Tag: شمالی کوریا

  • شمالی کوریا کا نئی قسم کا ٹیکٹیکل گائیڈڈ ہتھیار تجرباتی طور پر فائر

    شمالی کوریا کا نئی قسم کا ٹیکٹیکل گائیڈڈ ہتھیار تجرباتی طور پر فائر

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا میں نئی قسم کے ٹیکٹیکل گائیڈڈ ہتھیار کو تجرباتی طور پر فائر کیا گیا، ہتھیاروں کا یہ نظام ملک کی ٹیکٹیکل جوہری کارروائیوں کے مؤثر پن کو تقویت دے گا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا میں نئی قسم کے ٹیکٹیکل گائیڈڈ ہتھیار کو تجرباتی طور پر فائر کیا گیا، ملک کی حکمران ورکرز پارٹی کے اخبار رودونگ سنمن نے اپنے اتوار کے شمارے میں خبر دی کہ یہ ہتھیار شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی موجودگی میں داغا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ہتھیار کم فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل تھا جسے غالباً ہفتے کے روز داغا گیا تھا۔

    اخبار نے مذکورہ پروجیکٹائل کو ایک لانچر سے داغے جانے اور ہدف بنائے گئے جزیرے پر نشانہ لگنے کی تصاویر شائع کی ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہتھیاروں کا یہ نظام ملک کی ٹیکٹیکل جوہری کارروائیوں کے مؤثر پن کو تقویت دینے اور اس کی فائر پاور کو متنوع بنانے میں مدد دے گا۔

    اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کم جونگ نے ملک کی دفاعی صلاحیت اور جوہری جنگی فورسز کو مزید تقویت دینے سے متعلق ہدایات دی ہیں۔

  • شمالی کورین رہنما کی طاقتور بہن نے ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی

    شمالی کورین رہنما کی طاقتور بہن نے ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی

    پیانگیانگ: شمالی کورین رہنما کی طاقتور بہن نے جنوبی کوریا کو ایٹمی ہتھار استعمال کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کی طاقت ور بہن کِم یو جونگ نے جنوبی کوریا کو دھمکی دی ہے کہ اگر انھیں اشتعال دلایا گیا تو وہ جوہری جوابی کارروائی کر دیں گے۔

    جنوبی کوریا کے وزیر دفاع نے جمعے کے روز کہا تھا کہ ان کے ملک کی فوج کے پاس نمایاں طور پر بہتر رینج، اور طاقت والے میزائل موجود ہیں، جو شمالی کوریا میں کسی بھی ہدف کو درست اور تیزی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    کِم یو جونگ، جو حکمراں جماعت کی سینیئر عہدے دار اور کم جونگ ان کی بہن ہیں، نے کہا کہ جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کا شمالی کوریا پر حملوں کے بارے میں حالیہ ریمارکس دینا ایک ‘بہت بڑی غلطی’ ہے۔

    خیال رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے اس سال تیزی سے طاقت ور میزائلوں کے تجربات کیے گئے ہیں، جس کے بعد دونوں کوریائی ممالک کی جانب سے فوجی طاقت کا مظاہرہ بڑھا دیا گیا ہے۔

    سیئول اور واشنگٹن میں حکام کو یہ بھی خدشہ ہے کہ شمالی کوریا 2017 کے بعد پہلی بار جوہری ہتھیاروں کا تجربہ دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

    کم یو جونگ نے کہا کہ اگر جنوبی کوریا کی فوج شمالی کوریا کی سرزمین کی خلاف ورزی کرتی ہے تو اسے ایک ‘ناقابل تصور خوفناک تباہی’ کا سامنا کرنا پڑے گا، جنوبی کوریا جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاست پر کسی بھی حملے کے بعد بچ نہیں سکے گا۔

    یہ تین دنوں میں جنوبی کورین رہنما کے تبصروں پر کم یو جونگ کا دوسرا غصے سے بھرا جواب ہے، اتوار کے روز انھوں نے ریمارکس کو ‘لاپروا’ قرار دیا، اور کہا کہ جنوب اگر تباہی کو روکنا چاہتا ہے تو خود کو قابو کرے۔

  • امریکا کے ساتھ طویل جنگ کے لیے تیار ہیں: اہم ملک کا اعلان

    امریکا کے ساتھ طویل جنگ کے لیے تیار ہیں: اہم ملک کا اعلان

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ طویل مدت کی جنگ کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ طویل المدت تصادم کے لیے تیار ہیں۔

    کم جونگ اُن نے بین البر اعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کی جگہ کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انھوں نے کہا شمالی کوریا کا نیا اسٹریٹجک ہتھیار ایک بار پھر پوری دنیا کو ہماری مسلح افواج کی طاقت سے واضح طور پر آگاہ کر دے گا۔

    کِم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی قومی دفاعی افواج بہت اچھی فوجی اور تکنیکی صلاحیت کی حامل ہیں، اور جو بھی طاقت ہماری ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گی، اسے معلوم ہونا چاہیے کہ اسے بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔

    واضح رہے کہ جاپان اور جنوبی کوریا نے یہ خبر دی تھی کہ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے، جاپانی حکام کے مطابق شمالی کوریا کا میزائل فضا میں تقریباً ایک گھنٹے تک رہا اور 1100 کلومیٹر دور جاپان کے جنوبی سمندر میں جا کر گرا۔

    رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کا یہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل2017 کے میزائل کے مقابلے میں زیادہ طاقت ور ہے، جو 6 ہزار کلو میٹر سے زیادہ بلندی تک پہنچتا ہے۔

    شمالی کوریا نے 2017 کے بعد کئی مرتبہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے، امریکا نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کی ہے، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے کہا یہ تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    امریکا کا مؤقف ہے کہ اس تجربے سے خطے میں بلا ضرورت تناؤ میں اضافہ ہوگا اور صورت حال غیر مستحکم ہو سکتی ہے۔

  • شمالی کوریا کے ایک ماہ کے دوران 4 میزائل تجربات، جاپانی وزیر دفاع کا ردعمل آ گیا

    شمالی کوریا کے ایک ماہ کے دوران 4 میزائل تجربات، جاپانی وزیر دفاع کا ردعمل آ گیا

    ٹوکیو: ایک ماہ کے دوران میزائل کے 4 تجربات پر جاپانی وزیر دفاع کا ردعمل آ گیا، کشی نوبواو نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا اپنی میزائل ٹیکنالوجی کو تیزی کے ساتھ بہتر بنا رہا ہے، جاپان اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

    جاپان کے وزیر دفاع کِشی نوبُواو نے منگل کے روز کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں شمالی کوریا کی جانب سے چار بار میزائل داغنا تجربے کی انتہائی بلند شرح ہے، شمالی کوریا اپنی میزائل ٹیکنالوجی کو تیزی کے ساتھ بہتر بنا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا پیانگ یانگ کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کا داغا جانا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے اور جاپان اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

    جاپانی وزیر دفاع نے کہا شمالی کوریا کی طرف سے میزائل داغنے میں رازداری اور تیزی کا مطلب ہے کہ وہ اپنی صلاحیت کو بہتر بناتا جا رہا ہے، اس صلاحیت میں میزائل داغنے کی نشانیوں کی کھوج کو مشکل بنانا، متنوع طریقوں سے میزائل داغنا، اور اچانک حملہ شامل ہیں۔

    کِشی نے کہا کہ جاپان اور خطے کی سلامتی کے لیے جوہری اور میزائل ٹیکنالوجی میں شمالی کوریا کی تیز رفتار پیش رفت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    واضح رہے کہ جمعے کو شمالی کوریا نے اس ماہ اپنے چوتھے ہتھیاروں کے تجربے میں دو مشتبہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل سمندر میں داغے ہیں، جاپان کا کہنا ہے کہ میزائل جاپانی سمندر میں گرے، جسے کوریا میں مشرقی سمندر کہا جاتا ہے۔

  • شمالی کوریا: اسکوئڈ گیم لانے والے کو گولی مار دی گئی

    شمالی کوریا: اسکوئڈ گیم لانے والے کو گولی مار دی گئی

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا میں دنیا کی مقبول ترین سنسنی خیز ڈراما سیریز اسکوئڈ گیم لانے والے کو گولی مار دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسکوئڈ گیم جنوبی کورین سنسنی خیز ڈراما سیریز ہے، جس میں لوگ بڑی رقم کے لالچ میں ایک کھیل کا حصہ بنتے ہیں اور پھر بچپن کے مختلف کھیلوں کے دوران ناکامی سے دوچار ہوتے ہوئے دھڑا دھڑ قتل ہوتے ہیں۔

    تاہم پوری دنیا میں مقبول ہونے والی نیٹ فلیکس کی اس ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ پر شمالی کوریا نے پابندی لگا دی ہے، اور اسے اسمگل کر کے لانے والے ایک شخص کو سزائے موت دے دی گئی۔

    کِم جونگ اُن کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس سیریز نے جنوبی کوریا کے سرمایہ دارانہ نظام کو فروغ دیا ہے، یہ سیریز ایک شہری چین سے شمالی کوریا لایا، اور اسے ہائی اسکول کے طلبہ کے ساتھ شیئر کیا گیا، مذکورہ شخص اسے پِن ڈرائیو میں اسمگل کر کے لایا تھا، اور اس پر پابندی عائد ہے۔

    اسکوئڈ گیم کی گڑیا کو آواز دینے والی اداکارہ کو سیریز دیکھنے کی اجازت کیوں نہیں‌ ملی؟

    رپورٹ کے مطابق سیریز کو دیکھنے والے طلبہ، اسکول پرنسپل اور اساتذہ کو بھی سزا سنائی گئی ہے، اور ایک طالبِ علم کو عمر قید اور دیگر کو 5 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    نیوز رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اسکول کے پرنسپل، یوتھ سیکریٹری اور اساتذہ کو سزا کے طور پر اُن کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

  • کھانا کم کھائیں، سپریم لیڈر کا عوام کو حکم

    کھانا کم کھائیں، سپریم لیڈر کا عوام کو حکم

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنے بھوکے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ 2025 تک کمر کس لیں، سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے عوام کو تین سال تک کم کھانا کھانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا میں خوراک کی قلت اور بھوک سے پریشان عوام پر ایک اور مصیبت نازل ہو گئی، انھیں 2025 تک کم کھانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    شمالی کوریا نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جب تک ملک 2025 میں چین کے ساتھ اپنی سرحد دوبارہ نہیں کھولتا، تب تک انھیں خوراک میں کمی لانا ہوگی۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے جنوری 2020 میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر چین کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دی تھی۔

    خوراک کی قلت پہلے ہی شمالی کوریائی باشندوں کو متاثر کر رہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں ہی کھانے کی قلت اس قدر ہے کہ ان کا گزارا مشکل ہے۔

    سرحد بند کرنے کے باعث ملک کی معیشت پر سنگین اثر پڑا ہے، طلب بڑھنے کی وجہ سے روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا، اقوام متحدہ کے مطابق شمالی کوریا کے پاس رواں سال تقریباً 8 لاکھ 60 ہزار ٹن خوراک کی کمی ہے۔

    شمالی کوریا میں غذائی قلت، فی کپ چائے کی قیمت 11 ہزار روپے تک پہنچ گئی

    شمالی کوریا سویت یونین کے حامیوں میں سے رہا ہے، اس کے خاتمے کے بعد شمالی کوریا میں جو فاقہ کشی ہوئی تھی اس میں 30 لاکھ شمالی کورینز ہلاک ہو گئے تھے۔ شمالی کوریا کے لوگ چاول زیادہ پسند کرتے ہیں اور اس وقت راجدھانی میں ایک کلو چاول کی قیمت آسمان پر ہے، جس کی وجہ سے عوام بہت پریشان اور بے چینی کا شکار ہیں۔

    دوسری جانب حکومت نے خوراک کی کمی کے لیے بیرونی عوامل کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، ان عوامل میں شمالی کوریا پر عائد عالمی پابندیاں، قدرتی آفات اور کرونا وبا شامل ہیں، گزشتہ برس شمالی کوریا کو شدید سیلاب کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا، جس سے اہم فصلوں کو نقصان پہنچا اور سینکڑوں خاندان بے گھر ہو گئے تھے۔

  • شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ فوجیوں کی تصویر میں ’راکٹ مین‘ کون ہے؟

    شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ فوجیوں کی تصویر میں ’راکٹ مین‘ کون ہے؟

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا پر ایک تصویر سامنے آئی ہے جس نے کئی ممالک میں لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے، اس تصویر میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ فوجی کھڑے ہیں لیکن ایک شخص سوئمنگ سوٹ جیسے تنگ سوٹ میں کھڑا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ تصویر پیر کو لی گئی، اور یہ اسلحے کی ایک نمائش کے دوران کم جونگ اُن کے ساتھ لی گئی تھی، جس میں 30 فوجی ان کے ساتھ کھڑے تھے۔

    تمام فوجیوں نے مخصوص رنگ یونیفارم پہنا تھا، ان میں صرف دو افراد نے مختلف رنگ پہنا ہوا تھا، ایک نے نیلا رنگ اور دوسرے نے نیوی بلیو یونیفارم پہنا تھا، جب کہ شمالی کوریا کے رہنما نے سیاہ رنگ پہنا ہوا تھا۔

    نمائش کے اگلے روز جب یہ تصویر سامنے آئی تو لوگ حیران رہ گئے، سوال اٹھا کہ نیلے کپڑوں میں ملبوس ’راکٹ مین‘ شمالی کورین فوجیوں کے درمیان کیا کر رہا ہے؟

    تصویر کے سامنے آتے ہی کسی نے فوجی کو ’سپر ہیرو‘ تو کسی نے ’کیپٹن ڈی پی آر کے‘ اور کسی نے ان کو ’راکٹ مین‘ کہا۔

    جنوبی کوریا، امریکا اور دیگر جگہوں پر کچھ ٹوئٹر صارفین نے ان کو مذاق کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ’انسانی توپ کے گولے‘ جیسا دکھ رہے ہیں۔

    شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا نے اس شخص کے بارے میں کچھ نہیں کہا تاہم مونٹیری میں مڈل بری انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ایک تجزیہ کار جیفری لیوئس نے ایک تصویر ٹوئٹ کی کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ وہ پیرا شوٹر تھا۔‘

    کوریا کی سرکاری خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ نمائش شروع ہونے سے قبل اعلیٰ درجے کے ایک پیرا شوٹسٹ نے پارٹی کے جھنڈے کو لہراتے ہوئے کرتب دکھائے۔

    شمالی کوریا میں ہونے والے پہلے ایئر شو کی تصاویر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ پیرا شوٹرز نے نیلے رنگ کے تنگ کپڑے پہنے ہوئے تھے۔

  • شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا

    شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا

    پیانگ یانگ: جنوبی کوریا کی جانب سے آب دوز لانچ ہونے کے چند ہی گھنٹے بعد شمالی کوریا کی طرف سے بھی ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادھر اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے سفیر نے میزائل تجربات کے خلاف امریکی پالیسی کو مسترد کیا، اور ادھر شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا۔

    جنوبی کوریا کی ملٹری کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج نے ملک کے مشرقی ساحل کی جانب ایک ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ داغا ہے، جب کہ جاپانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ بظاہر ایک بیلسٹک میزائل تھا۔

    میزائل کا تجربہ کرنے سے کچھ دیر پہلے ہی شمالی کوریا کے سفیر کم سانگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ان کے ملک کو قانونی دفاع کے حق سے کوئی بھی محروم نہیں رکھ سکتا، اور ان کے ملک کو میزائل تجربات کرنے کا حق حاصل ہے۔

    ایک ماہ کے دوران شمالی کوریا کا میزائلوں کا یہ تیسرا تجربہ ہے، اس سے قبل اس نے ایک کروز میزائل اور دو بیلسٹک میزائلز کا تجربہ کیا تھا، واضح رہے کہ اقو ام متحدہ نے شمالی کوریا پر میزائلوں کے تجربات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    میزائل کے تجربے کے فوراً بعد جنوبی کوریا کی حکومت نے قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ طلب کی اور میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ ایک کم فاصلے تک پہنچنے والا میزائل تھا اور شمالی کوریا نے ایسے وقت اس کا تجربہ کیا ہے جب کوریا جزیرہ نما میں سیاسی استحکام کی صورت حال بہت نازک ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ نے بھی میزائل تجربے کی مذمت کی ہے اور پیانگ یانگ سے مذاکرات کی اپیل کی ہے۔

  • شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ، امریکا کا ردعمل

    شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ، امریکا کا ردعمل

    واشنگٹن: امریکا نے شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کو عالمی برادری کے خطرہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ اسے شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے کے تعلق سے اطلاع موصول ہوئی ہے اور وہ اس طرح کی سرگرمیوں کو عالمی برادری کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔

    کورین سینٹرل نیوز ایجنسی ( کے سی این اے) نے پیر کی صبح کو بتایا کہ شمالی کوریا نے ہفتے کے آخر میں طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحت رکھنے والے ایک نئی طرح کے کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

    امریکی محکمہ دفاع ’پینٹاگون‘ نے کہا کہ ہم ڈی پی آر کے کروز میزائل لانچ ہونے کی رپورٹ سے آگاہ ہیں، ہم صورت حال پر نظر رکھیں گے اور اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

    پینٹاگون نے شمالی کوریا کی عسکری سرگرمیوں کو ’اپنے پڑوسیوں اور عالمی برادری کے لیے خطرے‘ کو بڑھانے والا قرار دیا اور کہا کہ امریکا جنوبی کوریا اور جاپان کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔

    کے سی این اے کے مطابق شمالی کوریا نے ہفتے اور اتوار کو نئے میزائلوں کا تجربہ کیا، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ان کروز میزائلوں نے ہدف کو نشانہ بنانے سے پہلے 1500 کلومیٹر (932 میل) اڑان بھری، دو سال کی تیاری اور تحقیق کے بعد کیا گیا یہ تجربہ کامیاب رہا۔

  • شمالی کوریا نے امریکا کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دے دیا

    شمالی کوریا نے امریکا کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دے دیا

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکا کو اپنے ملک کا سب سے بڑا دشمن قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے اپنے ایک بیان میں امریکا کو سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جوہری اور میزائل پروگرام کو آگے بڑھائیں گے۔

    انھوں نے منگل کو کانگریس میں اپنی تقریر میں جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ملک کی خارجہ پالیسی، سیاسی سرگرمیاں امریکا کو دبانے اور اس پر غلبہ پانے پر مرکوز ہونی چاہیئں۔

    واضح رہے کہ کم جونگ اُن کا یہ بیان نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے رواں ماہ منصب سنبھالنے سے چند ہی روز قبل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا قطع نظر اس سے کہ وائٹ ہاؤس میں کون منصب سنبھالتا ہے، شمالی کوریا سے متعلق امریکی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

    کم جونگ اُن نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں مستقبل کے تعلقات کے لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنا مخاصمانہ رویہ بدلے۔

    انھوں نے اعلان کیا کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کو مزید چھوٹا اور کم وزن کرے گا، ٹیکٹیکل جوہری اسلحہ بنائے گا، اور انتہائی بڑے جوہری ہتھیاروں کی پائیدار بنیادوں پر پیداوار کو عملی جامہ پہنائے گا۔

    کم جونگ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک بیلسٹک میزائلز پر کثیر تعداد میں وار ہیڈز نصب کرنے اور ٹھوس ایندھن والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائلز کی تیاری کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔