہ سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پانچ مقامات پرغورکیا جارہا ہے جہاں میری اورکم جونگ ان کی ملاقات ہوسکتی ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ماہ شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کی جانب سے ملاقات کی پیش کش کو قبول کی تھی، دونوں رہنما اگلے مہینے مئی میں ملاقات کریں گے۔

    واضح  رہے کہ شمالی کوریا اورامریکا کے تعلقات طویل عرصے سے تناؤ کا شکاررہے ہیں، دوہزارکے بعد امریکا اورشمالی کوریا میں یہ پہلا براہ راست اعلی سطح کا رابطہ ہے۔

    خیال رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے سال نو پرامریکہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے نشانے پرہے۔

    بعدازاں امریکی صدر ٹرمپ نے 3 جنوری 2018 کو شمالی کوریا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرے پاس ان سے بڑا طاقتور نیو کلیئربٹن ہے اوربٹن وقت پڑنے پر کام بھی کرے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔