Tag: شمیم اکمل

  • نیو یارک کے بعد پی آئی اے کے یورپی روٹس بھی بند کئے جانے کا انکشاف

    نیو یارک کے بعد پی آئی اے کے یورپی روٹس بھی بند کئے جانے کا انکشاف

    کراچی : ایئرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز سی بی اے کے مرکزی صدر شمیم اکمل نے انکشاف کیا ہے کہ پی آئی اے کی نیو یارک روٹ کی بندش کے بعد انتظامیہ یورپی روٹس بھی بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرلیگ آف پی آئی اے ایمپلائز سی بی اے کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر شمیم اکمل کی صدارت میں کراچی میں ہوا، اجلاس میں نیو یارک روٹ کی بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

    شمیم اکمل کا کہنا تھا کہ نیو یارک روٹ کی بندش غیر جانبدارانہ فیصلہ ہے، نیو یارک کے بعد پی آئی اے انتظامیہ کا اگلا ہدف یورپی روٹس کی بندش ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمیم اکمل کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو ایک سازش کے تحت علاقائی ایئرلائن بنانے کی کوششں کی جارہی ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ پی آئی اے انتظامیہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے؟ ہم انہیں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیو یارک روٹس کی بندش کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے، ایئرلیگ پی آئی اے اور ملازمین کے روزگار کے تحفظ کا بھرپور دفاع کریگی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ ریلوے بحال ہوکر منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے تو پی آئی اے کیوں منافع بخش کیوں نہیں بن سکتا؟ پی آئی اے کی ناتجربہ کار انتظامیہ ادارے کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔


    مزید پڑھیں: پی آئی اے نے ’نیویارک آپریشن‘ قبل از وقت ختم کردیا


    واضح رہے کہ قومی ایئر لائن کی انتظامیہ نے نیویارک اسٹیشن کی بندش کے معاملے سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی آگاہ نہیں کیا تھا اور قبل از وقت ہی آپریشن ختم کردیا گیا۔27 اکتوبر کو منعقدہ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پروازوں کی بندش کے معاملے پر آگاہ نہ کرنے سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔

  • قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، صدرائیرلیگ

    قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، صدرائیرلیگ

    کراچی : پی آئی اے ائیر لیگ کے صدر شمیم اکمل نے کہا ہے کہ ہم نے ادارے میں شدید مالی بحران کے باوجود مزدوروں کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کرایا، مزدوروں کے حق میں جو ہوسکا ہم نے کیا، قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحا فیوں کے اعزاز میں دئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ائیر لیگ نے ویٹ لیز پر جہاز لینے کی ہمیشہ مخالفت کی ہے، ویٹ لیز پر جہاز لینا قومی ائیرلائن سے دشمنی کے مترادف ہے۔

    ریفرنڈم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیکشن دس ریفرنڈم سے نہیں روکتا، انتظامیہ کو دیکھنا ہوگا کہ وہ ریفرنڈم کے لیے کس طرح مواقع فراہم کرے گی، ہم ریفرنڈم کے لیے تیار ہیں اور قانون کے تحت ریفرنڈم کا انعقاد چاہتے ہیں، اب انتظامیہ کو دیکھنا ہوگا کہ وہ ریفرنڈم کا انعقاد کیسے کرائے گی؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس کی گئی ہڑتال میں ہڑتالیوں کا حد سے تجاوز کرنا لازمی سروس ایکٹ کا جواز بنا، جس کی موجودگی میں تمام امیدواروں کو دشواریوں کا سامنا ہوگا، بصورت دیگر پی آئی اے کا نقصان ہوگا۔

    شمیم اکمل نے کہا کہ مالی بحران سے قومی ادارہ کو نکالنے اور اس کے لئیے قربانی دینے کو تیار ہیں لیکن قربانی کا سلسلہ اوپر سے شروع کیا جائے۔ پی آئی اے کا مراعات یافتہ طبقہ ادارے کے لیے نقصان دہ ہے، ہم نے مراعات یافتہ طبقہ کے خلاف یمیشہ حکومت کی مخالفت کی۔

  • ایئر لیگ کے ہیڈ آفس میں قائم دفتر کو بند کردیا گیا

    ایئر لیگ کے ہیڈ آفس میں قائم دفتر کو بند کردیا گیا

    کراچی : ایئر لیگ کے پی آئی اے ہیڈ آفس میں قائم دفتر کو بند کردیا گیا، ائیر لیگ کے صدر شمیم اکمل کی ہدایات پر مرکزی سی بی اے دفتر کو تالا لگایا گیا ہے۔ کچھ عہدیداران کو ان کے عہدوں سے ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے،

    ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ملازمین کی نمائندہ تنظیم ایئر لیگ کے ہیڈ آفس میں قائم دفتر کو صدر شمیم اکمل کی ہدایات پر بند کردیا گیا، ملک بھر میں سی بی اے کی تنظیم نو کے لئے جاری اقدامات کے تناظر میں مرکزی دفتر کو بند کیا گیا ہے۔

    تنظیم کے ضمن میں اس سے قبل لاہور اور راولپنڈی میں مختلف عہدیداران کو عہدوں سے برطرف بھی کیا جاچکا ہے، ائیر لیگ کے صدر شمیم اکمل کی جانب سے مرکزی دفتر بند کیا جانے کی حوالے سے انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔

    دفتر کی بندش کی اطلاع انتظامیہ کو بذریعہ ای میل ہفتہ کی شب دی گئی تھی، ذرائع کے مطابق تنظیم نو کے دوران کچھ عہدیداران کو ان کے عہدوں سے ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان ائیر لیگ لطیف قادری کا کہنا ہے کہ مرکزی دفتر کو تنظیم نو کے لئے آئین کے تحت بند کیا گیا ہے،جو تنظیم نو کے مکمل کیے جانے تک بند رکھا جائے گا۔