Tag: شمالی کیرولائنا

  • رواں برس کا 16 واں سمندری طوفان امریکی ریاست کے قریب

    رواں برس کا 16 واں سمندری طوفان امریکی ریاست کے قریب

    رواں برس کا 16 واں تباہ کن سمندری طوفان ’اوفیلیا‘ شمالی کیرولائنا سے ٹکرانے والا ہے، تین امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان اوفیلیا جمعہ کے روز طاقت ور ہو گیا ہے، اور اس کا رخ شمالی کیرولائنا کے ساحل کی جانب ہے، جس سے وسط بحر اوقیانوس کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، حکام نے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    امریکی ویدر چینل کے مطابق اوفیلیا شمالی کیرولائنا میں لینڈ فال کے قریب ہے، جس کی وجہ سے طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا، لہریں بلند ہو جائیں گی اور ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

    اوفیلیا رواں برس بحر اوقیانوس کے سمندری طوفانوں کے سیزن کا 16 واں طوفان ہے، اوفیلیا طوفان کا مرکز آج ہفتے کے روز مشرقی شمالی کیرولائنا سے گزرے گا، پھر ورجینیا اور میری لینڈ میں ہفتے کی رات اور اتوار کو گزرے گا، اور زمین پر پہنچ کر کمزور پڑ جائے گا۔

    یو ایس نیشنل ہریکین سنٹر کے مطابق سمندری طوفان اوفیلیا زمین سے ٹکرانے سے پہلے مزید طاقت حاصل کرنے کی توقع نہیں تھی اور اس کے بعد کمزور ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی، توقع کی جا رہی تھی کہ طوفان ہفتے کی صبح شمالی کیرولائنا میں لینڈ فال کرے گا۔

    شمالی کیرولائنا، ورجینیا اور میری لینڈ کے گورنرز نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے، کچھ علاقوں میں اسکول بھی جلد بند ہو گئے کیوں کہ وہاں کی آبادی طوفان کی آمد کے لیے تیاری کر رہی تھی۔

    اوفیلیا کا نام

    دل چسپ بات یہ ہے طوفان اوفیلیا کا نام ولیم شیکسپیئر کے مشہور زمانہ ڈرامے ’ہیملٹ‘ سے لیا گیا ہے۔ اوفیلیا ہیملیٹ میں ولیم شیکسپیئر کا ایک کردار ہے۔ جب اس کے والد پولونیئس کو اس کا پریمی ہیملیٹ قتل کر دیتا ہے تو وہ پاگل ہو جاتی ہے، اور بہت چھوٹی عمر میں وہ غم اور پاگل پن سے مر جاتی ہے۔

  • خاتون نے سوتیلے بچے کو کتے کے پنجرے میں رہنے پر مجبور کر دیا

    خاتون نے سوتیلے بچے کو کتے کے پنجرے میں رہنے پر مجبور کر دیا

    شمالی کیرولائنا: امریکا میں ایک سوتیلی ماں نے 9 سالہ معصوم بچے کو کئی ماہ تک کتے کے پنجرے میں رہنے پر مجبور کر دیا تھا، جس پر عدالت کی جانب سے سے قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست شمالی کیرولائنا کی ڈیوڈسن کاؤنٹی میں لیکسنگٹن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون 30 سالہ سارہ اسٹر کو اپنے نو سالہ سوتیلے بیٹے کو ’ڈاگ لاٹ‘ میں باہر رہنے پر مجبور کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔

    خاتون نے سوتیلے بیٹے کو کتے کے پنجرے میں مہینوں تک رہنے پر مجبور کیا، پولیس نے 19 اکتوبر 2022 کو پڑوسی کی اطلاع پر سوتیلی ماں سمیت لڑکے کے والد جوناتھن اسٹر اور گھر کی مالکہ اور خالہ شیلی لوسیل بارنس کو گرفتار کر لیا تھا، پولیس کو معلوم ہوا کہ بچے کو اپریل سے پنجرے میں بند کیا جا رہا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچے کو گھر سے باہر سخت سردی میں بہت بری حالت میں پنجرے میں قید رکھا جاتا تھا، بچے کو بازیاب کرتے وقت وہ ننگے پاؤں تھا۔

    خاتون نے منگل کو بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے دو سنگین الزامات کا اعتراف کیا، بچے کو شدید جسمانی چوٹ بھی آئی تھی، عدالت نے دونوں الزامات ثابت ہونے پر خاتون کو 9 سے 12 سال تک کی قید کی سزا سنائی۔

    جج نے حکم دیا کہ خاتون کی دماغی صحت کا جائزہ بھی لیا جائے اور اس کا علاج شروع کیا جائے اور غصے سے نمٹنے کے لیے خاتون کونسلنگ کی خدمات بھی حاصل کریں گی۔ جج نے اس کے ڈی این اے سیمپل جمع کروانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ وہ متاثرہ بچے سے رابطہ نہیں کر سکے گی۔

    گھر پر پولیس چھاپے کے وقت خاتون کی گود میں 8 ماہ کا بچہ تھا، جب کہ ایک کمرے میں بستر کے نیچے بھی ایک 4 سالہ بچہ ملا، پولیس کے مطابق خاتون کی سات اور آٹھ سال کی 2 بیٹیاں اسکول میں تھیں۔ پولیس نے پانچوں بچوں کو محکمہ سماجی خدمات کی تحویل میں دے دیا ہے۔ دوسری طرف عدالت نے بچے کے باپ اور ان کی خالہ کے خلاف الزامات خارج کر دیے۔

  • گھر میں کھیلتے بچوں کے ہاتھوں بھرا پستول لگ گیا، افسوس ناک انجام

    گھر میں کھیلتے بچوں کے ہاتھوں بھرا پستول لگ گیا، افسوس ناک انجام

    نارتھ کیرولائنا: امریکی ریاست میں کھیل کھیل میں چھوٹے بچوں کے ہاتھوں بھرا پستول لگ گیا، پستول چلنے سے 4 سالہ لڑکا ہلاک ہو گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نارتھ کیرولائنا میں منگل کو تین افراد کو دو بچوں کو بھرا پستول ملنے اور ان میں سے ایک کی گولی لگنے سے ہلاکت پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    گیسٹن کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گھر میں کھیلتے دو بچوں کے ہاتھ ایک بھرا پستول لگ گیا تھا، ایک نے کھیل کھیل میں پستول کا ٹریگر دبا دیا، جس سے چار سالہ لڑکا موقع پر ہی مر گیا۔

    واقعے کے وقت بچے کے والدین بھی موجود تھے، پولیس نے انھیں گھر میں رہنے والے ایک اور رشتہ دار کے ساتھ غیر ارادی قتل، بچوں کے ساتھ بدسلوکی، اور بچوں کے لیے قابل رسائی طریقے سے آتشیں اسلحہ رکھنے کے الزامات میں گرفتار کیا۔

    گرفتار افراد کی شناخت 22 سالہ سوانا لی برہم، 21 سالہ ہیکٹر مینوئل مینڈوزا اور 21 سالہ کیتھ اسٹرگھل کے ناموں سے ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ جن بچوں کو بندوق ملی ہے وہ آپس میں بھائی تھے۔

    خاندان کے گھر کے پراپرٹی منیجر کا کہنا تھا کہ اس خاندان کے ’لوگ اچھے‘ ہیں، پتا نہیں ان پر اس وقت کیا گزر رہی ہوگی۔ دریں اثنا، پولیس نے لوگوں کو یاد دہانی کرائی کہ وہ اپنا اسلحہ ایسی جگہ رکھیں جہاں ان کے بچے نہ پہنچ سکیں۔

  • ڈرائیور کے نامناسب تبصرے پر لڑکی نے چلتی کار سے چھلانگ لگا دی

    ڈرائیور کے نامناسب تبصرے پر لڑکی نے چلتی کار سے چھلانگ لگا دی

    شمالی کیرولائنا: امریکا میں ایک لڑکی نے اچانک خوف زدہ ہو کر چلتی کار سے چھلانگ لگا کر جان خطرے میں ڈال دی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک نو عمر لڑکی کام سے گھر واپسی کے دوران آن لائن ٹیکسی سے اچانک چھلانگ لگا کر شدید زخمی ہو گئی۔

    17 سالہ ایزیا باؤڈن نے بتایا کہ ڈرائیور نے پہلے اس کی شکل کے بارے میں نامناسب تبصرہ کیا، اور پھر یہ کہا کہ اگر وہ اتنی کم عمر نہ ہوتی تو وہ اسے ڈیٹ کرتا، اس کے بعد اس نے کئی بار ہوا میں کچھ اسپرے کیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایزیا باؤڈن نے کہا مجھے لگا کہ شاید آن لائن ٹیکسی سروس ’لفٹ‘ کے ڈرائیور نے نشہ کیا ہے۔

    ڈرائیور نے بے شرمی سے کہا تمھارے ساتھ کتنے لڑکوں نے فلرٹ کیا ہوگا؟ باؤڈن نے کہا کہ کسی اجنبی کے ساتھ کار میں جاتے ہوئے میں ہمیشہ پریشان ہوا کرتی ہوں لیکن یہ تو بالکل ہی مختلف معاملہ تھا۔

    ایزیا باؤڈن نے بتایا کہ ڈرائیور کی باتیں سن کر ان کی حالت بے حد عجیب ہو گئی تھی، جسم میں عجیب سی لہریں دوڑنے لگیں، ایسا لگ رہا تھا جیسے میں نے نشہ کر لیا ہو، پھر ڈرائیور نے ہوا میں نامعلوم کیمیکل چھڑکا، جس سے مجھے چکر آنے لگے اور گرمی محسوس ہوئی۔

    لڑکی نے بتایا کہ میری آنکھیں بند ہونے لگی تھیں، اور میں بے حد ڈر گئی تھی، میرے ذہن میں ایک ہی بات چل رہی تھی کہ میں اس کار میں سو جانے کی بجائے اس سے باہر نکلنا چاہوں گی، اس لیے میں نے دروازہ کھولا اور باہر چھلانگ لگا دی۔

    باؤڈن نے کہا کہ چھلانگ لگانے کے بعد ایک لمحے کے لیے اس نے ہوش کھو دیا تھا اور پھر وہ زمین سے ٹکرا گئی، ٹیکسی کے ڈرائیور نے گاڑی روکی اور میرے پاس آ گیا لیکن 911 پر کال اس طرح کی جیسے کوئی راہ گیر ہو، اور پھر چلا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ایزیا باؤڈن کو اس حادثے میں معمولی زخم آئے تھے اسپتال میں طبی امداد کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔ رائیڈر کمپنی کا کہنا تھا کہ انھوں نے مذکورہ ڈرائیور کو اپنی سروس سے ہٹا دیا ہے۔

  • غوطہ خور اور سفید شارک بالکل آمنے سامنے آ گئے (دہشت ناک ویڈیو)

    غوطہ خور اور سفید شارک بالکل آمنے سامنے آ گئے (دہشت ناک ویڈیو)

    شمالی کیرولائنا: آپ نے شارک کی بہت سی خطرناک ویڈیوز دیکھی ہوں گی، لیکن یہ ویڈیو امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کی ہے جس میں ایک غوطہ خور کو انتہائی خطرناک طور پر ایک بڑی شارک کے منہ کے بالکل قریب دیکھا جا سکتا ہے۔

    سمندر کی تہہ میں ویڈیوز بنانا خود ایک بہت ہمت کا کام ہے، لیکن اگر اس دوران آپ کے سامنے اچانک ایک بھیانک شارک آ جائے، اور آپ اس کی ویڈیو بنانے لگ جائیں تو یقیناً یہ آپ کی زندگی کے سب سے یادگار لمحات ہوں گے۔

    ایسے ہی ایک واقعے میں غوطہ خور اور سفید شارک بالکل آمنے سامنے آ گئے، ڈیوڈ شیرر نامی امریکی مچھیرے نے شمالی کیرولائنا کے آؤٹر بینکس ایریا میں ایک عظیم الجثہ سفید شارک کی شان دار ویڈیو بنا ڈالی، وہ اپنے اسپیئر گن کے ساتھ تیراکی کر رہا تھا کہ اچانک سفید شارک بالکل اس کے پاس آ گئی، اور اس نے اس کی ایک شان دار فوٹیج بنا لی۔

    یہ ویڈیو بڑی تیزی سے انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، ویڈیو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈیوڈ شیرر بظاہر کسی حملے کے خلاف اپنا دفاع کرنے کے لیے تیار تھا کیوں کہ وہ شکار کی طرف اپنی اسپیئر گن سے اشارہ کرتے ہوئے نظر آتا ہے۔

    شارک نے اتنے قریب آ کر بھی غوطہ خور کو کچھ نہیں کہا، شاید یہ اس کی خوش قسمتی تھی کہ شارک کے پاس شاید دوسرے منصوبے تھے اس لیے وہ مڑ کر چلی گئی۔