Tag: شنگھائی تعاون تنظیم

  • صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

    صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

    تیانجن (01 ستمبر 2025): چین کے صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا 25 واں سربراہان مملکت کا اجلاس چین کے شہر تیانجن میں جاری ہے، وزیر اعظم شہباز شریف بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

    چین کے صدر شی جن پنگ نے ایس سی او سربراہان مملکت کونسل اجلاس سے خطاب میں کہا یہ تنظیم باہمی اعتماد اور باہمی مفاد کے اصولوں کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، وقت گزرنے کے ساتھ یہ تنظیم تناور درخت بن چکی ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی بہت گنجائش موجود ہے۔

    شی جن پنگ نے کہا رکن ملکوں کو تجارت اور معیشت کے شعبوں دستیاب مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا، وسائل میں اضافے کے لیے استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون وقت کی ضرورت ہے۔

    صدر شی جن پنگ نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز بھی دی، اور کہا ترقیاتی بینک قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، ایس سی او کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فوری فیصلہ سازی اور انفراسٹرکچر کے قیام کی ضرورت ہے۔

    چینی صدر کا کہنا تھا کہ مشترکہ خوش حال مستقبل کے لیے تجارتی اور مواصلاتی روابط بڑھانا ہوں گے، چین رکن ملکوں کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اپنے عوام کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ایس سی او ملکوں کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

    انھوں نے کہا ایس سی او ممالک کے درمیان بارڈر ٹریڈنگ کے پرانے تجارتی نظام کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے، اقوام متحدہ منشور کی ہدایات میں دنیا بھر میں قائم کثیر الجہتی تجارتی نظام کے فروغ کی ضرورت ہے، اور برابری کی بنیاد پر کثیرالجہتی کاروباری اور سماجی نظام کو تقویت دینے کی ضرورت ہے، دنیا میں ایسا کثیر الجہتی نظام ہو جہاں تمام اقوام برابری کی بنیاد پر فائدہ حاصل کر سکے، اس لیے عالمی حکومتی نظام کو انصاف کی بنیاد پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

  • بھارتی وزیر دفاع شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے پر تلملا گئے ، دستخط سے انکار

    بھارتی وزیر دفاع شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے پر تلملا گئے ، دستخط سے انکار

    بیجنگ : بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے میں پہلگام کا ذکر نہ ہونے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی ایک اور جیت ہوئی اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔

    شنگھائی تعاون تنظیم نے بھی بھارتی پروپیگنڈا تسلیم کرنے سے انکار کردیا، ایس سی او وزرائے دفاع اجلاس کے اعلامیہ میں نہ صرف پہلگام واقعہ کا ذکر نہیں کیا گیا بلکہ بھارت کو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کا ذمے دار بھی ٹھہرایا دیا گیا اور ساتھ ہی جعفرایکسپریس پردہشت گردحملےکی مذمت کی گئی۔

    اعلامیہ سامنے آیا تو بھارتی وزیر دفاع سٹپٹا گئے اور قلم میز پر چھوڑ کرکچھ دیرسوچتے رہے کہ کیا کریں، پھر اعلامیے پر دستخط کرنے سے ہی انکار کردیا۔

    اطلاعات کے مطابق بھارتی وفد اعلامیے میں پاکستان کی مذمت کے لیے منتیں کرتا رہا لیکن رکن ملکوں کے وفود نے بھارتی موقف کی حمایت سے انکار کر دیا۔

    بھارتی وزیر دفاع کی ہٹ دھرمی پر تنظیم کا کہنا ہے اعلامیہ جاری نہیں کیا جائے گا۔

    سابق سفیرسردارمسعود خان کا کہناہے بھارت تنہائی کا شکار ہے، ایک اور فورم پر بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی روس کے سپرد کردی گئی

    شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی روس کے سپرد کردی گئی

    اسلام آباد : شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی روس کےسپرد کردی گئی ، روس 2025 میں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی روس کے سپرد کردی گئی، ایس سی او کی سربراہی ملنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے روس کومبارکباد دی۔

    روس 2025 تک ایس سی او کی سربراہی سنبھالے گا اور 2025میں شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

    دوسری جانب شنگھائی تعاون تنظیم  کے رکن ملکوں کا نئےاقتصادی ڈائیلاگ پر اتفاق کرلیا اور نئے اقتصادی ڈائیلاگ کی دستاویز پر دستخط کردیئے۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان 8 دستاویز اور سیکریٹریٹ سے متعلق دستاویز پر دستخط ہوئے۔

    رکن ممالک نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں اجلاس کے اعلامیہ پر دستخط کئے اور رکن ممالک کے رہنماؤں کی تنظیم کےبجٹ سےمتعلق امور کی منظوری دی ساتھ ہی انسداد دہشت گردی کی علاقائی ایگزیکٹیو کمیٹی سےمتعلق دستاویز پر دستخط کئے۔

  • پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار

    پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار

    اسلام آباد : پاکستان 15 سے 16 اکتوبر اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے 23ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، 2 روزہ ایس سی او سربراہ اجلاس کا کل سے آغاز ہونے جارہا ہے۔

    15 اور 16 اکتوبرکو ہونے والے اجلاس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور اسلام آباد کو مہمانوں کے استقبال کیلئے سجا دیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او اجلاس کی صدارت کریں گے، روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    اجلاس میں بھارت کےوزیرخارجہ جےشنکر ، ایران کے اول نائب صدر محمد رضاعارف ، کرغستان کے وزرا کابینہ کے چئیرمین ژاپاروف اکیل بیک، تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ، ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف شریک ہوں گے۔

    ایس سی او سیکرٹری جنرل جانگ منگ، منگولیا کے وزیراعظم اويون اردين لويسنامسراي، ترکمانستان راشد میرید وف ڈپٹی چئیرمین کابینہ وزرا بھی ایس سی او اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    اس کے علاوہ ایس سی او بزنس کونسل کے چئیرمین عاطف اکرام شیخ اور ایس سی او انٹر بینک یونین کے کونسل چئیرمین مارات ییلی بائیف ایس سی او اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    ایس سی او کے علاقائی انسداد دہشتگردی ڈھانچے کے ڈائریکٹر ایگزیکٹو رسلان مرزائیف بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

  • افغانستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا

    افغانستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا

    اسلام آباد : افغانستان پاکستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا،افغانستان ایس سی او کا ممبرنہیں بلکہ آبزرور ریاست ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، سفارتی ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کو ایس سی او سیکرٹریٹ کی جانب سے دعوت نہیں دی گئی، پاکستان نے بطور ایس سی او چیئر افغانستان کی شرکت میں رکاوٹیں نہیں ڈالیں۔

    افغانستان ایس سی او کا ممبرنہیں بلکہ آبزرور ریاست ہے، جس کی رکنیت غیرفعال ہے، افغانستان7 جون 2012 کو ایس سی او کا آبزرور بنا جبکہ ستمبر 2021 سے رکنیت غیرفعال ہے۔

    سفارتی ذرائع نے کہا کہ افغان حکومت ایس سی او رکن بنی لیکن فی الوقت امارات اسلامی افغانستان برسر اقتدا رہے، امارات اسلامی افغانستان نے ایس سی او معاہدے کی اکثرشقوں کوتسلیم نہیں کیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امارات اسلامی افغانستان افغان حکومت کو پیشروحکومت تسلیم نہیں کرتی ساتھ اپنی چندذمہ داریوں اورفرائض کوتسلیم نہیں کرتی۔

    سفارتی ذرائع نے مزید کہا کہ ایس سی او کے دو آبزرور ممالک افغانستان اور منگولیا ہیں، ایس سی او اجلاس 2024 میں ایس سی او ڈائیلاگ پارٹنرز کو بھی مدعو نہیں کیاگیا، ایس سی او سیکرٹریٹ نے صرف آبزروررکن منگولیا کو مدعوکیا ہے۔

    ایس سی او چارٹر کے مطابق رکن ممالک اتفاق رائے سے ہی کسی آبزرور کو مدعوکرسکتے ہیں اور ایس سی او آبزرور اور ڈائیلاگ پارٹنرز ایس سی او بحث میں حصہ نہیں لے سکتے، ایس سی اودستاویزات کوحتمی شکل نہیں دے سکتے اور دستاویزات پردستخط نہیں کرسکتے۔

  • شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس :  مختلف سربراہان حکومت 15 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے

    شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس : مختلف سربراہان حکومت 15 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد : پاکستان میں آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کا آغاز ہونے جارہا ہے ، مختلف سربراہان حکومت 15 اکتوبر کواسلام آباد پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہان اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہورہا ہے ، اجلاس کے لئے آج فل ڈریس ریہرسل کی جارہی ہے، اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں سربراہان حکومت کی بیٹھک ہوگی۔

    ایس سی اوسمٹ کیلئے سربراہان حکومت 15 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے اور 15 اکتوبر کی شام میزبان وزیراعظم کی جانب سے مہمانوں کےاعزازمیں عشائیہ دیا جائے گا۔

    اجلاس میں ایس سی او کے 10 رکن ممالک شریک ہوں گے ، درجن بھر وزرائےاعظم اور صدور اسلام آبادمیں ہوں گے جبکہ بڑی تعداد میں وفد اور 200 سے زائد غیرملکی صحافی آئیں گے۔

    منگولیا بطور مبصر اور ترکمانستان کے مندوبین بطور خصوصی مہمان شرکت کریں گے جبکہ اجلاس میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ اور روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن شریک ہوں گے اور ایران کے اول نائب صدر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی شرکت کریں گے۔

    اسلام آباد میں 16 اکتوبرکی صبح ایس سی او کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او سمٹ کی صدارت کریں گے۔

    ایس سی او اجلاس سے وزیراعظم ودیگرسربراہان اورنمائندے خطاب کریں گے، اجلاس کے بعد ایس سی او ممالک کی طرف سے مفاہمتی یادداشتوں پردستخط ہوں گے۔

    ایس سی او اجلاس میں معیشت،تجارت ،باہمی روابط کےفروغ پرتوجہ مرکوز کی جائے گی ، پاکستان کے بعد روس شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔

  • شادی ہالز بند کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا

    شادی ہالز بند کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا

    راولپنڈی : شادی ہالز بند کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا، یونین نے ہالز بند کرانے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر راولپنڈی میں 30 سے زائد شادی ہالز 5 دن بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ہالز کو 12 سے 16 اکتوبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ہالز مالکان سے متعلقہ تھانوں نے شورٹی بانڈز پر دستخط کرالئے ہیں۔

    شادی ہالز یونین نے ہالز بند کرانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر پیک سیزن کامہینہ ہوتا ہے، لوگوں کی بکنگ بھی ہے۔

    مالکان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج اورجلسوں کے باعث بھی کام متاثر ہوا ، انتظامیہ سے اپیل ہے شادی ہالز کیلئے کوئی رعایت نکالے۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

    ایس سی او سمٹ کے لیے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بھی تعینات کی گئی ہے جو 17 اکتوبر تک تعیناتی رہے گی۔

    بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں، وہ15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا

  • 3روز کی تعطیلات کا اعلان

    3روز کی تعطیلات کا اعلان

    اسلام آباد : چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 روزہ تعطیلات کی منظوری دے دی، جس کا اطلاق تمام کورٹس پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس کے باعث 3 روز کی تعطیلات کا اعلان کردیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے 3 روزہ تعطیلات کی منظوری دی، اطلاق ہائیکورٹ سمیت ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹس پر بھی ہوگا۔

    خیال رہے وفاقی حکومت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے قبل سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اور جڑواں شہروں کے رہائشیوں کے لیے 14 سے 16 اکتوبر تک تین تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

    ایس سی او سمٹ کے لیے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بھی تعینات کی گئی ہے جو 17 اکتوبر تک تعیناتی رہے گی۔

    بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان آرہے ہیں، وہ15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

  • وزارت خارجہ  میں  قونصلر سروسز 3 دن تک معطل رہیں گی

    وزارت خارجہ میں قونصلر سروسز 3 دن تک معطل رہیں گی

    اسلام آباد : شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) سربراہی اجلاس کے پیش نظر وزارت خارجہ اور اسلام آباد میں قونصلر سروسز 14 سے 17 اکتوبر تک معطل رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) سربراہی اجلاس کے لیے سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر وزارت خارجہ میں قونصلر خدمات 14 سے 17 اکتوبر تک اسلام آباد میں معطل رہیں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سروسز سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سےمعطل رہیں گی تاہم کراچی، لاہور، پشاور اور گجرات میں وزارت خارجہ کےرابطہ دفاترخدمات جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، سمٹ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، اس کے علاوہ چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ایران کے رہنما بھی سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    اس سے قبل وفاقی حکومت نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں تین عام تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، سکول اور سرکاری دفاتر سمیت تمام تعلیمی ادارے 14 سے 16 اکتوبر تک بند رہیں گے۔

  • شنگھائی تعاون تنظیم : پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دعوت نامہ بھجوادیا

    شنگھائی تعاون تنظیم : پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دعوت نامہ بھجوادیا

    اسلام آباد : پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کیلئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دعوت نامہ بھجوادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کیلئے مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے بھجوانے کی تصدیق کردی۔

    ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ ہم نے مختلف ممالک کے سربراہان کو اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھیجے ہیں، ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامی بھجوایا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق موصول ہوئی ہے، وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے بتایا ایس سی او کے سربراہان کا اجلاس سمتبر میں پاکستان میں ہوگا۔

    ایک سوال پر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا خطے میں اسرائیل کی مہم جوئی مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے خطرہ ہے، اسلاموفوبیا اور زینوفوبیا، موسمیاتی تبدیلی اوردہشت گردی عالمی چیلنجز ہیں۔