حافظ آباد (23 اگست 2025): پنجاب میں مضر صحت شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر حافظ آباد میں مبینہ طور پر شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی ہے، اطلاع ملتے ہی ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے واقعے کا نوٹس لے لیا، اور اسپتال اور جائے وقوعے پر ٹیمیں روانہ کر دیں۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ مبینہ طور پر مضر صحت شوارما کھانے سے 3 فیمیلیوں کے 9 افراد متاثر ہوئے ہیں، جو سول اسپتال میں داخل کر دیے گئے ہیں، اور تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تفصیلی چیکنگ کے بعد شوارما پوائنٹ کو سیل کر دیا ہے، 40 کلو گوشت، 16 لٹر آئل، 15 کلو مایونیز، بھاری مقدار میں فرائز اور سلاد کو تلف کر دیا گیا ہے۔
تیزابیت یا بدہضمی کا علاج صرف ایک گلاس مشروب
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ متاثرین نے گزشتہ رات شوارما، برگر اور ونگز کھائے تھے، جس پر آج ان کی حالت غیر ہوئی، ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران شوارما پوائنٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات دیکھے گئے، اشیا پر تاریخ اجرا و تنسیخ موجود نہ تھی، آئل کی تبدیلی کا ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، حشرات کی بھی بھرمار پائی گئی، جس پر شوارما پوائنٹ سیل کر دیا گیا۔