Tag: شوارمہ

  • شوارمہ کھانے سے 262 افراد اسپتال پہنچ گئے

    شوارمہ کھانے سے 262 افراد اسپتال پہنچ گئے

    ریاض: سعودی عرب کے علاقے عسیر میں ایک ریستوران کا شوارمہ کھانے سے 262 افراد کی حالت غیر ہوگئی، متاثرین مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ عسیر ریجن کی تحصیل بحر ابو سکینہ میں پیش آیا جہاں ایک مشہور ریستوران میں شوارمے سے لوگوں کی بڑی تعداد زہر خوارنی کا شکار ہوگئی۔

    واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، ابتدائی طور پر 40 افراد متاثر ہوئے تاہم 2 روز میں زہر خورانی سے متاثرہ افراد کی تعداد 262 ہوگئی۔ عسیر ریجن کے محکمہ صحت نے متاثرین کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق اسپتالوں میں 65 متاثرین اب بھی زیر علاج ہیں جبکہ مریضوں کے مختلف ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں 40 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع تھی، متعدد لوگ زہر خورانی کا شکار ہونے کے باوجود اسپتالوں سے رجوع نہیں کر رہے تھے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ متاثرین میں سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔ پولیس نے ریستوران میں کام کرنے والے تمام افراد کو تحویل میں لے لیا ہے۔

    دوسری جانب میونسپلٹی کے افسران نے ریستوران پہنچ کر 41 سے زیادہ نمونے جمع کر کے لیبارٹری بھیج دیے ہیں جن کی رپورٹ آئندہ 72 گھنٹوں کے اندر مل جائے گی۔

    گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فرہم کریں۔

    عسیر کے میئر ڈاکٹر ولید الحمیدی نے بھی ہنگامی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے، کمیٹی کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • مزیدار شوارمہ گھر میں تیار کریں

    مزیدار شوارمہ گھر میں تیار کریں

    شوارمہ ترکی اور عرب ممالک سمیت دنیا بھر میں مشہور ہے جبکہ پاکستان میں بھی اسے شوق سے کھایا جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو گھر میں لذیذ شوارمہ بنانے کی نہایت آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔


    اجزا

    بون لیس چکن: آدھا کلو

    لہسن کا پیسٹ: 1 چائے کا چمچ

    سفید مرچ: 1 چائے کا چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    سویا سوس: 1 کھانے کا چمچ

    سفید سرکہ: 2 کھانے کے چمچ

    دار چینی: 2 کھانے کے چمچ

    تیل: 2 کھانے کے چمچ

    چلی سوس: 3 کھانے کے چمچ

    دہی: 3 کھانے کے چمچ

    پیٹا بریڈ: 1 عدد

    پیاز: حسب ضرورت

    سلاد کے پتے: حسب ضرورت

    تاہینی سوس

    تاہینی (باآسانی بازار میں دستیاب ہے): 2 کھانے کے چمچ

    دہی: آدھا کپ

    لہسن کا پیسٹ: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: آدھا چائے کا چمچ

    سفید مرچ: 1 چوتھائی چائے کا چمچ


    ترکیب

    بون لیس چکن کو اسٹرپس میں کاٹ لیں۔

    پھر چکن اسٹرپس کو لہسن کا پیسٹ، سفید مرچ، نمک، سویا سوس، سفید سرکہ، پسی دار چینی، چلی سوس اور دہی سے ایک گھنٹے کے لیے میری نیٹ کر دیں۔

    ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کریں۔ اس میں میری نیٹ کی ہوئی چکن ڈال کر 10 منٹ تک اتنا فرائی کریں کہ گل جائے۔

    بلینڈر میں تاہینی، دہی، لہسن کا پیسٹ، نمک اور سفید مرچ ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ تاہینی سوس تیار ہے۔

    اب ایک پیٹا بریڈ پر فرائی کی ہوئی چکن ڈالیں۔

    ساتھ ہی تاہینی سوس، پیاز اور سلاد پتے ڈال کر رول کر لیں۔

    ایک پیالے میں تاہینی سوس یا چلی گارلک سوس کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔